منگل, جون 18, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26760

جنیوا: شام پر امن مذاکرات کے لئے اہم رہنما جنیواپہنچ گئے

0

شامی تنازعے کو حل کرنے کیلئے جینوا میں ایک اہم بڑی سفارتی کوشش کی جارہی ہے، اہم عالمی شخصیات مذاکرات میں شرکت کے لیے جینیوا پہنچنا شروع ہوگئیں۔

تین سالہ شامی خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے جینیوا میں اہم مذاکرات آج شروع ہو رہے ہیں، مذاکرات میں شرکت کے لیے فریقین سوئٹزر لینڈ پہنچنا شروع ہوگئے، شامی حکومتی وفد وزیرخارجہ ولید المعلم کی زیر قیادت سوئٹزر لینڈ کے شہر مونٹریکس پہنچ گیا جبکہ شامی نیشنل کانگریس کے سربراہ احمد الجبار، عراقی وزیر خارجہ ہوشیار زبیری اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری بھی جنیوا پہنچ چکے ہیں۔

اپنی آمد کے بعد ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ بات چیت شامیوں کو آخر کار ایک بہتر مستقبل کی طرف لے جائیگا، شام میں تقریباً تین سال سے جاری خانہ جنگی میں تقریبا ایک لاکھ سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔

اس سے قبل ایران نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے تہران کو جینیوا میں ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت نامے کا دعوت نامہ واپس لینے کے فیصلے پر سخت تنقید کی اور اُسے ناپسندیدہ عمل قرار دیا۔
    
    
   

شام مسئلے پر آئندہ ہفتے جنیوا میں بحث کا آغاز

0

شام مسئلے پر آئندہ ہفتے جنیوا میں بحث کا آغاز ہونے والا ہے، تین سالوں کے دوران تقریباً ایک لاکھ سے زائد افراد پرتشدد واقعات میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

جہاں عراق اور افغانستان کے بعد شام میں امریکی دلچسپی نے تنازعے کو طول دینے میں اہم کردار ادا کیا تو وہیں صدر بشارالاسد بھی اپنے والد کے نقش قدم پر اپنے پرانے اتحادیوں کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔

سابق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ کا کہنا ہے کہ صدر بشارالاسد کی فورسز اور باغی جنگجو ایک تباہ کن تعطل میں پھنس گئے ہیں، اندرونی اور بیرونی سطح پر کوئی بھی اتنا طاقتور نہیں کہ فتح حاصل کرلے اور اس کے ساتھ اس تنازعے میں نہ ہی دونوں اطراف سے کوئی اتنا کمزور ہوا کہ اسے شکست دی جاسکے۔

بیروت میں بینٹی شیلر اپنی کتاب میں لکھتی ہیں کہ صدر بشارالاسد ایسا شخص ہے جو ’کھیل لکھ‘ رہا ہے، بینٹی کے مطابق بین الاقوامی طاقتوں نے صدر بشارالاسد کی مزاحمت کے بارے میں غلط اندازہ لگایا ہے، فورسز اور باغیوں کی لڑائی میں اب تک لاکھوں افراد زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔

جنیوا میں شام مسئلے پر ہونے والے مذاکرات میں دونوں فریقوں کی شرکت سے مسئلے کے حل میں کتنی مدد ملے گی یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں فریق اپنے ملک کو تیسری طاقت سے بچانے کیلئے اپنے ہی لوگوں کو آگ و خون

کے بھیانک کھیل سے باہر نکالیں۔

 

 


   

واشنگٹن: امریکی صدر اوباما کا روسی ہم منصب پیوٹن کو فون

0

امریکی صدربارک اوباما نے اپنے روسی ہم منصب پیوٹن کو فون کیا اور ان سے شام کی صورتحال پرہونیوالے جنیوا مذاکرات پر تبادلہ خیال کے علاوہ سوچی اولمپک کو محفوط بنانے کیلئے سیکیورٹی تعاون کی پیشکش کی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اوباما نے شامی صورتحال پر جنیوا میں ہونیوالے مذاکرات پر روسی صدر سے بات چیت کی اور داغستان کے علیحدگی پسندوں کی جانب سے سوچی شہر میں ہونے والے سرمائی کھیلوں کے دوران حملے کی دھمکی کے بعد امریکی صدر نے پیوٹن کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔

وائٹ ہاوس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا روس کو سرمائی کھیلوں کے دوران ہوائی اور سمندری امداد دینے پر تیار ہے، ترجمان کے مطابق روس چاہے تو امریکا کے دو جنگی جہاز کھیلوں کے دوران بحیرہ اسود میں تعینات کیے جا سکتے ہیں، امریکی ترجمان کے مطابق اس حوالے سے روسی درخواست کا انتظار کیا جائے گا۔
   

کیف: یوکرین میں حکومت کیخلاف احتجاج جاری، پولیس سے جھڑپیں

0

یوکرائن میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری ہائی الرٹ کر دی گئی۔

دارلحکومت کیف میں ایک بار پھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی، جس سےعلاقہ میدان جنگ بن گیا، ہزاروں مظاہرین پولیس کے سامنے کیف کی سڑکوں پر موجود ہیں۔

مظاہروں کو روکنے کے لئے یوکرائن کے صدر نے فوری طور پر مظاہرین سے مفاہمت کی اپیل کی ہے، جسے مظاہرین نے مسترد کر دیا ہے، مظاہروں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا، جب حکومت نے یورپی یونین کے بجائے روس سے تجارتی معاہدے کیے تھے۔
   

بنکاک:تھائی حکومت نے مختلف صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی

0

تھائی لینڈ کی حکومت نے سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر دارالحکومت بنکاک سمیت مختلف صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

حکومت نے ایمرجنسی کا نفاذ ساٹھ روز کے لئے کیا ہے، ایمرجنسی لگانے کا مقصد ملک بھر میں جاری وزیراعظم ینگ لک شیناوترا کے خلاف احتجاجی مہم کو روکنا ہے۔

ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی مشکوک شخص کو غیر معینہ مدت تک کے لئے اپنی حراست میں رکھ سکیں گے اور انتشار پھیلانے والےعناصر سے سختی کیساتھ  نمٹا جاسکے گا۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے ایمرجنسی کے نفاذ کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ہر حال میں احتجاجی مہم جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
   

غزہ: اسرائیلی میزائل حملے میں 2 فلسطینی شہید

0

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہونے کے باوجود فلسطینوں پراسرائیلی حملے جاری ہیں، غزہ میں اسرائیلی میزائل حملے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق غزہ میں ایک کار پر اسرائیلی فضائیہ میزائیل حملے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، اسرائیلی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑی میں حماس سے تعلق رکھنے والے افراد سفر کررہے تھے۔

اسرائیل نے فلسطین پر الزام بھی عائد کیا کہ گذشتہ ماہ کے دوران تقریبا بیس راکٹ فلسطین کی طرف سے داغے گئے، واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین نے رواں سال جولائی میں امریکہ کی کوششوں سے دوبارہ مذاکرات کا آغاز کیا تھا جو کہ نو ماہ تک جاری رہا۔
    
   

طرابلس: شدت پسندوں اور فوج کے درمیان جھڑپ،5 ہلاک 20زخمی

0

لیبیا کے شدت پسندوں اور فوج کے درمیان جھڑپوں میں پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی اداروں اور جنگجوؤں کے درمیان دارالحکومت طرابلس کے نواحی علاقے میں جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں, جب قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شدت پسندوں کیخلاف آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران جھڑپوں میں پانچ افراد مارے گئے جبکہ بیس سے زائد زخمی بھی ہوئے، آپریشن میں سیکیورٹی اداروں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔