کراچی: نیو سبزی منڈی سپر ہائی وے میں بارش کے بعد صفائی نہ ہونے سے تعفن پھیل گیا اورخراب سبزیوں اور پھلوں کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر واقع پاکستان کی سب سے بڑی سبزی و پھل منڈی حالیہ بارشوں میں پانی اور کیچڑ میں ڈوب گئی، منڈی کے بیرونی اور اندرونی راستوں پر کچرے، گلی سڑی سبزیوں اور پھلوں کا ڈھیر لگا ہوا ہے، جگہ جگہ پانی جمع ہے۔
تاجر شائستہ خان اچکزئی نے بتایا کہ منڈی میں مال لے کر آنے والی گاڑیوں سے مارکیٹ کمیٹی انٹری فیس کی مد میں یومیہ لاکھوں کے محصولات جمع کرنے کے علاوہ بیوپاریوں سے بھی مارکیٹ فیس وصول کرتی ہے۔
شائستہ خان کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی سے مارکیٹ کمیٹی کے حکام مختلف فیسوں اور چارجز کی مد میں یومیہ5 تا6 لاکھ روپے کا ریونیو جمع کرتے ہیں، لیکن صفائی نہیں ہورہی، کچرے اور کیچڑ کی وجہ سے منڈی مین تعفن پھیل گیا ہے کروڑوں روپے مالیت کی سبزی و فروٹ خراب ہونے لگے ہیں۔
تاجر عبد الرحیم نے بتایا کہ سبزی منڈی کے مرکزی دروازے پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہے جس کے نتیجے میں سبزی و فروٹ لے کر آنے والی گاڑیاں گڑھوں اور کیچڑ میں دھنس جاتی ہیں، کراچی کی نیو سبزی ا ور فروٹ منڈی کی مارکیٹ کمیٹی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے سبزی منڈی مسائل کا گڑھ بن گئی ہے۔
تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی منڈی میں ہنگامی بنیادوں پر پانی کی نکاسی اور صفائی کے انتظام کیے جائیں۔