منگل, نومبر 19, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 28481

پنجاب:بلدیاتی انتخابات،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

0

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے، امیدواروں کی بڑی تعداد نے کاغذات نامزدگی داخل کرا دیئے.

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا آغاز 22 دسمبر کو ہوا تھا جبکہ آج آخری دن ہے، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 28 دسمبر کو جاری ہوگی جبکہ اگلے روز اعتراضات وسول کئے جائیں گے۔

سکروٹنی کا عمل 30 دسمبر سے 4 جنوری تک ہوگا، کاغذات نامزدگی مسترد یا قبول کئے جانے کے خلاف 6 اور 7 جنوری کو کی جا سکیں گی، انتخابی شیدول کے مطابق کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے۔

امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجراء اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی، پولنگ 30 جنوری کو ہوگی جبکہ سرکاری نتائج 2 فروری کو جاری کئے جائیں گے۔

کراچی:سرچ آپریشن کے دوران 10مشتبہ افراد گرفتار

0

کراچی کے علاقے بنارس میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا، منگھوپیر ایم پی آر کالونی سے بھی سرچ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

بنارس کے علاقے پٹھان کالونی میں اے وی سی سی نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کی، جس کے دوران منشیات کے بین الصوبائی گروہ کے دو ملزمان فضل خان اور برت علی کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزمان کا ساتھی امتیاز خان فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان پشاور سے ٹرک اور کوچز کے ذریعے اسلحہ اور منشیات کراچی اسمگل کرتے تھے، جہاں انکے ساتھی اسلحے اور منشیات کو منشیات فروشوں اور دہشتگرد گروہوں کو فروخت کرتے تھے۔

ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، دوسری جانب منگھو پیر ایم پی آر کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا تاہم زیر حراست افراد کے قبضے سے اسلحہ برآمد نہیں کیا جاسکا۔

ہزارہ ڈویثرن امن و امان کے حوالے سے پُرامن ڈویثرن ہے، ناصر درانی

0

خیبر پختو نخواہ کے انسپکٹرجنرل پولیس ناصر درانی نے کہا ہے کہ خیبر پختو نخواہ میں ہزارہ ڈویثرن امن و امان کے حوالے سے پر امن ڈویثرن ہے، تاہم یہاں ایسی چیزیں موجود ہیں جو کبھی بھی پھٹ سکتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختو نخواہ میں تھانہ کلچر کی بہتری کیلئے حکومت سنجیدہ ہے، حکومت کی جانب سے تبادلوں کیلئے کوئی سیاسی دباؤ بھی نہیں ہے، کرپٹ پولیس افسران اور اہلکاروں کی محکمہ پولیس خیبر پختو نخواہ میں کوئی جگہ نہیں، عام آدمی تک انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر اقدمات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو میں آئی جی خیبر پختو نخواہ ناصر درانی کا کہنا تھا کہ تھانوں کی سطع پر نئی مصالحتی کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں، جو صحافیوں، ریٹائرڈ فوجی افسران، ڈاکٹرز اور وکلاء پر مشتمل ہوگی تاکہ تمام فیصلہ میرٹ کی بنیا د پر کئے جاسکیں۔

انھوں نے کہا کہ پولیس فورس کو جدید آلات اور دور حاضر کی ضروریات کے مطابق فحال کیا جا رہا ہے، تاکہ ان کی کارکر دگی بہتر نظر آئے، ناصر درانی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے درمیان پائی جانے والی دوریاں بھی کم کر نا چاہتے ہیں تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے۔

بینکاک:انتخابات میں تاخیرنہ کئےجانے پراپوزیشن کاشدید احتجاج

0

تھائی لینڈ میں حکومت کیجانب سے انتخابات میں تاخیر نہ کئے جانے پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج جاری ہے۔

تھائی لینڈ میں دو فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں تاخیر کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے اپیل کی گئی تاہم وزیراعظم ینگ لک شیناوترا نے کسی بھی قسم کی تاخیر کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔

وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد دارالحکومت بنکاک سمیت ملک بھر میں اپوزیشن کی جانب سے پر تشدد مظاہرے شروع ہوگئے تاہم اس سے قبل ہونے والے مظاہروں میں تشدد کا عنصر شامل ہے۔
   

مدت ہوئی ہے یار کو مہماں کئے ہوئے

0

ہیں اور بھی دنیا میں سخنور بہت اچھے’
‘کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِبیاں اور

جب سخن کا صفحہ کھلتا ہے تومرزا غالب کےوجود اور تذکرے کے بغیراُردو شاعری پھیکی پھیکی سی لگتی ہے، آج اُسی سخنور غالب کی دو سو سولہویں سالگرہ ہے۔ مرزا غالب برِصغیر کی شعروادب کی دنیا میں ایک نامور مقام رکھتے تھے۔ وہ کسی ایک عہد کے نہیں بلکہ ہر عہد اور ہر زمانے کے شاعر ہیں۔اُنکی طرزِادا میں جدت اوربانکپن ہے۔ اُردو زبان جس شاعر پہ بجا طور سے ناز کرسکتی ہے اور جسکو دنیا کے بہترین شعراء کی صف میں کھڑا کر سکتی وہ مرزا اسد اللہ خان غالب ہیں۔جنھوں نے شاعری کو تازہ زندگی بخشی، اُنکا تخلص ’اسد‘ تھا۔

مرزا غالب ۲۷ دسبمر ۱۷۹۷ء کو آگرہ میں پیدا ہوئے۔ ۵ برس کے تھے کہ انُکے والد عبداللہ خان ریاست الور میں مارے گئےغالب نے آگرہ میں تعلیم پائی،نواب الٰحی بخش خان معروف کی صاحبزادی امراؤ بیگم سے شادی ہوئی۔ غالب آگرہ چھوڑ کر دہلی آگئے،پھروہیں قیام پذیر رہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 


یہ نہ تھی ہماری قسمت کے وصالِ یار ہوتا’
‘اگر اور جیتے رہتے یہی انتظار ہوتا

مرزا فارسی کے اعلٰی پایہ ادیب اور شاعر تھے۔ اُردو میں اُنکی غزلوں کا دیوان اگرچہ مختصرہے لیکن اُردو کے نقاد اس کو سرآنکھوں پررکھتے ہیں۔ انھوں نے گیارہ برس کی عمر میں غزل کہنا شروع کی، زیادہ ترتوجہ فارسی کی طرف رہی۔ مرزا کو ہمیشہ فارسی پہ فخررہا مگر آپکی پہچان اُردو زبان کی شاعری بنی۔
غالب انسانی فطرت کے نباض تھے اور نفسیاتی حقائق کا گہرا ادراک رکھتےتھے۔ انھیں مسائل تصوف خصوصاً فلسفہ وحدت الوجود سے گہری دلچسپی تھی۔ مرزا نے مالی پریشانیاں بھی دیکھیں۔ قیامِ دہلی کے دوران اُنہیں خاندانی پنشن کا مقدمہ درپیش رہا جو بالآخر مرزا ہارگئے۔ تاہم خوداری کا یہ عالم تھا کہ دہلی کالج میں حصول ملازمت کیلئےگئے اور باہر یہ سوچ کر انتظار کرتے رہے کہ کالج کے سرپرست جیمز ٹامسن استقبال کے لئے آئے گے مگر وہ نہ آئے اور مرزا لوٹ آئے۔

ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے’
‘بہت نکلے میرے ارماں، لیکن پھر بھی کم نکلے

جنگِ آزادی کے ہنگاموں کے بعد والی رامپور کے وظیفے پر اکتفاکرنا پڑا۔ آخری عمر میں صحت بہت خراب ہوگئی تھی۔ آخرکار دماغ پرفالج کا حملہ ہوا اور مرزا ۱۵ فروری ۱۸۶۹ء کو خالقِ حقیقی سےجاملے،اور ایک عظیم شاعر ہم سے بچھڑگیا۔ 

ہوئی مدت کے غالب مرگیا پر یاد آتا ہے’
‘وہ ہر ایک بات پہ کہنا کہ یوں ہوتا تو کیا ہوتا

 

(راؤ محسن علی خان)

 

نجی شعبےکی جانب سے قرض لینے کے رجحان میں اضافہ

0

نجی شعبے کی جانب سے قرض لینے کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جولائی تانومبر نجی شعبے کی جانب سے لئے گئےقرضوں کا حجم ایک سو پچھتر ارب روپے رہا ۔

اسٹیٹ بینک کےمطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں نجی شعبےکی جانب سےلئےگئےقرضوں کا حجم ایک سو پچھتر ارب روپے ہوگیا۔ پچھلےمالی سال کےاختتام پرنجی شعبےکےقرضوں کاحجم منفی انییس ارب روپے تھا ۔

وزیر خزانہ کے معاشی ترقی کے بارے میں بیان کے بعد کاروباری طبقے کےاعتماد میں اضافہ ہوا۔ بینکنگ سیکٹر تجریہ کاروں کے مطابق افراط زر کے باعث شرح سود میں اضافے سے ایک بار پھر بینکوں کا رجحان حکومتی بانڈز کی جانب مبذول ہوسکتا ہےجس سےنجی شعبےکو قرضوں کی فراہمی میں کمی ہوسکتی ہے۔

 

بینکاک:مسافربس حادثے کا شکار،29افراد ہلاک،4شدید زخمی

0

تھائی لینڈ میں ڈرائیورکی نیند نے انتیس مسافروں کو ابدی نیند سلا دیا، چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تھائی لینڈ کے صوبے پیچ بن سے دوسرے شہر چینگ رائے جانیوالی مسافر بس ڈرائیور کی کوتاہی کے باعث دریا میں جاگری، جس کے نتیجے میں انتیس مسافر ہلاک جبکہ چار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی آنکھ لگ جانے کے باعث پیش آیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں حصہ لیا اور ہلاک و زخمیوں کو دریا سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں چالیس مسافر سوار تھے، جن میں سے اٹھائیس افراد موقع پر ہلاک جبکہ ایک شخص نے اسپتال میں دم توڑ دیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق چارافراد کی حالت تشویشناک ہے۔
   

سردی میں اضافہ:گیس کے گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے

0

سردی بڑھتے ہی طلب میں اضافے اور سوئی سدرن کے سسٹم میں پریشرکم ہونے نےکراچی سمیت سندھ اوربلوچستان کےکئی علاقوں میں گھریلو صارفین کے چولہوں کو ٹھنڈا کردیا۔

سردی کیا بڑھی جیسے گیس استعمال کرنے والوں کی شامت ہی آگئی۔ سی این جی اسٹیشنز اور صنعتیں تو متاثر تھیں ہی اب گیس کی قلت اور سسٹم کی خرابی نے گھریلو صارفین کے چولہوں کو بھی ٹھنڈا کردیا۔

سندھ اور بلوچستان کے زیادہ سردی والے علاقوں کی عوام کیلئے صورتحال اور بھی زیادہ خراب ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہےکہ گھریلوصارفین کیلئےگیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کررہے تاہم سردی بڑھتے ہی گیس کی طلب 150 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھکر 300 ایم ایم سی ایف ڈی ہوگئی ہے۔

اس کے ساتھ دو گیس فیلڈ میں آنے والی خرابی نے بھی صورتحال خراب کرنے میں کردار ادا کیا۔ گیس پریشر میں کمی کے باعث بھی گیس صارفین تک نہیں پہنچ پارہی ہے۔ کراچی کے جن علاقوں میں گیس نہیں آرہی ہےاُن میں لیاری،کلفٹن،ڈیفینس کےبعض علاقے، کیماڑی،لائینز ایریا،بلدیہ اور اُورنگی ٹاؤن شامل ہیں۔

سوئی سدرن کے اعلٰی حکام کے مطابق گیس لوڈ مینج کرنے کیلئے کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی میں کمی آئی ہے۔ جمعے کو سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے تاہم کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے کی شام چھے بجے سے پیر کو صبح آٹھ بجے تک اڑتیس گھنٹوں کیلئے گیس کی فراہمی بند رہے گی جبکہ اتوار کو صنعتی علاقوں کو گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔

 

القاعدہ کی حراست میں قید امریکی کی صدر اوبامہ سے اپیل

0

القاعدہ کی حراست میں دو سال سے قید و بند کی تکلیفیں برداشت کرنےوالے ایک امریکی نے اپنے صدر بارک اوبامہ سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ وہ اسکی رہائی کے لئے ذاتی طورپر کوشش کریں۔

امریکی صدر کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں امریکی شہری وارن وین اسٹائین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی مدد کے لئے آیا تھا لیکن امریکی حکومت نے اسے بھلا دیا۔

وارن وین اسٹائین کے مطابق اس کی عمر باہتر سال ہے اور وہ دل کا مریض ہے ، اسکی ایک بیوی , دو بیٹیاں اور انکےبچے بھی ہیں، وارن وین اسٹائین نے کہا کہ جناب صدر آپ کا بھی ایک خاندان ہے ، اور میں امید کرتا ہوں کہ امریکی صدر اس کی تنہائی اور اس کے مسائل کو سمجھ سکتے ہیں۔

وارن وین اسٹائین نے کہا کہ اسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ امریکہ حکومت نہ صرف اس سے کنارہ کش بھی ہوگئی ہے بلکہ ا س کے بارے میں سوچنا بھی چھوڑ دیا ہے، اب امریکی صدر سے ہی امید ہے کہ وہ اس کی رہائی کے لئے کچھ کریںگے اور اسے اس کے خاندان اور وطن واپس لائیں گے۔
   

بینگوئی: 2 دن کی شدید لڑائی کے بعد حالات معمول پر

0

سینٹرل افریقن ری پبلک کے دارالحکومت بینگوئی میں دو دن کی شدید لڑائی کے بعد حالات معمول پر آرہے ہیں۔

دو دن قبل عیسائی باغی گروہ اور سرکاری فوج میں شدید لڑائی میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، چاڈ کے اینٹی بالاکا نامی باغی عیسائی گروہ نے سرکاری فوج پر مسلمانوں کی مدد کا الزام لگا کر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا تھا۔

جس کے بعد فرانس سے تعلق رکھنے والے امن مشن کے اہلکاروں کی مداخلت پر باغی گروہ بھاگنے پر مجبور ہوگیا، سینٹرل افریقن ری پبلک سے تعلق رکھنے والے عیسائیوں اور مسلمان رہنماؤں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی بڑے انسانی المیے سے بچنے کے لئے فوری طور پر بڑی تعداد میں امن مشن کے فوجی اہلکار تعینات کئے جائیں۔