خیبر پختونخوااور کراچی کے بعد بلوچستان میں بھی جماعت اسلامی تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا دیا ، ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس خیزی چوک پر دھرنا دے کر چمن جانے والی بین الاقوامی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا ۔
جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت نے افغانستان میں مداخلت کے خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی آڑ میں افغانیوں کے قتل عام کا سامان لے جانے کی اجازت قطعاً نہیں دیں گے دھرنے میں امریکہ مخالف مذہبی جماعت جمعیت علماء اسلام نظریاتی نے بھی شرکت کی اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے امریکہ کے خلاف مشترکہ جدوجہدکو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔
کوئٹہ میں دیئے جانے والے دھرنے میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ڈرون حملوں کو پاکستان کی خود مختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں تحریک انصاف نے جعفر آباد نصیر آباد اور چمن میں بھی نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کیا امریکہ مخالف اتحادی جماعتوں کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ امریکہ کی مداخلت کے مکمل خاتمہ تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔