اتوار, اکتوبر 6, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27033

پی آئی اے سے پچاس فیصد ملازمین نکالنے کی تیاری

0

اسلام آباد :قومی فضائی کمپنی پی آئی اے سے پچاس فیصد ملازمین نکالنے کی تیاری کرلی گئی ہے ۔نجکاری کے وزیرِ مملکت محمد زبیر نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

محمد زبیر نے برطانوی خبررساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ بائیس جولائی کو مالیاتی مشیران کی تقرری کےساتھ ہی پی آئی اے کی نجکاری کےعمل کا باضابطہ آغاز ہو جائیگا۔جبکہ نجکاری کاعمل آئندہ سال جون تک مکمل کر لیاجائیگا۔اس دوران کمپنی کےچھبیس یا اکیاون فیصد حصص نجی کمپنی کو فروخت کر کے اس کی انتظامیہ بھی ان کے حوالےکر دیں گے۔

نجکاری کے وزیر نے کہا کہ قابلِ فروخت حصص کی حتمی تعداد کا تعین مالیاتی مشیران کے مشورے سےکیا جائیگا۔پی آئی اے کی نجکاری سے قبل اس کی ری اسٹرکچرنگ کی جائے گی جس میں ملازمین کی چھانٹی کا عمل بھی شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کے لیےبہتر راستہ یہی ہے کہ وہ رضا کارانہ ریٹائرمنٹ کے پیکیج کو قبول کر لیں جو تیاری کے مراحل میں ہے۔

ہم ایسےآپشنز پر بھی غورکر رہے ہیں جن کےذریعےان لوگوں کو نئی ملازمتیں تلاش کرنے میں ان کی مدد کریں۔پی آئی اے کی نجکاری سن 1992 سے نجکاری کمیشن کے ایجنڈے پر ہے تاہم اب تک کئی حکومتیں اس کی نجکاری میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔

آج دنیا بھر میں منڈیلا ڈے منایا جارہا ہے

0
نیلسن منڈیلا نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی ایسی علامت ہیں جسے انسانی تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ جنوبی افریقہ کے سابق صدر اور جہموری جدوجہد کے ہیرو کی سالگرہ کے دن آج دنیا بھر میں منڈیلا ڈے منایا جارہا ہے۔
نیلسن منڈیلا اٹھارہ جولائی انیس سو اٹھارہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام رولیہلا ہلا ڈالی بھنگا تھا۔ قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انیس سو چوالیس میں افریقن نیشنل کانگریس میں شامل ہوئے اور حکمران نیشنل پارٹی کی نسل پرستانہ حکمت عملیوں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کے الزام میں انہیں چودہ جون انیس سو چونسٹھ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
ستائیس برس جیل کی کال کوٹھری میں گزارے۔ نوے میں رہائی کے وقت وہ زندگی کی ستر بہاریں دیکھ چکے تھے، عوام کا ایک سمندر ان کے استقبال کے لئے سڑکوں پر آیا۔ عوام کے پیار سے سرشار منڈیلا نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ لوگ اپنی محبت سے انہیں مار دیں گے۔
رہائی کے بعد منڈیلا نے مفاہمت کی سیاست پر زور دیا۔ ملک کے پہلے الیکشن میں فتح کے بعد وہ انیس سو چورانوے میں پانچ برس کے لئے صدر منتخب ہوئے۔ اقوام متحدہ کے تحت کی ان کی سالگرہ پرسڑسٹھ منٹ معاشرے کی فلاح کے لئے وقف کئے جاتے ہیں۔

آج شہنشائےغزل مہدی حسن خان کی سالگرہ ہے

0

سنگیت کی دنیا میں کئی دہائیوں تک راج کرنے والے مہدی حسن 18جولائی 1927ء کو راجستھان کے علاقے لُونا میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق موسیقی کے کلاونت گھرانے کی سولہویں نسل سے تھا۔آپ کے والد استاد عظیم خان اور چچا استاد اسماعیل خان معروف دُھرپد گائک تھے۔

مہدی حسن نے سُر اور تال کے ابتدائی رموز اپنے والد اور چچا ہی سے سیکھے مہدی حسن بیس برس کی عمر میں اپنے والدین کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آ گئے۔ ہجرت کے بعد شدید مالی مشکلات کی وجہ سے کلاسیکی موسیقی کےاس ممتاز گھرانے کے چشم و چراغ کو سائیکل مرمت کرنے کی ایک دکان میں مزدوری کرنا پری ۔بعد میں کام سیکھتے سیکھتے مہدی حسن کار مکینک اور ٹریکٹر مکینک بن گئے۔ اسکے باوجود مہدی حسن خا ن نے پہلوانی کا شوق اور سنگیت کی خاندانی روایت کو نہ چھوڑا اور روزانہ ریاض کرتے رہے۔

خان صاحب نے پاکستان میں گلوکاری کا باقاعدہ آغاز انیس سو باؤن میں ریڈیو پاکستان کے کراچی اسٹوڈیو سےکیا اور انیس سو ستاؤن میں ریڈیو پاکستان ہی سے گائی ایک ٹھمری نشر ہونے کے بعد موسیقار حلقوں کی توجہ حاصل کی۔ اس دور میں مہدی حسن کلاسیکی موسیقی ہی سےکل وقتی طور پر وابستہ تھےالبتہ فارغ اوقات میں غزل گائیکی کا شوق بھی پورا کرلیا کرتےلیکن جلد ہی ان کی آواز فلمی حلقوں میں کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جانے لگی۔

مہدی حسن نے مجموعی طور پر 477 فلموں کے لیے گانے گائے ان کے گائے ہوئے گیتوں کی کل تعداد 667 ہے۔ انہوں نے اردو فلموں میں 574 ، پنجابی فلموں میں 91 اور سندھی فلموں میں 2 گیت گائے ۔ فلمی گیتوں میں ان کے سو سے زیادہ گانے اداکار محمد علی پر فلمائے گئے۔ اس کے علاوہ مہدی حسن خان صاحب ایک فلم شریک حیات 1968 میں پردہ سیمیں پر بھی نظر آئے۔ کئی دہائی پر محیط اس سفر میں انہوں نے مجموعی طور پر پچیس ہزار سے زائد فلمی وغیرفلمی گیت، نغمے اور غزلوں میں آواز کا جادو جگا کر انہیں امر کردیا اور دنیا بھر میں بے مثال شہرت اور عزت پائی۔

مہدی حسن کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، تمغہ امتیازاور ہلال امتیازسے نوازا گیا۔ بھارت میں انہیں سہگل ایوارڈ جبکہ حکومت نیپال نے مہدی حسن کو گورکھا دکشنا بہو کا اعزاز عطا کیا، ان کی آواز کے بارے میں برصغیر کی عظیم گلوکارہ لتا منگیشکر سے بہتر شاید ہی کسی نے کچھ کہا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘مہدی حسن کے گلے میں بھگوان بولتا ہے۔

مہدی حسن کا انتقال 13 جون 2012ء کو کراچی میں ہوا، وہ کراچی ہی میں آسودہ خاک ہیں ۔

پاکستان کی معاشی شرح نمو توقعات سے زائد رہی ہے، اے ڈی بی

0

منیلا:  ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح توقعات سے بہتر رہی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سے جاری معاشی جائرہ رپورٹ برائے سال دوہزار چودہ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی توقعات سے بہتر رہی، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح چار اعشاریہ ایک فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ توقعات سے صفر اعشاریہ سات فیصد زائد ہے ۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں مہنگائی کی رفتار کم رہنے کا امکان ہے، روپے کی قدر میں استحکام مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی کا باعث بنے گا۔

اے ڈی بی کے مطابق روپیہ کی قدر میں اضافہ درآمدی اشیاء کی لاگت کو کم کر دیتا ہے، ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک نے نریندر مودی کی حکومت کو بھارتی معاشی ترقی کیلئے بہتر قرار دیتے ہوئے رواں سال بھارتی معیشت کی شرح نمو پانچ اعشاریہ پانچ فیصد رہینے کی پیش گوئی کی ہے۔

رواں سال چین کی معاشی ترقی کی شرح سات اعشاریہ پانچ فیصد تک بڑھ جانے کی توقع ہے ۔

ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ: بارہواں مرحلہ ایلگزینڈر کرسٹووف کے نام

0

فرانس : ناروے کے ایلگزینڈر کرسٹووف نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا بارہواں مرحلہ جیت لیا، اٹلی کے وینسینزو نیبالی کو یلو جرسی حاصل ہے۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا بارہواں مرحلہ ایک سو پچیاسی اعشاریہ پانچ کلو میٹر پر محیط تھا، ناروے کے ایلگزینڈر کرسٹووف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سلواکیہ کے پیٹر سیگان تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

کرسٹووف نے مقررہ فاصلہ چار گھنٹے بتیس منٹ اور گیارہ سیکنڈز میں سب سے پہلے طے کیا، پیٹر سیگان دوسرے نمبر پر رہے، اٹلی کے وینسینزو نیبالی کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہے،اٹالین رائڈر اکیاون گھنٹے اکتیس منٹ اور چونتیس سیکنڈز کے ساتھ لیڈ کر رہے ہیں، تیرہویں مرحلے میں سائیکلسٹ کو پہاڑی راستہ عبور کرنا ہوگا۔

فیفا ورلڈ رینکنگ میں ردوبدل،جرمن نمبر ون ٹیم بن گئی

0

برازیل : فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد نئی رینکنگ جاری کردی، ورلڈ چیمپیئنز جرمنی اب نمبر ون ٹیم بھی بن گئی۔

جرمن فٹبال ٹیم پر قسمت مہربان ہے، چوتھی مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز کیا حاصل کیا، ساتھ ہی فیفا کی نئی رینکنگ میں بھی نمبر ون ٹیم بن گئی، بیس سال میں پہلی مرتبہ جرمنی نے پہلی پوزیشن پر قبضہ کیا ہے، فٹبال ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم ارجنٹائن تین درجے بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئی ہے۔

ورلڈ کپ میں نیدرلینڈ تیسری پوزیشن پر رہی اور رینکنگ میں بھی تیسری پوزیشن حاصل کرلی، کولمبیا فٹبال ٹیم چوتھے نمبر پر پہنچ گئی، چھ درجہ ترقی حاصل کرکے بیلجیئم نے پانچویں پوزیشن، ایک درجہ بہتری کے بعد یوراگوئے چھٹے نمبر پر  ہے۔

ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم برازیل کی رینکنگ گرتے ہوئے اب تیسرے سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے، پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے والی سابق عالمی چیمپیئن اسپین آٹھویں، سوئٹزرلینڈ تنزلی کے بعد نویں اور فرانس ٹاپ ٹین کی آخری ٹیم ہے۔

اسلام آباد: ائیرپورٹ پر امریکی شہری سے اسلحہ برآمد

0

اسلام آباد : بینظیربھٹو  ائیرپورٹ پر ایک امریکی شہری سے اسلحہ برآمد  ہوا، جس کے بعد پوچھ گچھ شروع کردی۔

بینظیربھٹو ائیرپورٹ پر ائیرپورٹ سکیورٹی حکام نے امریکی شہر ولیم جونز کو اس وقت حراست میں لیا، جب وہ بیرون ملک جانے کے لیے ائیرپورٹ پر پہنچا تھا، حکام نے ولیم جونز کے پاس سے ایک پستول اور چند گولیاں برآمد ہونے کے بعد اسے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکی شہری اسلحہ رکھنے کے قانونی ثبوت پیش نہ کرسکا تو اسے مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے حکام نے اپنے شہری کے لیے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کو آڈیٹرجنرل کے اختیارات میں مداخلت سے روک دیا گیا

0

اسلام آباد:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت خزانہ کو آڈیٹر جنرل  پاکستان کے آئینی اختیارات میں مداخلت کرنے سے روک دیا اور حکومت سے پندرہ دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔

آڈیٹر جنرل اختر بلند رانا کی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بے جا مداخلت اور مناسب سیکیورٹی نہ دینے پر درخواست کی سماعت جسٹس نورالحق قریشی نے کی، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اُن کے موکل کی جان کو خطرہ ہے لیکن مناسب سیکورٹی نہیں دی جارہی ہے۔

عدالت کے استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا ملکی صورتحال کے پیش نظرسیکیورٹی نہیں دے سکتے، جس عدالت نے کہا کہ اگر سیکورٹی نہیں دیتے تو ان کے الزامات درست تسلیم کئے جاتے ہیں، جس کے بعد عدالت نے حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

وزیراعلٰی شہباز شریف کی سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

0

لاہور:  وزیراعلٰی شہباز شریف نے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، وزیراعلی پنجاب نے سیکورٹی انتظامات سے متعلق قانون نافذ کرنےوالےاداروں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو رائیاں پنڈ واقعے کی رپورٹ پیش کردی گئی، اجلاس میں پنڈ رائیاں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سکیورٹی ادارے کے اہلکار صابر حسین کی جرآت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شہید کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔

وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ شہید صابر حسین پوری قوم کا ہیرو ہے، ملک و قوم کے محفوظ اور پرامن مستقبل کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف نے شہید اہلکار کے ورثاء کیلے ایک کروڑ روپے اور زخمی اہلکاروں کیلئے دس دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے صوبے میں سیکورٹی انتظامات کے بارے میں قانون نافذ کرنے والےاداروں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا، ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی جان ومال کاتحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔۔ شمالی وزیر ستان آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے زخمی ہونے والوں کی جلدصحتیابی کےلئےدعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور طے شدہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، پنجاب کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے ساتھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ نے امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

جسٹس فیصل عرب نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

0

کراچی : جسٹس فیصل عرب نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر کے بیرون ملک جانے کے باعث جسٹس فیصل عرب نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا ہے، سندھ ہائِی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سے سینئر ترین جج جسٹس سجاد علی شاہ نے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں سندھ بار کونسل، سندھ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں ، سینئر ججز اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔