بدھ, اپریل 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 30021

قاہرہ:عبوری حکومت کیخلاف مظاہروں میں شدت،2 جاں بحق، متعدد زخمی

0

مصر میں فوجی بغاوت کے بعد بننے والی عبوری حکومت کے خلاف کئی ماہ سے جاری مظاہرے شدت اختیارکرگئے، پولیس فائرنگ اور شیلنگ سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عبوری حکومت کیجانب سے اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دینے کے جابرانہ اقدام کے بعد سے احتجاج میں تیزی آتی جارہی ہے، قاہرہ میں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے فائرنگ اور شیلنگ کی۔

جس پر پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں شروع ہوگئیں، جھڑپوں میں دو مزید افراد جان کی بازی ہار گئے، مصر میں نئے قوانین کے تحت کالعدم جماعت کے حق میں تحریری یازبانی تشہیری مہم چلانیوالے افراد کو قید وبند کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

منتخب حکومت کی بحالی کے لئے جولائی سے جاری مظاہروں میں اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔
    
   

سوڈان میں فوری امن قائم کرنے کے اقدامات شروع کئے جائیں

0

سوڈان میں جاری بحران کے فوری مکمل حل کے لئے اقوام متحدہ نے دونوں دھڑوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں فوری امن کے لئے اقدامات کریں.

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ایف جانسن نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو ہفتوں میں سوڈان میں تشدد کی خوفناک کاروائیوں میں قتل وغارت، ظلم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، اس جاری صورت کو ختم کرنے کے لئے دونوں دھڑوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح بحران کوحل کرنے کے اقدامات کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سوڈان میں جاری تشدد کی لہر کی وجہ سے سترہزار سے زائد افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر ترک وطن ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد اس بحران سے بے گھر ہوئے ہیں۔
   

موغادیشو: جزیرہ ہوٹل دہشت گردی کا نشانہ بنا ،11 ہلاک

0

صومالیہ کے جزیرہ ہوٹل کے باہر کار بم دھماکے اور فائرنگ میں گیارہ افراد مارے گئے متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت موغا دیشو میں جزیرہ ہوٹل کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہوٹل کے باہر ہونے والے یکے بعد دیگرے دو کار بم دھماکوں میں گیارہ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سترہ زخمی ہوئے۔

زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کاروائیاں شروع کردی ہیں، کسی گروپ نے فوری طور پر دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
   

بغداد: عراق میں پولیس اسٹیشن پر حملے،14 افراد ہلاک

0

عراقی صوبہ الانبار میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہوگئی، مسلح افراد نے الرمادی میں چار پولیس اسٹیشنوں کو نذرآتش کردیا، چودہ افراد مارے گئے جبکہ کئی قیدی فرار ہوگئے۔

عراقی صوبے انبار میں گزشتہ دو روز سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، صوبائی دارالحکومت رمادی میں مشتعل افراد نے چار تھانوں کے علاوہ دو فوجی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی ہے۔

سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں میں چودہ افراد مارے گئے ہیں، نذر آتش کی گئی پولیس کی گاڑیوں سے زیرحراست افراد کے فرار ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

یاد رہےگزشتہ روز ایک گروہ کے احتجاجی کیمپ کو اکھاڑے جانے کے بعد سے شہر میں صورتحال ابتر ہے۔
   

کوئٹہ:گیس لیکج،دو دھماکوں میں ایک بچی جاں بحق اورچھ افراد زخمی

0

کوئٹہ میں گیس لیکج کے باعث یکے بعد دیگرے ہونے والے دو دھماکوں میں ایک بچی جاں بحق اور خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق پہلا دھماکہ مشرقی بائی پاس کے قریب واقع سوئی سدرن گیس کمپنی کے آفیسر میس میں گیس بھرجانے کے باعث ہوا جس میں ایک اہلکار جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔

دھماکے سے آفیسر میس کے سات کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے دوسرا دھماکہ پشتون آباد کے علاقے ولی خان چوک پر ایک گھر میں ہوا جہاں رات کو ہیٹر جلتا چھوڑ دیا گیا تھا دھماکہ میں ایک بچی جاں بحق اور خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے سے گھر کے تین کمرے اور باورچی خانہ تباہ ہوگیا ،کوئٹہ میں ایک ماہ کے دوران گیس لیکج سے دھماکوں کا یہ تیسرا واقعہ ہے ،زخمیوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پراگ: جمہوریہ چیک میں فلسطینی سفیر کی پر اسرار موت

0

جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں متعین فلسطینی سفیر اپنے قیام گاہ پر پراسرار دھماکے سے سفیر جاں بحق ہوگئے۔

پراگ پولیس کے ترجمان کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا، جب سفیر جمال الجمال اپنی تجوری کھول رہے تھے، ترجمان کا کہنا تھا کہ بظاہر دھماکا کسی حملے کا نتیجہ نہیں تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

چھپن سالہ مقتول جمال الجمال کو اکتوبر دو ہزار تیرہ میں پراگ میں فلسطینی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔
    

   

جکارتا: انڈونیشیا میں پولیس مقابلہ 6مشتبہ افراد ہلاک

0

انڈونیشیا میں پولیس نے ایک چھاپے کے دوران چھ مشتبہ افراد کو پولیس مقابلے کے بعد ہلاک کردیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے بینٹن میں مختلف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف ایک کاروائی کے دوران پولیس نے ڈکییتوں اور دیگر سرگرمیوں میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف چھاپے کے دوران چھ مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چھ افراد ایک سونے کی دکان سے لوٹ مار اورحال ہی میں ایک بینک سے تقربیا اکتالیس ہزار ڈالرز کی ایک ڈکیتی میں ملوث تھے، کاروائی کے بعد ان افراد کی جانب سے نقد، پستول گولہ بارود اور مواد ملا ہے۔

ہانگ کانگ:جمہوریت کے حق میں ہزاروں مظاہرین کی ریلی

0

ہانگ کانگ میں جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے ہزاروں شہری سڑکوں نکل آئے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ چینی حکومت انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کرے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت دو ہزار سترہ میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پراثرانداز ہوسکتی ہے، جمہوریت ریلی میں بڑی تعداد میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

جس میں ہانگ کانگ میں جمہوری نظام کی پاسداری کیلئے نعرے درج تھے، ریلی میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ہانگ کانگ میں مکمل طور پر جمہوری نظام کا نفاذ چاہتے ہیں۔

مظاہرین نے چین کی جانب سے دو ہزار سترہ کے انتخابات میں امیدواروں کے تعین کے فیصلے کومسترد کر دیا، واضح رہے کہ چینی حکومت نے ہانگ کانگ میں دو ہزار سترہ میں انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مشی گن:آئس ہاکی میچ میں عوام کی شرکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

0

امریکی ریاست مشی گن میں شائقین نے آئس ہاکی میچ میں سب سے زیادہ شرکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ امریکہ میں آئس ہاکی میچ بے حد مقبول ہے اور اس کھیل کے دلدادہ بھی بہت ہیں۔ یہ کھیل عوام بہت شوق سے دیکھتے ہیں اور اس کا عملی مظاہرہ مشی گن میں ایک میچ کے دوران دیکھنے کو ملا۔

نیشنل ہاکی لیگ میں ٹورنٹو میپل لیفس اور ڈیٹروائڈ ریڈ ونگس کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کرکے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ میچ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

اس سے قبل دو ہزار آٹھ میں نیو یار ک میں کھیلے جانے والے آئس ہاکی میچ میں اکہتر ہزار تماشائیوں نے شرکت کی تھی۔

 

تل ابیب: صابرہ اور شتیلا کے قصاب ایریل شیرون کی حالت تشویشناک

0

فلسطینی مہاجر کیمپ صابرہ، شتیلا میں فلسطینی مہاجروں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سابق اسرائیلی وزیراعظم اور اس وقت کے وزیر دفاع ایریل شیرون کی حالت تشویشناک ہوگئی، ڈاکٹروں نے اگلے چوبیس گھنٹے اہم قرار دے دیئے۔

قصاب کے نام سے معروف سابق اسرائیلی وزیراعظم ایریل شیرون گذشتہ آٹھ سال سے برین ہیمرج کے باعث کوما میں ہیں، دو ہزار چھ میں شیرون کے دماغ کی شریان پھٹ گئی تھی، جس کے بعد سے وہ کوما میں چلے گئے تھے۔

اسرائیلی قصاب کے نام سے مشہور ایریل شیرون کو گذشتہ آٹھ سال سے مصنوعی تنفس دیا جارہا ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایریل شیرون کی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے جا رہے ہیں، شیرون نے انیس سو بیاسی میں لبنان کے صابرہ اورشتیلا مہاجر کیمپوں میں فلسطینوں کا قتل عام کیا تھا، جس کے بعد انھیں قصاب کا لقب عطا کیا گیا تھا۔