پیر, جولائی 8, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27079

امریکا کا ڈرون طیاروں کو کیمیائی ہتھیاروں سے لیس کرنے کا منصوبہ تیار

0

امریکا نے ڈرون طیاروں کو کیمیائی ہتھیاروں سے لیس کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا، ڈرون ایسی ٹیکنالوجی سے تیار کئے جائیں گے جو جام نہ ہوسکے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا نے ڈرون طیاروں کو مزید موثر بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، امریکی محکمہ دفاع کے منصوبے میں آئندہ پچیس سالوں کے دوران ڈرون طیاروں کو انتہائی مہلک بنانے کے لئے کیمیائی ہتھیاروں سے لیس کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انسانی رہنمائی کے بجائے موقع پر خود ہی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پیدا کی جائے گی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ ڈرون جی پی ایس نظام کے تحت کام کرتے ہیں جو باآسانی جام کیے جاسکتے ہیں۔

آئندہ تیار کیے جانے والے ڈرون کو جی پی ایس کے علاوہ دوسری ٹیکنالوجی سے اڑانے کی تیاری کی جارہی ہے، جنہیں جام نہیں کیا جاسکے گا، ڈرون میں انتہائی جدید اور حساس کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ہدف کو نشانہ بنانے کے علاقے کو بھی وسعت دی جائے گی۔
       

امریکہ:شدید برفباری اور دھند، نظام زندگی منجمد، پروازیں منسوخ

0

امریکہ کے مختلف شہروں میں شدید برفباری اور دھند سے نظام زندگی منجمد ہوکر رہ گئی، طوفان کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں تیرہ سو سے زائد پروازیں منسوخ یا معطل ہو گئیں، نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

امریکہ کے شمال مشرق اور وسط مغربی ریاستیں ان دنوں شدید برفباری، دھند اور طوفان باد و باراں کی لپیٹ میں ہیں، جسکی وجہ سے نظام زندگی منجمد ہوگئی جبکہ لوگ گھروں محصور ہوکررہ گئے۔

مختلف ریاستوں میں طوفانی ہواؤں، برفباری کے باعث شکاگو، انڈیانا پولس، ڈیٹرائٹ اور کلیو لینڈ کی تیرہ سو سے زائد پروازیں منسوخ اور معطل ہوگئیں، پروازیں منسوخ اور معطل ہونے کی وجہ سے لاکھوں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

نیویارک میں برفانی طوفان کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق چار گھنٹے کے دوران امریکی ریاست میسا چوسٹس دس اعشاریہ دو، راک پورٹ میں نو،جارج ٹاؤن میں سات اعشاریہ پانچ ،بوسٹن میں چھ اعشاریہ سات، اور فاکس برو میں دو انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
   

لاہور:عسکری 9 میں10سالہ یتیم ملازمہ مالکان کے تشدد سے جاں بحق

0

لاہور میں حیوانیت کا افسوس ناک مظاہرہ اس وقت دیکھنے میں آیا، جب دس سالہ یتیم گھریلو ملازمہ کو مالکان نے مبینہ تشدد سے جان سے مار ڈالا، لواحقین نے وزیراعلی پنجاب اور اعلی عدلیہ سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

ارم نامی دس سالہ یتیم بچی جو لاہور کے علاقے عسکری نائن میں واقع ایک گھر میں کام کرتی تھی، رات گئے مالکان نے اسے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث مظلوم ارم زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

لواحقین یتیم بچی کی تشدد زدہ لاش دیکھ کر صدمے سے نڈھال ہو گئے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ اب مالکان مک مکا کرنے کی بات کر رہے ہیں لیکن وہ وزیراعلی پنجاب سے صرف انصاف چاہتے ہیں۔

ماموں زاد بھائی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کو مالکان جب سروسز اسپتال لیکر آئے تو اس کی موت واقع ہوچکی تھی اور اس کے جسم پر تشدد کے گہرے نشانات تھے، جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع کی۔

 پولیس نے مالک الطاف محمود اور اسکے بیٹے کو حراست میں تو لے لیا ہے لیکن اس غریب اور یتیم بچی کو انصاف مل پائے گایا نہیں یہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

عمر گل کے بعد وکٹ کیپر عدنان اکمل انجری کے باعث سیریزسے باہر

0

سری لنکا کے خلاف یو اے ای میں جاری ٹیسٹ سیریز میںپاکستانی ٹیم کے لئے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ عمر گل کے بعد وکٹ کیپر عدنان اکمل انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

وکٹ کیپر عدنان اکمل کی انگلی میں فریکچر ہوا ہے جس کے سبب وہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ پی سی بی نےعدنان اکمل کی جگہ سرفراز احمد کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ سرفراز کو جلد متحدہ عرب امارات بھیجا جائے گا۔

فاسٹ بولر عمر گل کو بھی مکمل فٹ نہ ہونے کے باعث سیریز سے پہلے ہی باہر کیا جا چکا ہے۔ عمر گل نے قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو ڈیل نیلر کے ساتھ ایک ہفتے تک فزیکل ٹریننگ میں حصہ لیا تھا۔

جس کے بعد ٹیم انتظامیہ نے عمر گل کو یو اے ای سے واپس وطن بھیجنے کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی ہے کہ عمر گل مکمل فٹ ہونے تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ جاری رکھیں اور ڈومیسٹک میچز میں بھی حصہ لیں۔ عمر گل نے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی ٹیم میں اچھا کم بیک کیا تھا۔

 

اسنوڈن کے خلاف امریکہ نے کمر کس لی،جدید کمپیوٹر کی تیاری

0

امریکی سامراج کے کالے کرتوتوں کو دنیا کے سامنے لانے والے ایڈورڈ اسنوڈن سے نپٹنے کے لئے این ایس اے نے کمر کس لی، جدید ترین کمپیوٹر تیار کرکے دنیا کے کسی بھی کمپیوٹر میں موجود امریکی خفیہ رازوں کو کرپٹ کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔

امریکی اخبار کا ایڈورڈ اسنوڈن کے حوالے سے کہنا ہے کہ اناسی عشاریہ سات ملین ڈالر کی خطیر رقم سے جاری پینیٹریٹنگ ہارڈ ٹارگیٹس نامی منصوبے کے تحت این ایس اے کوانٹم کمپیوٹر بنارہا ہے۔

جس کے ذریعے امریکہ دنیا بھر کے کمپیوٹرز تک رسائی حاصل کر کے خفیہ رازوں کو کرپٹ کرسکے گا اور ساتھ ہی کوانٹم کمپیوٹر میڈیکل، بینک، تجارت اورحکومتی ریکارڈ کو محفوظ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

تاہم منصوبے کی تفصیلات منظر عام پر تاحال نہیں آسکیں ہیں، اطلاعات کے مطابق این ایس اے ابھی تک کامیابی سے کوسوں دور ہے۔
    
   

کابل: امریکی سینٹرز کی افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات

0

امریکی سینٹرز کے ایک وفد نے افغان صدرحامد کرزئی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیکیورٹی معاہدے میں تاخیراور بگرام بیس میں قید خطرناک اٹھاسی قیدیوں کی رہائی پر تشویش کا اظہار کیا۔

امریکی ریپبلکن سینڑز جان مکین اور لنڈسے گراہم نے کابل میں افغان صدر حامد کرزئی ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا، سیکیورٹی معاہدے سمیت بگرام بیس کا کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کرنے سمیت اٹھاسی خطرناک قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

قیدیوں کی رہائی کے حوالے امریکی سینٹرز نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان انتظامیہ جن قیدیوں رہائی کا مطالبہ کررہی ہے، ان کے حوالے سے ایسے شواہد موجود ہیں کہ وہ ساٹھ سے زائد اتحادی اور ستاون افغان فوج کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں اور ان کی رہائی اتحادی اور افغان فوج کے لیے کسی خطرے کم نہ ہوگی۔

علاوہ ازیں سینٹرز نے سیکیورٹی معاہدے پر بھی افغان صدر حامد کرزئی سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ معاہدہ جلد طے پا جائے گا، یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں امریکہ بگرام بیس کا کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کردے گا۔
    
    
    
    

   

یروشلم: نیتن یاہو کی فسطینی قیدیوں کو ہیرو کا لقب دینے پر تنقید

0

اسرائیلی وزیراعظم نے فلسطینی صدر پر فلسطینی قیدیوں کو ہیرو لقب کا دینے پر تنقید کی، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ فلسطین میں قیام امن کے لیے پر امید ہیں۔

اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نتین یاہو نے جان کیری سے ملاقات کے دوران رہا کئے جانے والے فلسطینی قیدیوں کو ہیرو لقب کا دینے پر صدر محمود عباس پر شدید تنقید کی۔

فلسطین میں قیام امن کے لئے امریکی وزیر خارجہ اسرائیل کے دورے پر ہیں، جان کیری کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات میں دشواری کا سامنا ہے تاہم ناممکن صورتحال نہیں قیام امن کے لئے پرامید ہیں

جان کیری نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد آج فلسطین میں صدرمحمود عباس سے ملاقات کریں گے، دونوں ممالک میں امن مذاکرات کے لئے جان کیری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
   

گیس انفرااسٹرکچرڈویلپمنٹ سرچارج میں اضافے کا فیصلہ

0

حکومت نے گیس انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے فرٹیلائزرپرگیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج ایک سو ستانوئے روپے سے بڑھا کر تین سو روپے ایم ایم بی ٹی یو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ صنعتی یونٹس پر جی آئی ڈی ایس پچاس روپے سے بڑھا کرسو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیوی میں اضافہ سے سالانہ سو سےایک سو بیس ارب روپے کی آمد ن ہو گی۔

دوہزار بارہ میں صنعتی سیکٹر کے لئے گیس سترہ فی صد مہنگی کی گئی جبکہ دیگر سیکٹرز کے لئے چودہ فی صد مہنگی کی گئی۔ اب حکومت نے گھریلو اور کمرشل سیکٹرز کے علاوہ مزید پانچ سیکٹرز پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

تمباکو مصنوعات پر ٹیکس لگاکر2سو ملین جانیں بچائی جاسکتی ہیں،ماہرین

0

تمباکو کی مصنوعات پرعائد ٹیکسوں میں تین گنا اضافے سے دنیا بھر کے دوسو ملین افراد کی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔

برطانوی طبی جریدے کے مطابق عالمی سطح پر تمباکو کی صنعت کو ہرسال پچاس بلین منافع مل رہا ہے جوکہ تمباکو نوشی سے ہونے والی ہر موت پر دس ہزار ڈالر کے مترادف ہے۔

رپورٹ کے مطابق تمباکو نوشی کی سستی برانڈز پر ٹیکس عائد کرنے سے جہاں قمیتوں کے درمیان فرق ختم ہو جائے گا تو وہیں تمباکو نوشی کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ شکنی بھی ہوسکے گی۔

زائد ٹیکسوں سے بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں تمباکو نوشی کرنے والے افراد پر اس کے موثر اور دیرپا اثرات مرتب ہونگے، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر نوجوانوں کی نصف اور خواتین کی دس میں سے ایک فرد تمباکو نوشی کرتے ہیں۔

تمباکو نوشی کرنے والے افراد قبل از وقت موت کا شکار ہوجاتے ہیں، اسکی روک تھام سے دنیا بھر میں نوے فیصد لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جانا ممکن ہے، یاد رہے کہ ترقی پذیرممالک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد تمباکو نوشی میں مبتلا ہے، جن میں سے ایک نام پاکستان کا بھی ہے۔
   

انشورنس سیکٹر کے قواعد میں ترامیم کیلئے ایس ای سی پی کی تجاویز

0

انشورنس سیکٹر کے قواعد 2002 ء میں متعدد ترامیم تجویزسکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن(ایس ای سی پی )نے ملک میں بیمہ کاری کی صنعت کے فروغ اور پالیسی ہولڈروں کے سرمائے کے تحفظ کے پیش نظرانشورنس سیکٹر کے قواعد 2002ء میں متعدد ترامیم تجویز کردی ہیں۔

یہ ترامیم انشورنس سروئیرز کے لائسنس اور رجسٹریشن سے متعلق ہیں ،ایس ای سی پی حکام کے مطابق ان ترامیم میں دلچسپی رکھنے والے افراد اورانشورنس کمپنیاں تجویز کردہ ترامیم پر اپنی آراء تیس دن کے اندر ایس ای سی پی کو جمع کروا سکتے ہیں۔

مجوزہ ترامیم جائزہ کے لئے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہیں،ایس ای سی پی کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ مجوزہ ترامیم ملک میں انشورنس کی صنعت کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔