سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں پاکستانی بلے بازوں کے بعد بولر بھی ناکام رہے اور نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے 131 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔
ایک چھوٹے ہدف کے تعاقب میں کیوی بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگ کا آغاز کیا جب کہ پاکستانی بولر شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئے، اوپنرز نے فن ایلن اور ڈیون کانوے نے کھل کر گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹ کھیلے اور ٹیم کو 117 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
پاکستانی بولرز کو واحد کامیابی فن ایلن کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ 42 گیندوں پر 62 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے تاہم اس وقت تک میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل چکا تھا، ایلن نے 6 بلند و بالا چھکے مارے ڈیون کانوے نے پانچ بار گیند کو باؤنڈری کا راستہ دکھایا، وہ 49 اور کپتان کین ولیمسن 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
View this post on Instagram
اس سے قبل پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ ٹاپ آرڈر کے جلد آؤٹ ہونے کے باعث غلط ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے، آصف علی 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کپتان بابر اعظم نے صرف 21 رنز بنائے۔
پاکستانی بلے بازوں کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پورے میچ میں کوئی بیٹر چھکا نہ لگا سکا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے سب کے کامیاب بولر مائیکل بریسویل رہے جنہوں نے صرف 11 رنز دے کر پاکستان کے دو ان فارم بلے بازوں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی قیمتی وکٹیں حاصل کیں، ٹم سوتھی نے 31 اور مچل سینٹر نے 27 رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلیے 131 رنز کا ہدف
پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، حارث رؤف کو آرام کا موقع دے کر ان کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
سہ فریقی سیریز میں پاکستان اس شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ نے دو دو میچ جیت رکھے ہیں تاہم نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ کے باعث پہلے نمبر پر آگیا ہے، بنگلہ دیش ابھی تک فتح سے محروم ہے۔