اسلام آباد موٹروے پر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں آبائی گھر ملتان پہنچ گئیں، نماز جنازہ صبح آٹھ بجے ادا کی جائے گی۔
گزشتہ روز اسلام آباد موٹروے پر بس اور ٹرالر کے حادثے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ چالیس زخمی ہوئے تھے، جاں بحق چاروں افراد کا تعلق ملتان کے علاقے دہلی گیٹ سے ہے۔
جن میں طارق حسین انکی اہلیہ سمیرا طارق ، چھ سالہ بیٹا معیض اور تین سالہ ہانیہ شامل ہیں میتیں گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا، طارق حسین اپنے اہل خانہ سے ملنے کے بعد اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ واپس اسلام آباد جا رہے تھے۔
وہ پچھلے آٹھ سال سے کہوٹہ ایٹمی پاور پلانٹ میں انجینر تھے، چاروں افراد کی نماز جنازہ صبح آٹھ بجے لاہا مارکیٹ میں ادا کی جائے گی۔