ہفتہ, نومبر 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26717

چہل قدمی اور سونے کے اوقات بتانے والی منفرد گھڑی متعارف

0

کلائی پر باندھنے والی گھڑی اب دن بھر میں ہونے والی چہل قدمی اور سونے کے اوقات بتا سکے گی۔

ٹیکنالوجی ماہرین نے ایک ایسی گھڑی متعارف کرائی ہے، جس کی مدد سے یہ جاننا ممکن ہو گا کہ آپ نے دن بھر میں چہل قدمی کے دوران کتنے قدم اٹھائے جبکہ آپ کے سونے کے اوقات اور جگانے میں بھی مدد کرے گی۔

عام سی دکھنے والی اس منفرد گھڑی کو اسمارٹ فون سے منسلک کرنے پر آپ دن بھر کی مصروفیات کے اوقات جان سکیں گے۔

پانچواں ون ڈے: نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

0

ابوظہبی: پانچویں ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت لیا،کیویز بیٹنگ کریں گے، تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جارہے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ انجری کا شکار ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے،ان کی جگہ اسد شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،جبکہ بالر سہیل تنویر کی جگہ ذوالفقار بابر پانچویں ون ڈے میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ڈینئل ویٹوری اور کوری ایڈریسن کو ڈراپ کرکے ایٹون ڈیکسچ اور نیتھن میک کلم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بے نظیر بھٹو شہید کی برسی صوبائی سطح پرمنائی جائیگی

0

لاڑکانہ: سانحہ پشاور کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی صوبائی سطح پر منانے کافیصلہ کرلیا ہے، تاہم مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوگا جہاں پرمرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی ڈسٹرکٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر اور رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کی زیر صدارت ہوا جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو منائی جانے والی ساتویں برسی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایاز سومرو نے بتایا کہ سانحہ پشاور کے باعث پارٹی کی مرکزی قیادت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی تقریبات صوبائی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے صرف ایک ہی مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوا کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برسی کی تقریبات الگ الگ ہونگی اور گڑھی خدا بخش بھٹو میں برسی کے جلسے میں صوبہ سندھ کے کارکنان شرکت کرینگے جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے ہماری ذاتی جنگ ہے، ہم نے بھی شہداء کی لاشیں اٹھائی ہیں، پشاور سانحے میں پھول جیسے بچوں کا خون بہایا گیا ہے، دہشتگردوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

بھارتی پارلیمنٹ میں ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کے خلاف قرارداد

0

دہلی: بھارت کی لوک سبھا میں ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کے خلاف مذمتی قرارداد منظورکرلی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مذمتی قرارداد متقفہ طور پر منظور کی گئی، لوک سبھا سے خطاب میں بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے حسب معمول پاکستان کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ لکھوی کو ضمانت دے کر پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا مذاق اڑایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں کے ملزم کو ضمانت پر بھارت میں غم وغصہ پایا جاتا ہے، پاکستان ضمانت کا فیصلہ واپس لے۔

سانحۂ پشاور کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، نریندرمودی

0

دہلی: بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سانحۂ پشاور پر بھارت میں ہر آنکھ اشکبار ہے، پشاور میں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

بھارتی لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نریندرمودی نے کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت پر جتنی تکلیف پاکستان کو ہوئی، بھارت میں بھی اتنا ہی دکھ محسوس کیا گیا، پاکستان کی صورتحال پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور واقعےکے فوری بعد ممبئی حملوں کے ملزم کو ضمانت ملنے پر صدمہ پہنچا، پاکستان کوضمانت منسوخ کرنی چاہئیے۔

افغان سرحدی علاقے میں ڈرون حملہ، 5طالبان ہلاک

0

خیبرایجنسی: افغان سرحدی علاقے ڈرون حملے کے نتیجے میں پانچ طالبان ہلاک ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈرون حملہ افغان سرحدی علاقے کوٹ گاؤں میں کیا گیا، حملے میں شدت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں  پانچ طالبان کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

زرائع کے مطابق ڈرون طیارے نے ہدف پر دو میزائل داغے۔

ڈرون حملے میں متعدد شدت پسندوں کے زخمی بھی ہوئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی،ممنون حسین

0

اسلام آباد :صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد پشاور جیسے واقعات سے حکومتی عزم کمزور نہیں کر سکتے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اخری دم تک جنگ جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے لکھی گئی کتاب کی تقریب رو نمائی سے خطاب کر تے ہوئے کیا، صدر پاکستان نے کہا کہ حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، دہشت گردوں کو ان کے بلوں سے نکال کر مارا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بہادر قوم ہیں اس طرح کے بزدلانہ اقدامات سے ہمارا عزم کمزور نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ پشاور میں معصوم جانوں سے کھیلنے والے کبھی نہیں بچ سکیں گے، صدر نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے دونوں ممالک کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی آزمائش کی ہرگھڑی میں پوری اتری ہے، ان کا کہنا تھا کہ چین کے صدر نے اپنی کتاب میں ترقی اچھی طرز حکمرانی کی صحیح نشاندہی کی ہے پاکستان میں چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی احترام اعتماد پر مبنی ہے دونوں قریبی ہمسائے اور مظبوط دوست ہیں جن کی دوستی مزید مستحکم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، پاک چین انسٹی ٹیوٹ کے چیئر مین مشاہد حسین سید نے کہا کہ کرپشن پر قابو پانے اور اچھی گورننس کے لئے چین کے صدر کی کتاب اہم تحفہ ہے۔

چین علاقائی سے عالمی طاقت بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر ملک کو ترقی اور امن کے راستے پرڈالا جا سکتا ہے، مشاہد حسین نے کہا کہ چین کے صدر کی کتاب کا اردو میں ترجمہ کیا جائے گا۔

دہشت گردوں کی سزائے موت پرعملدرآمد کا فیصلہ خوش آئند ہے،رحمان ملک

0

لاہور : سابق وفاقی وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی سزائے موت پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ خوش آئند ہے، افغانستان سے مولوی فضل اللہ سمیت مولوی فقیراور خالد خراسانی کی حوالگی کا بھی مطالبہ کیا جائے، طالبان داعش سے مل چکے ہیں۔

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے چھ افراد کے ڈیٹھ وارنٹ پر دستخط کرکے اچھی شروعات کی ہے، اب دوسرے مجرموں کو بھی سزا دینے کا عمل مکمل ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سزائے موت پر پابندی عالمی دباؤ پر صرف عام مقدمات میں لگائی، منشیات اور دہشت گردوں کے لیے کوئی پابندی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مالا کنڈ، سوات، باجوڑ میں فوجی آپریشن کروایا، موجودہ حکومت نے صرف ایک آپریشن ضربِ عضب کروایا، ضرورت ہے کہ لشکرِ جھنگوی کے خلاف رحیم یار خان، بہاولپور اور جھنگ میں کارروائی کی جائے۔

رحمان ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ دہشت گرد اکٹھے ہوچکے ہیں، مگر سیاستدان تقسیم ہیں، نواز شریف اور عمران خان کو اکھٹے پشاور جاکر فوج سے اظہارِ یکجہتی کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ طالبان نے داعش کے طریقہ کار پر بچوں کو قتل کیا۔ ان کا اسلام سے کوئی تعلق ہے نہ ہی وہ انسان ہیں۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ قوم پارلیمانی کمیٹی کو مضبوط کرے ہمیں دہشت گردوں کو شک کا فائدہ دینے والے قوانین کی خامیوں کو دور کرنا ہوگا اور ججوں کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔

ساہیوال جیل کے 442 قیدی پھانسی گھاٹ کی قطارمیں

0

ساہیوال: سینٹرل جیل میں سزائے موت کے 442 قیدی ہیں، دو کی رحم کی اپیلیں بھی مسترد ہو چکی ہیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے پھانسیوں پر پابندی ختم ہونے کے بعد جیل کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ساہیوال سینٹرل جیل کے اعدادوشمار کے مطابق جیل میں مجموعی طور پر سزائے موت کے 442 قیدی ہیں، جن میں سے 347 کی اپیلیں ہائی کورٹ،ایک کی اپیل وفاقی شریعت کورٹ اور51 کی اپیلیں سپریم کورٹ میں زیر التواء ہیں۔

اکتالیس قیدیوں نے صدر مملکت سے رحم کی اپیلیں کر رکھی ہیں جن میں سے 2 مسترد ہو چکی ہیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے پھانسی پر پابندی ختم کئے جانے کے بعد جیل سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

ہائی سکیورٹی جیل میں 416 جبکہ سنٹرل جیل میں 14 کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ جیل میں جیمر بھی لگائے گئے ہیں۔

زیارت: فورسز سے جھڑپ، ٹی ٹی پی کے 8 دہشتگرد مارے گئے

0

زیا رت: تحصیل سنجاوی میں فورسزسے جھڑپ میں ٹی ٹی پی بلوچستان کے نائب امیر سمیت آٹھ دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق زیارت کی تحصیل سنجاوی میں طالبان کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد مسلح جھڑپ کا آغاز ہوگیا۔

فورسز کی جوابی کارروائی میں آٹھ دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں میں کالعدم تحریکِ طالبان بلوچستان کا نائب امیر بھی مارا گیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دھماکہ خیز موادبھی بر آمد کرلیا گیا۔