جمعرات, جولائی 4, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27060

ایشیزسیریز:چوتھا ٹیسٹ،آسٹریلیا نے انگلینڈ کوآٹھ وکٹوں سے ہرا دیا

0

میلبورن میں کھیلے گئے ایشیزسیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کیخلاف آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ پانچ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو چار صفر کی برتری حاصل ہے۔

ایشیز سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے دو سو اکتیس رنز کا ہدف دیا۔ چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں تیس رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ اننگز شروع کی۔

چونسٹھ رنز کے اسکور پر ڈیوڈ وارنر آؤٹ ہوئے، وہ پچیس رنز بناسکے۔ دوسری وکٹ پر کرس راجرز اور شین واٹسن نے ایک سو چھتیس رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی۔ ایک سولہ رنز کی اننگز کھیل کر کرس راجرز آؤٹ ہوگئے۔

شین واٹسن نے ناقابل شکست تراسی رنز بنائے۔ دو وکٹوں کے نقصان پر آسٹریلیا نے ہدف حاصل کرلیا۔ اس سے پہلے انگلش ٹیم دوسری اننگز میں ایک سو اناسی رنز بناسکی تھی۔
    

حکومت کی سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کو پلاٹ دینے کی پیشکش

0

سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے اسلام آباد میں رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ کی درخواست دی ہے ۔ انہوں نے دوہزار نو میں حکومت کی جانب سے پلاٹ کی آفر مسترد کردی تھی۔

انگریزی اخبار کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار ڈاکٹر فقیر حسین نے اٹھائیس نومبر کو ڈائریکٹر جنرل آف فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاؤنڈیشن کو ایک خط لکھا جس میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو رہائشی پلاٹ الاٹ کرنے کی درخواست کی گئی ۔

خط میں کہا گیا کہ چیف جسٹس ایک رہائشی پلاٹ حاصل کرنے کے حقدار ہیں۔ رجسٹرار نے سابق چیف جسٹس کو چھ سو گز کا پلاٹ آئی ایٹ ٹو سیکٹر میں دینے کی درخواست کی ہے۔ دوسری جانب حکومت نے سابق چیف جسٹس کو سیکٹر ڈی ٹوئیلو میں پلاٹ دینے کی پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کا مسترد کردہ پلاٹ کسی اور درخواست گزار کو دے دیا گیا ہے۔
    

گیس پریشرمیں کمی،گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑگئے،عوام پریشان

0

 پریشر میں کمی کے باعث عوام کو سخت اذیت کاسامنا ہے ۔کراچی سمیت ملک کے چھوٹے برے شہروں میں چولھے ٹھنڈے پڑ گئے۔ پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا دور دورہ ہے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس کی بندش بھی معمول بن گئی ۔ایک جانب سردی بڑھی تو دوسری جانب گیس نے تنگ کرنا شروع کردیا۔

سی این جی کی بندش کو رونے والی عوام اب گھروں میں چولھے ٹھنڈے ہونے پر سخت پریشانی کا شکار ہے۔گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے خواتین کو گھروں میں کھانا بنانے سمیت امور خانہ داری میں دقت اٹھانی پڑ رہی ہے۔گیس کی بندش کےباعث کوئی باہر کے غیر معیاری پکوان کھانے پر مجبور ہے تو کوئی مہنگے داموں خریدی گئی لکڑیوں کو جلا کرکھاناپکارہا ہے۔

کراچی لاہور اسلام آباد سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی نے گھروں کے چولھے ٹھنڈے کر دیئے ہیں۔عوام کا کہنا ہے حکمرانوں کے گرما گرم انتخابی نعروں کو بھی شاید ٹھنڈ کھا گئی ۔

سی این جی اسٹیشنز بندکر کےگھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت اپنی اولین ترجیح گردانتی ہے لیکن یہ معاملہ تو ایک طرف رہا۔عوام اب اپنے گھروں میں چولھا جلانے کو بھی ترس رہے ہیں۔
    

اسلام آباد:موٹروے پربس ٹرالرمیں تصادم،پانچ جاںبحق،بیس زخمی

0

موٹروے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب بس اور ٹرالر تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ بیس افراد زخمی ہو گئے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق مسافروں سے بھری بدقسمت بس بہاولپور سے اسلام آباد جارہی تھی اور موٹر وے پر اسلام آباد ٹول پلازاکے قریب کھڑے ٹرالر سے سے ٹکرا گئی۔

موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کے سو جانے باعث پیش آیا اور اُس کو سامنے کھڑا ٹرالرنظر نہیں آیا۔ حادثے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ریسکیو وکرز نے بس کاٹ نکالا ۔زخمیوں کو پمز اسلام آباد اور سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کردیا گیا جہاں کئی کی حالت نازک ہے۔
   

سال دو ہزار تیرہ قومی کرکٹ ٹیم کیلئے انتہائی کامیاب ثابت ہوا

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے دو ہزار تیرہ کا سال بہت ہی کامیاب ثابت ہوا، رواں سال قومی ٹیم نے ون ڈے اور ٹیسٹ سیریزملاکر سات سیریز اپنے نام کی، مصباح الحق سال کے سب سے کامیاب بلے باز اور سعید اجمل سال کے سب سے کامیاب بولر رہے۔

دو ہزار تیرہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں کا سال رہا اور اس کا سہرا جاتا ہے قومی ٹیم کے بیٹسمینوں اور بولرز کو۔ خاص طور پر جادوگر سعید اجمل اور کپتان مصباح الحق کو، جنھوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے ٹیم کو کئی اہم مواقعوں پر جیت دلوائی۔

دوہزار تیرہ کے سب سے کامیاب بلے بازوں کی فہرست میں قومی ٹیم کے مصباح الحق سب سے آگے ہیں۔ مصباح نے سال میں سب سے زیادہ پندرہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ بناتے ہوئے ایک ہزار تین دو تہتر رنز بنائے۔ بولنگ میں پاکستانی بولر سب سے آگے رہے۔

کینگ آف دوسرا سعید اجمل نے تمام بولرز کو پیچھے کرتے ہوئے سال دو ہزار تیرہ میں باسٹھ شکار کیے۔ پاکستان کی اچھی کارکردگی کا کریڈٹ سعید اجمل اور مصباح الحق کوہی نہیں بلکہ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

اسی ٹیم ایفرٹ کی وجہ سے پاکستانی شاہین رواں سال بھارت، جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست سے دوچار کرنے میں کامیاب رہے۔

 

ملک کے بالائی علاقوں میں سردی بڑھ گئی،درجہ حرارت میں اضافہ

0

ملک کے بالائی علاقوں اوربلوچستان میں سردی مزید بڑھ گئی ہے ۔۔سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی بارہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کے بالائی علاقوں اور بلوچستان میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بٹوگا ٹاپ، بابو سر ٹاپ اور نیاٹ ویلی کے پہاڑوں پر دو دن سے برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔غذر کے بالائی اور میدانی علاقوں میں تیسرے روز بھی برف باری ہورہی ہے۔

شدید سردی کے سبب ندی نالوں میں پانی جم گیا۔مالا کنڈ ایجنسی میں بھی برف باری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جلانے والی لکڑیوں اور کوئلے کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھادی گئی ہیں۔

چمن، زیارت، پشین،خانوزئی اور کان مہترزئی سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خشک سردی برقرار ہے۔ سندھ اورپنجاب میں بھی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔

بلدیاتی انتخابات:سندھ میںکاغذات نامزدگی جمع کرانیکا آج آخری دن

0

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئےکاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔ کراچی میں اب تک ساڑھے تین ہزا ر سے زائدامیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں اٹھارہ جنوری سے ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ،اب تک کراچی کے چھ اضلاع میں ساڑھے تین ہزار کے قریب کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاچکے ہیں۔

امیدواروں کا کہنا ہے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے فرار چاہتی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک سب سے ذیادہ کاغذات نامزدگی کرا چی کے ضلع وسطی میں جمع کرائی گئی ہے جن کی تعداد 1350 ہے ، ضلع ملیر میں میں 450 ، ضلع کورنگی میں 200 ، جنوبی میں 250، کاغذات نامزدگی اب تک جمع کرائے جاچکے ہیں۔

29 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جاری اور وصول کیے جائیں گے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق رٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ رٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا مرحلہ بھی شروع ہوگیا ہے جو دودن تک جاری رہے گا۔
   

کینجھرجھیل قتل کیس:پانچ افراد کی ہلاکتوں کامعمہ حل نہ ہوسکا

0

کینجھرجھیل میں نوری جام تماچی کے مزار پر پانچ ہلاکتوں کامعمہ حل نہ ہوسکا، جائےوقوع سے پستول برآمدہواجبکہ دو مشتبہ افراد حراست میں لے لئے گئے۔چارلاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد کراچی منتقل کردی گئیں۔

کینجھرجھیل میں نوری جام تماچی کے مزار پر پراسرار ہلاکتوں کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق پانچوں افراد کوسرپر گولیاں مارکر ہلاک کیا گیا۔

۔ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم بروکا کا کہنا تھا کہ مقتولین کشتی بک کرا کے مزار پر پہنچے تھے۔ ڈی آئی جی حیدرآباد مقتولین میں سےچاروں افرادکی لاشوں کوسول اسپتال مکلی سے پوسٹ مارٹم کے بعدکراچی منتقل کیا گیاہے۔ جاں بحق محمد علی ریاض، عدنان یوسف اور سہیل کی لاشیں ایدھی سردخانےجبکہ ریٹائرڈ میجر جہانگیر اخترکی میت کو پی این ایس شفاء منتقل کیا گیا۔

میتوں کی آمد پررقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،غم سےنڈھال لواحقین اورعزیز و اقارب ایک دوسرے کو دلاسہ دیتے رہے۔ورثاء کے مطابق علی ریاض کی چند روز پہلے ہی شادی ہوئی تھی، تمام افرادایک ساتھ ہی کینجھر جھیل گئے تھے۔

پانچویں مقتول ریٹائرڈ کیپٹن بلال کی میت بھی جلد کراچی منتقل کی جائے گی،پھر ان کی اور ریٹائرڈ میجرجہانگیرکی میت کوآبائی علاقے روانہ کیا جائےگا۔

 

کراچی فائرنگ :ایک خاندان کے چار افراد اور پولیس اہلکار سمیت چھ افراد جاں بحق

0

کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے،فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک خاندان کے چار افراد اور پولیس اہلکار سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔

شہرقائدمیں سرگرم قاتلوں نےمزید گھروں کےچراغ گل کردیئے۔ پولیس کے مطابق ماڑی پور روڈ سے متصل مشرف کالونی میں نالے سے خاتون اور بچوں سمیت چار افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مارکر موت کے گھاٹ اتارا گیاتھا جبکہ ایک پندرہ سالہ لڑکی زخمی حالت میں ملی۔

مقتولین کی شناخت پچاس سالہ مظفر اس کی اہلیہ شازیہ اور دو بیٹوں اٹھائیس سالہ شاہ میراور بارہ سالہ عمران کےناموں سے ہوئی، پولیس کا کہناہے کہ تمام افراد مشرف کالونی کے ہی رہائشی ہیں اور ابتدائی شواہد سے معاملہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔

اُدھر گلشن چورنگی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوا جس کی شناخت پچاس سالہ سعید کے نام سے کی گئی۔

طارق روڈاللہ والاچورنگی کےقریب فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ جبکہ دوافرادزخمی بھی ہوئے،لیاری آٹھ چوک کے قریب فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

 

کراچی بدامنی: سات افراد جاں بحق ، چھ زخمی ، مرزا یوسف بال بال بچے

0


   
کراچی میں ایک بار پھر قتل و غارت کا سلسلہ تیز ہوگیا، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما مولانا یوسف مرزا پر حملہ دو ہلکار جاں بحق، مختلف واقعات میں ابتک سات افرادجاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے

پولیس کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے بلاک بارہ میں ایم ڈبلو ایم کے رہنما مولانا مرزا یوسف پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے ان کے دو محافظ اقبال اور مظہر شدید زخمی ہوگئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دو نوں دم توڑ گئے، واقعے میں مولانا مرزا یوسف محفوظ رہے جبکہ مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

شارع لیاقت پرپولیس مقابلہ کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی عبدالجبارجاں بحق ہو گیا ، بنارس کی دیر کالونی میں کار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتاردیا، پاپوش میں فائرنگ کے واقعے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

 منگھوپیر اور اتحاد ٹاون کے علاقے سے دوافراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی۔ سمن آباد کے علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے ہیڈ کانسٹبل رحیم لاشاری زخمی ہوا،لیاری کے علاقے سنگولین میں نامعلوم افراد کے کریکر بم حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے،لانڈھی ،ملیر، میٹرول سائٹ ایریا میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے۔


لیاری کےعلاقہ ہنگورآبادمیں بلدیاتی الیکشن کی مہم کیلئے جانے والے صوبائی وزیرجاوید ناگوری کی گاڑی پر نامعلوم افراد  نے فائرنگ 

کردی،جاوید ناگوری نے اے آروائی  کو بتایا کہ  فائرنگ کے نشانات ان کی سرکاری اورپولیس موبائل پر دیکھے جاسکتے ہیں، دوسری 

جانب جمعہ بلوچ روڈ کے مکینوں کا دعوی ہے کہ جاوید ناگوری کے محافظوں نے ان پر فائرنگ کی جس سے دو افراد زخمی ہوئے ، 

واقعے کے خلاف مکینوں نے احتجاج بھی کیا۔