ہفتہ, ستمبر 28, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26710

پاک فوج اورنیوی کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں

0

لاہور/ پنجاب: سیلابی صورتحال سے نمٹنے اورمتاثرین کی امداد کے لیے پاک فوج اور پاکستان نیوی کے جوان بھرپورکردارادا کر رہے ہیں، سندھ میں متوقع سیلاب کے پیشِ نظر پاکستان نیوی نے ریسکیو ٹیمیوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پاک فوج اورپاکستان نیوی کےدستے بھرپوراقدامات کر رہے ہیں، امدادی سرگرمیوں کے دوران پاک فوج نے سیلاب میں پھنسے انتیس ہزارسے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق جھنگ، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے راشن بھی تقسیم کیا گیا جبکہ مظفر گڑھ ، احمد پور شرقیہ ، پنجند اور ملتان میں سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آرمی ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل یونٹس میں کام کررہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان نیوی نے جھنگ اور چنیوٹ کے سیلاب متاثرین کے لئے فلڈ ریلیف آپریشن کا دائرہ مزید بڑھا دیا ہے، متاثرین کی امداد کے لیے پاکستان نیوی اپنے فضائی اوربحری اثاثوں کا بھر پور استعمال کر رہی ہے، سندھ میں متوقع سیلاب کے پیشِ نظر پاکستان نیوی کی جانب سے بالائی سندھ میں مزید ریسکیو ٹیمیں بھیجنے کی منصوبہ بندی بھی کر چکی ہے۔

ملتان: ہیڈمحمد والہ بند توڑنےکا فیصلہ،رہائشی سراپا احتجاج

0

ملتان:  ہیڈ محمد والہ بند کو توڑنے کے فیصلے پر قریبی علاقوں کے رہائشی سراپا احتجاج ہیں، اُن کا مطالبہ ہے کہ بند توڑنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

جھنگ، اٹھارہ ہزاری سمیت دوسرے علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد اب ملتان سے ساڑھے چارلاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ گزررہا ہے، شہرکا ایک بڑاحصہ زیرِآب آنے کے خدشے کے تحت بند ہیڈ محمد والہ توڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے کے خلاف قریبی علاقوں کے رہائشیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ بند توڑنے سے قریبی دیہات میں پانی داخل ہوجائے گا اوراُن کی فصلیں بھی تباہ ہوجائیں گی جبکہ ملتان کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوجائے گا۔

انکا کہنا ہے کہ ہیڈ محمد والہ کے قریب مظفرگڑھ اور ملتان روڈ کے درمیان انتظامیہ نے بھاری مشینری لگاکر شگاف ڈال دیا ہے، فوج کی نگرانی میں بھاری مشینری کے ذریعے روڈ کو توڑنے کے لئے آس پاس مائنز رکھے گئے ہیں، سیلابی ریلے کا رُخ دوسری طرف مڑجائے گا، بند توڑنے سے پانی کا رُخ دوسری طرف چلا جائے گا۔

دوسری جانب پانی کا دباؤ کم نہ ہوا تو شیرشاہ بند توڑنے کا فیصلہ بھی متوقع ہے تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کا فیصلہ پانی کی رفتاراور پریشر دیکھ کر کیا جائے گا، قریبی بستیوں کے رہائشیوں کا مطالبہ ہے کہ روڈ توڑنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ ایک بار پھر 30 ہزار پوائنٹس کی سطح پر

0

کراچی: کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی کا رجحان دیکھا گیا ۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس تیس ہزار پوائنٹس کی سطح کراس کرگیا۔کاروباری ہفتےکےآخری روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا ر جحان نمایاں رہا۔

ٹریڈنگ کےآغاز سے ہی انڈیکس مثبت زون میں نظر آیا۔ ایک موقع پرکےایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں ڈھائی سو سے زائدپوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق مالیاتی اداروں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے باعث کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

نامورشاعروادیب رئیس امروہوی کی 100ویں سالگرہ منائی جارہی ہے

0

اردوادب کے لئے لازوال خدمات انجام دینے والے معروف شاعر اورادیب رئیس امروہوی کی آج سو ویں سالگرہ منائی جارہی ہے ۔

رئیس امروہوی کا اصل نام سید محمد مہدی تھا اوروہ بارہ ستمبرانیس سو چودہ کو امروہہ میں پیدا ہوئے، ان کے والد علامہ سید شفیق حسن ایلیا بھی ایک خوش گو شاعراوربلند پایہ عالم تھے۔

رئیس امروہوی کی عملی زندگی کا آغاز صحافت سے ہوا، قیامِ پاکستان سے قبل وہ امروہہ اورمراد آباد سے نکلنے والے کئی رسالوں سے وابستہ رہے، قیامِ پاکستان کے بعد انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی اورروزنامہ جنگ کراچی سے بطور قطعہ نگاراورکالم نگاروابستہ ہوگئے۔

رئیس امروہوی نے اردو زبان کی فروغ کیلئے بے پناہ خدمات انجام دیں، ان کے شعری مجموعوں میں الف، پس غبار، حکایتِ نے، لالہٗ صحرا، ملبوس بہار، آثار اور قطعات کے چار مجموعے شامل ہیں جبکہ نفسیات اور مابعدالطبیعات کے موضوعات پران کی نثری تصانیف کی تعداد ایک درجن سے زیادہ ہے۔

رئیس امروہوی 22 ستمبر 1988ء کو ایک نامعلوم قاتل کی گولیوں کا نشانہ بن گئے اورکراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

یہ سیلاب پاکستان پرہندوستان کا حملہ ہے، سراج الحق

0

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ کیا حکومت کا کام لوگوں کے مرجانے کے بعد تدفین کرنا رہ گیا ہے، این ڈی ایم اے کیا کررہی ہے قوم کو بتایا جائے۔

لاہور میں سراج الحق نے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی ریلیف کیمپ کا افتتاح کردیا ہے، جماعت اسلامی لاہورکی طرف سے ایک کروڑ تیس لاکھ روپے سیلاب متاثرین کےلیے جمع کروائے گئے۔

اس موقع پرامیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ موجودہ سیلاب ہندوستان کی طرف سے پانی چھوڑنے کے باعث آیا، یہ سیلاب پاکستان پرہندوستان کا پانچواں حملہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ سیاسی جرگے نے فریقین کو اپنی تجاویز دی ہیں، تینوں سے کہا ہے کہ وہ اس پر ٹھنڈے دل ودماغ سے غورکریں، انہوں نے کہا ہے کہ فریقین کچھ دنوں میں تجاویز کا جواب دیں گے۔

اجمل پرپابندی ختم کرانےکیلئے پی سی بی کی کوششیں تیز

0

لاہور: پابندی کا شکار پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل قومی ٹی ٹوئنٹی میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔ ورلڈ کپ میں اجمل کی شرکت یقینی بنانے کے لئے بورڈ نے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اورسعید اجمل کے پاس وقت کم اورمقابلہ سخت ہے۔ اجمل آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے تو باہر ہوگئے لیکن آئندہ سال ورلڈ کپ میں ان کی شرکت یقینی بنانے کے لئے پی سی بی نے کوششیں تیز کردیں ہیں۔

پی سی بی نے سعید اجمل پر عائد پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ توترک کردیا ہے لیکن اب دنیا کے نمبر ون بولر کواپنا ایکشن درست کرنے کے لئے سخت محنت درکار ہے۔

اجمل ایکشن ٹھیک کرنے پر توجہ دینے کی وجہ سے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی حصہ نہیں لے رہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اجمل کو ایکشن بہتر کرنے میں کتنا وقت لگ سکتا ہے؟ کیا سعید آئی سی سی کی مقررہ کردہ 15 ڈگری کی حد میں گیند کراسکیں گے؟

اگر نہیں تو کیا آئی سی سی ان کی میڈیکل رپورٹس تسلیم کرے گا؟ اجمل کلئیر نہ ہوسکے تو بورڈ کے پاس ان کا متبادل کیا ہے؟ ورلڈ کپ میں ابھی پانچ ماہ باقی ہیں اورہرگزرتا دن پی سی بی اور سعید اجمل پر بھاری گزرے گا۔

وزیرِاعظم نوازشریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

0

اسلام آباد: وزیرِاعظم نوازشریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں بنانے اورعالمی امداد نہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیرِاعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں امن و امان اور سیلابی صورتحال سے متعلق امور زیرِغور آئے، اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کےعوامی نمائندوں پرمشتمل کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جو ریلیف کےلیے طویل اور مختصر مدت کی تجاویز دیں گی، ساتھ یہ بھی طے ہوا کہ اس مرحلے پر عالمی امداد نہیں لی جائے گی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے سیلابی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دی، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے پنجاب کے دس اضلاع متاثر ہوئے، جھنگ، چنیوٹ، حافظ آباد میں زیادہ تباہی ہوئی، سیلابی ریلوں سے دو سو چوہتر افراد جاں بحق، تینتالیس ہزار گھروں کو نقصان پہنچا اور گیارہ لاکھ افراد متاثر ہوئے۔

چئیرمین این ڈی ایم نے اپنی بریفنگ میں مزید کہا کہ پاکستان آرمی، این ڈی ایم اے اور صوبائی ادارے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، امدادی سرگرمیوں میں ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

کابینہ اجلاس میں ریلیف کوششوں پر مسلح افواج سمیت مختلف محکموں خصوصا ریکسیو ڈبل ون ڈبل ٹو کےکردار کو سراہا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کے نقصان کم کرنے پرسرمایہ کاری ہونی چاہیئے، وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ جو رقم معاوضے اور تعمیرِ نو پر خرچ ہورہی ہے، وہ سیلاب سے بچاؤ کی تدابیر پر خرچ کی جائے جبکہ سندھ میں ممکنہ نقصان سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔

سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کو دھرنوں سے پیدا سیکیورٹی صورتحال پر بھی بریف کیا، اجلاس میں کابینہ نے سینتیس اقتصادی معاہدوں کی منظوری بھی دی گئی۔

ڈاکیارڈ حملہ: مزید تین نیوی اہلکارکوئٹہ سے گرفتار

0

کوئٹہ: کراچی ڈاکیارڈ حملے میں ملوث مزید تین نیوی اہلکاروں کو کوئٹہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کراچی ڈاکیارڈ حملہ بحریہ کے قیمتی اثاثوں کو تباہ کرنے کے لئے کیا گیا تھا، بروقت کارروائی کے نتیجے میں اہم تنصیبات کو محفوظ بنالیا گیا جبکہ حملہ میں دو آبدوزوں پرفائرنگ بھی کی گئی تھی۔

چھ ستمبر یومِ دفاع کے موقع پردفاعی ادارے پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ پسپا کردیا گیا، حملہ کا مقصد نیوی کے حساس گن شپ بحری بیڑے کواغواء کرکے کھلے سمندر میں لے جانا چاہتے تھے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں سے تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور جنگی بحری جہاز کواُس میں موجود اس کے اپنے ہی گولہ بارود سے تباہ کرکے دفاع پر سوالیہ نشان لگانا چاہتے تھے، مزاحمت ہونے پردہشتگردوں نے پانی کی سطح پر موجود آبدوزوں پر فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں آبدوزوں کو فوری طور پر گہرائی میں اتار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حملے میں نیوی کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں، تحقیقات کا دائرہ وسیع ہونے پرمزید انکشافات کا سلسلہ جاری ہے، گرفتار کئے گئے چارملزمان سے دوران تفتیش معلومات ملنے پر کوئٹہ سے چند کلومیٹر دور لگپاک کے علاقے سےتین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتار ملزمان کے سامان کی تلاشی اورشناخت کے بعد انکشاف ہوا کہ حراست میں لئے گئے تینوں مشکوک افراد بھی نیوی کے افسران ہیں، گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی کالعدم دہشتگرد تنظیم کے ساتھ مل کر نیوی کے انہی افسران نے تیار کی تھی۔

میچ فکسنگ: کرس کینزپرفردِجرم عائد کرنےکا فیصلہ

0

 لندن: برطانوی پولیس نے غلط بیانی کے الزام میں نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈرکرس کینز پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرس کینز ایک اورمشکل میں پھنس گئے۔ آئی سی سی تو کرس کینز کے خلاف میچ فکسنگ کی تحقیقات کرہی رہا ہے۔

ایسے میں میٹروپولیٹن پولیس نے سابق آل راؤنڈر کے خلاف جھوٹی گواہی دینے پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کینز پر دوران تفتیش پولیس سے غلط بیانی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراؤن پراسیکیوشن پچیس ستمبر کو کرس کینز کے خلاف فرد جرم عائد کرے گی۔ کرس کینز کا کہنا ہے کہ کراؤن پراسیکیوشن کے فیصلے سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔

وہ کبھی بھی فکسنگ کا حصہ نہیں رہے۔ کرس کینز نے کہا کہ انہوں نے کبھی کچھ نہیں چھپایا اور وہ اس بار بھی اپنی بے گناہی ثابت کرکے ہی رہیں گے۔

بڑا سیلابی ریلا تریموں بیراج کے بعد ملتان کی جانب بڑھ رہا ہے

0

پنجاب: سیلابی ریلا پنجاب کے جنوبی علاقوں میں تباہی مچاتا ہوا ملتان کے نواحی علاقوں تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب، فیش فارم اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں۔

سیلابی ریلوں نے پنجاب میں تباہی مچادی ہے، جنوبی پنجاب کے شہر جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام سے نکلنے والے سیلابی ریلے نے ستانوے کلومیٹردور تحصیل احمد پور سیال کے نواحی علاقوں کی کئی بستیاں اجاڑدی جبکہ کھڑی فصلیں تباہ کردی ہے دوسری جانب سیلابی ریلے سے دس یہات ڈوب گئے ہیں۔

سیلابی ریلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دیہات میں رشید پور،درگاہ شاہ، اورجمبو وانہ شامل ہیں، اِسوقت چھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ احمد پور سیال سے گزررہا ہے جبکہ جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام پرسیلابی ریلےمیں بتدریج کمی آرہی ہیں۔

دریائے چناب کا منہ زور سیلابی ریلا ملتان کے نواحی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث بستی منڈ سندیلہ،گھرے والا سمیت دیگر دیہات ڈوب گئے ہیں۔

 ملتان اور مظفر گڑھ سے ہوتا ہوا ہیڈ پنجند سے گزرنے والا یہ سات لاکھ کیوسک کاسیلابی ریلا ہفتہ کے روز کوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ میں گرے گا ، دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے کشمور ، سکھر اور گڈو بیراج سے ملحق علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔