جمعہ, جنوری 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 28900

نجی شعبےکی جانب سے قرض لینے کے رجحان میں اضافہ

0

نجی شعبے کی جانب سے قرض لینے کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جولائی تانومبر نجی شعبے کی جانب سے لئے گئےقرضوں کا حجم ایک سو پچھتر ارب روپے رہا ۔

اسٹیٹ بینک کےمطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں نجی شعبےکی جانب سےلئےگئےقرضوں کا حجم ایک سو پچھتر ارب روپے ہوگیا۔ پچھلےمالی سال کےاختتام پرنجی شعبےکےقرضوں کاحجم منفی انییس ارب روپے تھا ۔

وزیر خزانہ کے معاشی ترقی کے بارے میں بیان کے بعد کاروباری طبقے کےاعتماد میں اضافہ ہوا۔ بینکنگ سیکٹر تجریہ کاروں کے مطابق افراط زر کے باعث شرح سود میں اضافے سے ایک بار پھر بینکوں کا رجحان حکومتی بانڈز کی جانب مبذول ہوسکتا ہےجس سےنجی شعبےکو قرضوں کی فراہمی میں کمی ہوسکتی ہے۔

 

بینکاک:مسافربس حادثے کا شکار،29افراد ہلاک،4شدید زخمی

0

تھائی لینڈ میں ڈرائیورکی نیند نے انتیس مسافروں کو ابدی نیند سلا دیا، چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تھائی لینڈ کے صوبے پیچ بن سے دوسرے شہر چینگ رائے جانیوالی مسافر بس ڈرائیور کی کوتاہی کے باعث دریا میں جاگری، جس کے نتیجے میں انتیس مسافر ہلاک جبکہ چار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی آنکھ لگ جانے کے باعث پیش آیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں حصہ لیا اور ہلاک و زخمیوں کو دریا سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں چالیس مسافر سوار تھے، جن میں سے اٹھائیس افراد موقع پر ہلاک جبکہ ایک شخص نے اسپتال میں دم توڑ دیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق چارافراد کی حالت تشویشناک ہے۔
   

سردی میں اضافہ:گیس کے گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے

0

سردی بڑھتے ہی طلب میں اضافے اور سوئی سدرن کے سسٹم میں پریشرکم ہونے نےکراچی سمیت سندھ اوربلوچستان کےکئی علاقوں میں گھریلو صارفین کے چولہوں کو ٹھنڈا کردیا۔

سردی کیا بڑھی جیسے گیس استعمال کرنے والوں کی شامت ہی آگئی۔ سی این جی اسٹیشنز اور صنعتیں تو متاثر تھیں ہی اب گیس کی قلت اور سسٹم کی خرابی نے گھریلو صارفین کے چولہوں کو بھی ٹھنڈا کردیا۔

سندھ اور بلوچستان کے زیادہ سردی والے علاقوں کی عوام کیلئے صورتحال اور بھی زیادہ خراب ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہےکہ گھریلوصارفین کیلئےگیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کررہے تاہم سردی بڑھتے ہی گیس کی طلب 150 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھکر 300 ایم ایم سی ایف ڈی ہوگئی ہے۔

اس کے ساتھ دو گیس فیلڈ میں آنے والی خرابی نے بھی صورتحال خراب کرنے میں کردار ادا کیا۔ گیس پریشر میں کمی کے باعث بھی گیس صارفین تک نہیں پہنچ پارہی ہے۔ کراچی کے جن علاقوں میں گیس نہیں آرہی ہےاُن میں لیاری،کلفٹن،ڈیفینس کےبعض علاقے، کیماڑی،لائینز ایریا،بلدیہ اور اُورنگی ٹاؤن شامل ہیں۔

سوئی سدرن کے اعلٰی حکام کے مطابق گیس لوڈ مینج کرنے کیلئے کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی میں کمی آئی ہے۔ جمعے کو سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے تاہم کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے کی شام چھے بجے سے پیر کو صبح آٹھ بجے تک اڑتیس گھنٹوں کیلئے گیس کی فراہمی بند رہے گی جبکہ اتوار کو صنعتی علاقوں کو گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔

 

القاعدہ کی حراست میں قید امریکی کی صدر اوبامہ سے اپیل

0

القاعدہ کی حراست میں دو سال سے قید و بند کی تکلیفیں برداشت کرنےوالے ایک امریکی نے اپنے صدر بارک اوبامہ سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ وہ اسکی رہائی کے لئے ذاتی طورپر کوشش کریں۔

امریکی صدر کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں امریکی شہری وارن وین اسٹائین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی مدد کے لئے آیا تھا لیکن امریکی حکومت نے اسے بھلا دیا۔

وارن وین اسٹائین کے مطابق اس کی عمر باہتر سال ہے اور وہ دل کا مریض ہے ، اسکی ایک بیوی , دو بیٹیاں اور انکےبچے بھی ہیں، وارن وین اسٹائین نے کہا کہ جناب صدر آپ کا بھی ایک خاندان ہے ، اور میں امید کرتا ہوں کہ امریکی صدر اس کی تنہائی اور اس کے مسائل کو سمجھ سکتے ہیں۔

وارن وین اسٹائین نے کہا کہ اسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ امریکہ حکومت نہ صرف اس سے کنارہ کش بھی ہوگئی ہے بلکہ ا س کے بارے میں سوچنا بھی چھوڑ دیا ہے، اب امریکی صدر سے ہی امید ہے کہ وہ اس کی رہائی کے لئے کچھ کریںگے اور اسے اس کے خاندان اور وطن واپس لائیں گے۔
   

بینگوئی: 2 دن کی شدید لڑائی کے بعد حالات معمول پر

0

سینٹرل افریقن ری پبلک کے دارالحکومت بینگوئی میں دو دن کی شدید لڑائی کے بعد حالات معمول پر آرہے ہیں۔

دو دن قبل عیسائی باغی گروہ اور سرکاری فوج میں شدید لڑائی میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، چاڈ کے اینٹی بالاکا نامی باغی عیسائی گروہ نے سرکاری فوج پر مسلمانوں کی مدد کا الزام لگا کر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا تھا۔

جس کے بعد فرانس سے تعلق رکھنے والے امن مشن کے اہلکاروں کی مداخلت پر باغی گروہ بھاگنے پر مجبور ہوگیا، سینٹرل افریقن ری پبلک سے تعلق رکھنے والے عیسائیوں اور مسلمان رہنماؤں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی بڑے انسانی المیے سے بچنے کے لئے فوری طور پر بڑی تعداد میں امن مشن کے فوجی اہلکار تعینات کئے جائیں۔
   

سابقہ حکومت نے 81کھرب 36ارب روپے کے قرضے حاصل کئے

0

گزشتہ پانچ سال کے دوران 81کھرب 36ارب روپے کے قرضے حاصل کئے گئے,تفصیلات کے مطابق سابقہ حکومت نے گزشتہ پانچ سال کے دوران 81کھرب 36ارب روپے کے ملکی اور غیر ملکی قرضے حاصل کئے جو کسی بھی حکومت کی جانب سے لئے گئے قرضوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔

وزارت خزانہ کے اعدادوشمارکے مطابق سابقہ حکومت نے ملکی اورغیر ملکی قرضوں کے ذریعے اپنے مالیاتی خسارہ کو پورا کیا، اعدادوشمار کے مطابق 2008ء سے 2013ء کے دوران پاکستان کی جانب سے حاصل کئے گئے ملکی اورغیرملکی قرضوں کی کل رقم 81کھرب 36ارب روپے بنتی ہے۔

حکومت نے ملکی سطح پر وسائل میں اضافے کی بجائے ملکی اور غیر ملکی قرضوں کے ذریعے اپنے مالیاتی خسارہ اور دیگر ضروریات کو پورا کیا۔

 

لندن:برطانیہ میں طوفانی ہوئیں اور سیلاب سے نظام زندگی مفلوج

0

برطانیہ میں طوفانی ہوائیں اور سیلاب کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا دس ہزار سے افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔

برطانوی دارالحکومت لندن اور اس قریبی علاقوں میں رواں ہفتے شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے باعث پانچ افراد ہلاک ہوگئے، سیلاب سے ایک ہزار سے زائد گھر متاثر جبکہ تیرہ ہزار بجلی سے محروم ہیں۔

یورپی ممالک میں ان دنوں کرسمس کی تعطیلات جاری ہیں، سخت سردی اور بارشوں کے باعث لاکھوں افراد کرسمس کا تہوار گھروں پر منانے پر مجبور تھے، حکام کیجانب سے چھیاسٹھ سیلابی وارننگ جاری کی گئیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
   

ساؤپاؤلو: موسلادھار بارشوں میں40ہلاکتوں کے بعد فوج تعینات

0

برازیل میں موسلادھار بارشوں میں چالیس افراد کی ہلاکتوں کے بعد فوج کو تعینات کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کے اسپیرتو صوبے میں گذشتہ دس دن سے جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، بارش کی وجہ سے پچاس ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

نشیبی علاقے مکمل طور پر زیر آب آچکے ہیں، متاثرہ علاقوں میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے، جوتعلیمی ادارے اور تمام سرکاری عمارتوں میں متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپس اور خیمہ بستیوں کا بندوبست کر رہی ہے۔
   

قاہرہ:اخوان المسلمین کے خلاف کریک ڈاؤن،ایک ہلاک،50گرفتار

0

مصر میں فوجی حکومت نے اخوان امسلمین کو دہشت تنظیم قرار دینے کے بعد کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پچاس سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اخوان کو دہشت گرد قرار دینے کی مذمت کی ہے، مصری حکام نے اخوان المسلمین کے کارکنان پر دہشت گردی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کریک ڈاؤن شروع کردیا جبکہ اخوان المسلمین کی حمایت میں مظاہرہ اور کسی بھی مہم میں حصہ لینے والے افراد کو گرفتاراور پانچ سال کی قید کا حکم دیا گیا ہے۔

مصر میں پولیس پر حملوں اور سولہ افراد کی ہلاکت کے بعد حکام نے الزام اخوان المسلمین پر عائد کیا، اخوان المسلمین کیجانب سے الزامات کی تردید کی گئی ہے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اخوان المسلمین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر مذمت کی ہے۔

جی ایس پی پلس:پاکستانی ایکسپورٹرزڈیڑھ ارب ڈالرکی برآمدات بڑھاسکتے ہیں

0

وزارت تجارت کے مشیر مجیب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کادرجہ ملنے کے بعد پاکستانی ایکسپورٹرز رواں مالی سال کے اختتام تک ڈیڑھ ارب ڈالر کی برآمدات بڑھاسکتے ہیں۔

کراچی میں ٹی ڈی اے پی کے تحت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجیب خان نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کے معیار اور ضابطوں پر اترنے کیلئے انفراسٹرکچر، توانائی، امن وامان اورٹیکنالوجی کے میدان میں چیلنج کا سامنا ہے، تاہم پاکستان کے لئے دس سال تک جی ایس پی پلس تک فائدہ اٹھانے کے مواقع موجود ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایک ہزار سے زائد ٹیکسٹائل اور دیگر مصنوعات یورپی ممالک کو ایکسپورٹ کرسکتا ہے جس کیلئے ہمیں پلاننگ کرنا ہوگی، ترقی پذیر ممالک کی زراعت، ٹیکسٹائل اور سمندری غذا برآمدی صنعت ہیں، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو تین سالوں میں انسانی حقوق، لیبر قوانین، ماحولیات اور نارکوٹکس سمیت کرپشن کے حوالے سے یورپی یونین کے پیمانوں کا خیال رکھنا ہوگا۔

سیکریٹری ٹی ڈی اے پی رابعہ جویری کا کہنا تھا کہ جی ایس پی کی آگاہی اور سہولت کیلئے ٹی ڈی اے پی ہیڈ آفس کراچی میں ایک ڈیسک کا قیام کیا گیا ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ جی ایس پی کا فائدہ اٹھانے کے لیے توانائی کا مسئلہ ترجیہی بنیادوں پرحل کرنا ہوگا۔