پیر, جولائی 8, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27120

بائیو میٹرک نظام سے ووٹنگ،خیبر پختونخوامیں کل تجربہ ہوگا

0

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا میں ووٹنگ کے لئے بائیو میٹرک نظام کا تجربہ کل کرے گا، تجربہ کامیاب ہونے پر صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بائیو میٹرک نظام استعمال کیا جائے گا۔

خیبر پختون خوا میں بلدیاتی الیکشن میں حق رائے دہی کے استعمال کے لئے بائیو میٹرک نظام کا تجربہ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق تجربہ کامیاب ہونے پر صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے بائیو میٹرک نظام استعمال کیا جائے گا۔

بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کے پی کے کی دو ویلج کونسل بودھائی اور سربی لینڈ پورہ میں نمائشی پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق نمائشی پولنگ کے لیے صبح آٹھ سے چار بجے کا وقت رکھا گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کے علاوہ صوبائی الیکشن کمشنر بھی نمائشی عمل کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان ریلوے کا بزنس ٹرین واپس لینے کا فیصلہ

0

پاکستان ریلوے نے نجی کمپنی کے نادہندہ ہونے پر بزنس ٹرین واپس لینے کا فیصلہ کرلیا، ریلوے بزنس ٹرین کا نام تبدیل کرکے اس کا انتظام خود سنبھالے گی۔

پاکستان ریلوے کے مطابق بزنس ٹرین کی انتظامیہ پچاس کروڑ روپے سے زائد کی نادہندہ ہے، واجبات میں اس حد تک اضافے کے بعد ریلوے نے نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بزنس ٹرین کی انتظامیہ نجی کمپنی ریلوے کو روزانہ معاوضہ دینے کی پابند تھی لیکن وہ ایسا نہ کرسکی، جس کے باعث واجب الادا رقم پچاس کروڑ روپے سے زائد ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے سال سے بزنس ٹرین کا کنٹرول ریلوے انتظامیہ سنبھال لے گی اور ٹرین کا نام بھی تبدیل کردیا جائے گا، بزنس ٹرین کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو پیپلزپارٹی کے دور میں دیا گیا تھا۔

پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر 3دن بعد لاہور پہنچ گئی

0

پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر تین دن بعد لاہور پہنچ گئی، پرواز کی تاخیر سے کسی کا رشتہ ٹوٹ گیا تو کسی کا جنازہ چھوٹ گیا، باکمال لوگوں نے مسافروں کی چیخیں نکلوادیں۔

لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے نے مسافروں کو رُلا دیا، شادیوں کا بندھن جڑتے جڑتے رہ گیا، چہروں کی خوشیاں ماند پڑگئیں اور کوئی جاں بحق ہونے والے اپنوں کا آخری دیدار بھی نہ کرسکا۔

لندن سے آنے والی پرواز پی کے 758 باون گھنٹے کی تاخیر کے بالاخر لاہور پہنچ گئی، لندن میں پی آئی اے کے طیارے کے کنٹرول پینل میں خرابی تین دن ٹھیک نہ ہوسکی، جس سے جہاز کے تین سو بیس مسافروں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

مسافروں نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے، پی آئی اے حکام کا موقف ہے کہ کرسمس کی چھٹیوں کے باعث تاخیر کا ملبہ قومی ائیرلائن پر پڑگیا۔

دہشتگردی کا خاتمہ،معاشی بحالی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم نواز شریف

0

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ توانائی بحران ،دہشتگردی کا خاتمہ اور معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کےساتھ دوستانہ اور پر امن تعلقات چاہتا ہے۔

دفترخارجہ میں نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ میں کام کرنے والا ہر ایک شخص پاکستان کا سفیر ہے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کو ہمارا پیغام امن اور دوستی ہے، دعا کرتے ہیں کہ آنے والا سال پاکستان کے لئے اچھا ثابت ہو، وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہماری معاشی پالیسی کی نمایاں خصوصیت امداد کے بجائے تجارت ہے۔

مرزا غالب کی آج 216ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

0

اردوشاعری میں تخیل کی بلندی اور شوخی فکرکو جلا بخشنے والے عظیم المرتبت ادیب و شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کا آج دو سو سولہواں یوم پیدائش ہے۔


                                                    پوچھتے ہیں وہ کہ غالب کون ہے
                                           کوئی بتلائے کے ہم بتلائیں کیا 

مرزا اسد اللہ خان غالب بر صغیر کے معروف قد آور شاعر ہیں، غالب کی آفاقی شاعری اردو شاعری کے لئے لازم وملزوم قرار پائی، غالب ستائیس دسمبر سترہ سو ستانوے کو ہندوستان کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔


                                                  آہ کو چاہئے ایک عمراثر ہونے تک 
                                             کون جیتا ہے تیر زلف کے سر ہونےتک
                                             ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن
                                            
خاک ہوجائیں گے ہم تم کو خبر ہونےتک

غالب نے اردو کے علاوہ فارسی اور ترکی میں بھی شاعری کی تاہم انکی وجہ شہرت اردو شاعری بنی، غالب اردو شاعری کے وہ کردار ہیں جن پر بے شمار تحریریں لکھی گئیں، سینکڑوں فلمیں ڈرامے اور اسٹیج شوز تیار ہوئے جبکہ پر اثر شاعری کی بدولت بے شمار فلموں کو عوامی پذیرائی ملی،غالب خود اپنی زندگی کا احاطہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ


                                    یہ نہ تھی ہماری قسمت کہ وصال یار ہوتا
            اگر اور جیتے رہتے یہی انتظار ہوتا
                  یہ مسائل تصوف یہ تیرا بیان غالب 
             تجھے ہم ولی سمجھتے جو نہ بادہ خوار ہوتا


غالب خوشحالی کے ساتھ تنگ دست زندگی سے نبرد آزما رہنے کے بعد پندرہ فروری اٹھارہ سو انہتر کو اکہتر سال کی عمر میں دہلی میں انتقال کرگئے۔

احمد مختارکی جانب سے باکسرعامرخان کے اعزاز میں استقبالیہ

0

سابق وفاقی وزیردفاع اور پیپلز پارٹی کے رہنما احمد مختار نے باکسرعامر خان کو ناشتے پر استقبالیہ دیا۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ناشتے پرعامرخان اپنے والد اور دوستوں کے ساتھ شریک ہوئے۔

اس موقع پر احمد مختار نے ان کا استقبال کیا اور کہا کہ پوری قوم کو عامر خان پر فخر ہے۔ اور دعا ہے کہ وہ مستقبل میں مذید کامیابیاں حاصل کریں۔ عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ لیکن سہولیات کے فقدان کی وجہ سے سپورٹس کو ترقی نہیں مل رہی۔

اولمپکس 2012 میں بھارت کی پوری باکسنگ ٹیم نے شرکت کی جبکہ پاکستان کے باکسرز کوالیفائی ہی نہیں کر سکے۔ جس پرافسوس ہے۔

 

ڈربن ٹیسٹ:بھارت نے 1 وکٹ پر181 رنزبنالئے

0

ڈربن ٹیسٹ کا پہلا دن بھارتی بلے بازوں کے نام رہا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف بھارت آج اپنی پہلی نامکمل اننگز ایک سو اکیاسی رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کرے گا۔ جنوبی افریقی آل راؤنڈر جاک کیلس کیرئیر کا آخری ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔

ڈربن میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو اکتالیس کے مجموعی اسکور پر شیکھر دھون انتیس رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

جس کے بعد جنوبی افریقی بولرز کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔ مرلی وجے اور چتیشور پجارا نے میزبان بولرز کی جم کر دھرگت بنائی اور دوسری وکٹ کے لئے ایک سو چالیس رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کردی۔

بھارت آج دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز ایک سو اکیاسی رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کرے گا۔

 

ورلڈ ٹینس چیمپئین شپ:برطانیہ کے اینڈی مرے ناکام

0

ورلڈ ٹینس چیمپئین شپ میں فرانس کے جوولفریڈ سونگا نے برطانیہ کے اینڈی مرے کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ ابو ظہبی میں ورلڈ ٹینس چیمپئین شپ جاری ہے۔

کمر کی سرجری کے بعد پہلا ایونٹ کھیلنے والے برطانیہ کے اینڈی مرے کو فرانس کے جوولفریڈ سونگا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سونگا کی فتح کا اسکور سات پانچ اور چھ تین رہا۔ سیمی فائنل میں سونگا کا مقابلہ عالمی دو سربیا کے نوواک جوکووچ سے ہوگا۔

دوسرے میچ میں اسپین کے ڈیوڈ فیررر نے ایٹتھ سیڈ سوئٹزرلینڈ کے اسٹینلاس وارینکا کے خلاف اسٹریٹ سیٹس میں سات پانچ اور سات ایک سے کامیابی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں فیررر کا مقابلہ ہم وطن اور عالمی نمبر ایک رافیل نڈال سے ہوگا۔

 

بے نظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کیلئے جان کی قربانی دی،شیری رحمان

0

سابق امریکی سفیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت اور عوام کے حقوق کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دیا ہے۔

کراچی آرٹس کونسل میں ڈاکٹر فوزیہ سعید کی کتاب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو شہید کو پتہ تھا کہ وہ وطن واپس جائیں گی تو انکی جان کو خطرہ ہے، لیکن وہ تمام چیزوں سے خوف و خطرعوام سے جذباتی لگاؤ کی وجہ سے وطن واپس آئیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید ہمارے دل میں بستی ہیں اور انکی یاد دل سے نہیں نکالی جاسکتی۔
    

   

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان 48ویں سالگرہ منارہے ہیں

0

بالی ووڈ کے سب سے مقبول بیچلر اور انٹرنیٹ پر راج کرنے والے سلمان خان آج اپنی اڑتالیسویں سالگرہ منارہے ہیں۔

بالی ووڈ کےدبنگ خان اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں، ایکشن ہو یا تھرل، رومینس ہوا یا ٹریجڈی سلو بھائی کی ہر فلم ہٹ ہوتی ہے، سلمان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم بیوی ہو تو ایسی سے کیا لیکن شہرت فلم میں نے پیارکیا سے ملی، پھر تو ہٹ فلمز کی ایک لمبی لسٹ بن گئی۔

ساجن، انداز اپنا اپنا، کرن ارجن، ہم دل دے چکے صنم، بیوی نمبر ون، تیرے نام ،وانٹڈ ، دبنگ، ریڈی،باڈی گارڈ اور ایک تھا ٹائیگرسپرہٹ ہیں، سلمان کی جو فلم ہٹ ہوئی اسی ہیروئن کے ساتھ سلمان خان کا دل بھی لگ جاتا اسی لئے انہیں پلے بوائے کا ٹائیٹل بھی ملا، لیکن دلہن نہ ملی۔

سنیماکے پردے پرمارپیٹ کرتے، ناچتے گاتے سلمان خان کو اب تک کئی بار ایشیا کے پرکشش مرد کا خطاب مل چکا ہے، دبنگ خان نے بینگ ہیومن این جی او سے کئی بچوں کی مدد کی۔