ہفتہ, اکتوبر 5, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27006

صدر زرداری کی نائب امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات

0

واشنگٹن : سابق صدرآصف علی زرداری نے نائب امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران امریکا نے پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل کی یقین دہانی کرا دی۔

ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور تسلسل کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن اس نکتے پر متفق ہیں کہ عالمی طاقتوں کی حمایت کے بغیر پاکستان میں جمہوریت کو درپیش خطرات سے نہیں نکالا جا سکتا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی گزشتہ روز واشنگٹن میں نائب امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، ذرائع کے مطابق افطار ڈنر کی تقریب میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب امریکی صدر نے پاکستان میں پر امن جمہوری انتقال اقتدار کی تعریف کی اور یہ یقین دہانی کرائی کہ امریکا پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل کی حمایت جاری رکھے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت دونوں کی یہ کوشش ہے کہ پاکستان میں جمہوری استحکام اور تسلسل کے لیے عالمی طاقتوں کو قائل کیا جا سکے، ذرائع کے مطابق عالمی طاقتوں کی حمایت کا مقصد ان عناصر کو واضح پیغام دینا ہے، جو مہم جوئی کے لیے جمہوری نظام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کا دہرامعیار،اسرائیل سے ہمدردی، حماس کی مذمت

0

غزہ : بےگناہ فلسطینیوں کی شہادت پراقوام متحدہ کا دہرا معیار سامنےآگیا، بان کی مون نے مظلوم فلسطینوں کے بجائے بے ضرر راکٹ حملوں پر اسرائیل سے ہمدردی کرتے ہوئے حماس کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

فلسطینیوں کے خون ناحق پر اقوام متحدہ کی بے حسی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، جنگ بندی کی کوششوں کے لئے مشرق وسطی میں موجود اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے جارحیت پسند اسرائیل کی دل جوئی کرنا زیادہ اہم سمجھا، بان کی مون نے راکٹ حملوں اور حماس کی مذمت کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

بان کی مون کے ساتھ موجود اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ایک بار پھر بغض کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ پر حملوں کو اپنے دفاع کا حق قرار دیا، اسرائیلی وزیراعظم نے حماس کو آئی ایس آئی ایس اور بوکوحرام جیسی تنظیم قرار دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اسرائیل اور حماس پر زور دیا کہ وہ غزہ کے بحران کے خاتمے کے لئے لڑائی روک کر بات چیت شروع کریں۔

نقل مکانی کرنے والے 52ہزارخاندانوں کی نادرا سےتصدیق مکمل

0

پشاور : شمالی ویزرستان سےنقل مکانی کرنے والے باون ہزار خاندانوں کی نادراسے تصدیق مکمل ہوگئی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا شکایت سیل کے انچارج زینت اللہ شاہ کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے سبب نقل مکانی کرنے والوں میں سے باون ہزار خاندانوں کی نادرا سے تصدیق مکمل ہوچکی ہے، جن میں سےموبائل کمپنی سے تصدیق ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہزار ہے۔

زینت اللہ شاہ کے مطابق نقل مکانی کرنے والوں میں چار سے پانچ ہزارخاندان ایسے ہیں، جو بینک اکاؤنٹ نہیں کھلوانا چاہتے، جو لوگ بینک اکاؤنٹ نہیں کھلوا رہے، ان کے لئے اسپورٹس کمپلکس فوڈ پوائنٹ پر خصوصی کاؤنٹر کھولے جارہے ہیں۔

باون ہزارکیس تیار ہیں، جن کو کیش رقم کی فراہمی جلد شروع کردی جائے گی۔

ڈی جی خان: پولیس کریک ڈاون, 15 سے زیادہ افراد گرفتار

0

ڈی جی خان : پولیس نے کاروائی کرکے مسجد کے اندر اعتکاف میں بیٹھے پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق زیرحراست افراد پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

اعتکاف میں بیٹھنے والے پندرہ سے زیادہ افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزمان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی، مسجد میں پولیس کریک ڈاون کے خلاف علاقے کے افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے انڈس ہائی وے احتجاج کے طور پر بلاک کردی۔

پولیس کا موقف ہے کہ زیر حراست افراد پولیس کو پہلے سے مطلوب تھے، انہیں مسجد سے نہیں بلکہ انکے علاقے سے گرفتارکیا گیا ہے۔

ہالی ووڈ: فلم ٹین ایج میوٹنٹ ننجاٹرٹلزکا نیا ٹریلر نے دھوم مچا دی

0

ہالی ووڈ: دنیا بھر میں مقبول کارٹون کریکٹرز بڑے پردے پر دھوم مچانے کیلئے تیار ہیں ، ہالی ووڈ فلم ٹین ایج میوٹنٹ ننجاٹرٹلزکا نیا ٹریلرآتے ہی چھا گیا، فلم آٹھ اگست کو ریلیزہوگی۔

ننجا ٹرٹلز کے مداح اب تیار ہوجائیں کیونکہ مشہور زمانہ کارٹون ننجا ٹرٹلز  سب کا دل جیت نے فلمی کرداروں میں آرہے ہیں، ہالی ووڈ کی ایکشن سے بھر پور فلم ٹین ایج میوٹنٹ ننجاٹرٹلز کے نئے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی۔

معروف کارٹون کریکٹروں پر مبنی فلم کی کہانی ایک ایسی آفت کے گرد گھومتی ہے، جس نے پورے شہر کو اپنے شکنجے میں جکڑ لیا ہے، اس آفت کا مقابلہ کرنے سپر ہیروز کیا حربے استعمال کرتے ہیں یہ دیکھنے کیلئے آپ کو آٹھ اگست تک کا انتظار کرنا پڑے گا۔

طارق فاطمی کی امریکی محکمہ خارجہ میں اہم ملاقات

0

واشنگٹن :امریکی محکمہ خارجہ نے آپریشن ضرب عضب سے پہلے دہشت گردوں کے محفوظ مقام پر منتقل ہونے پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔

واشنگٹن سے اے آر وائی نیوز رپورٹر جہانزیب علی کے مطابق مشیر خارجہ طارق فاطمی نے امریکی محکمہ خارجہ کے افسران سے اہم ملاقات کے دوران کہا کہ فوجی آپریشن ہر تنظیم کے دہشت گرد کے خلاف ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکاروں سے ملاقات میں طارق فاطمی نے یاد دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستانی قوم کا ہوا اور پاکستان کسی شدت پسند تنظیم یا دہشت گرد کی پشت پناہی نہیں کر رہا، شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن تمام دہشت گردوں کے خلاف ہے۔

ملاقات میں پاکستان سے دہشت گردوں کی بڑی تعداد کی افغانستان منتقلی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، طارق فاطمی نے خدشات کا اظہار کیا کہ شدت پسند افغانستان میں دوبارہ سے منظم ہوکر پاکستان کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کرسکتے ہیں، اس لئے غیر ملکی افواج اور افغان فورسز کو ان کے خلاف فوری کارروائی کا آغاز کرنا چاہیے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے شدت پسندوں کی منتقلی کو افغانستان کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا۔

غزہ :اسرائیلی جارحیت کے 16دن، شہیدفلسطینیوں کی تعداد642ہوگئی

0

غزہ :محصورینِ غزہ  پر آٹھ جون سے اسرائیلی بربریت جاری ہے، سولہ روز میں اسرائیلی بربریت کا شکارہونے والے فلسطینیوں کی تعدادچھ سوبیالیس ہوگئی، غزہ کی گلیاں لاشوں سے اٹ چکی ہیں، فرانس نے اسرائیلی بربریت کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے، اسرائیلی ائیرپورٹ کے قریب راکٹ گرنے کے بعدامریکا اوریورپ نے اسرائیل کے لئے پروازیں بندکردی ہیں۔۔

غزہ میں اسرائیل کے لبادے میں ابلیس کا رقص جاری ہے،اسرائیل فضا، زمین اور سمندر سے غزہ میں محصور بچوں اور خواتین پر آگ اور بارود برسا رہا ہے، جس میں سوا سو سے زائد بچے شامل ہیں، فلسطین کے صدر محمود عباس نے اسرائیل سے فوری طور پر جنگ بندی کرنے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ حملے میں اسرائیلی فضائیہ نے ستر سے زائد مقامات پر بمباری کی، جس میں پانچ مسجدیں اور فٹبال کا گراؤنڈ بھی شامل ہیں، اسرائیلی فوجیوں نے غیرملکی ٹی وی چینل کے دفتر پر بھی گولیوں کی بوچھاڑ کی، فرانس غزہ قتل عام کی مذمت کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔

فرانسیسی وزیرخارجہ نے چھ سو سے زائد افراد کا قتل ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینوں کا قتل عام اور حملے فوری بند کیے جائیں، زمینی کارروائی اسرائیل کو مہنگی پڑ رہی ہے، اب تک کی کارروائی میں انتیس اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ میں ایک فوجی کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے، اقوام متحدہ کا کہنا ہے ایک لاکھ اٹھارہ ہزار تین سو سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔

کراچی:سرچ آپریشن میں ٹارگٹ کلرز سمیت 34افراد گرفتار

0

کراچی :شہر کے مختلف علاقوں سر چ آپریشن میں ٹارگٹ کلرز سمیت چونتیس افراد گرفتار کر لئے گئے جبکہ پولیس اور رینجرز کی مختلف کارروائیوں میں گینگ وار کا ایک ملزم مارا گیا۔

کراچی میں بڑھتے ہو ئے جرائم کے ساتھ پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں بھی تیزی آگئی، پولیس زرائع کے مطابق فرنٹیئر کالونی، پیرآباد اور قصبہ کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن میں 30مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔

یونی ورسٹی روڈ پر پولیس نے موٹر سائیکل سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان زخمی ہوگئے، جنھیں پولیس نے گرفتار کرکے اسلحہ بر آمد کرلیا۔

لیاری بہار کا لونی میں خفیہ اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کاروائی میں لیاری گینگ وار کا ایک ملزم مارا گیا، پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کا تعلق بابا لاڈلا گروپ سے ہے، قصبہ کا لونی میں رینجرز کی کارروائی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، رینجرز زرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

کراچی:پروگرام شان رمضان، شہید اہلکاروں کی فیملیز سے اظہار یکجہتی

0

کراچی : شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیز سے اے آروائی کے پروگرام شان رمضان میں اظہار یکجہتی کیا گیا۔

اے آروائی کے پروگرام شان رمضان میں کراچی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، پروگرام میں کچھ شہید اہلکاروں کے فیملیز نے بھی شرکت کی، سہراب گوٹھ میں شہید ہونے والے اہلکارکی بیٹی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کی شہادت پر فخر ہے۔

  ایک اور شہید اہلکار کی بیوہ نے بتایا کہ ان کے شوہر نے خود فون کرکے بتایا کہ انہیں گولیاں لگی ہیں، نماز پڑھ کر نکلتے ہوئے نامعلوم افراد نے گولیاں ماری، شہید اہلکار اشفاق احمد کی بیوہ کا کہنا تھا کہ شوہر نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ۔

شاہین اسکول کے باہر شہید ہونے والے اہلکار کی بیوہ کا کہنا تھا کہ انکے شوہر کو ڈیوٹی ختم کر کےنماز کیلئے جاتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا،  شان رمضان پروگرام میں شہید اہلکاروں کی فیملیز سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ وہ اس غم میں تنہا نہیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔

تھرپارکر:ایک مرتبہ پھر قحط سالی کے باعث،1بچی جاں بحق

0

تھرپارکر: ایک مرتبہ پھر قحط سالی کے باعث موت کا رقص شروع ہوگیا، تھر میں تعینات ڈاکٹرز بھی چار ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں۔

تھرمیں قحط سالی ایک مرتبہ پھرننھی کلیوں کونگلنے لگی، غذائی قلت کے باعث بیماری میں مبتلا مٹھی کے اسپتال میں ایک اور بچی جاں بحق ہوگئی، اسے سندھ حکومت کی نااہلی کہیے یا لاپروائی تھر کیلئے بھرتی کیے گئے اڑسٹھ ڈاکٹرز کوچارہ ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔

صوبائی حکومت نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کااعلان تو کردیا ہے لیکن اسپتال کاعملہ بیمار بچوں کی نگہداشت کے بجائے انہیں ایک ہی دن میں صحت مند قرار دے کرفارغ کردیتا ہے، جب کہ کچھ بچوں کی حالت تشویشناک کہہ کرحیدرآباد منتقل کردیا جاتا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صورتحال پر بروقت قابو نہ پایا گیا توصورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔