منگل, جنوری 7, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 28915

امریکہ کی اولمپکس گیمز کی سیکورٹی میں معاونت کی پیشکش

0

روس میں بم دھماکوں کے واقعات کے بعد امریکہ نے روس میں ہونے والے اولمپکس گیمز کی سیکورٹی میں معاونت کی پیشکش کر دی۔

روس میں حالیہ بم دھماکوں کے بعد اگلے سال ہونے والے اولمپکس گیمز میں ممکنہ بم دھماکوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جس سے اولمپکس گیمز متاثر ہونے کا امکان ہے۔

امریکہ نے روس میں سیکیورٹی صورتحال اور مہمان کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر اولپکس گیمز میں کسی بڑے واقعے سے بچنے کے لیے معاونت کی پیشکش کی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال امریکہ کے جاسوسی پروگرام، سنوڈن کو پناہ دینے اور شام کے تنازعے پر اختلاف کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔
   

سال 2013 : قومی کرکٹ ٹیم کیلئے کامیاب ثابت ہوا

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے دو ہزار تیرہ کا سال اچھا رہا، غیر ملکی سرزمین پرقومی ٹیم کی پرفارمنس قابل ذکر رہی، پاکستان نے بھارت ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کو ان ھی کے ملک میں جا کر ہرایا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے سال دو ہزاد تیرہ کامیابیوں کا سال رہا۔

پاکستان نے سال کا آغاز روایتی حریف بھارت کو ان ہی کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر کیا۔۔ جنوبی افریقہ میں قومی ٹیم وہ کارکردگی نہ دکھا سکی جس کی ان سے توقع تھی، پاکستان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز اور پھر ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا رہا۔

آخری چیمپینز ٹرافی سے قبل پاکستان نے آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ لیکن چیمپیئنز ٹرافی میں گرین شرٹس توقعات پر پورا نہ اترسکے۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستانی شاہینوں نے ایک بار پھر کم بیک کرتے ہوئے پہلے ون ڈے سیریز جیتی اور پھر دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں کلین سوئپ شکست دی۔ یو اے ای میں ورلڈ نمبر ون جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ڈرا کی۔ ون ڈے میں قومی ٹیم ہوم کنڈینشز کا فائدہ نہ اٹھا سکی اور سیریز چار ایک سے ہار گئی۔

جنوبی افریقہ سے جوابی سیریز میں پاکستان نے حیران کن طور پر نئی تاریخ رقم کی اور یوں مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان پروٹیاز کو ان ھی کے دیس میں شکست دینےوالی پہلی ایشیائی ٹیم بنی۔ سال دو ہزار تیرہ کی آخری سیریز میں پاکستان نے لنکن ٹائیگرز کو چاروں شانے چت کیا اور ون ڈے سیریز سیریز تین دو سے اپنے نام کی۔

 

بغداد:حکومت مخالف مظاہرے،13 افراد جاں بحق ،20زخمی

0

عراق کے مغربی صوبہ الانبار میں سکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف احتجاجی کیمپ کو بزور قوت خالی کرالیا ہے، کاروائی کے دوران تیرہ افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق رمادی میں قائم احتجاجی کیمپ کو ختم کرنے کے لئے اسپیشل پولیس پر نامعلوم مسلح شخص پولیس پر فائرنگ کردی، جس کے باعث تصادم شروع ہوگیا۔

مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں چار پولیس گاڑیاں تباہ اور کم از کم تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے، اسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک پولیس اہلکاروں کے علاوہ مزید دس افراد کی لاشیں لائی گئیں۔

سکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف احتجاجی کیمپ کو بزور خالی کرالیا ہے، وزیراعظم نوری المالکی کے ترجمان علی الموساوی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ رمادی میں مظاہرین کو اب بھی احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن انھیں خیمے لگانے اور سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
   

ڈھاکہ: حکمراں جماعت اور اپوزیشن میں تصادم،متعدد زخمی

0

بنگلہ دیش میں اپوزيشن اور حکمراں جماعت کے حامیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد معمولی زخمی ہوگئے۔

بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں،  تازہ واقعے میں حکمران جماعت اور حزب اختلاف کے حامیوں کے درمیان تصادم اس وقت ہوا، جب حکمران جماعت کی ریلی کا اپوزیشن کی ریلی سے آمنا سامنا ہوگیا۔

دونوں جانب سے ایک دوسرے پر ڈنڈوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال ہوا، بنگلہ دیش میں پانچ جنوری کو ہونیوالے انتخابات کا اپوزیشن اور اتحادیوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کا مطالبے کو حکومت نے مسترد کردیا۔
   

کراکس: وینزویلا میں افراط زر کی شرح 50 فیصد سے بھی بڑھ گئی

0

لاطینی امریکا کے ملک وینزویلا میں افراط زر کی شرح پچاس فیصد سے بھی بڑھ گئی۔

وینزویلا میں افراط زر اور مہنگائی بام عروج پر پہنچ گئی اور پچھلے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے سال دو ہزار تیرہ میں چھپن اعشاریہ چھ فیصد تک پہنچ گئی۔

وینزویلا کے صدر میڈورو کا بڑھتی ہوئی افراط زر کے بارے میں کہنا تھا کہ امریکی سازشوں کے باعث آج ملک کی معاشی حالت ابتر ہے، تاہم وہ اور انکی حکومت ماضی کی طرح اب بھی ماسکو کے ساتھ ہی اتحادی کی حیثیت سے رہے گی اور معاشی بدحالی کے اس موقع پر روس کی جانب سے تعاون کے خواہاں ہیں۔
   

سربیا میں سانتا کلاز کا روپ دھارے افراد کے درمیان دوڑ کا مقابلہ

0

سانتا کلاز کرسمس کے موقع پر بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کے لئے مشہور ہے لیکن سربیا کے شہر بلغراد میں سانتا کلاز نے ایک نیا کام کیا۔

سربیا کے دارالحکومت میں سانتا کلاز کا روپ دھارے افراد کے درمیان دوڑ کا مقابلہ بلغراد کی گلیوں اور سڑکوں پر ہوا، جسے دیکھ کر بچے اور بڑے سب ہی بہت محظوظ ہوئے، اس ریس کا مقصد لاوارث بچوں کے لئے فنڈز اکٹھا کرنا تھا۔

سن دو ہزار گیارہ کی ریس کے فاتح اور دوہزار بارہ میں رنر اپ رہنے والے ساسا اسٹولک نے اس موقع پر کہا کہ ہر سال کرسمس کے موقع پر سانتا کلاز کا روپ دھار کر ریس میں حصہ لینا اور جیتنا ان کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔
   

پاکستان بمقابلہ سری لنکا،پہلا ٹیسٹ،مصباح کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

0

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ابو ظہبی میں  شروع ہوگیا۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں سر ی لنکا کو کمزور حریف سمجھ کر نہیں کھیلیں گے۔

ابو ظہبی میں پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔ سری لنکن ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل جے وردھنے اور ہیراتھ نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان مصباح نے کہا کہ اوپنز فارم میں ہیں ، فائنل الیون کا انتخاب مشکل ہوگا۔

مصباح الحق نے مزید کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی کی طرح ٹیسٹ میچز میں بھی سخت مقابلہ ہوگا، سری لنکا کی ٹیم مضبوط حریف ہے.

دوسری جانب سری لنکن کپتان اینجلو میتھوز کاکہنا تھا کہ جے دورھنے کے آنے سے بیٹنگ لائن مضبوط ہوگی، ٹیسٹ میچز میں پاکستان کو فیورٹ قرار نہیں دیتے جو ٹیم میدان میں بہتر کھیل پیش کرے گی وہی ٹیم میچ جیت سکتی ہے۔ سنئیر کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم متوازن ہوگئی ہے۔

 

امریکا:2015سے ڈرونز کو سول مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا اعلان

0

اب ڈرون طیارے ڈرانے نہیں بلکہ لوگوں کو سہولیات پہچانے کے لئے مختلف کام سر انجام دیتے نظرآئیں گے، امریکی ادارے نے ڈرون طیاروں کی مدد سے تحقیقاتی مقاصد سر انجام دینے کا تجرباتی منصوبہ بنایا ہے۔

امریکی ہوابازی کے ادارے نے دو ہزار پندرہ سے ڈرونز کو سول مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے، ادارے کی جاری کردی رپورٹ کے مطابق سات ہزار سے زائد ایسے طیارے بنائے جائیں گے، جو صرف تحقیقی اور نجی مقاصد کے لئے استعمال ہونگے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ریاستوں نیویارک، ڈکوٹا، نیواڈا الاسکا، ٹیکساس اور ورجینیا میں بنائے گئے چھ ٹیسٹ مقامات پر اگلے تین مہینے میں تجرباتی پروازوں کا آغاز کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں ڈرون کے ذریعے پیزا ڈلیوری کا بھی باقاعدہ آغاز کیا جاچکا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مزید کیا گل کھلاتی ہے۔

اشرف جہاں پاکستان میں پہلی بار شریعت کورٹ میں خاتون جج تعینات

0

سندھ ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج 56 سالہ اشرف جہاں نے پیر کو کراچی میں شریعت کورٹ کے عہدے کے لیے حلف اٹھایا، وفاقی شریعت کورٹ کے چیف جسٹس آغا رفیق احمد نے کہا کہ یہ ایک تاریخی حلف برداری کی تقریب تھی، پاکستان کی وفاقی شریعت کورٹ میں عدالت کی 33 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون جج کو تعینات کیا گیا ہے۔

وفاقی شریعت کورٹ 1980 میں فوجی صدر ضیا الحق کے دور میں بنائی گئی، اس عدالت کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان کے قوانین اسلام تعلیمات کے مطابق ہوں، اس کے علاوہ عدالت حدود آرڈینینس کے تحت مقدمات کی سماعت بھی کرسکتی ہے۔

چیف جسٹس شریعت کورٹ آغا احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئین میں کسی خاتون کے شریعت کورٹ کا جج بننے پر کوئی بندش نہیں ہے اور اس میں مردوں اور خواتین کے درمیان کوئی امتیاز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اقدام اس لیے اٹھایا ہے تاکہ دنیا بھر میں یہ پیغام پہنچایا جاسکے کہ ہم روشن خیال لوگ ہیں اور بہت سے لوگوں کی غلط فہمی دور ہوگی۔

ملک کے کئی علاقے شدید ترین سردی کی لپیٹ میں

0

ملک کے کئی علاقے شدید ترین سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ وفاقی دارلحکومت میں بھی درجہ حرارت منفی تین درجہ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

ملک میں ان دنوں شدید سردی ہے اور کئی علاقوں میں بارش جبکہ بعض علاقوں میں برف باری سے درجہ حرارت منفی ڈگری تک پہنچ چکا ہے، جہاں نظام زندگی بھی بری طرح متاثر ہے۔

سب سے زیادہ سردی قلات میں ہے، جہاں درجہ حرارت منفی پندرہ درجے ریکارڈ کیا گیا، کوئٹہ منفی تیرہ، پارا چنار منفی دس ،استور، ژوب، گلگت، مری اور دیر میں درجہ حرارت منفی چار سے منفی سات درجہ سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

 وفاقی درالحکومت میں بھی شام کو درجہ حرارت منفی تین درجہ سینٹی گریڈ رہا، سردی سے بچنے کے لئے جہاں گرم ملبوسات کا استعمال عروج پر ہے وہاں بازاروں میں لوگ چائے، سوپ ، دودھ جلیبی اور گرم گرم پکوڑوں سے بھی لطف اندوز ہوتے نظر آتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، گجرانوالہ، راول پنڈی، اسلام آباد، ہزارہ ڈویژن، کشمیر کے علاوہ سرگودھا، گلگت گردونواح میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برف فباری کے امکانات ہیں۔