پیر, جولائی 8, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27094

مشرف کے وکلاء کی 2نئی درخواستیں خصوصی عدالت میں دائر

0

غداری کیس میں پرویز مشرف کے وکلاء نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنا سمیت دو نئی درخواستیں دائر کیں، پیشی سے پہلے سابق صدر کی رہائشگاہ سے پھر بم برآمد ہوا، جس کے بعد وہ خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی دوسری سماعت کے موقع پر سابق صدر کی پیشی کے لئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا تھا کہ خصوصی عدالت کے راستے سے ایک بار پھر بم برآمد ہوا، جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا۔

دوسری جانب خصوصی عدالت میں سماعت کے آغاز پر سابق صدر کے وکلاء کی جانب سے نئی درخواستیں دائر کی گئیں، جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے سیکیورٹی کے مناسب اقدامات نہیں کیے گئے، سماعت پانچ ہفتے کیلئے ملتوی کی جائے جبکہ سیکیورٹی کی بنا پرحا ضری سے استثنا دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پرویز مشرف نے تین نومبر کا اقدام بطور آرمی چیف کیا، غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں ، پرویز مشرف کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت کیا جائے۔
       

سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب بم برآمد

0

سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے آج پھر بارودی مواد برآمد کیا گیا، غداری کیس کے دوران بارودی مواد برآمد ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف غداری کیس کی آج دوسری پیشی ہے جبکہ سابق صدر کے فارم ہاؤس کے قریب ایک کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا، پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے حتمی پلان بھی تشکیل دیا گیا تھا۔

اس سے قبل چوبیس دسمبر کو سابق صدر کی عدالت میں پہلی پیشی کے موقع پر فارم ہاؤس کے قریب سے پانچ کلو گرام وزنی بم برآمد ہوا تھا، سابق صدر کو اسی راستے سے گزر کر عدالت جانا تھا، بم کے ساتھ دو پستول بھی بیگ میں موجود تھے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنایا۔

پہلی پیشی پر سیکیورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوئے، اسی طرح کا ایک اور واقعہ تیس دسمبر کو پیش آیا، جب سابق صدر فارم ہاؤس کے قریب پارک روڈ کے گرین بیلٹ سے بارودی مواد کے پانچ پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔

غداری کے اہم ترین کیس کی سماعت میں سابق صدر کی پیشی اور اس موقع پر بارودی مواد کی برآمدگی سوالیہ نشان بھی ہے اور حیرت کی بات بھی ہے۔

 

بغداد: بم دھماکوں میں 15افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

0

عراق میں جاری پر تشدد اوردہشت گرد حملوں کی لہرجاری ہے، عراقی دارالحکومت بغداد میں مختلف حملوں میں کم از کم پندرہ افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

عراقی سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک مذہبی اجتماع کے قریب ہونے والے دہشتگرد حملے میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اس سے قبل آٹھ افراد دارالحکومت میں تشدد کے دیگر واقعات میں ہلاک ہو گئے تھے، دھماکے کے بعد امدادی کاروائیاں شروع کردی گئیں، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

دارالحکومت ہونے والے دھماکوں کی کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، اقوام متحدہ اورعراقی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق سینکڑوں افراد گزشتہ ماہ جاں بحق ہوچکے ہیں۔
   

کراچی سال کے آغاز پر فائرنگ، 7افراد زخمی

0

تمام تر پابندیوں اور رکاوٹوں کے باجود کراچی میں سال نو کے آغاز پر قانون کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، شدید فائرنگ سے سات افراد زخمی جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر آٹھ افراد کو دھر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سال نو کے آغاز پرحکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، شہر کے مختلف مقامات پر منچلے نوجوان ڈبل سواری کیخلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آئے جبکہ بارہ بجنے سے پہلے شہر کے تقریباً تمام ہی علاقوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جو رات دیر تک جاری رہا۔

اس موقع پر ہر قسم کے جدید اور ممنوعہ اسلحے استعمال کئے گئے، شہر کے مختلف علاقوں کھارادر، میٹھادر، بہارکالونی ، اختر کالونی اور ڈیفنس میں فائرنگ کی زد میں آکر سات افراد زخمی ہوگئے جبکہ دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں شاہراہ نورجہاں، ڈیفنس اور اخترکالونی سے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا۔

گورنر سندھ کی جانب سے قوم کو سال نو کی مبارکباد

0

گورنرسندھ  ڈاکٹرعشرت العباد خان نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پاکستان کیلئے امن اور خوشحالی کا ضامن ہو گا۔

سال نو کے پیغام میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس کے نا مساعد حالات کے باوجود قوم کا صبر وتحمل اس بات کا غماز ہے کہ یہ قوم ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے اور اپنے وطن کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ آنے والے برس میں ملک و قوم کو ترقی و فلاح کی راہ پر کامیابی سے گامزن رکھا جائے۔
    

   

وزیراعظم نواز شریف نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا

0

وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے، اجلاس میں سیکورٹی صورتحال اور طالبان کے ساتھ مذاکرات پر بات ہوگی۔

وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں ملک میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مختلف پہلووں پر غور کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
   

ڈھاکہ:حکمران جماعت اور حزب اختلاف کا ایک دوسرے کیخلاف احتجاج

0

بنگلہ دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ پارٹی کی خواتین حامیوں نے حزب اختلاف کی رہنما خالدہ ضیاء کے خلاف احتجاج کیا۔

بنگلہ دیش میں سیاسی بحران جاری ہے، حکمران جماعت کی خواتین نے ڈھاکہ میں حزب اختلاف کی رہمنا خالدہ ضیاء کے خلاف نعرے بازی کی اور ان کا پتلا جلایا، حکمران جماعت پارلیمنٹ کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے جاری دھرنوں اور احتجاج کے باعث بنگلہ دیش میں سیاسی بحران جاری ہے، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔

حزب اختلاف کی جانب سے بھی حکمران جماعت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، حزب اختلاف جماعت کی خواتین کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت کی پالیسوں کی وجہ سے تشدد نے بنگلہ دیش کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، بنگلہ دیش الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے بنگلہ دیش میں تشدد کے واقعات میں اب تک دو سو سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔
   

یمن: پولیس کے ہیڈکوارٹر پر حملہ,7زخمی

0

جنوبی یمن کے اہم شہر میں پولیس کے ہیڈکوارٹر پر ایک خود کش بمبار سمیت مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، جس کے باعث سات افراد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پولیس کے مطابق جنوبی یمن میں ایک پولیس کمپاونڈ کی عمارت میں حملہ آوروں نے داخل ہونے کی کوشش کی، جسے وہاں موجود اہلکاروں نے ناکام بنا دیا، جس کے بعد فانرنگ کا تبادلہ ہوا، خود کش حملے سے سات افراد زخمی ہوگئے۔

شام ایران سیمت تمام دوستانہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے گا،وائل الحلقی

0

شام کے وزیراعظم وائل الحلقی کا کہنا ہے کہ شام ایران سیمت تمام دوستانہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔

شامی وزیراعظم وائل الحلقی کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ چین، روس، بھارت ،برازیل اور دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔

شام کے وزیراعظم نے مغربی ممالک کی جانب سے شام پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف مغربی ممالک کی جانب دباو ڈالنے کی کوششوں ختم کرکے شام کے مسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرنے میں ماسکو اور بیجنگ کے کردارکی تعریف کی۔
    
   

پشاور: رکشے میں بم دھماکہ، 3افراد جاں بحق 2زخمی

0

پشاور کے نواحی علاقے پھندو میں رکشے میں بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا رکشے میں بم کی تنصیب کے دوران ہوا، بم دھماکے میں زخمی ہونے والے 7 افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں تین بچے دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی لیڈی ریڈنگ اسپتال لائی گئی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت ہوگئی ہے۔

دھماکے میں ایک گھر کو بھی نقصان پہنچا ہے، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی، بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد آٹھ کلو وزنی بم پشاور کے کسی علاقے میں تخریب کاری کے لیے لے جانا چاہتے تھے، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق افغانستان سے ہے، تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔