اسلام آباد: امریکی صدر براک اوباما نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے سانحہ لاہور پر تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار پیش رفت کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر اوباما نے گفتگو کرتے ہوئے امریکی عوام کی طرف سے بھی سانحہ لاہور پر اظہار تعزیت کیا اور درخواست کی کہ متاثرہ خاندانوں تک ان کے جذبات پہنچائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے نواز شریف کی قیادت میں پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کرے گا، امریکا اس سلسلے میں نواز شریف کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
امریکی عوام دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان دیکھا دشمن معصوم لوگوں کو مار رہا ہے۔ دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا گیا ہے، اس لئے وہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ان کا اور پاکستانی قوم کا عزم روز بروز مزید پختہ ہورہا ہے، پاکستانی قوم دشمن اور انتہاء پسندانہ سوچ کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرے گی۔ امریکی صدر نے کہا کہ نوازشریف سے ملاقات کا شدت سے منتظر ہوں جو جلد ہی ہوگی۔