وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار افریقہ میں بڑے بیرونی سرمایہ کاروں کی عدم موجودگی کے باعث موجود دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،افریقہ خصوصاً نائیجیریا میں تجارت اور کاروبار کے بے تحاشا مواقع موجود ہیں،وہاں کے وسیع قدرتی ذخائراور سستی لیبرسے سرمایہ کارمنافع بخش کاروبار کر سکتے ہیں۔-
پاکستانی سرمایہ کاروں کو نائیجیریا میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں گے،وہ پاکستان میں نائیجیریا کے سفیر داؤد دنلادی سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے، ملاقات کے دوران نائیجیریا کے سفیر نے سرمایہ کاری کے مواقع کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نائیجیریا میں 36 ارب بیرل تیل اور 184کھرب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں، بھارت نائیجیریا سے ایل این جی درآمد کر رہا ہے، پاکستان بھی نائیجیریا سے ایل این جی درآمد کرے۔
نائیجیریا میں قدرتی گیس وافر مقدار میں موجود ہے لیکن کھادبنانے کی فیکٹریاں بہت کم ہیں جس کی وجہ نائیجیریا کو کھاد کی ضرورت کا بیشتر حصہ درآمد کرنا پڑتا ہے،پاکستانی فیکٹریاں کھاد بنانے میں خاصی مہارت رکھتی ہیں وہ نائیجیریا میں بھی کھادبنانے کے کارخانے لگائیں۔
نائیجیریا کے سفیر نے وزیر صنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی کو نائیجیریا کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ نائیجیریا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔