منگل, اپریل 22, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 30017

ایس ای سی پی اور ای او بی آئی کے مابین اہم یاداشت پر دستخط

0

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) اور یمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ ( ای او بی آئی ) کے مابین معلومات کے تبادلہ اور باہمی تعاون کی اہم یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔

یاداشت کے مطابق ایس ای سی پی اہم معلومات کے حصول کے لئے فیلڈ میں موجود ای او بی آئی کے اسٹاف سے استفادہ کر سکے گا جبکہ دونوں ادارے اہم معلومات کا تبادلہ بھی کرسکیں گے۔

دونوں ادارے مشترکہ قوانین اور ریگولیشن میں ترامیم کے متعلق ایک دوسرے کو آگاہ رکھیں گے اور اہم پالیسی امور میں مشاورت بھی کریں گے، ایس ای سی پی اور ای او بی آئی کے مابین تعاون سے ملکی معشیت کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی اور دونوں اداروں کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

 

حکومت توانائی بحران حل کرنے کی کوششوں کی رفتار بڑھائے،ایف پی سی

0

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت ( ایف پی سی سی آئی ) کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران حل کرنے کی کوششوں کی رفتار بڑھائے تاکہ ملکی معیشت بحال ہوسکے۔

داخلی اور خارجی محاز پر ازسر نو کوششیں کی جائیں تاکہ تاخیر کا شکار کالا باغ ڈیم اور ایران سے گیس درامد کرنے کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جاسکے ورنہ انرجی سیکورٹی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،  انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے، جہاں قدرتی گیس جیسے ماحول دوست ایندھن کی قلت کے باوجود اس سے بجلی گھر چلائے جا رہے ہیں جو ظلم ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشرف دور کی اس مہلک پالیسی کو ختم کرکے انھیں جلد از جلد کوئلے اور فرنس آئل پر منتقل کیا جائے، صوبوں اور وفاق کے مابین معدنی وسائل کی ملکیت پر نہ ختم ہونے والے جھگڑے نے ترقی کے عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ ڈیم بننے سے کوئی صوبہ متاثر نہیں ہوگا، تاہم تاخیر سے ملک صحرا بن جائے گا، اب ذاتی، سیاسی اور علاقائی مفادات کے بجائے ملکی مفاد کو اولیت دینے کا وقت آ گیا ہے ورنہ سب کو پچھتانا پڑے گا۔

 

غداری کیس:پرویز مشرف کو کل ہرصورت میں پیش ہونے کا حکم

0

غداری کیس میں خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کو کل ہر صورت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا، عدالت نے تنبیہ کی سابق صدر حاضر نہ ہوئے تو گرفتاری کا حکم بھی دیا جاسکتا ہے۔

غداری کیس کی دوسری سماعت پر بھی پرویزمشرف کے حاضر نہ ہونے پرخصوصی عدالت نے مشرف کو کل ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر نہ آئے تو گرفتاری کا حکم بھی دے سکتے ہیں، جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ سابق صدر اور آرمی چیف ہوتے ہوئے عدالت نے پرویز مشرف کو صرف سمن جاری کیے، وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوسکتے تھے، ضابطہ فوجداری کے تحت یہ ناقابل ضمانت جرم ہے۔

وکلا صفائی نے دلائل میں کہا کہ خطرہ پرویز مشرف کو نہیں، وکلا اور ججز کو بھی ہے، عدالت کو دھماکے سے اڑایا جاسکتا ہے، عدالت نے کہا کہ دھمکیاں نہ دیں دلائل دیں، سابق صدر کے وکیل خالد رانجھا نے موقف اختیار کیا کہ اخبارات میں وزیراعظم کا مشرف کے خلاف بیان شائع ہوا ہے، جو مقدمے کو متاثر کرنے کے مترادف ہے، انھوں نے استدعا کی کہ وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے۔

جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ آپ ہمیں تحریری درخواست دیں، ایک موقع پر احمد رضا قصوری نے کہا کہ خصوصی عدالت شیکسپئیر کا تھیٹر لگ رہی ہے، ان کے اور حکومتی وکیل اکرم شیخ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، خصوصی عدالت کے اختیار سماعت پر دلائل میں انور منصور کا کہنا تھا کہ فوجداری قانون لاگو نہیں ہوتا، پرویز مشرف پر غلط مقدمہ دائر کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

انکا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم انتقام اور تعصب کے جذبات رکھتے ہیں، یہ عدالت چہھتر کے قانون کے تحت بنی جب صرف تین ہائیکورٹس تھیں، اس لیے صرف تین ججز کا ذکر ہے، اب پانچ ہائیکورٹس ہیں اور صرف تین جج ہیں، عدالت کی تشکیل میں ترامیم نہ کرنا بدنیتی ہے، ججز کی جانبداری پر دلائل میں وکلا صفائی نے کہا کہ جسٹس فیصل عرب پی سی او کے حلف کی پیشکش نہ ہونے پرمشرف کے خلاف تعصب رکھتے ہیں۔

جس پر جسٹس فیصل نے کہا کہ انھیں تین بار پیشکش ہوئی لیکن حلف نہیں اٹھایا، انور منصور نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ حلف نہ اُٹھانے کی وجہ مشرف کے اقدام کو غیر قانونی سمجھنا تھا، جسٹس فیصل عرب نے کہا آپ کہنا چاہتے ہیں کہ میں ذاتی تعصب رکھتا ہوں، جس پر انور منصور نے کہا وہ یہی ثابت کر رہے ہیں۔

کھٹمنڈو: ہاتھیوں کا انوکھا مقابلہ حسن اور ریس، ہینڈلرکی تیسری فتح

0

نیپال میں پانچ دن تک جاری رہنے والا ہاتھیوں کا انوکھا مقابلہ حسن اور ریس ہینڈلر نامی ہاتھی کی مسلسل تیسری فتح پر اختتام پذیر ہوگیا۔

پانچ روزہ میلے میں ہاتھیوں کے مقابلہ حسن اور انوکھی ریس شامل تھی، نیل پالش لگائے ہاتھیوں کو دلکش اوردیدہ زیب نقش ونگار سے سجایا گیا تھا، میلے میں ہاتھیوں نے فٹ بال کھیلنے کے علاوہ کرتب بھی پیش کیے جب کہ اس موقع پر ہاتھیوں کی دوڑ بھی منعقد ہوئی۔

گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی میلہ کاگھا چوہدری کے ہاتھی ہینڈلر نے لوٹ لیا، کاگھا کے مطابق ہاتھیوں کی ریس دراصل جوکی کی ہوتی ہے کہ وہ کس طرح ہاتھی کو گرفت میں رکھتا ہے، سالانہ میلے کا مقصد سیاحت کا فروغ اور دنیا کی توجہ نیپال میں ہاتھیوں کے تحفظ کی کوششوں کی جانب مبذول کرانا ہے۔

سالانہ میلے کو دیکھنے کیلئے مقامی افراد کے ساتھ دنیا بھرسے سیاحوں نے نیپال کا رخ کیا، خبررساں ادارے کے مطابق مقامی آبادی کے دس ہزارکے لگ بھگ افراد کا روزگار ہاتھیوں اور سیاحت سے منسلک ہے۔

ملک بھرشدید سردی کی لہر، کراچی میں خنکی بڑھ گئی

0

ملک کے بیشترعلاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، شہریوں کا سردی کے مارے برا حال ہوگیا، کوئٹہ اور قلات سمیت بلوچستان کے کئی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے، کپکپی طاری کرنے والی سرد ہوائیں اور پہاڑوں پر برفباری سے کئی علاقوں میں زندگی ٹھٹر گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں سردی کی شدت مزید تین روز تک جاری رہے گی۔

لکی مروت میں کوہ شیخ بدین کے پہاڑوں پر دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی میں انتہائی اضافہ ہوگیا ہے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر شہروں میں سردی نے اپنا راج برقرار رکھا ہوا ہے، سردی کی شدت میں بے انتہا اضافے نے شہریوں کے ہاتھ پاؤں سن کر دیئے۔

آج سب سے کم درجہ حرارت قلات اور کوئٹہ میں منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی کے ساتھ دھند کا بھی راج برقرار ہے، کراچی میں سردی کی شدت برقرار ہے، جبکہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی درجہ حرارت رات کو نقطہ انجمات سے نیچھے چلا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا ،  تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ چند ایک مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

فیصل آباد:جھونپڑی میں آتشزدگی، 2بچے جھلس کرجاں بحق

0

فیصل آباد کے علاقے کھرڑے والا میں سخت سردی نے دو کم سن بچوں کی جان لے لی، محنت کش مزدور اظہر کے بچوں نے سردی کا مقابلہ کرنے کے لئے چولہا جلانے کی کوشش کی۔

چولہے سے ایسی آگ بھڑکی کہ منٹوں میں جھونپڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں آٹھ سالہ اعجاز اوردس سالہ شہزاد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

محنت کش مزدور اظہر بچوں کو بچانے کی کوشش میں بری طرح جھلس کرشدید زخمی ہوگیا، اظہر نے بتایا کہ بچوں نے خود کو سردی کی شدت سے محفوظ رکھنے کیلئے چولہا جلایا تھا۔
    

   

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وفاقی کابینہ کومعاشی صورتحال پر بریفنگ

0

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی تباہ حال معاشی صورتحال کا سبب دو ہزار سات کی عالمی کساد با زاری کو قرار دیا۔

سابقہ حکومت میں خراب معاشی حالت کی وجہ عالمی بحران تھا، اسحاق ڈار ایک ایسی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، جو پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں معاشی حالات کی تمام تر خرابی کا ذمہ دار اس کی ناقص پالیسیوں کو قرار دیتے رہے، لیکن آج اسحاق ڈار نے صا ف نہ سہی ڈھکے چھپے الفاظ میں سچ کسی حد تک اگل ہی دیا۔

اسحا ق ڈار کا یہ بھی کہنا تھا کہ دو ہزار سات کے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے دنیا کو پانچ سال لگے، انہوں کے یہ راز بھی افشا کیا کہ کسی ملک کی معاشی تباہی ایک دن میں نہیں آتی اس میں برسوں لگتے ہیں، سیاست کے داو پیچ، الزامات، جوابی الزامات اپنی جگہ لیکن اسحاق ڈار کے اس اعتراف نے یہ با ت ضرور ثابت کردی کہ قوم کو ماضی میں سچ نہیں بتایا گیا۔

نئے سال کی آمد ،نیویارک ٹائمز اسکوائر پر نئے سال2014 کا استقبال

0

نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے دنیا بھر میں جشن منایا گیا، نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں لاکھوں افراد نے جمع ہوکر نئے دوہزار چودہ کا استقبال کیا، پوری دنیا میں شاندار آتشبازی نے رات میں بھی دن کا سماں باندھ دیا۔

مختلف ملکوں میں گھڑی کی سوئیوں نے جیسے ہی بارہ کے ہندسے کو چھوا، سال دوہزار چودہ کا آغاز ہوگیا، لوگوں کے چہرے خوشی سے جگمگا اٹھے اور رنگ و نورکا سیلاب امڈ آیا، نیو یارک میں نئے سال کا استقبال روایتی طور پر ٹائمزاسکوائر میں الٹی گنتی سے شروع کیا گیا، جس کے بعد آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوا، جسے دیکھنے کے لئے لاکھوں افراد جمع تھے۔

دبئی میں آتش بازی کا نیا ریکارڈ بنا، جہاں برج خلیفہ سمیت پام جمیرا میں چھ منٹ کے دوران چار سو مقامات پر چار لاکھ فائر ورکس استعمال کئے گئے، سال نو کی تقریبات کا سب سے پہلے آغاز نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے اسکائے ٹاور پر شاندارآتشبازی سے شروع ہوا۔

آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر اور جرمنی کے شہربرلن میں دو ہزار چودہ کا استقبال اس اندازسے کیا گیا کہ آسمان پر رنگوں کی بہاریں تھیں، رنگارنگ تقریب اور آتش بازی کا دلکش مظاہرے نے دیکھنے والوں کو مسحور کردیا، جاپان میں نئے سال کی آمد پرگھنٹیاں بجائی گئیں اور دعائیہ تقریبات منقعد کی گئیں۔

چین میں بھی لوگوں نے نئے سال کو نئی امنگوں کے ساتھ خوش آمدید کہا، ہانگ کانگ ، شنگھائی اور دیگر شہروں میں سال نو کی آمد پر آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے کیے گئے، سال 2014 کا استقبال برطانیہ میں شاندار انداز میں کیا گیا، لندن کے بیگ بین نے جیسے ہی 12 بجائے، آسمان پر رنگ اور روشنیوں کا سیلاب امڈ آیا۔

روس کے دارالحکومت ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر بھی ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اکٹھا ہوئے، یونان میں بھی شدید سردی کے باوجود شہریوں سال نو کا جشن بھرپور انداز میں منایا، ہانگ کانگ کے وکٹوریہ ہاربر پر ہونے والی آتش بازی کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے جبکہ برازیل میں ریو ڈی جنیرو کے کوپا کبانا کے مشہور بیچ پر بیس لاکھ افراد نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔

شاہد آفریدی ریکارڈ سے محروم،کورے اینڈرسن کی ون ڈے میں تیز ترین سینچری

0

پاکستان کے شاہد آفریدی ون ڈے میں تیز ترین سینچری کے ریکارڈ سے محروم ہوگئے، نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے کی تیز ترین سینچری کا نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔

شاہد آفریدی کی وہ دھواں دھار اننگز جس نے دنیائے کرکٹ میں ان کی منفرد پہنچان بنائی اور وہ بوم بوم کے نام سے مشہور ہوگئے لیکن شاہد آفریدی کا یہ ریکارڈ اب نیوزی لینڈ کے کھلاڑی نے توڑ دیا ہے۔ 

سال دو ہزار چودہ کا پہلا دن اور پہلا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے سترہ سال بعد ون ڈے کی تیز ترین سینچری کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کوئنز ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ون ڈے میں چھتیس گیندوں پر سینچری بنائی، اینڈرسن نے چھتیسویں گیند پر چھکا لگا کر شاہد آفریدی کی تیز ترین سینچری کا ریکارڈ توڑا۔

اینڈریسن کی شاندار سینچری بارہ چھکوں اور چار چوکوں سے سجی تھی، شاہد آفریدی نے انیس سو چھیانوے میں نیروبی کے میدان میں سینتیس گیندوں پر ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سینچری بنائی تھی، آفریدی کی سینچری میں گیارہ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
       

کوئنز ٹاؤن:نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں ہرادیا

0

     کورے اینڈرسن کی ریکارڈ ساز سینچری اور جیسے رائڈر کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں ایک سو انسٹھ رنز سے شکست دے دی۔

کوئنز ٹاؤن میں ویسٹ انڈین کپتان کے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے کی بولرز لاج نہ رکھ سکے، بارش کے سبب میچ اکیس اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔

میزبان ٹیم کے نوجوان لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین کورے اینڈرسن اور جیسے رائڈر نے ویسٹ انڈین بولرز پر جم کر برسے، دونوں کھلاڑیوں نے خوب لاٹھی چارج کیا۔

اینڈرسن نے ون ڈے کی تیز ترین سینچری بنائی، تو دوسری جانب جیسے رائڈر بھی نیوزی لینڈ کی جانب سے تیز ترین سینچری بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے۔

اینڈرسن نے چھتیس اور رائڈر نے چھیالیس گیندوں پر سینچریاں بنائیں، جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے آگے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں پر ایک سو چوبیس رنز ہی بناسکی۔