اتوار, جولائی 7, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27030

آصف علی زرداری نیب عدالت میں پیش ہوگئے

0

سابق صدر آصف علی زرداری پولو گراؤنڈ کیس میں نیب عدالت میں حاضر ہوئے، احتساب عدالت میں پولو گراؤنڈ اور کو ٹیکنا ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف فرد جرم عائد نہ کی جاسکی، کیس کی مزید سماعت18جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

آصف علی زرداری کے پیشی پر جانے سے پہلے ہی درجنوں جیالے ان کے گھر زرداری ہائوس پہنچ چکے تھے، آصف علی زرداری کو سخت حفاظتی پہرے میں نیب عدالت پہنچایا گیا، انکے ساتھ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک بھی تھے۔

کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ پولو گراؤنڈ کیس جھوٹا اور بے بنیاد ہے، آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی، اس حوالے سے ہم مزید بحث کرنا چاہتے ہیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ فرد جرم تو عائد ہونی چاہئے ہم بحث کیلئے تیار ہیں، عدالت میں سماعت کے دوران جج نے کہا کہ سابق صدر کو کہا کہ آپ یہاں آگئے ہیں آپ جاسکتے ہیں، جس پر سابق صدر آصف علی زرداری عدالت سے چلے گئے،عدالت نے دونوں کیسز پر بحث کیلئے سماعت 18جنوری تک ملتوی کردی۔

 اس سے قبل رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے عدالت میں پیش ہو کر پیپلزپارٹی کی جانب سے عدالت کے احترام کے سلسلہ کو قائم رکھا ہے، آصف علی زرداری کے سینئر وکیل فاروق ایچ نائک کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری پر قائم مقدمہ بے بنیاد ہے، جس سے سابق صدر سرخرو ہو کر نکلیں گے۔
       

ہنگو: گھرمیں آتشزدگی، میاں بیوی اور بچی جاں بحق

0

ہنگو کے علاقے کاہی میں ایک گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ رات گئے دو بجے کے قریب ہنگو کے علاقے کاہی میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔

جس کے نتیجے میں گھر کے کمرے میں موجود گھر کا سربراہ خان وزیر، اسکی بیوی اور 6سال کی بچی جھلس کر جاں بحق ہوگئی، اہل علاقہ نے آگ بجھاکر لاشوں کو نکالا۔

 

کراچی:لانڈھی میں شادی کا کھانا کھانے سے 12افراد بے ہوش

0

کراچی کے علاقے لانڈھی چھ نمبر میں مضر صحت کھانا کھانے سے بارہ افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

لانڈھی کے علاقے میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے بارہ افراد کی حالت بگڑ گئی، جنہیں طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جنہوں نے شادی کی تقریب میں کھانا کھایا رات گئے اچانگ ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔

متاثرہ افراد میں سترہ سالہ اقراء، سولہ سالہ فائزہ ، چوبیس سالہ عظمیٰ، چالیس سالہ رخسانہ، ستاون سالہ سنجیدہ خاتون، ستائیس سالہ مقصود، بائیس سالہ ذوہیب، بیس سالہ نوید، ساٹھ سالہ ظفرعلی اور ستائیس سالہ رابعہ شامل ہیں جنہیں جناح اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
   

کراچی:نادرن بائی پاس پر مقابلہ، 3دہشتگرد مارے گئے

0

کراچی میں نادرن بائی پاس کے قریب سی آئی ڈی پولیس سے مقابلے میں تین دہشت گرد مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے۔

کراچی میں نادرن بائی پاس کے قریب سی آئی ڈی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ٹی ٹی پی کے کچھ دہشت گرد نادرن بائی پاس سے منگھو پیر دھماکہ خیز مواد منتقل کررہے ہیں جس پر سی آئی ڈی پولیس نے گاڑی میں سوار ملزمان کوروکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، جن کی شناخت عمران عرف لمبا، شہاب الدین اور صورت جان کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزم شہاب الدین نے دو ہزار تیرہ میں لانڈھی کے علاقے میں دو پولیس اہلکاروں کو قتل کیا۔

ملزم لانڈھی کے علاقے میں امام بارگاہ پر دستی بم حملہ اور فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھا جبکہ دیگر ملزمان قتل اقدام قتل بھتہ خوری دہشت گردی اور سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے، ملزمان کے قبضے سے پچاس کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، دس دستی بم، دو خودکش جیکٹ، ایک کلاشنکوف اور دو پستول برآمد ہوئے۔
   

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آج دو سابق صدور کوعدالتوں کا سامنا

0

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آج دو سابق صدور کو ایک ہی روزعدالتوں کا سامنا ہے۔

   پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دو سابق صدر دو مختلف عدالتوں کا سامنا کریں گے، سابق صدر زرداری کو آج نیب عدالت میں پیش ہونا ہے، سابق صدر زرداری عدالت میں پیشی کے لئے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

دوسری طرف سابق صدر پرویز مشرف کا معاملہ بھی خصوصی عدالت میں تیزی سے چل رہا ہے، ان کی میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ آج متوقع ہے ساتھ ہی ساتھ اس درخواست پر فیصلہ متوقع ہے کہ کیا انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

آج دونوں سابق صدور کا مقدمہ ہوگا، ایک صدر سے صدارت کی کرسی دوسرے صدر کو ملی تھی یعنی پرویز مشرف کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے، لیکن آصف علی زرداری نے یہ کرسی الیکشن جیت کر حاصل کی تھی، اب دونوں صدور کو عدالتوں کا سامنا ہے اور دونوں کے مخالف نواز شریف براجمان اقتدار کی کرسی پر ہیں۔

لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کیلئے مارچ کے شرکاء لاڑکانہ پہنچ گئے

0

لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کے لئے کوئٹہ سے نکلنے والا پیدل مارچ لاڑکانہ پہنچ گیا ہے، مارچ کے شرکاء نے پیپلز پارٹی کی جانب سے استقبال کو مسترد کردیا، قوم پرست جماعتوں نے استقبال کیا۔

لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کیلئے چھپن روز قبل کوئٹہ سے روانہ ہونے والے مارچ کے شرکاء لاڑکانہ پہنچے تو پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے رکن قومی اسمبلی محمد ایاز سومرو کی سربراہی میں استقبال کیا، لیکن مارچ کے شرکاء نے پیپلز پارٹی کے استقبال کو مسترد کردیا۔

مارچ کے شرکاء لاڑکانہ شہر کے اوٹھا چوک پر پہنچے تو جسقم، پیپلز پارٹی شہید بھٹو اور دیگر قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا اور ان کو سندھی اجرک پہنائے، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مارچ کے سربراہ ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ہمارے لوگ لاپتہ ہوئے اور زرداری کے دور میں ان کی لاشیں ملی۔

قدیر بلوچ نے کہا کہ اس وقت تک اٹھارہ ہزار سے زائد بلوچوں کو لاپتہ کیا گیا اور پندرہ سو سے زائد کی لاشیں ملی ہیں، ہمیں سندھ میں روکنے کے لئے ہماری سیکیورٹی چھینی گئی اور ہمیں ہر جگہ پر دھمکیاں دی گئیں لیکن ہمارا مارچ جاری رہا اور جاری رہے گا۔

جنوبی وزیرستان:سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا

0


   جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا، جس میں دستی بموں اور بھاری اسلحہ کا استعمال کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا اور اس کاروائی میں دس شدت پسند ہلاک ہوئے، شدت پسندوں سے فائرنگ کے تبادلے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

بجلی چوری بند نہ ہوئی بجلی بند کردیں گے،عابد شیرعلی

0

پانی اور بجلی کے وزیرمملکت عابد شیرعلی خیبرپختونخوا حکومت پر گرجے تو شاہ فرمان وزیرمملکت پر برس پڑے، عابد شیرعلی  کا کہنا ہے کہ بجلی چوری بند نہ ہوئی بجلی بند کردیں گے جبکہ شاہ فرمان نے کہا کہ بنوں کی بجلی بند ہوئی تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے۔

خیبرپختونخوا میں لائن لاسز کے معاملے پر عابد شیرعلی کے بیان نے ایک نئی بحث چھیڑ دی، عابد شیرعلی نے خیبر پختونخوا کے وزرا پر بجلی چوروں کی پشت پناہی کا الزام لگایا۔

عابد شیرعلی کے الزامات کا جواب دینے کیلئے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان میدان میں آگئے اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں وفاق کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔

شاہ فرمان وزیراطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرتے ہیں اور ہمیں واجبات بھی نہیں دیئے جاتے، ملک کا ہر شہری سوچنے پرمجبور ہے کہ بجلی پر سیاست کب تک چلے گی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کب ختم  ہوگی اور کب سستی بجلی ملے گی۔

ڈیرہ اسماعیل خان:خود کش حملہ آور نے گرفتاری سے بچنے کیلئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

0

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاں کے علاقے موسیٰ زئی شریف میں ایک خود کش حملہ آور نے سیکورٹی فورسز کی گرفتاری سے بچنے کیلئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاں کے علاقہ موسیٰ زئی شریف میں ایک خود کش حملہ آور نے سیکورٹی فورسز کی گرفتاری سے بچنے کیلئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ایک حملہ آور زخمی حالت میں کھیتوں میں فرار ہوگیا۔

مقامی لوگوں اور پولیس کے مطابق ایک حملہ آور نے برقعہ پہن رکھا تھا، جیسے ہی سیکورٹی فورسز کو آتے دیکھا خود کو دھماکے سے اڑا لیا، عینی شاہدین کا کہنا ہے دونوں حملہ آور موٹر سایئکل پر سوار تھے، پولیس نے ہلاک ہونے والے حملہ کی لاش اور موٹر سائیکل قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
    

   

وفاقی وزیرخزانہ مختلف وزارتوں اور سیکرٹریز پر برہم

0

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار مختلف وزارتوں اور سیکرٹریز پر برہم ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ وزارتوں کے بارے میں خبریں چلنے پر انھیں وضاحت دینا پڑتی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزارتوں کے حوالے سے خبریں چلتی ہیں تو انھیں وضاحت کرنا پڑتی ہے، اس بارے میں متعلقہ وزارتیں چوبیس گھنٹے کے اندر ہر سوال کا جواب دیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سیکرٹریز اجلاس میں غلط سمریاں لے کر آتے ہیں اور باہر جا کر سیاست کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ستمبر دوہزار سولہ کے بعد پاکستان آئی ایم ایف کی شرائط کا پابند نہیں ہوگا۔

وزیر خزانہ نے یوریا کی قیمتوں میں فی بیگ ایک سو پچاس روپے اضافے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کھاد کی کمپنیوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اسحاق ڈار نے وزارت پیٹرولیم کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا موازنہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے لکی سیمنٹ کو چار کروڑ ڈالر واپس جمع کرنے کی ہدایت کی ہے، جو اس نے کونگو میں سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے لی تھی، اجلاس میں پٹ کوک بھارت سے واہگہ کے ذریعے درآمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔