ہفتہ, نومبر 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26711

خیبر پختونخوا: تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

0

خیبر پختونخوا: تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے ، پولیو رضا کار اٹھائیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔

کے پی کے میں نئے عٰزم اور حوصلے کیساتھ تین روزہ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، سانحہ پشاور کے بعد صوبے میں پولیو مہم معطل کردی گئی تھی۔

کے پی کے بائیس اضلاع میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران اٹھائیس لاکھ پچہترہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

محکمۂ صحت کے مطابق مہم کیلئے آٹھ ہزار موبائل ٹیمیں ،سات سو بارہ علاقائی ٹیمیں اور اٹھارہ سو چھتیس علاقائی نگران تعینات کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مقررہ ہدف حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوشیش کریں گے، پولیو سے بچاؤ کی مُہم کے دوران رضاکاروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔

پاکستان کوسٹ گارڈ کی پینتیسویں پاسنگ آوٴٹ پریڈ

0

کراچی : پاکستان کوسٹ گارڈ کی پینتیسویں پاسنگ آوٴٹ تقریب ہوئی، پریڈ کے مہمان خصوصی کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ تھے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے .

دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔ کورنگی کراچی میں سادہ اور پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کو 425 پاس آوٴٹ ہونے والے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس موقع پر کوسٹ گارڈ کا بینڈ فضا میں مسحور کن دھنیں بکھیرتا رہا۔

پاس آوٴٹ ہونے والے کوسٹ گارڈ کے جوانوں نے جسمانی تربیت کے علاوہ مسلح دہشت گردوں سے نمٹنے ، آگ لگے دائرے سے کامیاب چھلانگ لگانے۔

جوڈو کراٹے کے ذریعے ٹائلوں کو توڑنے کا کامیاب عملی مظاہرہ بھی کیا۔ پاس آوٴٹ ہونے والے جوانوں میں اعزازات بھی تقسیم کئے گئے۔

مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے اپنے خطاب میں کہا دہشت گردی اور انتہا پسندی ملک کی جڑوں کوکھلا کر رہی ہے ، دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔

لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا ہے کوسٹ گارڈ کی کوششوں سے منشیات ، انسانی اسمگلنگ میں کمی ہوئی۔

پنجاب اور بلوچستان میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا

0

بلوچستان : سوئی کے مقام پر گیس پائپ لائن کی مرمت نہ ہونے کے باعث پنجاب اور بلوچستان میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، سردی میں گیس کی عدم فراہمی شہری ٹھٹھر کے رہ گئے۔

بلوچستان میں سوئی کے مقام پر گیس پائپ لائن میں آتشزدگی کے باعث شارٹ فال دو سو چالیس ایم ایم سی ایف ڈی بڑھ گیا ہے، گیس پائپ لائن کی مرمت دو دن گزر نے کے بعد بھی نہ ہوسکی۔ مرمت نہ ہونے کے باعث پنجاب میں صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند جبکہ گھریلو صارفین کے لیے گیس پریشر انتہائی کم ہوگیا ہے۔

کوئٹہ میں گیس کی فراہمی دوسرے روز بھی معطل رہی، گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث شہری شدید سردی میں ٹھٹھر کر رہ گئے ہیں، گیس عدم فراہمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز کو بھی گیس کی سپلائی بند ہے۔

سوئی سدرن گیس سپلائی کمپنی کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام منگل تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدالت میں طلبی

0

لاہور:سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پہلی ایف آئی آر ختم کرنے کیلئے دائر درخواست پرلاہورہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم سابق ایس ایچ او سبزہ زار عامر سلیم کے وکلاء نے دلائل دیئے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، جس میں وزیراعظم اور وزیراعلٰی سمیت 21 اہم شخصیات کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری ایف آئی آر درج ہونے کے بعد پہلی ایف آئی آر کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی، اس لئے اس کے تحت ہونے والی تفتیش کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے 21 جنوری کو طلب کر لیا۔

پاک فرانس تجارت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، فرانسیسی سفیر

0

لاہور: پاکستان اور فرانس کے مابین باہمی تجارت کے فروغ اور دستیاب مواقع سے استفادے کیلئے فرانسیسی تاجروں کا اعلیٰ سطحی وفد آئندہ پاکستان کا دورہ کرے گا ۔

فرانس کی سفیر مسز مارٹین ڈورنس نےلاہور چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی وفد کا دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بڑی فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ تصور کرتیں ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے بے چین ہیں۔

بہت سی فرانسیسی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان کے فارماسیوٹیکل، کیمیکلز، ٹیلی کمیونیکیشن ایکویپمنٹ، آئل مارکیٹنگ، ٹیکسٹائل اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں کام کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اس موقع پر کہا کہ فرانس پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے اور اس کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کو جی ایس پی سٹیٹس ملنے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔

وزیرِاعظم نے پھانسی کی سزا پر معطلی کا نوٹس لے لیا

0

اسلام آباد: وزیرِاعظم نے مجرموں کی پھانسی کی سزا پر معطلی کا نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو فوری پیروی کا حکم دے دیا ہے۔

وزیرِاعظم نے اٹارنی جنرل کو قتل کے تمام کیسز کی فوری پیروی کی ہدایت کردی ہے، اٹارنی جنرل آفس کو حکم میں کہا گیا ہے کہ قتل کے ملزمان کی جانب سے حکم امتناعی لینے کی مقدمات کی پیروی کی جائے۔

انکا کہنا تھا کہ قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا، انکا کہنا تھا کہ جوانوں، بچوں اور شہریوں کے قاتلوں کو کوئی معافی نہیں۔

کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی کے5مجرموں کی سزا معطل

0

لاہور: ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت کے منتظر پانچ قیدیوں کی سزا پر عملدر آمد سے روکنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سزائے مو ت کے پانچ قیدیوں کی سز ا پر عملدآمد روک دیا ہے، دہشتگردی کے مقدمے میں سزائے موت پانے والے قیدیوں کے ورثاء نے جسٹس ارشد تبسم کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

ایک ملزم احسان عظیم کے ورثاء کا مؤقف تھا کہ ملٹری کورٹ میں پھانسی کی سزا دی تھی، جس کیخلاف اپیل کا حق نہیں ملا۔

لاہور ہائی کورٹ نے ورثاء کی درخواست پرحکومت سے بارہ جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے، فوجی عدالت نے دہشتگردی کے مقدمہ میں آصف ادریس، احسان عظیم ، محمد ندیم ، کامران اسلم ، عامر یوسف کو پھانسی کا حکم سنایا تھا۔

پانچوں مجرموں کو آج پھانسی دی جانی تھی۔

خام تیل کی قیمت کے ساتھ حکومتی آمدنی میں بھی کمی

0

اسلام آباد : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں  ہونے والی کمی جہاں عوام کیلئے خوش آئند ہے وہیں حکومت کی پریشانی کا باعث بھی بن رہی ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی سے صرف تیل برآمد کرنے والے ممالک کیلئے پریشان کن نہیں بلکہ دیگر ممالک بھی اس صورت حال کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔

اوپیک ممالک کی آمدنی میں کمی کے باعث پاکستان سمیت دیگر ممالک کے درآمدات پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث ٹیکسوں کی مد میں آمدنی میں بھی کمی ہورہی ہے۔

اس کے علاوہ حکومتی تحویل میں موجود آئل اینڈ گیس کی آمدنی میں بھی کمی متوقع ہے۔

کراچی: لانڈھی میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

0

کراچی: ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے، لانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے، نیوٹاؤن میں پولیس نے دوملزمان کو گرفتار کرکے چھینی گئی موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔

کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد کالونی میں رینجرز کی کارروائی کے دوران امجد عرف سجاد لنگڑا مارا گیا، کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز اہلکار زخمی ہوا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشتگرد کالعدم تحریکِ طالبان سوات کا کمانڈر تھا، ہلاک دہشت گرد کراچی میں متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

گلشن بونیر میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران آٹھ دہشت گرد گرفتار کرلیے، ملزمان کی پناہ گاہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 6.51 فیصد تک اضافہ

0

اسلام آباد : رواں مالی سال 2014-15ءکے چوتھے ماہ ،اکتوبر 2014ء، میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 6.51 فیصد تک اضافہ ہوا ، تاہم ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی ۔ اکتوبر 2014-15ءکے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1.54 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 4.595 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال 2013-14ءمیں جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 4.667 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 10.89 فیصد کا اضافہ ہوا ،جس کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے 758.228 ملین ڈالر سے بڑھ کر 840.773 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔

اسی طرح تولیہ کی برآمدات میں 4.23 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کی برآمدات سے اس عرصہ کے دوران 253.590 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے دوران 243.293 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 611.59 ملین ڈالر سے بڑھ کر 661.191 ملین ڈالر پر پہنچ گئیں اور اس طرح ان کی برآمدات میں 8.11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سلک اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات کا حجم 92.89 ملین ڈالر سے بڑھ کر 123.931 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ، اس طرح اس کی برآمدات میں 33.42 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ۔