واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے، بھارت نے اگلے سال ہونے والی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دودل کے نام خط میں امریکی صدر کے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ ملکی مصروفیات کے باعث بھارت نہیں جاسکیں گے، ان کی مصروفیات میں امریکی صدر کا اسٹیٹ آف یونین خطاب بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ ہر سال بھارت 26 جنوری کو اپنا یوم جمہوریہ مناتا ہے، 1947 میں آزادی کے بعد 26 جنوری 1950ء کو بھارت نے اپنا نیا آئین اپنایا تھا۔
مزید پڑھیں: مودی عالمی رہنماؤں کے گلے پڑنے لگے
ایک سال قبل نریندر مودی نے انہیں اپنے دورہ امریکا کے دوران بھی بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی، مودی نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات میں ان سے کہا تھا کہ میں آپ کو اور اہل خانہ کو بھارت آنے کی دعوت دیتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ آپ ہمیں میزبانی کا موقع دیں گے۔
خیال رہے کہ ایران سے تیل اور روس سے میزائل سسٹم کی خریداری پر بھارت کے امریکا سے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔
اوباما امریکا کے وہ پہلے صدر ہیں جنہوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی تھی، تقریب میں پریڈ کے دوران طیاروں نے فلائی پاسٹ کرتے ہوئے اوباما کو سلامی دی تھی۔