ہفتہ, جنوری 25, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29012

کراچی:مفتی عثمان اورانکے ساتھیوں کی نمازجنازہ ادا

0

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مفتی عثمان یار خان اور ان کے دو ساتھیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہوگئی ہے ۔

گلستان جوہر مدرسہ دالخیر کے قریب مفتی عثمان یار خان اور ان کے دو ساتھیوں کی نماز جنازہ کی ادا کی گئی، نمازہ جنازہ میں مولانا سمیع الحق سمیت سیکڑوں کارکنوں نے شرکت کی، نماز جنازہ کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیئے گئے تھے۔

اس موقع پر مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہوگئی ہے، فوری استعفیٰ دے، وفاق ملک میں پھیلی آگ پر پانی ڈالنے میں سنجیدہ نہیں۔

جمیعت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کے رہنما مفتی عثمان یار خان کی گاڑی پر گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں مفتی عثمان یار سمیت ان کے دو ساتھی موقعے پر جاں بحق ہوگئے تھے۔
  
 

نومبر میں سونے کی مصنوعات کی درآمدات میں 87 فیصد اضافہ

0

رواں مالی سال 2013-14ء کے پانچویں مہینے نومبر 2013ء کے دوران سونے کی مصنوعات کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، شماریات ڈویژن کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی سے نومبر کے دوران 7 کروڑ 48 ہزار ڈالر کی سونے کی مصنوعات کی درآمد ہوئیں ، جس کے مقابلہ میں رواں مالی سال نومبر تک 13 کروڑ 99 لاکھ ڈالر کی مصنوعات درآمد ہوئیں۔

 

کراچی:فائرنگ اور پرتشدد واقعات،خاتون سمیت 3افراد جان بحق،3زخمی

0

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران خاتون سمیت 3افراد جان بحق اور 3زخمی ہوگئے۔

پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے35سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس حکام کے مطابق تھانہ سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد سی ون ایریا کے ایک گھر میں فائرنگ سے 35سالہ ارفع نامی خاتون لقمہ اجل بن گئی۔

لیاری میں کلاکوٹ اور کھڈامارکیٹ کے علاقوں سے دوافراد کی لاشیں ملیں، لیاری موسی لین اور ماڑی پور روڈ آئی سی آئی برج کے قریب بھی فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے، کھارادر میں ٹاور کے قریب فائرنگ سے دو افراد خمی ہوگئے۔

نیوکراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، ملزمان قتل،پولیس مقابلوں،ڈکیتیوں،منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔

سپر ہائی وے سے بھی پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو گرفتار کیا، ادھررینجرز نے شہر کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں ٹارگیٹڈ اپریشن کرتے ہوئے26ملزمان کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق زیر حراست ملزمان میں کالعدم تنظیم کے کارندے، لیاری گینگ وار میں ملوث ملزمان اور بھتہ خور بھی شامل ہیں، جن سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

 

جمہوری نظام میں آزاد عدلیہ کا انتہائی اہم مقام ہے،چیف جسٹس

0

چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ آئین میں عدلیہ کی آزادی کو مکمل تحفظ دیا گیا ہے، جہاں بھی آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہوگی، عدلیہ مداخلت کرے گی۔

لاہور رجسٹری میں سپریم کورٹ کا لائسنس حاصل کرنے والے وکلا میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں آزاد عدلیہ کا انتہائی اہم مقام ہے۔

انھوں نے کہا کہ عدلیہ آزادی کی جدوجہد میں عوام کا کردار عدلیہ پر اعتماد کا مظہر ہے، عدلیہ معاشرے میں امن کی ضامن ہے، مذہب کے نام پہ قتل وغارت گری قرآن و سنت کے منافی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب صرف انتخابات کروانا نہیں بلکہ ایسا نظام وضع کرنا ہے، جس میں شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہوں، اس سے قبل چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کا لائسنس حاصل کرنے والے وکلا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
       

کراچی:نجی چینل ایکسپریس کی لائیو وین پر فائرنگ، 3افراد جاں بحق

0

 کراچی کے علاقے ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب نجی چینل ایکسپریس کی لائیو وین پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں میڈیا کے تین ارکان جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایکسپریس نیوز کے ٹیکنیشن، ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں، ٹارگٹ کلرز یہاں سے بھی آرام سے فرار ہوگئے، نہ پولیس ٹارگٹ کلرز کو پکڑ سکی نہ ہی رینجرز پکڑ سکی۔

  پولیس افسران کا کہنا ہے حملہ آور وں نے سائلنسر لگی بندوق سے فائرنگ کی، نجی چینل پر حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان کے رہنما احسان اللہ احسان نے قبول کرلی۔

ہم کو دوبارہ ڈیرہ بگٹی میں آباد کیا جائے،شاہ زین بگٹی

0

نواب شاہ زین بگٹی کا قافلہ سینکڑوں افراد کے ہمراہ ڈیرہ بگٹی کی جانب رواں دواں ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ بگٹیوں کو دوبارہ ڈیرہ بگٹی میں آباد اور ہمارے نقصان کا ازالہ بھی کیا جائے۔

بگٹی قبائل کے لوگ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی کی سربراہی میں اپنے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی جارہے ہیں، قافلے میں موجود لوگوں کے مطابق ان کو دو ہزار پانچ میں جبرا ان کے آبائی علاقے سے بے دخل کیا گیا اور وہ اپنے گھر لوٹنے کیلئے بے قرار ہیں۔

شاہ زین بگٹی کا کہنا ہے کہ اگر ان کے قبیلے کے لوگوں کو ان کے آبائی علاقوں کو جانے سے روکا گیا تو یہ پاکستان کے آئین کے منافی ہوگا جبکہ ہر شہری کے جان و مال کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔
       

بھارت نے دنیائے کرکٹ کو تقسیم کرنے کی سازش تیار کرلی

0

بھارت نے دنیائے کرکٹ کو تقسیم کرنے کی گنھاؤنی سازش تیار کرلی۔ کرکٹ کے انتظامی امور بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ تک محدود رکھنے کی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ پاکستان سمیت ممبر ممالک میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔

آئی سی سی میں اپنی اجارہ داری کو مضبوط کرنے کے لئے بھارت نے نئی سازش تیارکی ہے ۔ بھارت کی اس گنھاؤنی سازش میں انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں،رپورٹ کے مطابق مستقبل میں کرکٹ کے انتظامی امور بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ تک ہی محدود ہوجائیں گے۔

اس رپورٹ سے پاکستان سمیت آئی سی سی کے ممبر ممالک میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ رپورٹ میں دی جانے والی تجویز میں آئی سی سی کا چئیرمین، چیف ایگزیکٹو اور مالی امور کا سربراہ ان ہی تین ممالک سے ہوگا۔

دوہزار سترہ اور دوہزار اکیس میں ٹیسٹ چیمپئین شپ کی جگہ چیمپئینز ٹرافی کا انعقاد مجوزے میں شامل ہے۔ ان تجاویز پر اٹھائیس اور انتیس جنوری کو دبئی میں ہونے والے آئی سی سی کی سالانہ بورڈ میٹنگ میں غور کیا جائے گا۔ تجویز منظور ہوگئی تو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی مشکل ہوجائے گی۔

 

پاکستان حالت جنگ میں ہے،مذکرات پر سیاست نہ کیجائے، چودھری نثار

0

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملے کے بعد صورتحال بدل گئی، طالبان قیادت مذاکرات سے انکار کر رہی ہے، مذاکرات پر سیاست نہ کی جائے، پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے۔

پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، دہشتگرد سیکورٹی فورسز اور عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں

انکا کہنا تھا کہ  نائن الیون میں کسی پاکستانی کا کردار نہیں تھا، نائن الیون کے بعد دنیا محفوظ اور پاکستان غیرمحفوظ ہوگیا، ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت نے صرف ڈھائی ماہ میں مذاکرات کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا لیکن امریکی ڈرون حملے کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی، اورطالبان کی نئی قیادت مذاکرات سے انکار کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت طالبان سے مذاکرات پر اے پی سی اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے گی، پاکستان میں امن کے لئے جو حصہ ڈال سکتا ہے ڈالے، حکومت کوئی کریڈٹ نہیں لینا چاہتی۔

پولیس افسران سے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں، جس میں قانون کی حکمرانی ہو،عوام کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

وزیر داخلہ نےکہا کہ پولیس کو حکومت کے بجائے ریاست کا وفادار ہونا چاہئے، حلال رزق کمانے سے کام اور روزگار میں برکت ہوگی، آج حلال اور حرام کی تمیز ختم ہوگئی ہے۔
       

جنوبی افریقہ نے ویمنز ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز جیت لی

0

جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے پاکستان کو چار وکٹوں سے ہرا کر ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز جیت لی ہے۔ دوحہ میں ہونے والی ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کے فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

خراب کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم چورانوے رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جویریہ خان تیس رنز بناکر نمایاں رہیں۔جنوبی افریقی ٹیم کیلئے شبنم اسمعیل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کو بھی مشکلات درپیش رہیں لیکن چھ وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا گیا۔ سمیعہ صدیقی اور ندا ڈار نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ ویمنز ٹیم کے درمیان ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز انیس جنوری سے شروع ہوگی

 

بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر آبرآلود رہے گا

0

پورے ملک میں سردی کا راج برقرار ہے، رات گئے لاہور ڈویژن میں ہونے والی ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

پنجاب کے وسطی اور بالائی علاقوں میں شدید دھند رہی، حویلی لکھا اور ساہیوال میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور راولپنڈی ڈویژن میں رات اور صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

لاہور ڈویژن کے چند مقامات پر ہلکی بارش نے موسم مزید سرد کردیا، لاہور میں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر آبرآلود رہے گا۔

گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی سمیت چند ایک مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔