پاکستان شوبز شخصیات نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کرنے پر پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی جارحیت اور حملوں کے بعد پاکستان کی جانب سے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کرنے پر شوبز شخصیات نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دونوں ممالک سے امن کے اقدامات کرنے کی اپیل کردی۔
پاکستان کی جانب سے جوابی آپریشن کے بعد پاکستان شوبز شخصیات نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں بہادری پر سلام بھی پیش کیا۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے اداکار شان شاہد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشدگی پر کہا کہ میں نے بھارت میں کبھی کام نہیں کیا اور ہمیشہ لوگوں کی توجہ پاکستان کے لیے بھارت میں موجود نفرت کی جانب دلوائی۔
شان شاہد نے لکھا کہ میں نے پاکستانی فنکاروں کے وہاں جاکر کام کرنے اور بھارتی فنکاروں کے یہاں آکر کام کتنے کی ہمیشہ مخالفت کی ہے کیوں کہ پیسہ انسان کی عزت نفس اور وطن کی عزت سے بڑھ کر نہیں ہوتا۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پاکستان زندہ آباد کی پوسٹ کی۔
دوسری جانب فہد مصطفیٰ نے آپریشن بنیان مرصوص پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان زندہ آباد کی پوسٹ کی۔
اداکارہ کنزہ ہاشمی نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیے جانے پر اظہار اطمینان کیا اور لکھا کہ پہلے بھارتیوں کا شور تھا اور ہم نے خاموشی میں فیصلے کیے۔
اداکار عمران عباس نے بھی آپریشن بنیان مرصوص شروع کرنے پر اظہار اطمینان کیا اور بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ پاک فوج نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارتی جارحیت اور بار بار سرحدی خلاف ورزیوں پر ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیا تھا۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیس، کئی ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام سمیت متعدد اہداف کو تباہ کردیا گیا۔