کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے ساتھ پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے، گلشن معمار میں چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، مقتولین میں چار کی شناخت منور، شفیق ، جاوید اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دو کی شناخت نہ ہوسکی۔
ایس ایس پی عامر فاروقی کے مطابق گلشن معمار سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں، مقتولین کو تشدد کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق گلشن معمار کے علاقے میں واقع مزار کے قریب سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جنہیں تیز دھار آلے کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔
ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق تمام لاشیں مردوں کی ہیں اور انھیں گلشن معمار سے اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر خنجر کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا ، پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، مقتولین کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں۔
پولیس کے مطابق تمام افراد فیکٹری ورکر اور مزدور ہیں، جنہیں واپسی پر اغواء کے بعد قتل کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین میں سے تین مزار کے متولی تھے، ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق مقتولین کو گزشتہ رات آٹھ سے نو بجے کے درمیان قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، سپرہائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، لاش کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب موچکو پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے عبید نامی ٹارگٹ کلر کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، ملزم نے اٹھائیس افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم دس افراد کے قتل کے الزام میں پہلے گرفتار اور پھر رہا ہوچکا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے دو دستی بم دو راکٹ، دو کلاشنکوف اور چار ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے، نیو کراچی پولیس نے کوثر نیازی کالونی میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش مظفر شاہ کو گرفتار کرلیا، ملزم منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب تھا۔
کاروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ اور متعدد گولیاں برآمد کر لی گئیں، دوسری جانب اورنگی ٹاوٴن کے علاقے سیکٹر فائیو ای میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد انیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان زخمی ہوگیا، کورنگی نمبر تین میں شہری کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکو زخمی ہوگئے، جنھیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔