اسلام آباد : اوگرا نے پٹرول 4 روپے 20پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دے دی تاہم پٹرولیم مصنوعات کاحتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 16 جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کرلی اور پٹرولیم مصنوعات سے متعلق سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی ہے۔
سمری میں پٹرول 4روپے 20پیسے مہنگا کرنے اور ڈیزل کی فی لیٹرقیمت 3روپے 50پیسے مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پٹرول ،ڈیزل کی قیمتوں کا تعین موجودہ لیوی پر کیا گیا ہے۔
اس وقت پٹرول پر فی لیٹرلیوی 4روپے 80پیسے اور ڈیزل پر فی لیٹر لیوی 5روپے 14پیسے ہے تاہم پٹرولیم مصنوعات کاحتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گی۔
یاد رہے حکومت نے اوگرا کی سمری کو مسترد کرتے ہوئے یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس سمیت دیگر ٹٰیکسز میں ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔
اوگرا نے ماہ جون کے لئے پیٹرول اور مٹی کےتیل کی قیمت میں معمولی اضافےکی تجویز دی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں4روپے30پیسےفی لیٹراضافےکی تجویز پیش کی تھی ، اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھےجانےکی سفارشات دی گئیں تھیں۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے ہر پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کی جاتی ہے، جس کی حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان دیتے ہیں۔