پیر, اکتوبر 7, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27026

چین:سمندری طوفان رماسن نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی

0

چین : فلپائن کے بعد چین میں سمندری طوفان رماسن نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، سمندری طوفان سے لاکھوں افراد بے گھر اور سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

تیز آندھی کیساتھ سمندر میں اٹھنے والے راماسن طوفان نے فلپائن کے بعد جنوبی چین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دوسو سولہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والا طوفان چین کے ہینان جزیرے سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک اور دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔

طوفان کے باعث ہونے والی تیز بارش نے شہر کے بجلی اور مواصلاتی نظام کو درہم برہم کر کے رکھ دیا جبکہ پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا، جس کے باعث سیکڑوں مسافروں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

غزہ:اسرائیلی بمباری 7بچوں سمیت نو افراد شہید

0

غزہ : اسرائیلی بمباری سے سات بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے نو افراد شہید ہوگئے، عمارت کے ملبے سے سولہ لاشیں نکال لی گئیں، چودہ دن میں پانچ سو تیرہ فلسطینیوں کےخون سے اسرائیل کی پیاس نہ بجھ سکی۔

اسرائیلی حملوں نے غزہ کے گلی کوچوں کو خاک و خون میں نہلا دیا، گذشتہ روز غزہ کے علاقے شجائیہ میں اسرائیلی بمباری نے قیامت برپا کردی، عورتوں اور بچوں سمیت سو سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت کے باوجود عالمی ضمیرخاموش ہے، انسانی حقوق کے دعوے دارفلسطینیوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے زبانی مذمت سے آگے نہ بڑھ سکے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے غزہ میں فلسطینیوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کا ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے، اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر نے اقوام متحدہ سے غزہ کے سلسلے میں ذمہ داری پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسرائیلی سفیرکا کہنا ہے کہ امن کی بحالی کے لئے حماس خود کو غیرمسلح کرے۔

امریکا کی جانب سے وزیر خارجہ جان کیری کو مصر روانہ کیا گیا ہے تاکہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے پیشرفت ممکن بنائی جاسکے، اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے افسوسناک بیان جاری کیا گیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں پر افسوسں ہے تاہم قتل عام کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا اور اسرائیلی فوج اپنی کاروائیاں جاری رکھے۔

غزہ سے بڑے پیمانے پرنقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی حملوں کی شدت سے لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال پہنچانے والی ایمبولینسز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات

0

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں موسم گرم رہے گا تاہم کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی نے موسم دلکش کردیا۔

کراچی میں ابر آلود موسم، ٹھنڈی ہوائیں اور ہلکی بوندا باندی نے موسم خوشگوار کردیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، کراچی اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران راولپنڈی، سرگودھا، مالاکنڈ، میر پورخاص، گوجرانولہ اور گلگت میں چند مقامات پر تیز ہواوں کیساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں میدانی علاقوں میں گرمی برقرار رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں چوالیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد اور لاہور میں چھتیس، کراچی میں پینتیس، کوئٹہ چھتیس، پشاور میں انتیس ڈگری اور حیدرآباد میں ستائیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پشاور:سی این جی سلنڈر پھٹنے سے 4افراد جاں بحق

0

پشاور: چمکنی روڈ پر گاڑی میں سی این جی سلنڈر پھٹنے سے چارافراد جاں بحق ہوگئے۔

واقعہ صبح پانچ بجے سی این جی اسٹیشن پر پیش آیا، جب گاڑی میں گیس بھری جارہی تھی کہ اچانک دھماکے کی آواز آئی اور چار زندگیوں کا چراغ گل ہوگیا۔

جس گاڑی میں دھماکہ ہوا وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے کے نتیجے میں سی این جی اسٹیشن اور قریب ہی کھڑی مسافر ویگن کو بھی جزوی نقصان پہنچا، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعہ کی تحقیقات کے لئے پمپ انتظامیہ سے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھرمیں احتجاج

0

غزہ:  نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، عوام سراپا احتجاج بننے اسرائیل سے بے گناہ فلسطینیوں پر حملے روکنے کا مطالبے کررہے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی قیادت توخاموش ہے لیکن دنیا بھرکے عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے سڑکوں پرنکل آئے ہیں، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حکومت کے سخت اقدامات کے باوجود ہزاروں افراد نے اسرائیلی بربریت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

یورپ کے دیگر شہروں ویانا، ایمسٹرڈیم، اسٹاک ہوم میں بھی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، بولیویا کے دارالحکومت لاپاز میں ہزاروں مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کے باہر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا، آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

لندن میں بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت جاری ہے، ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پرفلسطین کے حق میں اوراسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے اسرائیل سے غزہ میں جاری آپریشن فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

فاٹا ڈیزائسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کے آئی ڈی پیز کے نئے اعداد وشمار جاری

0

فاٹا: ڈیزائسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی نےآئی ڈی پیز کے نئے اعداد وشمار جاری کردیئے، شمالی وزیرستان سے انچاس ہزار آٹھ سو ستاون خاندانوں نے نقل مکانی کی۔

فاٹا ڈیزائسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے نادرا سے تصدیق کے بعد آئی ڈی پیز کے نئے اعداد وشمار جاری کردیئے، ایف ڈی ایم اے کے ڈی جی عابد مجید نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ شمالی وزیرستان سے پانچ لاکھ پینتالیس ہزار چھیاسٹھ افراد نے نقل مکانی کی ہے، نقل مکانی کرنے والوں میں ایک لاکھ چالیس ہزار سات سو اٹھارہ مرد، ایک لاکھ چھپن ہزارتیس خواتین اور دولاکھ اٹھائس ہزار تین سو اٹھارہ بچے شامل ہیں۔

عابد مجید کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے آئی ڈی پیز کے لیے دو ہزارملین روپے دئیے ہیں، شمالی وزیرستان سے بے گھر افراد میں 75کروڑ 90لاکھ روپے تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ مزید ایک ارب روپے جاری کردئیے گئے ہیں، متاثرین میں رمضان المبارک کا پیکج تقسیم کر دیا گیا۔

تقریباً تمام خاندانوں کو 52 ہزار روپے کا رمضان پیکج فراہم کیا گیا ہے، البتہ جو خاندان ابھی تک اس امداد سے محروم ہیں، انہیں عید الفطر سے قبل ہی ادا کردیا جائیگا۔

آپریشن ضرب عضب:جیٹ طیاروں کی بمباری، 28دہشتگرد ہلاک

0

شمالی وزیرستان : آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے وادی شوال میں بمباری کے نتیجے میں غیرملکیوں سمیت مزید اٹھائیس دہشتگرد مارے گئے،چھ مزید ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

آپریشن ضرب عضب کی کارروائیاں کامیابی سے جاری ہے، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشتگردوں کے مزید چھ ٹھکانے تباہ کردیئے، کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت اٹھائیس دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج بویا اور دیگان پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرچکی ہے، جو دہشتگردوں کے اہم مراکز کے طور پر جانے جاتے تھے، میرعلی میں سرچ آپریشن کے دوران بارودی سرنگیں بنانے والی فیکٹری، بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہیں۔

پشاور پولیس کا جرائم کے خلاف سرچ آپریشن

0

پشاور: پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران مطلوب آٹھ اشتہاری ملزمان گرفتار کرلیئے جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو کلاشنکوف ، ایک کالا کوف، دو چوالیس بور ،پانچ پستول اور ہزاروں کارتوش برآمد کرلیا گیا۔

پشاور کے علاقے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کی حدود میں ناکہ بندی پر مسلح افراد نے حملہ کردیا، حملہ میں دو سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پشاور شہر میں علاقہ غیر سے اسلحے کی ترسیل کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

 پشاور پولیس نے یکہ توت میں سرچ آپریشن کیا، جس میں کالعدم تنظیم کے نام پر بھتہ لینے والے دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے، سرچ آپریشن میں مختلف تھانوں کو مطلوب اشتہاری کو بھی گرفتار کیا ہے۔

ڈی ایس پی پشاور گل نواز کے مطابق بالا ماڑی کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشن کیا گیا، سرچ آپریشن میں چھ اشتہاریوں سمیت بارہ مشتبہ افراد گرفتار کئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوا ۔

مولانا فضل الرحمان کی سعودی نائب ولی عہد عبدالعزیز سے ملاقات

0

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے سعودی نائب ولی عہد عبدالعزیز سے ملاقات کے دوران فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے پاکستانی قوم کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی سعودی ناب ولی عہد عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران پاک سعودی عرب تعلقات اور مشرق وسطی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کودرپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے متحد ہونا چاہیے، ایم ڈبلیو ایم نے ملک بھر میں آج سے اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

مفتی محمد نعیم کا کہنا تھا کہ اسرائیلی درندگی کی وجہ سے غزہ لہو لہو ہوگیا ہے، اسرائیل کی حمایت اور دفاع کے حق امریکی بیان امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کا دہرا رویہ امت مسلمہ کے نوجوانوں کو انتہائی پسندی پر مجبور کرتے ہیں۔

کراچی: سہراب گوٹھ میں رینجرز کا سرچ آپریشن

0

کراچی:  سہراب گوٹھ  میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا، ادہر صفورا چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان نے ایس ایس پی ٹریفک جلیس فاطمہ کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، لیاری میں فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، پولیس زرائع کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے بکھر گوٹھ میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا، اس دوران تما م داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔

دوسری جانب صفورا چورنگی کے قریب ایس ایس پی ٹریفک جلیس فاطمہ کی گاڑی پر دو ملزمان نے فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

لیاری میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا، پولیس زرائع کے مطابق مقتول رفیق بلوچ لیاری کا رہائشی اورصدر تھانے میں تعینات تھا۔