ہفتہ, فروری 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26

چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان ۔۔۔۔۔؟ اہم خبر آ گئی

0

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے تاہم سوائے میزبان کے تمام بورڈ اپنے اسکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جانی ہے۔ پاکستان اس میگا ایونٹ کا میزبان اور دفاعی چیمپئن ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر سات ٹیموں کے بورڈ اپنے اپنے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں اور پاکستانی شائقین سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو پاکستانی اسکواڈ کے اعلان کا انتظار ہے۔

اب اہم خبر یہ ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی چیمپئنز ٹرافی اور اس سے قبل تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے گرین شرٹس کے اسکواڈ کا اعلان آج کر سکتی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیم میں فخر زمان کی واپسی یقینی ہے، تاہم اوپنر امام الحق اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

فخر کے ساتھ دوسرے اوپنر کے طور پر عثمان خان کو شامل کیا جائے گا جب کہ بی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی آل راؤنڈر خوشدل خان بھی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

چیمپئنز ٹرافی اور تین ملکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا ممکنہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔

محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، کامران غلام، طیب طاہر، عامر جمال، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین۔

قومی سلیکشن کمیٹی کو اسکواڈ کے اعلان کے لیے لندن میں زیر علاج نوجوان اوپنر صائم ایوب کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار تھا۔ تاہم اب ذرائع یہ قوی امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ صائم چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی ڈیڈ لائن کے مطابق ہر بورڈ نے اپنی ٹیم کا 11 فروری رات 12 بجے سے قبل اپنے حتمی اسکواڈ کا اعلان کرنا ہے۔ اس کے بعد اسکواڈ میں کسی بھی تبدیلی کے بورڈز کو آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے اجازت درکار ہوگی۔

 

لاس اینجلس میں آگ کیوں پھیل رہی ہے؟ ماہرین نے اصل وجہ بتادی

0

امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ آگ بھڑک اُٹھنے کے اسباب میں اہم عنصر موسمیاتی تبدیلی تھا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی اور یورپی سائنسدانوں کی مشترکا تحقیقی رپورٹ اور ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے آگ لگنے کے امکانات میں 35فیصد اضافہ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ بہت پیچیدہ ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے سبب گرم اور خشک موسم مرکزی عنصر بنتا جارہا ہے۔ گرم اور خشک موسم جنگلات کی آگ کے خطرے کو بڑھا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مزید پانچ مقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے جس کے بعد مزید پچاس ہزار افراد کو نقل مکانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

لاس اینجلس، سان ڈیاگو، وینچورا اور ریوَر سائیڈ کاؤنٹیز میں 5 مقامات پر لگنے والی آگ کو لاگونا، سیپولویدا، گبل، گلمن اور بارڈر 2 فائر کے نام دیے گئے ہیں۔

سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، 9 بھارتی شہری ہلاک

امریکی ریاست میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی ہے، پیلیسیڈس اور ایٹن میں لگنے والی آگ نے مجموعی طور پر 40 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے جلا کر خاکستر کر دیا اور کم از کم 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر 600 سیٹر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے اہم اقدام

0
کراچی ایئرپورٹ

کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہیوی طیاروں کی لینڈنگ ممکن بنانے کے لیے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر 600 سیٹر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے تعمیراتی کام جاری ہے، ایئرپورٹ پر سب سے بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے ’07 ایل‘ رن وے کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے پورا کیا جا رہا ہے۔

نئے زیر تعمیر جدید رن وے کو رواں سال 2025 کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس سے کراچی میں 600 سیٹر ایئر بس 380 طیارے کی لینڈنگ ممکن ہو سکے گی۔

کراچی ایئرپورٹ رن وے

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ نئے رن وے کی تعمیر پرانے رن وے کو توڑ کر کی جا رہی ہے، بڑے طیاروں کی کراچی لینڈنگ کے لیے ایمریٹس سمیت دیگر ایئر لائنوں نے دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔

کراچی سینٹرل جیل کے پھانسی گھاٹ کی دہشت آج بھی برقرار، رونگٹے کھڑے کر دینے والی ویڈیو رپورٹ

امریکا غیر قانونی تارکین وطن کو گوانتاناموبے بھیجے گا، قانون منظور

0

امریکا میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو گوانتاناموبے بھیجا جائے گا اس حوالے سے صدر ٹرمپ نے قانون کی منظوری دے دی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے منتخب ہونے کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا سے بے دخل کرنے کا اعلان کیا تھا اور حلف اٹھانے کے بعد ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق امریکا میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو اب گوانتاناموبے بھیجا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے خصوصی قانون لکن ریلی ایکٹ کی منظوری دیتے ہوئے اس پر دستخط کر دیے ہیں اور ہوم لینڈ سیکیورٹی اور پینٹاگون کو بھی گوانتاناموبے میں خصوصی جگہ بنانے کی ہدایات دے دی ہیں۔

اس لکن ریلی ایکٹ کے تحت اب غیر قانونی امیگرینٹس کو گرفتار کرنا، حراست میں لینا اور جبری بے دخل کرنا آسمان ہو گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے دوسرے دور میں قانونی حیثیت اختیار کرنے والا یہ پہلا ایکٹ ہے اور اس قانون کو دونوں جماعتوں کے اراکین کی رضامندی حاصل ہے۔

اس قانون کے تحت اب وفاقی امیگریشن حکام بغیر قانونی اسٹیٹس کے امریکا میں مقیم ایسے افراد کو بھی جبری بے دخل کرسکیں گے، جو معمولی نوعیت کی چوری جیسے دکان سے چیز اٹھانے، اہلکار پر تشدد کرنے یا کسی شہری کوموت کے منہ میں دھکیلنے یا شدید زخمی کرنے میں ملوث ہوں گے۔

اس بل کے تحت گوانتانامو بے میں 30,000 بستر دستیاب ہیں، جہاں غیر قانونی تارکین وطن اور مجرموں کو رکھا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ گوانتانامو بےایک امریکی بحری اڈہ اور جیل ہے۔ یہ کیوبا کے جنوب مشرقی حصے میں واقع ہے اور یہاں دہشت گردوں اور دیگر خطرناک مجرموں کو رکھا گیا ہے۔

لکِن ریلی ایکٹ کیا ہے؟

یہ قانون لکِن رائلی کے نام پر رکھا گیا ہے، جو 22 سالہ نرسنگ کی طالبہ تھیں اور 22 فروری 2024 کو جارجیا کے شہر ایتھنز میں ریس کے دوران قتل کر دی گئی تھیں۔

اس قتل کا ملزم وینزویلا کا غیر قانونی تارکِ وطن تھا، ملزم اس سے قبل بھی ایک دکان میں چوری کے الزام میں گرفتار ہو چکا تھا، تایم اسے حراست میں نہیں لیا گیا تھا۔

یہ واقعہ 2024 کے انتخاب میں ٹرمپ اور ریپبلکن جماعت کے لیے ایک بڑا نعرہ بن گیا، جو غیر قانونی تارکینِ وطن کیخلاف سخت امیگریشن قوانین کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ لکِن ہوپ رائلی کو کبھی نہیں بھولے گا، یہ ہولناک جرم کبھی ہونے ہی نہیں دینا چاہیے تھا اور بطور صدر میں اس پر ہر دن کام کر رہا ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایسا کوئی اور سانحہ دوبارہ رونما نہ ہو۔

امریکا: غیرممالک کو منجمد امداد میں اضافی استثنیٰ دے دیا گیا

0

امریکا کی جانب سے نے غیر ممالک کو منجمد امداد میں اضافی استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ زندگی بچانے والی انسانی معاونت کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق اگر ایسی امداد روکی گئی ہے تو اسے ہدایات کا خیال رکھتے ہوئے جاری کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ استثنیٰ عارضی طور پر بحال کیا جارہا ہے جس میں نئے کنٹریکٹرز کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اہم بیان سامنے آنے کے بعد وفاقی ملازمین کی نوکریاں بھی خطرے میں پڑ گئیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے وفاقی ملازمین سے کہا ہے کہ جسے نوکری چھوڑنی ہے چھوڑ دو، معاوضہ دے دیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے دفتر کی جانب سے پرسنل مینجمنٹ سے متعلق سویلین حکومتی ملازمین کو جاری اِی میل میں نوکری چھوڑنے کا آسان نسخہ بتا دیا گیا ہے۔

ای میل میں ملازمین سے کہا گیا ہے کہ جنہیں نوکری چھوڑنی ہے، وہ ای میل کا جواب دیں اور اپنی مرضی کا اظہار کردیں۔

رپورٹس کے مطابق ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ چھ فروری تک اس پیش کش کا فائدہ اٹھانے والوں کو اسکا فائدہ بھی دیا جائے گا۔

مینجمنٹ کے ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ پیشکش تمام ملازمین کیلیے نہیں ہے۔ بعض اہلکاروں کو یہ سہولت نہیں ملے گی۔

امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے گرد گھیرا تنگ، نیا قانون نافذ

ٹرمپ انتظامیہ نے ایک روز پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وفاقی اخراجات کو منجمد کیا جارہا ہے جس سے امریکا بھر میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔

ترمیمی ایکٹ کے خلاف کراچی سے کشمیر تک جامعات میں یوم سیاہ

0
کراچی یونیورسٹی یوم سیاہ

کراچی: ترمیمی ایکٹ کے خلاف آج جمعرات کو کراچی سے کشمیر تک جامعات میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فاپواسا پاکستان کے تحت ملک بھر کی جامعات میں یوم سیاہ کی کال دی گئی ہے، جس پر آج پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کی جامعات میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

سندھ بھر کی جامعات میں ترمیمی ایکٹ کے خلاف 11 ویں دن بھی تدریسی عمل کا بائیکاٹ جاری ہے، اساتذہ کا کہنا ہے کہ ترمیمی ایکٹ کی منسوخی تک کلاسیں غیر معینہ مدت تک ملتوی رہیں گی، وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر جامعات سے متعلق ایکٹ کو منسوخ کریں۔

اساتذہ یوم سیاہ

فاپواسا سندھ چیپٹر کا کہنا ہے کہ سندھ کی سرکاری جامعات میں بیوروکریٹ وائس چانسلر قبول نہیں کیے جائیں گے، ایکٹ کی منسوخی تک سندھ کی جامعات میں تدریسی عمل غیر معینہ مدت تک معطل رہے گا، اس لیے وزیر اعلیٰ سندھ ترمیمی ایکٹ فوری منسوخ کریں۔

کراچی یونیورسٹی یوم سیاہ

اساتذہ کی تنظیم سپلا نے خبردار کیا ہے کہ سندھ بھر کی جامعات کے بعد کالجز میں بھی کلاسوں کے بائیکاٹ کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، تنظیم نے سندھ کے تعلیمی بورڈ سے متعلق ترمیمی بل بھی ناقابل قبول قرار دے دیا، اور کہا کہ ترمیمی بل سے سندھ کے تعلیمی بورڈ کی خودمختاری متاثر ہوگی، بیوروکریٹ کی تقرریاں نظام تعلیم کو شدید متاثر کرے گی۔

پیکا ترمیمی بل پر دستخط سے قبل فضل الرحمان اور صدر زرداری میں کیا بات چیت ہوئی؟

فاپواسا کے مرکزی صدر ڈاکٹر امجد مگسی نے کہا ہے کہ سندھ کی جامعات کی خودختیاری کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت اکثریت کے بل بوتے پر اسمبلی سے من مانے بل منظور کرانے میں سرگرم ہے، جس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، کنٹریکٹ پر اساتذہ کی تقرریاں بھی ناقابل قبول ہیں۔

فاپواسا پاکستان نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ سندھ کی جامعات کے اساتذہ کے ساتھ احتجاج میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان فاپواسا پاکستان کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

جمعیت علمائے اسلام سے تعلقات، پی ٹی آئی 2 گروپوں میں تقسیم

0
پی ٹی آئی جے یو آئی

اسلام آباد : سربراہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان سے تعلقات پر پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائےاسلام سے تعلقات پر بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دو گروپوں میں تقسیم ہوگئی، ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور اور ان کے ہم خیال رہنما فضل الرحمان سے ملاقات کےمخالف ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اسد قیصر اور عمرایوب جے یو آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے بہتر تعلقات کے حامی ہیں۔

،ذرائع نے کہا کہ علی امین گروپ کا دعویٰ ہے کہ مولاناسےحالیہ ملاقات بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر ہوئی، جےیوآئی نے26ویں ترمیم پاس کروا کر حکومت کو سہارا دیا۔

مزید پڑھیں : پی ٹی آئی نے متحدہ اپوزیشن محاذ بنانے کی ٹھان لی

دوسرے گروپ کا کہنا ہے بانی پی ٹی آئی نےتمام اپوزیشن جماعتوں سےرابطوں کا کہاہے۔

یاد رہے پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، جس میں پی ٹی آئی نے جے یو آئی کو حکومت مخالف اپوزیشن گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کے درمیان ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی تھی، جس کے ممبران سینیٹر کامران مرتضی اور اسد قیصر ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا بانی چیئرمین سے ملاقات کروائیں گے، انہوں نے ’’اَن مانیٹرنڈ‘‘ ماحول میں ملاقات نہیں کروائی، صاحبزادہ حامد رضا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا ہم جمہوریت کے فروغ کے لیے یہاں آئے ہیں۔

خوبصورتی کا شوبز کیریئر بنانے میں بہت فائدہ ہوا: عماد عرفانی

0

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ماڈل عماد عرفانی نے کہا ہے کہ اُنہیں خوبصورتی کا شوبز کیریئر بنانے میں بہت فائدہ ہوا۔

حال ہی میں اداکارہ عماد عرفانی نے ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر میں اپنی ’اچھی شکل‘ کے فوائد اور نقصانات سے متلعق گفتگو کی۔

عماد عرفانی نے شوبز انڈسٹری میں کیریئر بنانے کے لیے خوبصورتی کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اگر اپنی بات کروں تو مجھے اپنے شوبز کیریئر میں خوبصورتی کا ہمیشہ فائدہ ہی ہوا ہے۔

عماد عرفانی کا کرکٹر بننے کا خواب پورا کیوں نہ ہوسکا؟ اداکار کا انکشاف

انہوں نے کہا کہ ایک اداکار اگر خوبصورت ہے تو اس کا بات کرنے اُٹھنے بیٹھنے کا انداز بلکہ ہر چیز پرفیکٹ نظر آنے لگتی ہے، اور اس چیز کے لیے میں اپنے والدین کا شکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے مجھے یہ خوبصورتی وراثت میں دی ہے۔

اداکار و ماڈل کا کہنا تھا کہ لیکن میں اب بھی اپنے آپ کو عمران خان، جنید جمشید اور فواد خان کے برابر نہیں سمجھتا۔

عماد عرفانی نے عمر کے ساتھ خوبصورتی ڈھلنے کے خوف کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے جب میری زندگی میں ایسا وقت آئے گا تو میں اس حقیقت کو کھلے دل سے تسلیم کروں گا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

واضح رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں ’عدیل‘ کا منفی کردار اداکار عماد عرفانی نے کیا تھا۔

ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ (مصطفیٰ)، ہانیہ عامر (شرجینا)، عماد عرفانی (عدیل)، جاوید شیخ (افتخار)، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ (رباب)، اریج چوہدری، (نتاشا)، مایا خان ودیگر اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ڈرامے کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض بدر محمود نے انجام دیے تھے، پچھلے مہینے تک ڈرامہ کبھی میں کبھی تم پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں میں ٹرینڈ کرتا رہا اور ہر کوئی مصطفیٰ اور شرجینا کے گن گاتے نظر آرہے تھے۔

بجلی چوروں کیخلاف کارروائی کے دوران ٹیم پر حملہ، 5 لائن مین اور خاتون زخمی

0

سندھ کے شہر دادو میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دیہاتیوں نے حملہ کر کے سیپکو کے 5 لائن مینز کو زخمی کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) کی جانب سے شہر دادو سے متصل گاؤں بچل زؤنر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا تو مشتعل افراد کے ہجوم نے ان پر حملہ کر دیا۔

اس حملے میں سیپکو ٹیم کے پانچ لائن مین زخمی ہوگئے جب کہ مشتعل افراد نے سیپکو کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔

اس ہنگامہ آرائی کے دوران ایک خاتون بھی زخمی ہوئی، تمام زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دیہاتیوں کے اس حملے کے بعد سیپکو حکام نے مذکورہ گاؤں میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن معطل کر دیا ہے۔

کارروائی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ انجینئر سیپکو ارشاد علے نے بتایا کہ گاؤں بچل زؤنر میں صارفین پر پانچ کروڑ روپے کے بقایا جات ہیں اور عرصہ دراز سے عدم ادائیگی کے باعث آج کارروائی کی جا رہی تھی۔

دوسری جانب ایس ایس پی دادو نے سیپکو ٹیم پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کروانے میں ملوث ایجنٹ گرفتار

0

ایف آئی اے پشاور نے غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کروانے میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ گل محمد کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو پشاور کے علاقے پشتہ خرہ سےگرفتار کیا گیا، ملزم شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ہے۔

ایف آئی اے ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم شہریوں کو غیرقانونی بارڈر پار کروانے میں بھی ملوث ہے، ملزم انسانی اسمگلنگ میں مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔