ہوم بلاگ صفحہ 26332

سال2013:بینکس ڈپازٹس میں13فیصد کاغیرمعمولی اضافہ

0

سال دو ہزار تیرہ کے اختتام پر کمرشل بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم سترکھرب پچاس ارب روپے ہوگیاہے. بینکنگ سیکٹر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال کے اختتام پر بینکوں کے ڈپازٹس میں تیرہ فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافے کی وجہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے صارفین کو زیادہ منافع دینے کی شرط ہے ۔زیر غور عرصے میں بینکوں کی جانب سے سرمایہ کاری کاحجم پانچ فیصد اضافے کے ساتھ چالیس کھرب سات ارب روپے رہا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق افراط زر کو قابو میں رکھنے کیلئے اسٹیٹ بینک شرح سود میں اضافے کرئے گا جو کہ بینکوں کی ڈپازٹس میں اضافے کا باعث بنے گا۔

 

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات ، سپریم کورٹ نے تاریخ مانگ لی

0

سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لئے حکومت سے حتمی تاریخ مانگ لی، چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت میں سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

کنٹونمٹ بورڈز میں انتخابات کیس کی سماعت چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کی حتمی تاریخ دے، عدالت غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کرے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ سماعت میں سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت معاملے کو بھی سماعت میں شامل کیا جائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ لاء، ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے موجود ہے، بل منظور ہوتے ہی انتخابات کروا دیے جائیں گے۔

جس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ بل پاس ہونا ضروری نہیں آپ انتخابات کروائیں ، بل پاس ہوتا رہے گا، مقدمے کی سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو انتخابات کی حتمی تاریخ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

 

بافتا ایوارڈز کی نامزدگی،سائنس فکشن فلم ”گریویٹی”سرفہرست

0

 سائنس فکشن فلم ''گریویٹی'' برطانوی فلم ایوارڈ بافتا میں گیارہ نامزدگیوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ ''12 یئرز اے سلیو'' اور ''امریکن ہسل'' دس نامزدگیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

لاس اینجلس میں بافتا ایوارڈز کی نامزدگیوں کا جشن ہوا، جس میں سائنس فکشن فلم گریوٹی گیارہ نامزدگیوں کیساتھ سر فہرست رہی، آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ سینڈرا بولاک اور اداکار جارج کلونی کی فلم ''گریویٹی کو بہترین فلم، بہترین اداکارہ، بہترین ہدایتکار اور بہترین برطانوی فلم کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

گریویٹی کو بہترین فلم اور بہترین برطانوی فلم دونوں کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔ ''ٹویلو یئرز اے سلیو کے ہیرو برطانوی اداکارہ چیویٹل ایجیوفور بہترین اداکار کی دوڑ میں شامل ہیں، اس کیٹیگری میں دوسرے اداکار امریکن ہسل کے کرسچئین بیل ، دی وولف آف وال اسٹریٹ کے لیونارڈو ڈی کیپریو اور کیپٹن فلپس کے ٹام ہینکس بھی شامل ہیں۔

جہاں گریوٹی ایوارڈز کی دوڑ میں سب سے آگے ہے، وہیں فلم فروزن کا میوزک تمام میوزک چارٹس پر سر فہرست ہے، انیمیٹڈ فلم فروزن کے میوزک نے سب کو دیوانہ بنا دیا اب تک ایک لاکھ پینسٹھ ہزار کاپیاں فروخت کی جا چکی ہیں۔
       

مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر دلائل مکمل، فیصلہ 2بجے سنایا جائیگا

0

اسلام آباد میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لے کر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ دو بجے سنایا جائے گا۔

اس سے قبل پرویز مشرف کے وکیلوں نے بیرون ملک علاج اور عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کے حوالے سے مختلف نظیریں پیش کیں، پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے ماضی میں سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج کروانے والوں کی فہرست عدالت میں پیش کی، فہرست میں متعدد سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہیں۔

احمد رضا قصوری نے کہا کہ بیرون ملک علاج کروانا غیر قانونی نہیں، ماضی میں متعدد افراد کا بیرون ملک علاج ہوچکا ہے، پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزادہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مشرف کے دل کی مین شریان میں رکاوٹ تشخیص کی گئی ہے یہ بیماری جان لیوہ ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیماری کی حالت میں بیان دینے پر مجبور کرنا تشدد کے زمرے میں آتا ہے، گواہی حاصل کرنے کیلئے کسی شخص پر تشدد کرنا منع ہے، گاندھی اور مولانا حسرت موہانی کو بھی بیماری کی بناء پر رعایت دی گئی تھی، اکرم شیخ نے بھی طبی بنیادوں پر سپریم کورٹ سے استثنی لیا تھا، اکرم شیخ کی جانب سے لیا گیا استثنی سپریم کورٹ کے ریکارڈ کا حصہ ہے۔

جس پر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ میری بیماری کا علاج پاکستان میں موجود نہیں، سابق صدر مشرف کے وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ پہلے انہیں لاہور میں ٹارگٹ کیا گیا اب کرا چی میں، ان کے ڈرائیور کو کہا گیا کہ اگر انور منصور کیساتھ کام کرو گے تو مارے جاؤگے۔

جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ہم کسی کو ایسا نہیں کرنے دینگے، کیا آپ کے پاس کوئی شواہد ہیں، جس پر انور منصور نے کہا کہ میرے پاس فون نمبر ہے جہاں سے کال آتی ہے۔
       

آصف علی زرداری نیب عدالت میں پیش ہوگئے

0

سابق صدر آصف علی زرداری پولو گراؤنڈ کیس میں نیب عدالت میں حاضر ہوئے، احتساب عدالت میں پولو گراؤنڈ اور کو ٹیکنا ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف فرد جرم عائد نہ کی جاسکی، کیس کی مزید سماعت18جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

آصف علی زرداری کے پیشی پر جانے سے پہلے ہی درجنوں جیالے ان کے گھر زرداری ہائوس پہنچ چکے تھے، آصف علی زرداری کو سخت حفاظتی پہرے میں نیب عدالت پہنچایا گیا، انکے ساتھ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک بھی تھے۔

کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ پولو گراؤنڈ کیس جھوٹا اور بے بنیاد ہے، آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی، اس حوالے سے ہم مزید بحث کرنا چاہتے ہیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ فرد جرم تو عائد ہونی چاہئے ہم بحث کیلئے تیار ہیں، عدالت میں سماعت کے دوران جج نے کہا کہ سابق صدر کو کہا کہ آپ یہاں آگئے ہیں آپ جاسکتے ہیں، جس پر سابق صدر آصف علی زرداری عدالت سے چلے گئے،عدالت نے دونوں کیسز پر بحث کیلئے سماعت 18جنوری تک ملتوی کردی۔

 اس سے قبل رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے عدالت میں پیش ہو کر پیپلزپارٹی کی جانب سے عدالت کے احترام کے سلسلہ کو قائم رکھا ہے، آصف علی زرداری کے سینئر وکیل فاروق ایچ نائک کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری پر قائم مقدمہ بے بنیاد ہے، جس سے سابق صدر سرخرو ہو کر نکلیں گے۔
       

ہنگو: گھرمیں آتشزدگی، میاں بیوی اور بچی جاں بحق

0

ہنگو کے علاقے کاہی میں ایک گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ رات گئے دو بجے کے قریب ہنگو کے علاقے کاہی میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔

جس کے نتیجے میں گھر کے کمرے میں موجود گھر کا سربراہ خان وزیر، اسکی بیوی اور 6سال کی بچی جھلس کر جاں بحق ہوگئی، اہل علاقہ نے آگ بجھاکر لاشوں کو نکالا۔

 

کراچی:لانڈھی میں شادی کا کھانا کھانے سے 12افراد بے ہوش

0

کراچی کے علاقے لانڈھی چھ نمبر میں مضر صحت کھانا کھانے سے بارہ افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

لانڈھی کے علاقے میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے بارہ افراد کی حالت بگڑ گئی، جنہیں طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جنہوں نے شادی کی تقریب میں کھانا کھایا رات گئے اچانگ ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔

متاثرہ افراد میں سترہ سالہ اقراء، سولہ سالہ فائزہ ، چوبیس سالہ عظمیٰ، چالیس سالہ رخسانہ، ستاون سالہ سنجیدہ خاتون، ستائیس سالہ مقصود، بائیس سالہ ذوہیب، بیس سالہ نوید، ساٹھ سالہ ظفرعلی اور ستائیس سالہ رابعہ شامل ہیں جنہیں جناح اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
   

کراچی:نادرن بائی پاس پر مقابلہ، 3دہشتگرد مارے گئے

0

کراچی میں نادرن بائی پاس کے قریب سی آئی ڈی پولیس سے مقابلے میں تین دہشت گرد مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے۔

کراچی میں نادرن بائی پاس کے قریب سی آئی ڈی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ٹی ٹی پی کے کچھ دہشت گرد نادرن بائی پاس سے منگھو پیر دھماکہ خیز مواد منتقل کررہے ہیں جس پر سی آئی ڈی پولیس نے گاڑی میں سوار ملزمان کوروکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، جن کی شناخت عمران عرف لمبا، شہاب الدین اور صورت جان کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزم شہاب الدین نے دو ہزار تیرہ میں لانڈھی کے علاقے میں دو پولیس اہلکاروں کو قتل کیا۔

ملزم لانڈھی کے علاقے میں امام بارگاہ پر دستی بم حملہ اور فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھا جبکہ دیگر ملزمان قتل اقدام قتل بھتہ خوری دہشت گردی اور سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے، ملزمان کے قبضے سے پچاس کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، دس دستی بم، دو خودکش جیکٹ، ایک کلاشنکوف اور دو پستول برآمد ہوئے۔
   

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آج دو سابق صدور کوعدالتوں کا سامنا

0

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آج دو سابق صدور کو ایک ہی روزعدالتوں کا سامنا ہے۔

   پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دو سابق صدر دو مختلف عدالتوں کا سامنا کریں گے، سابق صدر زرداری کو آج نیب عدالت میں پیش ہونا ہے، سابق صدر زرداری عدالت میں پیشی کے لئے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

دوسری طرف سابق صدر پرویز مشرف کا معاملہ بھی خصوصی عدالت میں تیزی سے چل رہا ہے، ان کی میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ آج متوقع ہے ساتھ ہی ساتھ اس درخواست پر فیصلہ متوقع ہے کہ کیا انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

آج دونوں سابق صدور کا مقدمہ ہوگا، ایک صدر سے صدارت کی کرسی دوسرے صدر کو ملی تھی یعنی پرویز مشرف کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے، لیکن آصف علی زرداری نے یہ کرسی الیکشن جیت کر حاصل کی تھی، اب دونوں صدور کو عدالتوں کا سامنا ہے اور دونوں کے مخالف نواز شریف براجمان اقتدار کی کرسی پر ہیں۔

لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کیلئے مارچ کے شرکاء لاڑکانہ پہنچ گئے

0

لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کے لئے کوئٹہ سے نکلنے والا پیدل مارچ لاڑکانہ پہنچ گیا ہے، مارچ کے شرکاء نے پیپلز پارٹی کی جانب سے استقبال کو مسترد کردیا، قوم پرست جماعتوں نے استقبال کیا۔

لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کیلئے چھپن روز قبل کوئٹہ سے روانہ ہونے والے مارچ کے شرکاء لاڑکانہ پہنچے تو پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے رکن قومی اسمبلی محمد ایاز سومرو کی سربراہی میں استقبال کیا، لیکن مارچ کے شرکاء نے پیپلز پارٹی کے استقبال کو مسترد کردیا۔

مارچ کے شرکاء لاڑکانہ شہر کے اوٹھا چوک پر پہنچے تو جسقم، پیپلز پارٹی شہید بھٹو اور دیگر قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا اور ان کو سندھی اجرک پہنائے، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مارچ کے سربراہ ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ہمارے لوگ لاپتہ ہوئے اور زرداری کے دور میں ان کی لاشیں ملی۔

قدیر بلوچ نے کہا کہ اس وقت تک اٹھارہ ہزار سے زائد بلوچوں کو لاپتہ کیا گیا اور پندرہ سو سے زائد کی لاشیں ملی ہیں، ہمیں سندھ میں روکنے کے لئے ہماری سیکیورٹی چھینی گئی اور ہمیں ہر جگہ پر دھمکیاں دی گئیں لیکن ہمارا مارچ جاری رہا اور جاری رہے گا۔