پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) کے بقیہ میچز دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کو یو اے اِی منتقل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیگ کے بقیہ 8 میچز متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے 8 میچز کو ری شیڈول کرکے ان کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی دستیاب فلائٹس سے غیرملکی پلیئرز دبئی روانہ ہوں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کو اس ماہ میں ہی مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت اور دراندازی کے باعث جمعرات کو راولپنڈی میں ہونے والا کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نےکہا ہے کہ بھارت نے راولپنڈی اسٹیڈیم کو نشانہ بنانے کا انتہائی غیرذمہ دارانہ اور خطرناک اقدام کیا، جو واضح طور پر ایچ بی ایل پی ایس ایل کو متاثر کرنے کے لیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات کے پیش نظر بقیہ میچز کی یواےای منتقلی کا فیصلہ کیا ہے، ملکی و غیر ملکی مہمانوں کو محفوظ رکھنے کیلئے میچز یواےای منتقل کررہے ہیں، کھلاڑیوں کو ممکنہ بھارتی نشانہ بننے سےمحفوظ رکھنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔