جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف مسلسل چوتھی فتح

اشتہار

حیرت انگیز

پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز چوتھے میچ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ اور بولنگ کا شو فلاپ ہو گیا پہلے بیٹر بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے پھر بولرز کیوی بلے بازوں کو رنز بنانے سے نہ روک سکے، یوں میزبان ٹیم نے مسلسل چوتھی فتح کے ساتھ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں چار صفر کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا ہی میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے جیت کے چراغ روشن کیے مگر اس کو بعد میں آنے والے کیوی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کر کے بجھا دیا۔

- Advertisement -

20 رنز پر ان فارم بلے باز فن ایلن، ٹم سیفرٹ اور ویل ینگ کی وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے ذمے دارانہ اور جارحانہ بلے بازی سے 159 رنز کے ہدف کو 11  گیندیں قبل ہی حاصل کر کے ٹیم کو سات وکٹوں سے فتح دلا دی۔

ڈیرل مچل  اور گلین فلپس کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 139 رنز کی نا قابل شکست پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ دونوں بیٹر بالترتیب 72 اور 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ میدان سے باہر آئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 34 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ کوئی بولر کیوی بیٹرز کا کچھ نہ بگاڑ سکا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے قائم مقام کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو پہلا نقصان 5 کے مجموعی اسکور پر ہی اٹھانا پڑا جب اوپنر صائم ایوب مسلسل تیسری اننگ میں ناکام رہے اور ایک رنز بنا کر ہنری کو وکٹ دے بیٹھے۔

بابر اعظم جنہوں نے گزشتہ تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کی ہیں چوتھے میچ میں بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اعظم خان کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے صاحبزادہ فرحان بھی صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

فخر زمان 9 اور افتخار احمد 10 رنز ہی بنا سکے۔ محمد رضوان نے نا قابل شکست 90 جب کہ محمد نواز نے 9 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگ کھیل کر پاکستان کا اسکور 8 وکٹوں پر 158 تک پہنچایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایڈم ملنے نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز میں کیویز کو تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں