اتوار, مئی 25, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 30440

تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں،وزیراعظم

0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو روکنا ہوگا، تمام پاکستانیوں کو بلاامتیازعلم امن اور سلامتی دینا چاہتے ہیں۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں میسحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں، تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بعض عناصرمذہب کو ذاتی مفاد کےلئے استعمال کررہے ہیں، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ مذہبی بنیاد پرشہریوں میں امتیاز رکھنا پاکستانی آئین کےخلاف ہے۔

جب جہالت دہشت گردی اور غربت کا کوئی مذہب نہیں تو علم امن اور خوشحالی کے لئے مذہب کو کیوں دیکھا جائے، مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعظم نوازشریف نے کرسمس کا کیک کاٹا اور میسحی برادری کو پیشگی مبارکباد بھی دی، تقریب میں مسیحی برادری کے رہنما اور صوبائی وزراء بھی شریک تھے۔
       

پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے ٹرائل کو چیلنج کردیا

0

سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے خلاف غداری کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

انہوں نے خالد رانجھا ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ کی سماعت بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔

واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو24 دسمبر کو طلب کر رکھا ہے، درخواست میں موقف اختیا ر کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف نے 3نومبر 2007 کو ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ تنہا نہیں کیا تھا بلکہ اس کیلئے ضروری مشاورت کی گئی تھی۔

اس لئے صرف ان کے خلاف مقدمہ چلانا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری دفاع اور خصوصی عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔

کراچی:الیکشن ڈیوٹی کا معاوضہ نہ ملنے پر ٹیچرزکااحتجاجی مظاہرہ

0

آل سندھ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور عام انتخابات میں فرائض انجام دینے والے چھ ہزار سے زائد اساتذہ کو معاوضہ ادا کرنے مطالبہ کیا۔

کراچی پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب میں آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر شبیر جامڑو کا کہنا تھا کہ اساتذہ کا معاوضہ ادا نہ کیا گیا تو بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کرینگے اورکوئی ٹیچر ڈیوٹی ادا نہیں کرے گا۔

شبیر جامڑو نے مطالبہ کیا کہ تھرپارکر میں151 اساتذہ کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس واپس لیے جائیں۔ آل سندھ پرائمری ٹیچرزایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تیرہ جنوری کو سیکریٹری تعلیم کے دفترکا گھیراؤ کیا جائے گا۔

 

وزیراعلیٰ بلوچستان کی صدارت میں انسداد پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس

0

وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی صدارت میں انسداد پولیو ٹاسک فورس کا منعقد ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ ،چیف سیکرٹری بلوچستان ،سیکرٹری صحت ،عالمی ادارئے صحت کے نمائندے، بلوچستان کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں پولیو کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور صحت کے ذمہ داران سے رپورٹ طلب کی گئی ہے کہ اور مستقبل میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ بلوچستان کو پولیو سے پاک بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

گرجا گھروں کی سیکورٹی دگنی کرنے کے احکامات

0

پاکستان ایکس سروس مین ایسوسی ایشن (پیسا) کے صدر جنرل ریٹائرڈ علی قلی خان نے کرسمس سے قبل گرجا گھروں کی سیکورٹی دگنی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں تاکہ امن و امان یقینی اور دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقعے کی روک تھام کی جاسکے۔

یہ فیصلہ سابق عسکری قیادت کے ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اقلیتوں کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے، جس میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چائیے۔

اجلاس میں پشاور چرچ دھماکہ کے بعد سابق فوجیوں کی جانب سےعیسائیوں کے حفاظتی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کرسمس کے موقع پر سیکورٹی دگنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جس پر اجلاس میں موجود سابق فوجیوں پر مشتمل دو بڑی نجی سیکورٹی کمپنیوں کے مالکان نے فوری رضامندی ظاہر کر دی، سابق عسکری ماہرین نے کہا کہ اقلیتوں تمام تر حقوق کی حفاظت، مذہبی آزادی، حفاظت اور تحفظ سب کا فرض ہے اور علماء کو اس سلسلہ میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے اور عوام کو سب کے عقائد کی عزت کرنے کا درس دینے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد: حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار

0

اسلام آباد پولیس نے حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، تین ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، رینجر بھی ساتھ رہے گی۔

پولیس حکام کے مطابق جلوس کے راستے پر موبائل فون سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی پولیس اور راولپنڈی پولیس اس موقع پر مشترکہ گشت بھی کرے گی۔

تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور تمام امام بارگاہوں پر کمانڈوز بھی تعینات کردئیے ہیں، اسلام آباد میں دو امام بارگاہوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز کا اجلاس

0

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز کا اجلاس ہوا، جس میں عدالتوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں صوبے بھر کے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز اور اعلی پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں عدالتوں کی سیکورٹی، اشتہاریوں کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس منظور احمد ملک نے احکامات جاری کئے کہ سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے اور اشتہاریوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، جسٹس منظور احمد ملک کو بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں ملزمان کے چالان پیش کرنے میں تاخیر کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے بہت سے اہم مقدمات کا وقت پر فیصلہ نہیں ہو پاتا۔

جسٹس منظوراحمد ملک نے حکم دیا کہ جو تفتیشی افسر چالان پیش کرنے میں غفلت برتے اس کے خلاف کاروائی کی جائے، اجلاس میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ جیلوں میں دہشتگردی کے بعض قیدیوں کو موبائل فونز مہیا کئے جانے کی رپورٹ سامنے آئی ہے جس پر جسٹس منظور احمد ملک نے اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم دیا کہ تمام جیلوں کے اندر موبائل فونز استعمال کرنے پر پابندی ہونی چاہیئے اور جو اہلکار اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہونی چاہیے تاکہ اس مسئلے کا سدباب کیا جاسکے۔

اجلاس میں عدالتوں کی سیکورٹی، اشتہاریوں کی گرفتاری معاملے پر پولیس اور پراسیکوشن سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

ہیملٹن ٹیسٹ:نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے صرف ایک سو بائیس رنز کا ہدف

0

ہیملٹن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے دوسری اننگز میں ہتھیار ڈال دیئے۔ مہمان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے صرف ایک سو بائیس رنز کا ہدف دے دیا۔

ہیملٹن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو انچاس رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سنیل نرائن نے چھ شکار کئے۔ اٹھارہ رنز کی برتری کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز شروع کی تو مہمان بیٹنگ لائن کیوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف ایک سو تین رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کے ایک سو بائیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے چھ رنز بنالئے ہیں۔ اور انہیں کامیابی کے لئے مزید ایک سو سولہ رنز کی ضرورت ہے۔

 

رن روک لیتے تو میچ میں کامیابی مل سکتی تھی،مصباح الحق

0

پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح کا کہنا ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگھی دکھائی اگر فیلڈنگ میں رن روک لیتے تو میچ میں کامیابی مل سکتی تھی، دوسری جانب سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کی پرفارمنس سے بہت خوش ہیں۔

دبئی میں دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان کے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بلے بازوں نے بہتر کارکردگی دکھائی، بولنگ میں ایک سے دو اوورز خراب گئے جس وجہ سے نتیجہ یمارے حق میں نہیں گیا.

تیسرے میچ میں کم بیک کریں گے، سری لنکن کپتان ایجلو میتھوز کا کہنا تھا کہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،سنگاکارا اور چندی مل نے جیت کی بنیاد رکھی۔ اچھی وکٹ پر پاکستان کو تین سو سے کم پر محدود کرنے میں بولر نے اہم کردارادا کیا –

بہترین کارکردگی پر میتھیوز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو شارجہ میں کھیلاجائے گا۔

 

قہقہوں،ایکشن سے بھرپورہالی ووڈ فلم”رائڈ الانگ” کا ٹریلر ریلیز

0

قہقہوں اور ایکشن سے بھرپورہالی ووڈ فلم رائڈ الانگ کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے۔

فلم کی کہانی ایک ہائی اسکول سیکیورٹی گارڈ کے گِرد گھومتی ہے، جو ایک ایسی خاتون کی محبت میں گرفتار ہوجاتا ہے، جس کا بھائی پولیس اہلکار ہے، فلم میں مرکزی کردار ہالی وڈ اداکار کیون ہارٹ اور آئس کیوب نبھا رہے ہیں۔

کامیڈی اور ایکشن کا مکس تڑکا لئے یہ فلم آئندہ سال سترہ جنوری کو امریکہ جبکہ سات مارچ کو برطانوی سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائے گی۔