اتوار, جون 30, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26994

شاہد آفریدی ریکارڈ سے محروم،کورے اینڈرسن کی ون ڈے میں تیز ترین سینچری

0

پاکستان کے شاہد آفریدی ون ڈے میں تیز ترین سینچری کے ریکارڈ سے محروم ہوگئے، نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے کی تیز ترین سینچری کا نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔

شاہد آفریدی کی وہ دھواں دھار اننگز جس نے دنیائے کرکٹ میں ان کی منفرد پہنچان بنائی اور وہ بوم بوم کے نام سے مشہور ہوگئے لیکن شاہد آفریدی کا یہ ریکارڈ اب نیوزی لینڈ کے کھلاڑی نے توڑ دیا ہے۔ 

سال دو ہزار چودہ کا پہلا دن اور پہلا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے سترہ سال بعد ون ڈے کی تیز ترین سینچری کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کوئنز ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ون ڈے میں چھتیس گیندوں پر سینچری بنائی، اینڈرسن نے چھتیسویں گیند پر چھکا لگا کر شاہد آفریدی کی تیز ترین سینچری کا ریکارڈ توڑا۔

اینڈریسن کی شاندار سینچری بارہ چھکوں اور چار چوکوں سے سجی تھی، شاہد آفریدی نے انیس سو چھیانوے میں نیروبی کے میدان میں سینتیس گیندوں پر ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سینچری بنائی تھی، آفریدی کی سینچری میں گیارہ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
       

کوئنز ٹاؤن:نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں ہرادیا

0

     کورے اینڈرسن کی ریکارڈ ساز سینچری اور جیسے رائڈر کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں ایک سو انسٹھ رنز سے شکست دے دی۔

کوئنز ٹاؤن میں ویسٹ انڈین کپتان کے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے کی بولرز لاج نہ رکھ سکے، بارش کے سبب میچ اکیس اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔

میزبان ٹیم کے نوجوان لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین کورے اینڈرسن اور جیسے رائڈر نے ویسٹ انڈین بولرز پر جم کر برسے، دونوں کھلاڑیوں نے خوب لاٹھی چارج کیا۔

اینڈرسن نے ون ڈے کی تیز ترین سینچری بنائی، تو دوسری جانب جیسے رائڈر بھی نیوزی لینڈ کی جانب سے تیز ترین سینچری بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے۔

اینڈرسن نے چھتیس اور رائڈر نے چھیالیس گیندوں پر سینچریاں بنائیں، جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے آگے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں پر ایک سو چوبیس رنز ہی بناسکی۔
       

ایشیا انڈر 19 کپ:پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

0

ایشین کرکٹ کونسل انڈر نائنٹین کپ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی بلے بازوں نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں پر دو سو پچاس رنز بنائے۔

کرامت علی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف سمیع اسلم کی شاندار سینچری کی بدولت آخری اوور میں آٹھ  وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سمیع اسلم نے ایک سو آٹھ رنز کی اننگز کھیلی، کامران غلام نے پچپن رنز بنائے۔

 

ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستان ایک وکٹ کے نقصان پر 46 رنز بنا سکا

0

پاکستان نے سری لنکا کیخلاف کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر چھیالیس رنز بنالئے، سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں دو سو چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور دی احمد شہزاد اور بلاول بھٹی نے ٹیسٹ کیپ اور پاکستانی بولرز نے نئی گیند اور نئی وکٹ کا خوب فائدہ اٹھایا۔

سنگاکارا ہو یا جے وردھنے کوئی بھی جنید خان اور بلاول بھٹی کی تیز گیندوں سے نچ نہ سکا، پاکستانی بولر کی تباہ کن بولنگ نے لنکن ٹائیگرز کا شکارکیا لیکن اینجلو میتھوز اپنی ٹیم کے لئے ڈھال بنے اور سری لنکا کو ایک اچھی پوزیشن پر پہنچایا لیکن میتھوز بھی اکیانوے رنز پر ہار گئے۔

جنیدخان اور بلاول بھٹی کی بولنگ کے سامنے لنکن بیٹسمین بے بسی کی تصویر بنے رہے، جودوگر اسپنر سعید اجمل نے دو وکٹیں لے کر ہاتھ صاف کیا اور پوری ٹیم کو دو سو چار رنز ہر آؤٹ کردیا، جنید نے کیرئیر میں چوتھی مرتبہ چار اور ڈیبیو میچ کھیلنے والے بلاول کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز تو محتاط انداز میں کیا لیکن دن کے آخری اوورز میں خرم منظور اور احمد شہزاد کے درمیان غلط فہمی نے خرم منظور کا کام تمام کیا، خرم اکیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد پچیس رنز پر ناٹ آؤٹ موجود ہے، پاکستان کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید ایک سو اٹھاون رنز درکار ہے۔
   

سابق صدرمشرف کا ٹرائل اکتوبر 1999سے ہونا چاہئے،طاہر القادری

0

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سابق صدر مشرف کا ٹرائل اکتوبر انیس سو ننانوے سے ہونا چاہیئے، باقی ذمہ داروں کو چھوڑ کر تنہا مشرف کا ٹرائل انتقامی کاروائی ہے۔

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہیئے، کینیڈا سے جاری بیان میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جنرل مشرف کی بیعت کرنے والے سابق چیف جسٹس ، ججز اور دیگر پر بھی آرٹیکل چھ لگایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ انتقامی کاروائی سے پوری دنیا میں پاکستان کا عدالتی نظام مشکوک نظروں سے دیکھا جائے گا، انھوں نے کہا کہ ٹرائل میں اُن ججز کو بھی شامل کیا جائے، جنہوں نے پہلے سات سالوں کو جائز قرار دیا تھا۔

دوسری جانب تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے بیان کی تحریک ہزارہ مکمل حمایت کرتی ہے، ڈاکٹر طاہر القادری نے بیان میں پسے ہوئے عوام کے حقوق کی بات کی۔

غداری کیس کی سماعت جاری، پرویز مشرف پیش نہ ہوئے

0

پرویزمشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت جاری ہے، جسٹس فیصل عرب کا کہنا ہے کہ سابق صدر اور آرمی چیف ہونے پرغداری کے مقدمے میں صرف سمن جاری کیا، وارنٹ جاری کرسکتے تھے۔

پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی دوسری سماعت خصوصی عدالت میں شروع ہوئی تو پرویز مشرف کی عدم حاضری پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ سابق صدر اور آرمی چیف ہوتے ہوئے عدالت نے پرویز مشرف کو صرف سمن جاری کیے جبکہ وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوسکتے تھے، ضابطہ فوجداری کے تحت یہ ناقابل ضمانت جرم ہے۔

وکلا صفائی نے دلائل میں کہا کہ خطرہ پرویز مشرف کو نہیں وکلا اور ججز کو بھی ہے، عدالت کو دھماکے سے اڑایا جاسکتا ہے، عدالت نے کہا کہ دھمکیاں نہ دیں دلائل دیں، سیکیورٹی پر ڈی آئی جی جان محمد کے بیان پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ دستیاب وسائل سے کیا مراد ہے کیا آپ کے پاس بم پروف وسائل موجود ہیں؟

سابق صدر کے وکیل خالد رانجھا نے موقف اختیار کیا کہ اخبارات میں وزیر اعظم کا مشرف کےخلاف بیان شا ئع ہوا ہے، جو مقدمے کو متا ثر کرنے کے مترادف ہے، انھوں نے استدعا کی وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے، جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ جنرل ضیا الحق نے بھی کیس کی سماعت کے دوران بیان دیا تھا آپ ہمیں تحریری درخواست دیں۔

ایک موقع پر احمد رضا قصوری نے کہا کہ خصوصی عدالت شیکسپئیر کا تھیٹر لگ رہی ہے، ان کے اور حکومتی وکیل اکرم شیخ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، خصوصی عدالت کے اختیار سماعت پر دلائل میں انور منصور کا کہنا تھا کہ فوجداری قانون لاگو نہیں ہوتا، پرویز مشرف پر غلط مقدمہ دائر کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

موجودہ وزیراعظم انتقام اور تعصب کے جذبات رکھتے ہیں، آئین توڑنے میں مشرف خود کچھ نہیں کرسکتے تھے کابینہ اور وزیراعظم بھی شامل تھے، یہ عدالت چہھترکے قانون کے تحت بنی، جب ملک میں صرف تین ہائیکورٹس تھیں، اس لیے صرف تین ججز کا ذکر ہے، اب ملک میں پانچ ہائیکورٹس ہیں اور صرف تین جج ہیں، عدالت کی تشکیل میں ترامیم نہ کرنا حکومت کی بد نیتی ہے۔
       

اقوام متحدہ کے امن مشن سے وابستہ اہلکار جنوبی سوڈان پہنچ گئے

0

قیام امن میں مدد دینے کیلئے اقوام متحدہ کے امن مشن سے وابستہ مزید اہلکار جنوبی سوڈان پہنچ گئے ہیں۔

جنوبی سوڈان میں امن دستوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ملک میں جاری خونریزی تنازعے کے باعث کیا تھا، اس وقت جنوبی سوڈان میں موجود عالمی ادارے کے امن فوجیوں کی تعداد قریب سات ہزار ہے، جن کی تعداد بڑھا کر بارہ ہزار تک لائی جائیگی۔

اس کے علاوہ ڈیڑھ ہزار ایسے سویلین پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے، جو امن دستوں کی معاونت کا کام کریں گے، جوبا میں اقوام متحدہ کے مرکز کے حکام کے مطابق پندرہ دسمبر سے جاری لڑائی کے دوران ایک لاکھ سے زائد شہری نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں جبکہ تقریبا دو ہفتوں کے دوران مارے گئے افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوچکی ہیں۔

جنوبی سوڈان:جاری نسل کشی تھمنے کے امکان پیدا ہوگئے

0

جنوبی سوڈان میں جاری نسل کشی تھمنے کے امکان پیدا ہوگئے، حکومت اور باغیوں کے درمیان امن مذاکرات کل ایتھوپیا میں ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقن ملکی ایتھوپیا کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی پیشکش کو دونوں متحارب گروہوں نے قبول کر لیا ہے۔ جنوبی سوڈان کے باغی رہنما اور سابق نائب صدر ریک مچار نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کو ایتھوپیا بھیج رہے ہیں، جو امن بات چیت کرے گا۔

اس سے پہلے ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سلواکیر اور ریک مچار امن مذاکرات کے سلسلے میں ادیس ابابا میں ملاقات کے لیے پہنچ رہے ہیں، خیال رہے کہ جنوبی سوڈان میں گزشتہ دو ہفتوں سے سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں ہزار سے افراد بھینٹ چڑ چکے ہیں۔
   

گوانتاناموبے میں قید 3ایغور قیدی رہا،سلواکیہ منتقل

0

گوانتاناموبے کے امریکی ہراستی مرکز سے چین سے تعلق رکھنے والے تین ایغور نسل قیدیوں کو سلواکیہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ تین قیدی اس حراستی مرکز میں قید تقریبا دو درجن ایغور نسل قیدیوں میں سے آخری تھے، ان قیدیوں کو طالبان کے ساتھ روابط کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

سن دو ہزار آٹھ میں ان قیدیوں کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ یہ دہشت گردی کی کسی کاروائی میں ملوث نہیں تھے، تاہم امریکا نے انہیں چین واپس نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

کیوں کہ وہاں انہیں مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہوسکتا تھا، پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ان قیدیوں کی منتقلی کے بعد اب گوانتاناموبے میں موجود قیدیوں کی تعداد ایک سو پچپن رہ گئی ہے۔

مشرف کے وکلاء کی 2نئی درخواستیں خصوصی عدالت میں دائر

0

غداری کیس میں پرویز مشرف کے وکلاء نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنا سمیت دو نئی درخواستیں دائر کیں، پیشی سے پہلے سابق صدر کی رہائشگاہ سے پھر بم برآمد ہوا، جس کے بعد وہ خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی دوسری سماعت کے موقع پر سابق صدر کی پیشی کے لئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا تھا کہ خصوصی عدالت کے راستے سے ایک بار پھر بم برآمد ہوا، جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا۔

دوسری جانب خصوصی عدالت میں سماعت کے آغاز پر سابق صدر کے وکلاء کی جانب سے نئی درخواستیں دائر کی گئیں، جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے سیکیورٹی کے مناسب اقدامات نہیں کیے گئے، سماعت پانچ ہفتے کیلئے ملتوی کی جائے جبکہ سیکیورٹی کی بنا پرحا ضری سے استثنا دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پرویز مشرف نے تین نومبر کا اقدام بطور آرمی چیف کیا، غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں ، پرویز مشرف کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت کیا جائے۔