اسلام آباد : وزیر اعظم نے پارتی و حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں کہا کہ کرونا پر حکومت نے بہترین اقدامات کیے لیکن پھر بھی کرونا وائرس کی صورتحال سے معاشی عدم استحکام پیدا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی و حکومتی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کی جس میں کرونا صورتحال سمیت سیاسی و معاشی امور اور آئندہ بجٹ کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران چینی انکوائری رپورٹ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کا چینی اسکینڈل پر تحقیقات اور رپورٹ پبلک کرنا تاریخی اقدام ہے، مافیاز نے سیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیاست میں رہ کر کرپٹ سیاستدان مافیاز کی مدد کرتے ہیں، ملک کو اتنے عرصہ سے لوٹا جا رہا تھا کسی نے توجہ نہیں دی۔
عمران خان کا کرونا وائرس کے حوالے سے کہنا تھا کہ مہلک ترین کرونا وائرس کی صورتحال سے معاشی عدم استحکام پیدا ہوا لیکن وفاقی حکومت نے اس صورتحال میں بھی بہترین اقدامات کیے ہیں۔
انصاف کے نظام میں پائے جانے والے سقم دور کرنا ضروری ہیں، وزیراعظم
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ مجھے عوام اور کمزور طبقے کی فکر ہے، آئندہ بجٹ میں عام آدمی کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔