جمعرات, جنوری 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 28957

سندھ بلدیاتی انتخابات،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم

0

بلدیاتی انتخابات کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر سے ہزاروں امیدوار سامنے آگئے، ممبرقومی اور صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد بھی مئیر اور ڈپٹی میئر بننے کی دوڑ میں شامل ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھرمیں بلدیاتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت گزشتہ روز توسیع کے بعد رات بارہ بجے ختم ہوگیا، کراچی سمیت سندھ بھر سے عوام کی خدمت کرنے کے لئے امیدوار ہزاروں کی تعداد میں سامنے آگئے، جن میں بڑی تعداد خواتین کی بھی شامل ہے۔

کئی ممبر قومی اور صوبائی اسمبلی نے بھی میئراور ڈپٹی میئر کے لئے نامزدگی فارم جمع کرادیئے، کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار اور خوش بخت شجاعت بھی میئر اور ڈپٹی میئرکے عہدوں کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد یکم سے پانچ جنوری تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائےگی، جبکہ کاغذات منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں چھ اور سات جنوری کو دائر کی جاسکیں گی۔

امیدواروں کو نشانات کی الاٹمنٹ کے ساتھ حتمی فہرست سات جنوری کو جاری کی جائے گی، صوبے میں پولنگ اٹھارہ جنوری کو اور حتمی نتائج کا اعلان اکیس جنوری کو کیا جائے گا۔

 

لاہورہائیکورٹ: پروگرام کھراسچ روکنے کی جیو کی درخواست واپس

0

جنگ، جیو گروپ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں اے آر وائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال اور سینئر اینکر پرسن مبشر لقمان کے خلاف اپنی درخواست واپس لے لی گئی، عدالت نے کھرا سچ پروگرام پر حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کردی۔

جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی، جیو گروپ کے وکیل نے اے آر وائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال اور مبشر لقمان کے خلاف اپنی درخواست واپس لیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہم نے کیس صرف پیمرا کے خلاف دائر کیا ہے، جس سے اے آر وائی نیوز اور مبشر لقمان کا کوئی تعلق نہیں۔

وکیل اے آر وائی اعتزاز احسن نے کہا کہ جیو چاہتا ہے کہ ملک بھر میں کوئی اس کے خلاف زبان نہ کھولے، یہ عجیب قسم کی روایت ڈالنا چاہتا ہے کہ ایک ہائیکورٹ سے ریلیف نہ ملے تو دوسرے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے، اگر جیو سچ کا مقابلہ نہیں کرسکتا تو قصور جیو کا ہے، اے آر وائی کا نہیں۔

اعتزاز احسن نے دلائل دئیے کہ مختلف ہائیکورٹس میں اے آر وائی نیوز اور مبشر لقمان کے مختلف پتہ لکھ کر درخواستیں دائر کی گئیں، کیا یہ بدنیتی نہیں کہ ایک شخص کراچی اور اسلام آباد کا رہائشی نہیں لیکن اسے وہاں کا رہائشی ظاہر کیا جاتا ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ جیو اپنے حقوق کی بات تو کرتا ہے مگر چاہتا ہے کہ اے آر وائی نیوز کا چینل ہی بن کردیا جائے، اگر جیو قتل بھی کردے تو کیا اس کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھائی جائے، جسٹس خالد محمود خان نے ریمارکس دئیے کہ جیو جو کہتا ہے اسے کہنے دیں، فیصلہ تو عدالتوں نے حقائق کے مطابق کرنا ہے، کاروبار کرنا کسی بھی شہری کا بنیادی حق ہے، اسے اس حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔

اعتزاز احسن نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہتک عزت کا کیس صرف ماتحت عدالتوں میں سنا جاسکتا ہے، ہائیکورٹ میں نہیں، ویسے بھی ہتک عزت کا کیس جھوٹے الزامات پر بنتا ہے، کھرا سچ میں تو تمام ثبوت دکھائے جاتے ہیں، سچ اور مفاد عامہ کے لئے حقائق کو منظر عام پر لانے میں کوئی قدغن نہیں۔

جسٹس خالد محمود خان نے کہا کہ کسی کو بابا کہہ دینا کوئی بری بات تو نہیں، غلیظ یا گندہ بابا کہنا برحال غلط بات ہوگی، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ جیو گروپ اب اے آر وائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال اور مبشر لقمان کے خلاف کیس واپس لے کر عدالت کے ذریعے کوئی ریلیف لینا چاہ رہا ہے، جیو کا کیس قابل سماعت نہیں، لہذا مسترد کیا جائے، عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کے حوالے سے متفرق درخواست دی گئی ہے جس کا مرکزی کیس میں ذکر ہی نہیں،

جسٹس خالد محمود نے کہا کہ کوئی چینل عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کے خلاف درخواست دائر نہیں کرسکتا، لاہور ہائیکورٹ نے جیو جنگ گروپ کی جانب سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام کھرا سچ کیخلاف حکم امتناعی دینے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے پیمرا سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے قرار دیا کہ قوانین کے مطابق کھرا سچ کو روکنے کیلئے عبوری حکم جاری نہیں کیا جاسکتا۔

 

روپے کی قدر میں کمی ، پاکستان کیلئے خام تیل 10 فیصد مہنگا

0

روپےکی قدرمیں کمی کےپاکستانی معشیت پر بہت گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔روپے کی قدر میں کمی سے درآمدی تیل کی قیمت میں بھی دس فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ رواں مالی سال کے دوراں روپے کی قدر میں چودہ روپے کی کمی کے باعث درآمدی خام تیل کی قیمت میں دس فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وزرات تیل اورقدرتی وسائل کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافہ سے پاکستان کو خام تیل کی درٓمدات پر دس فیصد زائد ادا کرنا پڑا ہے

 

جورجیا کے بوکسنگ کوچ کا دلچسپ ریکارڈ قائم

0

جورجیا کے بوکسنگ کوچ نے چمچوں اور گاڑی کو اپنے جسم کی کشش سے کھینچ کے سب کو حیران کردیا اور دنیا میں دلچسپ ریکارڈ قائم کردیا۔

جورجیا سے تعلق رکھنے والے اکتالیس سالہ ایٹی بار نے اپنی جسم پر کئی دیر تک تریپن چمچوں کو چپکائے رکھا صرف یہ ہی نہیں اپنی جسمانی مقناطیسی خاص طاقت سے مرسیڈیز کار کو اس طرح کھینچا کے لوہے کی شیٹ کو اپنے سینےسے چسپاں کیا اور شیٹ کی مدد سے کار کو کھینچ لیا۔

سب کو حیران کرتے باکسرکوچ نے کئی بھاری بھر کم لوہے کے تالوں کو لوہے کی شیٹ پر لئے ڈنڈوں پر لٹکایا اور شیٹ کو اپنی جسمانی کشش سے جادوئی انداز میں اٹھایا لیا اور سب کو حیران کردی۔

ایٹی بار کا اپنی خاص طاقت کے بارے میں کہنا ہے کہ ایسی مقناطیسی طاقت دنیا بھر میں شاہد ہی کسی اور کے پاس ہو، جسے انھوں نے خود کچھ سال قبل ہی باکسنگ سیکھاتے ہوئے دریافت کیا۔

 

سندھ ہائیکورٹ:لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترامیم غیرقانونی قرار

0

سندھ ہائی کورٹ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی ترامیم کو غیرآئینی قرار دے دیا، بلدیاتی انتخابات کے لئے کی جانے والی نئی حد بندیاں بھی کالعدم ہوگئیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے لوکل باڈیز ایکٹ میں کی جانے والی تمام ترامیم کو غیر قانونی قراردے دیا، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کی جانے والی نئی حد بندیوں کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔

لوکل گورمنٹ ایکٹ ترامیم کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ سمیت دیگر سیاسی اور سماجی تنظیموں نے چیلنج کیا تھا، ایم کیو ایم نے موقف اختیارکیا کہ نئی حد بندیاں آئین سے متصادم ہیں، حکومتی وکیل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نےعدالت میں دلالئل دیئے کہ حد بندیاں آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔

صوبائی حکومت کو ترامیم کا اختیار ہے،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد گزشتہ ہفتے محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنا دیا ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترامیم کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں دس سے زائد درخواستیں دائر کی گئیں تھیں، جماعت اسلامی کی جانب سے پورے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو چیلنج کیا گیا ہے، جس پر فیصلہ آنا باقی ہے۔
     

 

جنوبی سوڈان:باغی رہنما ریک ماچر کے ہزاروں حامیوں کا مارچ، تصادم کا خدشہ

0

جنوبی سوڈان میں باغی رہنما ریک ماچر کے ہزاروں حامیوں نے جونگلی ریاست کے شہر بور کیجانب مارچ شروع کر دیا ہے، باغیوں کی مارچ روکنے کے لیے حکومت حرکت میں آگئی ہے، جس کے باعث سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان خوں ریز تصادم کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق جنوبی سوڈان میں جاری جنگ میں باغی رہنما ریک ماچر کے ہزاروں حامیوں نے بور شہر کا قبضہ چھڑانے کے لئے سرکاری فوج کے خلاف لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے، شہر جونگلی ریاست کا دارالحکومت ہے، جسے حکومتی فوج نے باغیوں سے حاصل کیا ہے۔

جنوبی سوڈان میں دسمبر کے اوائل میں شروع جنگ میں تاحال ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں اور ایک لاکھ سے زائد افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر اقوام متحدہ کے کیمپوں میں پناہ لینے پرمجبور ہیں، واضح رہے کہ جنوبی سوڈان میں جاری جنگ ریک ماچراور صدر سلوا کیئر کےدرمیان اقتدار کے حصول کی رسہ کشی سے شروع ہوئي تھی۔

بنگلہ دیش:پولیس کا کریک ڈاؤن، سینکڑوں افراد گرفتار

0

بنگلہ دیش میں اپوزیشن کے مارچ کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا، مظاہرین اور پولیس میں تصادم سے ایک شخص بحق ہوگیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق حزب اختلاف کی چودہ پارٹیوں کے اتحاد کی اپیل پر مختلف پارٹیوں کے کارکن ملک بھرسے ڈھاکہ کی جانب مارچ کرنےکیلئےجمع ہوئے۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے کاروائی کی، جس کے نتیجے میں جھڑپیں شروع ہوگئیں، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ کے دوران فائرنگ سے ایک طالبعلم موقع پر ہی جاں بحق اور درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما بیگم خالدہ ضیاء تیسرے روز بھی اپنی رہائشگاہ میں نظربند رہیں، پولیس نے ملک کے مختلف شہروں میں کاروائی کے دوران سیاسی جماعتوں کے ہزار سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

بغداد: بم دھماکوں میں 16افراد جاں بحق، 20 زخمی

0

عراق میں جاری دہشت گرد حملوں میں سولہ افراد جاں بحق اور کم ازکم بیس زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ذرائع کے مطابق عراق کے شمالی شہر موصل میں دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی میں دھماکے کے نتیجے میں ایک بریگیڈئیر سمیت چار فوجی ہلاک ہوگئے۔

اس قبل گذشتہ روز ایک فوجی چوکی کے قریب کار بم دھماکے سے چھ فوجیوں سمیت دس افراد زخمی ہوگئے تھے، اس کے علاوہ دارالحکومت کے شمالی مغرب میں مختلف پرتشدد کاروائیوں میں کئی افراد کے جاں بحق ہونے اور زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سال سے تاحال آٹھ ہزار لوگ جاں بحق جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے۔
   

کیف: ہزاروں افراد کا صدر کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج

0

یوکرائن میں مظاہروں کا سلسلہ تھم نہ سکا، حکومت کے خلاف مظاہرے میں دو سو سے زائد گاڑیوں کے قافلے نے اہم شاہراہ سے صدر کی رہائش گاہ تک مارچ کیا۔

یوکرائن کے صدر وکٹر یونوکووچ کی رہائشگاہ کے باہر ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا، دوسری جانب لاکھوں افراد یورپین اسکوائر پر پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں، پولیس نے مظاہرے میں شریک افراد کو گاڑیوں سے نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

مظاہرین پر پولیس کے وحشیانہ تشدد کیخلاف اپوزیشن کیجانب سے ملک گیر ہڑتال کی اپیل بھی کی گئی، یوکرائن میں عوام کیجانب سے یورپی یونین سےاتحاد کے مطالبے پرحکومت سے اختلاف کے باعث احتجاج جاری ہیں، عوام نے حکومت کا یورپی یونین کی تعاون کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے روس سے اتحاد کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔
   

بیروت: سعودی عرب کیجانب سے لبنانی فوج کیلیے3 ارب ڈالر کی امداد

0

سعودی عرب لبنانی فوج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے فوری طور پرتین ارب ڈالرز کی خطیر رقم دے گا۔

لبنانی صدر میشال سلیمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی عرب کیجانب سے لبنان کو ملنے والی رقم لبنان کی تاریخ میں اور خاص کر مسلح افواج کیلئے دی جانے والی سب سے بڑی گرانٹ ہے۔

صدر میشال کا کہنا تھا کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے لبنانی فوج کی استعدادی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے گرانٹ کے اعلان پر لبنانی حکومت اور عوام ان کے شکر گذار ہیں۔