منگل, جون 18, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26761

بیروت: دھماکے سے 4 افراد ہلاک، 35 سے زائد زخمی

0

لبنانی دارلحکومت بیروت زوردار دھماکے سے گونج اٹھا، چار افراد ہلاک پینتیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکہ جنوبی بیروت میں لبنانی تنظیم حزب اللہ کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے میں ہوا، دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ ارگرد کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، حملے کے بعد لبنان کے النصرہ فرنٹ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس دہشت گردانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
    
    

   

نیروبی: ویسٹ گیٹ شاپنگ مال پر حملہ، اہم شواہد اکٹھے کرلئے گئے

0

کینیا کے ویسٹ گیٹ شاپنگ مال پر حملے کے الزام میں گرفتار چار ملزمان کو پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کرایا اور اہم شواہد اکٹھے کئے۔

ویسٹ گیٹ شاپنگ مال خودکش حملے میں گذشتہ سال سڑسٹھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، حملے کے الزام میں گرفتار چار افراد محمد احمد، لیبان عبداللہ، حسین حسن اور محمد ابراہیم کو دوران تفتیش جائے وقوعہ پر لے جایا گیا اور اہم شواہد اکٹھے کئے گئے۔

تاہم چاروں مشکوک ملزمان نے حملے میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا، ویسٹ گیٹ حملے کی ذمہ داری صومالیہ کے اسلامی گروپس نے قبول کرلی تھی۔
    

    
   

اوگراکرپشن کیس: چیئرمین نیب آج سپریم کورٹ میں طلب

0

اوگراکرپشن کیس میں سپریم کورٹ نے وضاحت کے لئے چیئرمین نیب کو آج طلب کرلیا ہے۔

گذشتہ روز سپریم کورٹ میں اوگرا کرپشن کیس کی سماعت تین رکنی بینچ نے کی، جسٹس جواد نے استفسار کیا کہ کرپشن کی انکوائری بہت طوالت اختیار کرگئی ہے، اتنا وقت کیوں لگا؟ توقیر صادق کی تقرری میں کون کون شامل تھا اور کس کس کو نوٹس دیا گیا۔

وکیل نیب نے بیان میں کہا کہ انکوائری مکمل ہوگئی، اب فیصلہ کرنا ہے، تاہم عدالت نے بیان پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چئیرمین نیب کو وضاحت کے لئے طلب کرلیا، عدالت کا کہنا تھا کہ نیب نے ابھی تک کیا کارروائی کی ہے؟ چھبیس ماہ گرزنے کے باوجود کوئی نتیجہ کیوں نہیں نکلا، عدالتی احکامات پرعمل کیوں نہیں ہوا۔
 

خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک سسٹم کا معاملہ تعطل کا شکار

0

خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال سرخ فیتے کی نذر ہوگیا، نادرا نے الیکشن کمیشن کو جھنڈی کرادی، نادرا کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مشینیں خود خریدے۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ تو تعطل کا شکار ہے لیکن بائیومیٹرک سسٹم جس کا ڈھنڈورا ایک عرصے سے پیٹا جارہا ہے، اسکا استعمال بھی سرد خانے کی نذر ہوتا دکھائی دے رہاہے۔

نادرا نے بائیومیٹرک مشینیں خریدنے سے انکار کردیا ہے، نادرا نے الیکشن کمیشن کو صاف کہہ دیا ہے کہ وہ مشینیں خریدے، نادرا سافٹ ویئرکی انسٹالیشن کے لیے تیار ہے، ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق چین سے خریدی گئی مشین میں سافٹ ویئرانسٹال کرکے الیکشن کمیشن کو پریزینٹیشن دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری اور ان کے استعمال تک کی تمام ذمہ داری نادرا کو ملنی چاہئے۔
   

امریکا اور یورپ کی کئی ریاستیں آج کل شدید سردی کی لپیٹ میں

0

امریکا کی کئی ریاستیں اور یورپ کے کئی ملک آج کل شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، امریکی ریاست انڈیانا ،مشرقی اوروسطی یورپ میں شدیدبرفباری کے باعث زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔

    امریکا کی کئی ریاستوں اور یورپ میں شدید سردی اور برفباری نے نظام زندگی کو منجمد کرکے رکھ دیا، واشنگٹن میں برفباری کے باعث وائٹ ہاؤس کے اطراف کی سڑکیں بھی سفید ہوگئی ہیں، امریکی ریاست انڈیانا میں حد نظر کم ہونے اور برفباری کے بعد مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، برفباری کی شدت کے پیش نظر انڈیانا کے مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ہے۔

ادھر پولینڈ میں بارش کے بعد برفباری نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے، بعض ٹرینیں تاخیر کاشکار ہیں اور کئی ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے، برفباری کے نتیجے میں کئی گاڑیاں برف کی نیچے دب گئی ہیں، جرمنی کے شہر برلن میں بھی شدید برفباری کاسلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے جرمنی میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
    

   

راولپنڈی :اے آر وائی گروپ کے حاجی عبد الرزاق کی صحت یابی کیلئے دعائیہ محفل کا اہتمام

0

دربار عالیہ محمدیہ عید گاہ شریف راولپنڈی میں چیئر مین اے آر وائی گروپ جناب حاجی عبد الرزاق صاحب کی صحت یابی کیلئے دعائیہ محفل کا اہتمام کیا گیا۔

دربار عالیہ محمدیہ عید گاہ شریف راولپنڈی میں چیئر مین اے آر وائی گروپ جناب حاجی عبد الرزاق صاحب کی صحت یابی کیلئے دعائیہ محفل کا انقاد کیا گیا ۔

دعائیہ محفل میں پیرنقیب الرحمٰن نقشبندی اورصاحبزادہ محمد حسان حسیب الرحمٰن نقشبندی، علماء ومشائخ کرام اورمریدین کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی، دعائیہ محفل میں حاجی عبد الرزاق صاحب کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، دعائیہ محفل میں چیئرمین حاجی عبدالرزاق کی دینی خدمات کوبھی سراہا گیا۔
   

کراچی : یونیورسٹی روڈ پر کریکر حملہ ، ایم کیوایم کے بلدیاتی امیدوار جاں بحق

0

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر کریکر حملے میں متحدہ قومی موومنٹ کے بلدیاتی امیدوار وجاہت حسین جاں بحق ہوگئے جبکہ انکا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کراچی کے مرکزی گیٹ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر کریکر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے بلدیاتی امیدوار وجاہت حسین نقوی جاں بحق ہوگئے جبکہ انکا ڈرائیور اللہ وسایو زخمی ہوگیا۔ جاں بحق اور زخمی شخص کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول وجاہت حسین نجی بینک کے عہدیدار تھے اور معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے سیکریٹری کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔ ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ مقتول وجاہت حسین نقوی ایم کیو ایم کی جانب سے رضویہ 2 سے یوسی ناظم کے لئے امیدوار تھے۔

ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے ایک اور بلدیاتی امیدوار کو شہید کردیا گیا ہے، اعلٰی حکام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔ پولیس نے واقعے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا ہے، ابتدائی بیان میں ڈرائیور نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی کی چھت پر کریکر پھینکا جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔
   

مستونگ میں زائرین کی بس کے قریب دھماکہ، سیاسی جماعتوں کی مذمت

0

مستونگ میں دھماکے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے کل کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی ہے، جبکہ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سمیت سیاسی و وسماجی رہنماؤں نے مذمت کی ہے تو مختلف شیعہ تنظیموں نے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

مستونگ میں زائرین کی بس کے قریب دھماکے کی صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نے مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور شاہی سید، علامہ طاہر القادری، صاحبزادہ حامد رضا ، علامہ عباس کمیلی، علامہ ناصر عباس اور امین شہیدی نے زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

جعفریہ الائنس پاکستان ، تحفظ آزاداری کونسل، مجلس وحدت مسلمین ، بلوچستان شیعہ کانفرنس نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا تسلسل ناکام پالیسی کا نتیجہ ہے ،دہشت گردی کا ناسور ملک کا امن چاٹ رہا ہے،پوری قوم متحد ہو کر مقابلہ کرے۔ سیکریٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین علامہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ حکومت اور آرمی چیف اب مصلحت سے کام نہ لیں، دہشت گردوں کے خلاف اعلان جنگ کرے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کا وقت آ گیا ہے ۔
   

ملکی سلامتی داؤ پرلگی ہوئی ہے، ثروت اعجاز قادری

0

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے ملکی سلامتی داؤ پرلگی ہوئی ہے دہشتگردوں کے خلاف غیر معمولی اقدامات کرنا ہونگے۔

کراچی سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھاحکومت دہشتگردوں سے مذاکرات کی سیج سجانے کے بجائے ان کے خلاف اعلان جہاد کرے۔

ان کا کہنا تھا حکومت ملک کے مفاد میں آگے بڑھ کر سخت فیصلے کرے پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ساتھ دے گی۔ دہشتگردوں سے مذاکرات کی بات اسلام کی تعلیمات اورملک کے آئین سے روگردانی ہے۔
   

قبائلی علاقوں میں ممکنہ فوجی آپریشن پرتفصیلات فراہم کی جائیں، عمران خان

0

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سیکورٹی صورتحال پر پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں ممکنہ فوجی آپریشن پرتفصیلات فراہم کی جائیں ۔

عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کےا جلاس میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی، عمران خان نے وزیراعظم کےعمل کی بھی مذمت کی جس میں انہوں نےمولانا سمیع الحق سے اصرار کیا تھا کہ وہ طالبان کو پنجاب میں حملے نہ کرنے پر آمادہ کریں ۔

اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ وفاقی حکومت نو ماہ گزرنے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف پالیسی کو حتمی شکل دینے میں کامیاب نہیں ہو سکی،  اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ قبائلی علاقوں میں کسی بھی فضائی کارروائی سے پہلے عام شہریوں کو وہاں سے نکالا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن آخری حل ہونا چاہئیے۔