پولیس اوررینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اناسی سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ کراچی میں ایک جانب تو ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب قتل و غارت گری کے واقعات بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہے ۔
پولیس حکام کے مطابق صبح سویرے سپر ہائی وے انصاری پل کے قریب سےتین افراد کی لاشیں ملیں جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کاروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ۔جہاں تاحال مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی۔
لیاری کے علاقے سلاٹر ہاوس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، گزشتہ روز دو گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد لیاری کےمختلف علاقوں میں کشیدگی برقرارہے ۔رات گئے نیوکراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
موقع پرموجود شہریوں نے فائرنگ کرنے والے ڈاکو کو پکڑکرتشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔تھانہ اورنگی اور تھانہ بوٹ بیسن کے علاقوں میں بھی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پردو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ادھر رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں میں بارہ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایسٹ زون پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران انیس ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔ملزمان سے اسلحہ اور منشیات بھی بر آمد کر لی گئی ۔ بنارس میں خفیہ اطلاع پرچھاپہ مار کارروائی کے دوران پچیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔زیر حراست مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔