کراچی : سندھ حکومت نے کاروبار کھولنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالکان کو باقاعدہ انڈر ٹیکنگ دینا ہوگی اور تمام ملازمین کی فہرست، شناختی کارڈ اور رہائشی پتے فراہم کرنے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کاروبار کھولنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ آن لائن، شٹر ڈآؤن کاروبار کےلیے ایس او پی پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ دکاندار اسٹاف کو گلوز، سینیٹائزر فراہم کرنے پابند ہوں گے اور کسی بھی قیمت پر دکان پر کسٹمر کے آنے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف آن لائن آرڈر لیے جائیں گے اور آن لائن کاروبار کا اطلاق 27 اپریل سے تاحکم ثانی ہوگا۔
نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ دکاندار اسٹاف اور ڈیلیوری بوائز کی پیشگی فہرست فراہم کریں گے اور مالکان کو باقاعدہ انڈر ٹیکنگ دینا ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ مالکان کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کام کے دوران سماجی دوری کا خیال رکھا جائے اور ملازمین کا روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل ریکارڈ بھی رکھا جائے، اگر کسی ملازم میں کرونا کی علامات ظاہر ہوئیں تو علاج اس کا ادارہ کرائے گا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ حکومت کو اختیار ہوگا وہ اس دفتر، کارخانے یا ادارے کو بند کر دے جس کے کسی بھی ملازم کا کرونا ٹیسٹ مثبت آئے۔
لاک ڈاؤن ، کراچی کے تاجروں کا دکانیں کھولنے سے متعلق بڑا اعلان
خیال رہے کہ صدر انجمن تاجران سندھ نے یکم رمضان المبارک سے دکانے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق،سندھ حکومت تاجروں کا معاشی دیوالیہ نکالنا چاہتی ہے، مارکیٹس بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے ، بجلی،پانی بل ،ٹیکسز دینےکی پوزیشن میں نہیں رہے۔