سندھ حکومت کی جانب سے معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب اورنج بس سروس میں معذور اور بزرگ مسافر بڑی سہولت سے محروم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب اورنج لائن بس سروس گزشتہ سال شروع کی گئی تھی تاہم کئی ماۃ گزر جانے کے باوجود اس سروس سے سفر کرنے والے بزرگ، معذور ودیگر مسافر ایک بڑی سہولت سے محروم ہیں۔
مذکورہ بس سروس چل تو رہی ہے لیکن اس سروس کے چاروں اسٹیشنز پر نصب 8 لفٹس اور خود کار سیڑھیاں تاحال آپریشنل نہیں کی جاسکی ہیں جس کے باعث اس سروس سے سفر کرنے والے مسافروں بالخصوص معذور اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنل ہونے سے قبل ہی ایدھی لائن بس منصوبے کی لفٹس اور خودکار سیڑھیوں کا سامان چوری کرلیا گیا تھا۔ جس کے بعد سندھ حکومت نے سامان لانا تھا جو التوا کا شکار ہے۔
اس حوالے سے سندھ انفرا اسٹرکچر کمپنی لمیٹیڈ کا کہنا ہے کہ مطلوبہ سامان ملنے کے بعد ہی لفٹس اور خودکار سیڑھیاں چل سکیں گی۔
واضح رہے کہ 3 ارب سے زائد لاگت کے اس سفری منصوبے کو شروع ہوئے تین ماہ گزر چکے ہیں۔ اس سروس کی یومیہ مسافروں کی گنجائش 30 ہزار سے تاہم سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث مسافر اس کا رخ کرنے سے کترا رہے ہیں جس کے باعث اس کی یومیہ مسافروں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ نہیں سکی ہے۔