ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے ہرا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

آکلینڈ میں کھیلے گئے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز ناکامی سے کیا ہے اور آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں کیویز سے 46 رنز کی شکست ہوئی ہے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے دیے گئے 227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مکمل 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 180 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 57 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے سینئر بولر ٹم ساؤتھی 4 وکٹیں لے کر ٹاپ بولر رہے۔

- Advertisement -

پاکستان کو اننگ میں پہلا نقصان صائم ایوب کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 8 گیندوں پر جارحانہ 27 رنز بنانے کے بعد ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔ رضوان نے 25 اور افتخار احمد نے 24 رنز بنائے۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان شاہین شاہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ نے اہم مواقع پر ڈراپ کیچز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔

بلیک کیپس کی جانب سے ڈیرل مچل نے مار دھاڑ سے بھرپور صرف 27 گیندوں پر 4 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں سے سجی 61 رنز کی اننگ کھیلی۔ کیوی کپتان نے 57 رنز بنائے جب کہ ابتدا میں فن ایلن نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عباس آفریدی کامیاب ترین بولر رہے جنہوں نے 34 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان شاہین شاہ بھی اتنی ہی وکٹیں 46 رنز دے کر لیں جب کہ حارث رؤف نے 34 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عامر جمال اور اسامہ میر مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے اپنے کوٹے کے 8 اوورز میں مجموعی طور پر نیوزی لینڈ بیٹرز کو 106 رنز بٹورنے کا موقع فراہم کیا۔

یاد رہے کہ شاہین شاہ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار پاکستان ٹیم کی قیادت کی اور اپنے پہلے ہی امتحان میں ناکام رہے۔ محمد رضوان اس سیریز میں ان کے نائب ہیں۔

سیریز کا دوسرا میچ اتوار 14 جنوری کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا میچ بدھ 17 جنوری کو ڈونیڈن میں جب کہ آخری دو میچز کرائسٹ چرچ میں 19 اور 21 جنوری کو ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں