جمعہ, جنوری 10, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29005

متحدہ قومی موومنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی، فاروق ستار

0

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی، احتجاج میں بھرپور شرکت پر شہریوں کے شکر گزار ہیں۔

لندن سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ معاشی اور سماجی ترقی کیلئے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا، یہی قائد الطاف حسین کا پیغام ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ چوری کرنے کی سازش کی جارہی ہے، لیکن دھاندلی کی ہرسازش کو ناکام بنادیں گے۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں کسی کیخلاف کوئی مقدمہ نہیں، قانونی معاملات کا قانونی طریقے سے جواب دیا جائے گا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے رہنماؤں کے جانے کی خبریں محض افواہیں ہیں، جن کا مقصد پارٹی کو بلدیاتی انتکابات میں نقصان پہنچانا ہے۔

چہلم:رات بارہ بجے سے سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

0

چہلم پر سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔پابندی کا اطلاق رات آج رات بارہ سے پچیس دسمبر کی شب بارہ بجے تک ہوگا۔
محکمہ داخلہ نے چہلم پرڈبل سواری پرپابندی کادائرہ کارسندھ بھرمیں بڑھادیا۔ اس سے پہلے چھ اضلاع میں ڈبل سواری پرپابندی عائدکی گئی تھی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق اسلحےکی نمائش پرپابندی دو سے بڑھاکردس دن کردی گئی، خصوصی اجازت نامےبھی منسوخ سمجھےجائیں گے، پابندی کا اطلاق رات بارہ بجےسےہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے پولیس کی سفارش پردائر کارصوبےبھرمیں بڑھایاگیا۔

چہلم کےجلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائیگی،دوسری جانب صدر الیکٹرانک مارکیٹ ادریس میمن کے مطابق چہلم کے موقع پرکراچی صدر کی الیکٹرانک مارکیٹ بند رہے گی،بروز بدھ پچیس دسمبر کو الیکٹرانک مارکیٹ معمول کے مطابق کھلے گی۔
    

 

معروف قوال امجد صابری آج اپنا یوم پیدائش منا رہے ہیں

0

فن قوالی میں منفرد مقام رکھنے والے امجد صابری آج اپنا یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ یوں توفن قوالی میں کئی معروف قوالوں نے اپنا نام پیدا کیا ۔لیکن تاریخ جن کو یاد کرتی ہےعظیم قوال کے حوالے سے ۔۔وہ ہیں قوال میاں فرید صابری۔۔فرید صابری کی قوالی نے فن قوالی میں وہ مقام پایا جوبہت کم لوگوں کو عطا ہوا۔

فرید صابری کی جدائی کے بعد ان کا نام زندہ رکھنے والے ان کے بیٹے امجد صابری نے والد کی وراثت کا حق ادا کیا،اور قوالی میں نام کمایا۔ امجد صابری نے بچپن سے ہی گھر میں تصوف کو پروان چڑھتے دیکھا ۔فن قوالی میں اپنے والد سے تربیت حاصل کرتے ہوئے محض آٹھ سال کی عمر سے ہی گائیکی کا آغاز کردیا تھا۔

اللہ اور اس کے اولیا سے محبت نے امجد صابری کی آواز میں ایسی مٹھاس اور سرور بھر دیا کہ سننے والے آواز کے سحر میں کھو جاتے ہیں۔ امجد صابری نے پاکستان اور بھارت میں کئی کلام پڑھے۔انہیں اب تک کئی ایوارڈز کے ساتھ بہترین پرفامنس کا ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس بھی ملا۔

امجد صابری کہتے ہیں کہ  تاجدار حرم۔ جب بھی پڑھی آنکھوں میں آنسو آئے۔یہ پڑھتے ہوئے انہیں شدت سے والد کی یاد آئی۔فن قوالی میں اپنا منفرد مقام رکھنے والے امجد صابری اپنی آواز سے دلوں میں خاص مقام رکھتے ہییں۔

 

ملکہ ترنم نورجہاں کو ہم سے بچھڑے تیرہ برس بیت گئے

0

سروں کی ملکہ۔ملکہ ترنم نورجہاں کو ہم سے بچھڑے تیرہ برس بیت گئے مگر اُن کی آواز اور انداز آج بھی زندہ ہیں۔  چھ برس کی عمر سے ہی گائیکی کا شوق رکھنے والی اللہ وسائی نے جب موسیقی کی دنیامیں قدم رکھا تو انہیں نورجہاں کا نام دیاگیا۔ فن موسیقی میں ایسا انمول ہیرا پاکستان کی دھرتی کو ملا جو اپنی مثال آپ تھا۔

نورجہاں کی آوازنے سات دہائیوں تک لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔فیض کا کلام ہو، غزل ہو یا شوخ گانا۔ ہرسر نورجہاں کے سامنے سر جھکاتا۔ ملکہ ترنم نے جو بھی گایا، سننے والوں کو مسحور کیا۔ بے شمار کامیاب فنکاروں کو پس پردہ آواز کے ذریعے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والی عظیم گلوکارہ نے اپنا فلمی کیریئرمیں کئی بھارتی فلموں نادان، نوکر، لال حویلی، دل، ہمجولی اور جگنو وغیرہ جبکہ پاکستان میں فلم دوپٹہ، گلنار، انتظار، لخت جگر، کوئل اور انار کلی میں کام کیا۔

ہزار سے زائد پنجابی اور اردو فلموں میں نورجہاں نے دس ہزار گانے گائے۔ حب الوطنی کےجذبے سے سرشار نورجہاں نےانیس سو پینسٹھ کی جنگ میں اپنی آواز سے پاکستانیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ فلمی، غیر فلمی غزل گائیکی میں یکتا ملکہ ترنم، نورجہاں کو دنیا سے گزرے جتنا وقت بڑھتا جارہاہے،ان کی آواز کی کمی اتنی ہی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
    

 

دنیا بھر میں کرسمس کی تیاریاں زورو شور سے جاری

0

کرسمس میں اب صرف چند دن ہی باقی ہیں مگر دنیا بھرمیں تیاریاں ابھی تک جاری ہیں۔ لال ٹوپیاں، بینڈ باجا بارات۔ روسی ٹھنڈی یخ ہوائیں اوراس پرسب کا جوش ولولہ۔ سرخ سرخ ٹوپیاں پہنے ڈھیروں سانٹا کلاز سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

کرسمس کی خوشیاں تو سب کے لئے مگر ان میں کینسر سے متاثرہ معصوم بچوں کو بھی شامل کرلیا جائے۔ کرسمس کے موقع پر کینسر کے مریض بچوں کے لئے تحائف بھی جمع کئے گئے۔ دوسری طرف میکسیکو میں بھی کرسمس کا شانداراستقبال ہے۔ رنگ برنگےغباروں اور شو پیسز کے ساتھ خوبصورت پیناٹاز نے کمال کردیا۔

روشنیوں سے سجے روایتی پیناٹاز کو فنکاروں نے عمدہ طریقے سے تیارکیا۔ جس سے کھیلتے ہوئے بچے بھی بےحد خوش ہوئے۔ امریکا میں کرسمس کی شاپنگ کرتے ہوئے گلوکارہ بیونسے نے سپراسٹور میں شاپنگ کرنے والوں کی خوشی دوبالا کردی۔ بیئونسے کی آمد ہی مداحوں کو خوش کرگئی۔۔ساتھ ہی بیونسے نے اسپیکر پر یہ اعلان کردیاکہ اسٹور میں جتنے لوگ موجود ہیں ۔ پچاس ڈالر کی شاپنگ کرسکتے ہیں۔ اس خبر سے کرسمس کا مزا ہی آگیا۔
    

 

ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہے گا،محکمہ موسمیات

0

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ میدانی علاقوں کو بھی جاڑے نے اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔تاہم ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا۔

مالاکنڈ ڈویژن میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔ مری،ناران،کاغان اور مالم جبہ سمیت بالائی علاقوں میں واقع تفریحی مقامات پر برفباری کے بعد سیاحوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔شمالی بلوچستان،سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہواوٴں کا راج ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے بعد گرم مشروبات اور میوجات کا استعماال بڑھ گیا ہے۔

ملک کے بیشتر شہروں کے لنڈا بازاروں میں گرم کپڑوں کے خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے اور چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
    

 

کراچی آپریشن:اناسی سے زائد ملزمان گرفتار،تین افراد کی لاشیں ملیں

0

پولیس اوررینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اناسی سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ کراچی میں ایک جانب تو ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب قتل و غارت گری کے واقعات بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہے ۔

پولیس حکام کے مطابق صبح سویرے سپر ہائی وے انصاری پل کے قریب سےتین افراد کی لاشیں ملیں جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کاروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ۔جہاں تاحال مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی۔

لیاری کے علاقے سلاٹر ہاوس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، گزشتہ روز دو گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد لیاری کےمختلف علاقوں میں کشیدگی برقرارہے ۔رات گئے نیوکراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

موقع پرموجود شہریوں نے فائرنگ کرنے والے ڈاکو کو پکڑکرتشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔تھانہ اورنگی اور تھانہ بوٹ بیسن کے علاقوں میں بھی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پردو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ادھر رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں میں بارہ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایسٹ زون پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران انیس ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔ملزمان سے اسلحہ اور منشیات بھی بر آمد کر لی گئی ۔ بنارس میں خفیہ اطلاع پرچھاپہ مار کارروائی کے دوران پچیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔زیر حراست مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

 

پنجاب میں بلدیاتی دنگل کیلئےتیاریاں زوروں پر پہنچ گئیں

0

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج دوسرا روز ہے۔ ۔صوبے کی اڑتالیس ہزار تین سو چھتیس نشستوں پر دنگل کے لئے کاغذات ستائیس دسمبرتک وصول کئے جائیں گے۔

وصول کئے گئے کاغذات سے متعلق نوٹی فیکیشن اٹھائیس دسمبرکو جاری کیاجائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال تین اورچار جنوری کو جائے گی۔

منظوریا مسترد ہونے والے کاغذات کے خلاف اپیلیں دائرکرنے کےلئے چھ اور سات جنوری کے تاریخ مقررکی گئی ہے۔اپیلوں پر فیصلے آٹھ جنوری سے گیارہ جنوری تک سنایاجائے گا۔ جبکہ بارہ جنوری کو امیدوار کاغذات واپس لے سکیں گے ۔

بلدیاتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست تیرہ جنوری کو جاری کی جائے گی۔صوبے میں بلدیاتی انتخاب کےلئے پولنگ تیس جنوری کو ہوگی۔ جس کے تین روز بعد دوفروری کو حتمی نتائج کا اعلان کیا جائےگا۔

 

پاک بھارت ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنزملاقات منگل کوہوگی

0

پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کےدرمیان چودہ سال بعد واہگہ بارڈر پرکل ملاقات ہوگی۔ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا جائےگا۔ کنٹرول لائن پر کئی دنوں کی بھارتی جارحیت کے بعد اب صورتحال بہتر ہے۔ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ملاقات منگل کو ہو رہی ہے۔ وہ بھی ایک دو نہیں پورے چودہ سال بعد۔

پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت اس پیش رفت کو مثبت قراردے رہی ہے۔ میجر جنرل عامرریاض اورلیفٹنٹ جنرل ونود بھاٹیہ کی باضابطہ بیٹھک کا ہدف ایک ہی ہے، ایک دہائی پہلے طے ہونے والے ایل او سی جنگ بندی معاہدے پر ہر قیمت کاربند رہا جائے، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز واہگہ بارڈر پر ملیں گے۔ اورلائن آف کنٹرول۔ ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال سمیت سکیورٹی امورپرتبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا معاملہ اٹھائے گا، اور امن کی تجاویز دی جائیں گی۔ دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوزسرحدی سیکورٹی پرایک دوسرے کی تجاویز پربات چیت کریں گے۔ جس کا مقصد سرحدی آبادی کی سیکورٹی یقینی بنانا ہے۔
   

ترک وزیراعظم طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

0

ترک وزیراعظم طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔ ترک وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں ایم او یو پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ ترک وزیراعظم اپنے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستان میں اپنے ہم منصب میاں نوا شریف اور صدر پاکستان ممنون حسین سےملاقاتیں کریں گے۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور تعمیر و ترقی سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی مختلف یاداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان اپنی اہلیہ اور چالیس رکنی تجارتی وفد کے ہمراہ رات گئے جب لاہور ائیر پورٹ پہنچے تو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نےصوبائی وزرا اور اسپیکر پنجاب ااسمبلی رانا اقبال کے ہمراہ انکا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر انہیں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ترک وزیراعظم کی آمد پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ترکی کے وزیراعظم کے دو روزہ سرکاری دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ترک وزیر اعظم پہلا روز لاہور جبکہ دوسرا روز اسلام آباد میں گذاریں گے، اس دوران وہ پاک ترک بزنس فارم سے بھی خطاب کریں گے۔جبکہ آج دوپہر ترک وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائیگا۔