منگل, اکتوبر 8, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27052

غزہ : زمینی کارروائی میں مزید 20فلسطینی

0

غزہ: اسرائیلی فوج کا سفاکانہ آپریشن جاری ہے، زمینی کارروائی میں مزید بیس فلسطینی شہید ہوگئے، جس کے بعد گیارہ روز میں شہدا کی تعداد دو سو باون ہوگئی۔

نہتے فلسطینیوں پر فضا سے آگ وخون برسانےکے بعد اب اسرائیل نے بڑے پیمانے پر زمینی کارروائی شروع کردی،  رات بھر اسرائیلی ٹینک بارود اگلتے رہے، آج صبح ایک حملے میں پانچ فلسطینی شہید کردیئے گئے۔

اسرائیلی حکام نے زمینی آپریشن کے دوران اپنےایک فوجی کے مارے جانے کا دعوی کیا ہے، رفاہ میں فالج کے مریضوں کا اسپتال اور پانچ ماہ کی بچی بھی وحشیانہ بمباری سے نہ بچ سکے، اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ایک بار پھر حملے مزید تیز کرنے کی دھمکی دی ہے۔

حماس نے زمینی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو جارحیت کی خمیازہ بھگتنا پڑے گا، گیارہ روز میں غزہ پر دو ہزار سے زائد حملے کئے جاچکے جبکہ ہزاروں افراد گھر بار چھوڑ کر امدادی کیمپوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

گذشتہ روز پانچ گھنٹے کی جنگ بندی کی مہلت ختم  ہونے سے قبل ہی اسرائیل نے حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا تھا۔

صدر اوباما نے ملائیشین طیارے حادثے کو عظیم سانحہ قرار دے دیا

0

یوکرائن : مبینہ طور پر میزائل حملے سے ملائشین طیارہ یوکرائن میں گرنے سےدو سو پچانوے افراد ہلاک ہوگئے، صدر اوباما نے حادثے کو خوفناک سانحہ قرار دے دیا۔

ملائیشین طیارہ بوئنگ ٹرپل سیون ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جارہا تھا کہ یوکرائن کی فضائی حدود میں اس پر مبینہ طور پر میزائل حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز گر کر تباہ ہوا، ملائیشین طیارے ایم ایچ سیونٹین پر عملے کے پندرہ ارکان سمیت دو سو پچانوے مسافر سوار تھے، جن میں ایک سو چون ہالینڈ، ستائیس آسٹریلین، تئیس ملائشین، گیارہ انڈونیشی، چار برطانوی، جرمن اور بیلجیم کے مسافر شامل تھے۔

یوکرائنی وزارت داخلہ نے تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، یوکرائن کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں جہاز گرکرتباہ ہوا، وہ علاقہ روسی سرحد کے قریب ہے، جہاں روسی نواز علیحدگی پسند یوکرائن کے خلاف مزاحمت کررہے ہیں جبکہ شدت پسندوں کی جانب سے امدادی کاروائیوں میں بھی مزاحمت کا سامنا ہے۔

یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز پر میزائل حملہ روس نے کیا ہے، تاہم روسی صدرولادیمیر پیوٹن نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے واقعے کا ذمہ دار یوکرائن حکومت کو ٹھہرایا ہے، علیحدگی پسندوں نے بھی طیارے کو نشانہ بنانےکی تردید کی ہے، امریکی صدر براک اوباما نے ملائیشا کے وزیر اعظم اور یوکرائن کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور صدر اوباما نے واقعے کو خوفناک سانحہ قرار دیا ہے۔

متعدد ایئرلائنز کا یوکرائن کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان

0

یوکرائن : ملائشیا کا طیارہ یوکرائن میں گرنے سے دو سو پچانوے افراد ہلاک ہوگئے، طیارے کے مسافروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ متعدد ایئرلائنز نے یوکرائن کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ملائیشیا کا ایک اور طیارہ گر کرتباہ ہوگیا، بوئنگ ٹرپل سیون ایئربس ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جارہی تھی کہ یوکرائن کی فضائی حدود میں اس پر مبینہ طور پر میزائل حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز گر کر تباہ ہوا، ملائیشین طیارے ایم ایچ سیونٹین پر عملے کے پندرہ ارکان سمیت دوسو پچانوے مسافر سوار تھے۔

یوکرائنی وزارت داخلہ نے تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے،  یوکرائن کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں جہاز گرکرتباہ ہوا وہ علاقہ روسی سرحد کے قریب ہے، جہاں روسی نواز علیحدگی پسند یوکرائن کے خلاف مزاحمت کررہے ہیں، یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز پرمیزائل حملہ روس نے کیا ہے تاہم روس نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے ۔

ملائشین وزیراعظم نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، واقعے کے بعد روس ،فرانس، ترکی سمیت مختلف ممالک نے یوکرائن کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ملائیشین طیارے کی تباہی، سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب

0

یوکرائن : ملائیشیا کے طیارے کی تباہی پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر طیارہ گرایا گیا ہے تو مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

یوکرائن کی فضائی حدود میں ملائیشین ائیرلائنز کا طیارہ ایم ایچ سترہ گرکرتباہ ہوگیا اور اس میں سوار عملے کے ارکان سمیت دو سو اٹھانوے افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، طیارے کے مسافروں میں سے ایک سوچون مسافروں کا تعلق ہالینڈ سے تھا، جہاں مرنے والوں کے لئے سوگ منایا جا رہا ہے۔

ملائیشین طیارے کو میزائل سے نشانے بنانے کی اطلاعات کے بعد الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، یوکرائن نے طیارے کی تباہی کا ذمہ دار روس کو قرار دیا ہے جبکہ روس کا کہنا ہے یوکرائن نے طیارہ مار گرایا ہے، روسی صدر ولادی میرپیوٹن کا کہنا ہے کہ مشرقی یوکرائن میں فوجی آپریشن نہیں ہوتا تو طیارے کو حادثہ پیش نہیں آتا۔

امریکی صدربراک اوباما نے طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہارکیا، ملائیشین وزیراعظم اور یوکرائن کے صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو میں امریکی صدر نے حادثے کوبڑا سانحہ قراردیا۔

ملائیشین طیارے کی تباہی کے بعد نو ملکوں نے اپنی پروازیں یوکرائن کے لئے بند کردی ہیں، یورپی سیکورٹی اورتعاون کی تنظیم نے طیارے کی تباہی کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے ٹیم یوکرائن بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت نے عیدالفطرکی تعطیلات کا اعلان کردیا

0

اسلام آباد: حکومت نے عیدالفطرکی تعطیلات کا اعلان کردیا، سرکاری ملازمین کو چھ چھٹیاں ملیں گی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق انتیس جولائی سے یکم اگست تک عیدالفطر کی چار دن کی تعطیلات ہوں گی، البتہ سرکاری ملازمین اس سال عید کے موقع پر چھ چھٹیوں کا لطف اٹھائیں گے، کیوں کہ ہفتہ اور اتوار سرکاری چھٹی جو ہوتی ہے جبکہ عیدالفطرکا چاندد یکھنے کےلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اٹھائیس جولائی کو ہوگا۔

امریکا:سینکڑوں افراد کی جانب سے تارکین وطن کیلئے ریلی

0

نیویارک : امریکا میں سینکڑوں افراد کی جانب سے تارکین وطن کے لیے ریلی نکالی گئی ۔

نیویارک میں وفاقی حکومت کی عمارت کے سامنے ریلی کے شرکاء نے تارکین وطن کے حقوق کے تحفظ کے لیے مظاہرہ کیا، ریلی کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میکسیکو کی سرحد سے امریکا آنے والے تارکین وطن افراد میں شامل بچوں کو امریکا میں رہنے کی اجازت دیتے ہوئے سہولیات فراہم کی جائیں۔

اوباما انتظامیہ کو ترقی پزیر ممالک سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے بحران کا سامنا ہے، حکومت کی جانب سے تارکین وطن کو امریکا سے نکالنے کے لیے بل پاس کیا گیا، عوام کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی ہے۔

عرب امارات کا خلائی مشن کے آغاز کا اعلان

0

دبئی :متحدہ عرب امارات نے خلائی مشن کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے بغیر پائلٹ کے ایک خلائی مشن آئندہ سات برسوں کے اندر زمین کے پڑوسی سیارے مریخ کی جانب بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جس سے یہ دنیا کے ان نو ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے، جو سرخ سیارے کو تسخیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

یو اے ای کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد انسانی علم میں اضافہ اور اماراتی ٹیکنالوجی کو بہتر بنانا ہے۔

ہریانہ:سکھ برادری نے گردوارہ نگران کمیٹی کی تجویز مسترد کردی

0

نیو دہلی: بھارتی ریاست ہریانہ کی حکومت کی جانب سے گردواروں کے معاملات کی نگرانی کے لیے آزاد کمیٹی کے قایم کی تجویز سکھ برادری نے مسترد کردی۔

نیو دہلی میں گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے سربراہ اوتار سنگھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہریانہ کی حکومت کی جانب سے منظور کی جانے والی قرارداد کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو نگران گردوارہ کمیٹی بنانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے.

حکومت اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے قرار منظور کی گئی تھی، جس کے تحت گردواروں کی نگرانی کے لیے ایک آزاد کمیٹی تشکیل دی جانی تھی۔

پشاور: وزیرباغ میں پولیس وین پر بم حملہ، اہلکارشہید ،3 زخمی

0

پشاور:  وزیر باغ  میں پولیس موبائل سڑک کنارے نصب سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

پشاور کے علاقے وزیر باغ میں پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل جاوید شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق سڑک کنارے نصب بم ریمورٹ کنٹرول تھا، جس میں دو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، بم اسپیڈ بریکر کے ساتھ نصب کیا گیا تھا، دہشت گردوں کا ٹارگٹ پولیس موبائل ہی تھی۔

واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ تاہم سرچ آپریشن کے نتیجے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

خیبر ایجنسی: چیک پوسٹ پر حملہ،8 اہلکار شہید

0

خیبر ایجنسی : تحصیل جمرود کے علاقہ غنڈی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا، جھڑپ کے نتیجے میں آٹھ اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

پولیٹیکل انتظامیہ ذرائع کے مطابق واقعہ خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقہ غنڈی میں پیش آیا، جہاں ایف سی کے اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ شدت پسندوں نے بھاری خود کار ہتھیاروں سے حملہ کردیا، دو گھنٹے تک جاری جھڑپ میں ایف سی کے پانچ اہلکار شہید اور چھ زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں سے تین اہلکار اسپتال میں دم توڑ گئے، حملے میں سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، حملہ آوروں کی تعدا د ایک درجن سے زائد بتائی جا رہی ہے ۔

زرائع کے مطابق جھڑپ میں حملہ آور بھی مارے گئے تاہم ان کی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی،  ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔