بدھ, جون 26, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26978

وزیراعظم کے اثاثوں میں غیرمعمولی اضافے کا تاثر درست نہیں,پرویز رشید

0

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اثاثوں میں غیرمعمولی اضافےکا تاثر درست نہیں، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے بیان سے ملک اور پارٹی میں ان کا تشخص متاثر ہوگا۔

حکومت نے وزیراعظم کے اثاثوں کے بارے میں امیر جماعت اسلامی کے بیان کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم کے ترجمان اور وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کے اثاثوں کی پرانی اور موجودہ مالیت سے متعلق ابہام پیدا کیا جارہا ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ منقولہ اورغیرمنقولہ اثاثوں کی مالیت میں وقت کیساتھ اضافہ قابل فہم ہے، ساتھیوں کےغلط مشورے امیر جماعت اسلامی کے مبہم بیانات کا سبب ہیں، توقع ہے کہ منور حسن غیرمصدقہ اورغلط بیانات سے اجتناب کرینگے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات سے ملک اور پارٹی میں منور حسن کا تشخص متاثرہوگا، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے جمعے کو منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بتائیں کہ ان کے اثاثے دوگنا کیسے ہوگئے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عام انتخابات میں اثاثوں کی جو تفصیلات بتائی ہیں وہ انکے موجودہ اثاثوں سے دو گنا کم ہیں۔

وزیرداخلہ کی ایم کیو ایم کو تحفظات دورکرانے کی یقین دہانی

0

وزیرداخلہ نے ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرادی، چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی سرکوبی تک آپریشن جاری رہے گا، ایم کیو ایم اور ن لیگ کا سیاسی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

گورنرہاؤس کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے ملاقات کی، ملاقات میں شہر کی امن و امان کی صورتحال سمیت کراچی میں جاری آپریشن پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے فاروق ستار کی قیادت میں وفاقی وزیر کو تحفظات سے آگاہ کیا، چوہدری نثار نے ایم کیو ایم کے تحفظات کو دورکرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آپریشن جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ہے، کسی خاص جماعت کے خلاف نہیں، آپریشن کے تیسرے مرحلےکو مزید مربوط اور فعال بنایا جائے گا۔

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے ملاقات میں شہر میں جاری آپریشن کے نتیجے میں ملنےوالی کامیابیوں پر بھی گفتگو کی گئی، چوہدری نثار نے کہا کہ کراچی میں امن و امان اولین ترجیح ہے، دہشت گردوں کی مکمل سرکوبی تک آپریشن جاری رہے گا۔

ملاقات میں مشترکہ سیاسی صورتحال پر حکمت عملی بنانے پر بھی غورکیا گیا، دونوں سیاسی جماعتوں نے مستقبل میں روابط بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
   

سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، وزیراعظم

0

وزیراعظم نے کہا ہے سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیرہے، بحری فوج جدید ٹیکنالوجی اور بہترین ہتھیاروں سے لیس ہے، وزیراعظم نے مڈ شپ مین کیڈٹس کی سوویں پاسنگ آؤٹ کی تقریب میں کامیاب کیڈٹس کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان نیوی کی سوویں مڈ شپ مین پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاکستان بحریہ بری اور فضائی حدود کی حفاظت میں بھی معاونت فراہم کرتی ہے۔

وزیراعظم نے اکیڈمی کو بہترین تربیت گاہ بنانے پر حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹزمیں اسناد تقسیم کی اور مبارک باد پیش کی، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعظم نواز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

مڈ شپ مین پاسنگ آؤٹ پریڈ میں نو غیر ملکیوں سمیت ایک سو ایک کیڈٹ پاس آؤٹ ہوئے، کیڈٹس چھ ماہ شپ پر گذارنے کے بعد لیفٹینینٹ کے عہدہ پر فائر ہوں گے، تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے بھی شرکت کی، اس سے قبل کراچی آمد پر وزیراعظم نوازشریف کا گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور چیف سیکریٹری سندھ نے استقبال کیا۔
   

پاکستان بھارت سرحدی کمیونیکیشن کو بہتر بنانے پر رضامند

0

پاکستان اور بھارت نے سرحدی کمیونیکیشن ذرائع کو بہترین اور فوری امداد کو استعمال کرنے پر رضامند ہوگئے، پانچ روزہ پاک بھارت ڈائریکٹر جنرلز ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

پاک بھارت تناؤ کی برف سرد موسم میں پگھلنے لگی، پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسزغلطی سے بارڈر پار کرنے والوں کو فوری واپسی کرنے پر رضامند ہوگئے، رینجرز ذرائع کے مطابق ورکنگ باؤنڈری اور انٹرنیشنل باڈر پر پاکستان اور بھارت کیطرف سے کوئی نئی دفاعی تعمیرات نہیں کی جائیں گی۔

ڈیڑھ سال بعد پاکستان رینجرز پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل اور بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قیام امن کے لئے فلیگ میٹنگ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، پانچ روز جاری رہنے والی ملاقات میں پاکستانی وفد کی قیادت میجر جنرل خان طاہر خان نے کی۔

بھارت کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف شیریں سبہاش جوشی نے مرکزی کردارادا کیا، مشترکہ اعلامیہ میں مثبت انداز میں بات چیت اور تنازعات حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں پڑوسی ممالک نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

پرویزمشرف نے31جولائی کے فیصلےکو پھر چیلنج کردیا

0

سابق صدر پرویز مشرف نے سپریم کورٹ کے اکتیس جولائی دو ہزار نو کے فیصلے کو ایک بار پھر چیلنج کر دیا، فیصلے پرنظر ثانی کی درخواست اعتراضات دور کرکے دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہے۔

سابق صدرکے وکیل کی جانب سے دائرکی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دو ہزار نو میں پرویز مشرف کو سنے بغیر انہیں غاصب قرار دیا گیا تھا، اس سے قبل بھی پرویز مشرف نے نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھی۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگایا تھا کہ درخواست مشرف کے وکیل شریف الدین پیر زادہ ہی دائر کر سکتے ہیں، لگائے جانے والے اعتراضات میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ نظر ثانی کی درخواست پر وکیل کا نام تو ہے لیکن ان کے دستخط نہیں ہیں۔
    

    
   

لاہور:ماڈل بازاروں کا دائرہ کاربڑھایاجائے،وزیراعلٰی شہبازشریف

0

وزیراعلٰی شہباز شریف نے عوام کو اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنے کیلئے ماڈل بازاروں کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی شہبازشریف نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے پرائس کنٹرول میکانزم پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں ماڈل بازار قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے منتخب نمائندوں کوذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ حکومت کے بروقت اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے۔

 

 

ننکانہ صاحب: گھر کی دیوار گرنےسے 6بچے جاں بحق

0

ننکانہ صاحب میں گھر کی دیوار گرنے سے چھ بچے جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں تین کا تعلق ایک ہی خاندان سے جبکہ تین بچے مہمان تھے۔

ننکانہ صاحب کے علاقےسید والا میں محنت کش نواز دین کے گھر اچانک دیوار گرجانے سے چھ بچے جاں بحق ہوگئے، بچے دیوار کے ساتھ صحن میں کھیل رہے تھے، تمام بچوں کی عمر سات سال کے لگ بھگ تھی۔

جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے نواز دین کے جبکہ تین بچے گھر میں آئے مہمان تھے، سید والا میں علاج معالجے کی سہولیات کے فقدان کے باعث ریسکیو میں تاخیر ہوئی اور بچے ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔
    

   

پشاور:متنی اسپتال میں فائرنگ،پولیو ورکر جاں بحق

0

پشاور کے علاقہ متنی ہسپتال میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیو ورکر کو قتل کردیا گیا۔

پشاور کے علاقہ متنی اسپتال میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیو ورکرز کو قتل کردیا، نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے ہسپتال کے اندر پولیو ٹیم پر فائر کھول دیا، جس کی زد میں آکر اہلکار ظاہر گل موقع پر جاں بحق جبکہ وارڈ اردلی نقاب خان اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا، حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اس سے قبل بھی متنی کئی پولیو اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جن میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔
   

آئندہ 24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

0

آئندہ چند روز میں ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا، تاہم شمالی بلوچستان اور بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، چترال کے بالائی علاقے لواری ٹاپ میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

سردی ان دنوں اپنے جوبن پر ہے، گلگت بلتستان اور چترال میں برفباری سے راستے بند ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق دو سے تین روز کے دوران بالائی پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں صبح کے وقت کہر پڑنے کا امکان ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم بالائی پنجاب میں کہیں کہیں صبح کے وقت دھند رہی اور مالاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔

کالام میں ایک انچ برفباری جبکہ مالم جبہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
   

فیشن شو میں سرینا ولیمز اور وکٹوریہ ازارینکا کی شاندار کیٹ واک

0

ٹینس کے کھلاڑی فیشن کے میدان میں اتر آئے، ٹینس کی بہترین کھلاڑی سرینا ولیمز اور وکٹوریا نے ریمپ پر کیٹ واک کر کے شائقئین کے دل جیت لئے۔

تھائی لینڈ میں رنگارنگ فیشن شو کا انعقاد ہوا، جسمیں ماڈلز کے ساتھ ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اور عالمی نمبر دو وکٹوریا ازارینکا نے ریمپ پر جلوے بکھرے، ڈیزائنر کے تیار کردہ آنے والے سال کیلئے ملبوسات کی نمائش کی گئی۔

سرینا ولیمز اور وکٹوریہ ازارنیکا سب کی توجہ کا مرکز بنی رہیں، جن کے زیب تن کئے ہوئے دیدہ زیب ملبوسات کو شائقین نے بے حد پسند کیا، نئے سال کے نئے کلیکشن کی نمائش اور عالمی ٹینس اسٹارز کی موجودگی نے تو فیشن شو میں چار چاند لگا دیئے۔