جمعرات, جنوری 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 28980

کابل:طالبان سے مزاکرات ، فوجی حملے بند کیے جائیں، کرزئی

0

افغان صدر حامد کرزئی نے امریکا سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے امریکہ طالبان سے مزاکرات کرتے ہوئے ڈرون حملوں سے گریز کرے۔

صدر حامد کرزئی نے امریکہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی سیکیورٹی معاہدے کے لیے امریکہ ڈرون حملے بند کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ امن مزاکرات کے لیے پیشرفت کرے۔

صدر حامد کرزئی نے اس سے قبل بھی امریکہ سے مطالبہ کیا تھا کہ فوجی کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کے باعث مزاحمت کاروں میں اضافہ ہوتا ہے۔

کابل میں گزشتہ امریکی کاروائی کے نتیجے میں بارہ عام شہری ہلاک ہوئے تھے، جس کے ردعمل میں طالبان کی جانب سے کابل کے ایک ریسٹورنٹ میں غیرملکیوں پر حملہ کیا گیا۔
   

یروشلم:کینیڈا کے وزیر خارجہ جان بیئرڈ اسرائیل پہنچ گئے

0

کینیڈین وزیرخارجہ جان بیئرڈ سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچ گئے، جہاں مشرقی وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور قیام امن کے حوالے سے اعلی اسرائیلی حکام سے بات چیت کرینگے۔

انہوں نے اپنے اسرائیلی ہم منصب آوی گیڈور لائبرمین سے یروشلم میں ملاقات کی، کینیڈا کے وزیرخارجہ کے دورے کا مقصد خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

ان کے دورے کے دوران اسرائیلی صدر شمعون پیریز اور فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ بھی ان کی ملاقات متوقع ہے، کینیڈین وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران مشرق وسطی میں قیام امن اور علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
   

بلوچستان:ضمنی بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ پُرامن طور پر مکمل

0

بلوچستان میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ پر امن طور پر مکمل ہوگیا، اے آروائی نیوز نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے سب سے پہلے اپنے ناظرین تک الیکشن کا نتیجہ پہنچایا۔

بلوچستان میں خالی رہ جانے والی اٹھانوے نشستوں پر ضمنی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔

اے آر وائی نیوز نے الیکشن کا نتیجہ سب سے پہلے نشر کرنے کی روایت برقرار رکھی، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ہرنائی میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی چونتیس نشستوں پر کامیاب ہونے کے بعد پہلے نمبر پر ہے۔

لورالائی میں پشتونخوا میپ جب کہ دکی کے تین وارڈز میں نیشنل پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے، جعفرآباد میں ن لیگ کے امیدوار نے فنکشنل لیگ کے امیدوار کو شکست دی۔

ژوب کی یونین کونسل سباقزئی میں جے یوآئی نظریاتی بارکوال میں ن لیگ جب کہ مرغا وارڈ میں جے یوآئی ف کے امید وار کامیاب ہوئے، تیاریاں مکمل نہ ہونے کے باعث پشین میں ضمنی بلدیاتی انتخابات نہ ہوسکے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کا پہلا مرحلہ پرامن طورپرمکمل ہوگیا ہے۔
   

ششی تھرور کی اہلیہ کی موت معمہ بن گئی

0

بھارتی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ کی موت معمہ بن گئی، ڈاکٹروں کے مطابق موت کی وجہ زیادہ مقدار میں خواب آور ادویات کا استعمال بھی ہوسکتا ہے جبکہ اس سے قبل ان کی موت کو غیر طبعی قرار دیا گیا تھا۔

بھارتی وزیر ششی تھرور کا پاکستانی خاتون صحافی سے معاشقے کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد بھارتی وزیر کی اہلیہ سونندا پشکر نئی دہلی کے ایک ہوٹل میں مردہ پائی گئیں، وہ ششی تھرو کی تیسری بیوی تھیں۔

ششی تھرور کے دوست حُسین حقانی نے سنندا پشکرکی موت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ششی تھرور اور سنندا کے خاندانوں کیلئے یہ بڑا سانحہ ہے، جس کا ہر ایک کو دکھ اور افسوس ہے۔

ششی تھرور نے وزیر داخلہ کو خط لکھ کر تفتیش کے حوالے سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت خواب آور ادوایات کی زیادتی بھی ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل ڈاکٹروں نے بھارتی وزیر کی اہلیہ کی موت کو غیر طبعی قرار دیا تھا، دلی پولیس کو ان کے کمرے سے خواب آور ادوایات کے پیکٹس بھی ملیں ہیں۔

سینئر ڈاکٹر سدھیر گپتا کا کہنا ہے کہ سنندا پشکر کے خون کے نمونے بھی حاصل کئے گئے ہیں تاکہ دیکھا جاسکیں خواب آور ادویات سے کتنا زہر پھیلا ہے۔
    

   

دوہزار چودہ کا آغاز،پولیو کے 4مزید کیسز سامنے آگئے

0

دوہزار چودہ کے آغاز ہی میں دنیا بھر میں پولیو کے چار کیسز سامنے آگئے، چاروں کا تعلق پاکستان کے قبائلی علاقے سے ہے، خیبرپختونخواہ نے آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم موخر کردی۔

سال نو کے آغاز ہی میں دنیا میں پولیو کے چار مزید کیس سامنے آگئے اور ان چاروں کیسز کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی سے ہے، قومی ادارہ صحت کے مطابق قبائلی علاقوں میں ساٹھ ہزار سے زائد بچے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم ہیں۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث خیبر پختونخوا حکومت نے آج سے پشاور میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم موخر کردی، وزیراعلی سیل برائے انسداد پولیوکے مطابق سیکیورٹی اور دیگر انتطامات کو یقینی بنانے کے بعد انسداد پولیو مہم چھبیس جنوری سے شروع کی جائے گی تاکہ اس مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔

بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں آج سے انسداد پولیم مہم شروع کی جائے گی، ڈی ایچ اور ہیلتھ کے مطابق ڈیرہ اللہ یار، صحبت پور اور اوستا محمد میں تین روز کے دوران ایک لاکھ بہتر ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
   

سید برہان الدین کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری

0

داؤدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سید برہان الدین کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے رہنما کراچی میں مرکزی طاہری مسجد پہنچے اور تعزیت کا اظہار کیا۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سید برہان الدین کے انتقال پر طاہری مسجد جا کر بوہری برادری سے تعزیت کا اظہارکیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سید برہان الدین کی علمی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انھوں نے ملکی حالات پر کہا کہ امن قائم ہونے تک خوشحالی نہیں آئے گی۔ 

ایم کیو ایم کی جانب سے عبدالحسیب خان نے بھی وفد کے ہمراہ طاہری مسجدجا کر برادری سے تعزیت کی، اُن کا کہنا تھا کہ برہان الدین کی وفات امہ کیلئے بڑا نقصان ہے۔

یو اے ای:18سے 30سال کے تمام مردوں کیلئے فوجی تربیت لازمی قرار دینے کا فیصلہ

0

متحدہ عرب امارات میں اٹھارہ سے تیس سال کے تمام مردوں کیلئے فوجی تربیت لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، کابینہ نے قانون کا ڈرافٹ تیار کرلیا۔

متحدہ عرب امارات میں تمام اٹھارہ سے تیس سال عمر کے مردوں کیلئے فوجی تربیت لازمی قرار دینے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، یو اے ای کی کابینہ کی طرف سے فیصلے کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے۔

یہ قانون سازی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی ہدایت کی روشنی میں کی جارہی ہے، جس کا مقصد ملک کیلئے متبادل دفاعی قوت کی تیاری ہے، قانون کا ڈرافٹ نائب صدر محمد بن راشد المکتوم کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
    

 

راولپنڈی: آر اے بازار چوک میں خود کش حملہ، 13افراد جاں بحق

0

راولپنڈی کے آر اے بازار کے قریب فوج اور پولیس کی مشترکہ چوکی پر خود کش حملے میں اب تک تیرہ افراد جاں بحق اور پچیس سے زائد زخمی ہو گئے، خود کش حملہ آور نے سیکورٹی اہلکاروں کے روکنے پر خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔

  صبح کے پونے آٹھ بجے آر اے بازار میں خود کش حملہ آور نے پولیس اور فوج کی مشترکہ چوکی کے قریب روکے جانے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتیں لرز اٹھیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، قریب  میں کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

 دھماکا اے ایف آئی سی سے چھ سو میٹر دوری پر ہوا، جہاں سابق صدر پرویز مشرف زیر علاج ہیں، دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کاروائیاں شروع کر دیں، زخمیوں میں اسکول جانے والے چار بچے بھی شامل ہیں، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی لاشیں اور چار زخمیوں کو ضلع ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچا دیا گیا، تفتیشی اہلکاروں کو مبینہ خود کش حملہ آور کی ایک ٹانگ مل گئی ہے۔

 

          

اسلام آباد: لیک ویو پارک میں نایاب پرندوں کی اٹھکیلیاں

0

وفاقی دارالحکومت کے لیک ویوپارک میں پرندوں کی نادر و نایاب نسل سے سجائے گئے چڑیا گھر میں پرندوں کی اٹھکیلیاں سے شہری محظوظ ہو رہے ہیں۔

خوبصورت رنگ برنگے پرندے کس کو اچھے نہیں لگتے اور اگر سینکڑوں مور، تیتر، چکور، بطخ، طوطے اور سرخاب جیسے نایاب پرندے ایک ہی جگہ دیکھنے کو مل جائیں تو اس سے دلکش نظارہ اور کیا ہوسکتا ہے۔

اڑتے، بھاگتے اور اٹھکھیلیاں کرتے پرندے ماحول کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں، 3.8 ایکڑ رقبے پر محیط اسلام آباد لیک ویو پارک میں پرندوں کو پنجروں میں قید رکھنے کے بجائے آزاد اور قدرتی ماحول مہیا کیا گیا ہے۔

جہاں اڑتے اور چہچہاتے یہ نادرو نایاب پرندے آنکھوں کو بڑے بھلے لگتے ہیں، امریکا، ہالینڈ، برازیل، نیپال سمیت بیرونی ممالک سے لائے گئے ان نایاب پرندوں کو دیکھنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ اس تفریحی مقام کا رخ کرتی ہے۔
    
    

   

حکومت قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنائیں، فاروق ستار

0

ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ طالبان دہشت گردوں کی جانب سے مسلح افواج اور عام شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایاجارہا ہے لیکن حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے اب تک یہ فیصلہ نہیں کرسکے کہ طالبان سے مذاکرات کرنا چاہے یا نہیں، بابر غوری کہتے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بلاتاخیر ٹھوس لائحہ عمل تشکیل دیا جائے ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نےکہاکہ الطاف حسین مسلسل مطالبہ کررہے ہیں کہ حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے طالبان سے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے میں تاخیر نہ کریں ، حکومت اور مسلح افواج کے سربراہان سرجوڑ کربیٹھیں اور ملک وقوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنائیں ۔

ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ اب وفاقی حکومت اور مسلح افواج کواب یا کبھی نہیں کی بنیاد پر طے کرنا ہوگا کہ انہیں طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں یا کوئی اورفیصلہ کرنا ہے۔سینیٹ میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈربابر خان غوری نے کہاہے کہ حکومت اور قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کے اہم ترین معاملہ پر مسلسل تاخیر کی جارہی ہے ۔

اگر مسلح افواج ، رینجرز اورپولیس کے افسران واہلکار مسلسل دہشت گردوں کا نشانہ بنتے رہیں گے تو مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی مایوسی میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ بابرغوری نے وزیراعظم ، وفاقی وزیرداخلہ اور مسلح افواج کے سربراہان سے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔