جمعرات, مئی 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3784

جب ’نتھلی کا پیچ‘ پھیپھڑے میں جا پھنسا، آپریشن کی انوکھی کہانی

0

کلکتہ : بھارت کے مقامی اسپتال میں ڈاکٹرز  نے کامیاب سرجری کرکے خاتون کے پھیپھڑے میں پیوست ’نتھلی کی کیل‘ نکال دی جو سانس کی نالی سے ہوتی ہوئی پھیپھڑوں میں پھنس چکی تھی۔

یہ کہانی اس وقت منظر عام پر آئی جب اس واقعے کے ایک ماہ بعد خاتون ڈاکٹر کے پاس گئیں اور بتایا کہ ان کو مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف کے ساتھ نمونیا کی شکایت بھی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کلکتہ کی رہائشی ورشا ساہو نامی خاتون نے بتایا کہ پچھلے ماہ جب مجھے مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی تو میں نے معالج کے مشورے سے ادویات کا استعمال کیا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا۔

nose pin

انہوں نے بتایا کہ پچھلے ماہ میں کسی سے بات کر رہی تھی اس دوران جب گہرا سانس لیا اور سانس اندر کھینچتے ہوئے مجھے پتہ ہی نہیں چلا کہ کب یہ نتھلی کی کیل سانس کی نالی میں چلی گئی۔

 35 سالہ ورشا ساہو کے مطابق حادثاتی طور پر ناک میں پہنی جانے والی نتھلی کا پیچ گلے میں چلا گیا تو شروع میں زیادہ پریشانی نہیں تھی، میرا خیال تھا کہ یہ معدے میں جاچکی ہے اور نظام ہاضمہ کے ذریعے جسم سے باہر نکل جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔

مجھے لگا یہ پیچ میرے پیٹ میں چلا گیا ہوگا لیکن یہ چھوٹی سی کیل پیٹ میں جانے کے بجائے پھیھڑے میں پھنس گئی اور کئی ہفتے تک سانس لینے میں تکلیف کا سامنا رہا۔

X-ray

ورشا ساہو کا کامیاب آپریشن کرنے والے ڈاکٹر دیبراج جاش کا کہنا ہے کہ یہ ایک نہایت غیر معمولی کیس تھا کیوں کہ گزشتہ دہائی میں ایسے صرف دو ہی کیسز سامنے آئے ہیں، کبھی کبھار ایسے مریض آتے ہیں کہ ان کے پھیپھڑے یا سانس کی نالی میں خشک میوہ جات کا کوئی دانہ پھنس جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسا زیادہ تر چھوٹی عمر کے بچوں یا 80 سال سے بڑی عمر کے افراد کے ساتھ ہوتا ہے۔ 35 سال کی عمر کی خاتون مریضہ کے ساتھ ایسا ہونا غیر معمولی بات ہے۔

لوڈ شیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک کی وضاحت

0
کے الیکٹرک

کراچی : شہر قائد میں بجلی کی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک نے کورنگی کراسنگ کے علاقہ میں بجلی کی فراہمی سے متعلق وضاحتی بیان جاری کردیا۔

اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ کورنگی کراسنگ 31جی کے ایریا میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ علاقے میں لوڈشیڈنگ ادارے کی ویب سائٹ پردیے گئے شیڈول کے عین مطابق کی جاتی ہے۔

ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ علاقے میں بجلی کی چوری اور نقصانات کی شرح پر منحصر ہے، وقت پر کی گئی بلوں کی ادائیگیاں علاقے کی لوڈ شیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جزو ہیں۔

جب شادی کی انگوٹھی گُم ہوئی تو ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟ فہیمہ اعوان نے راز کی بات بتا دی

0
فہیمہ اعوان

شادی کے شروع دنوں میں اکثر لڑکیاں لااُبالی یا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہیں اس کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ میکے میں وہ ذمہ داریاں نہیں ہوتیں جو سسرال میں نبھانا پڑتی ہیں۔

ان ہی ذمہ داریوں کی وجہ سے بہت سی غلطیاں اور کوتاہیاں بھی سرزد ہو جاتی ہیںِ تاہم یہ کوئی اتنی بری بات بھی نہیں کیونکہ انسان غلطیوں سے ہی سیکھ کر آگے بڑھتا ہے۔

اے آر وائی ڈیجٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فہیمہ اعوان نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ شادی کے کچھ ہی دن بعد مجھ سے دو انگوٹھیاں کھو گئیں، میں بہت پریشان تھی کہ شوہر اور ساس کو کیسے بتاؤں کہ کیسے کھو گئیں کہ ڈانٹ پڑے گی۔

فہیمہ اعوان نے کہا کہ تین چار دن بعد جب میں نے ڈرتے ڈرتے ساس سے کہا تو انہوں نے کچھ نہیں کہا اور تھوڑی دیر بعد کہا کہ یہ دیکھو یہ رہیں تمہاری انگوٹھیاں۔ انہوں نے مجھے سمجھاتے ہوئے کہا کہ جس کی چیز گُم ہوتی ہے دراصل وہی چور ہوتا ہے اس لیے اپنی چیز کی حفاظت خود کرو۔

اداکارہ فہیمہ اعوان نے کہا کہ جب ہماری کوئی چیز گم ہوتی ہے تو ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے سوا سب چور ہیں جبکہ حقیقت میں اس بات کے ذمہ دار ہم خود ہوتے ہیں۔

مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا، ویڈیو دیکھیں

0
طیارہ

کیلیفورنیا : جرمنی کا مسافر بردار طیارہ رن وے پر لینڈنگ کے دوران خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ نے کمال مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اگلا لائحہ عمل اختیار کیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی لفتھانزا ایئر لائنز کے طیارے میں سوار مسافروں کو لینڈنگ کے وقت ایک انتہائی ڈراؤنی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

لفتھانزا ائیر لائن کی پرواز جو جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے کیلیفورنیا کے لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ آرہی تھی کہ رن وے پر اترتے ہوئے بڑے حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گئی۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ رن وے پر اترتے ہوئے معمول کے مطابق دکھائی دے رہا تھا، جیسے ہی طیارے کے پہیوں نے زمین کو چھوا تو زور دار جھٹکا لگا اور ان سے دھواں اٹھنے لگا۔

پائلٹ نے اسے دوبارہ لینڈ کرنے کوشش کی لیکن اس بار بھی ایسا ہی ہوا اس بار پائلٹ نے پوری کوشش کے بعد لینڈنگ روک دی اور فوری طور پر فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو دوبارہ فضا میں بلند کردیا۔

رپورٹ کے مطابق بعد ازاں ایئر لائن کا یہ 9سال پرانا طیارہ کچھ دیر ایئر پورٹ کے چاروں طرف چکر لگاتا رہا اور پھر بغیر کسی مسئلے کے باآسانی لینڈ کرگیا، فوری طور پر یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ پہلی بار لینڈنگ آسانی سے کیوں نہیں ہوسکی اور کیا یہ واقعہ کسی گیئر یا آلات کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا؟۔

لفتھانزا ائیر لائن کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک خراب لینڈنگ تھی تاہم کسی سے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، پرواز میں 326 مسافر اور عملے کے 19 ارکان سوار تھے۔

’بچوں کی کفالت اور طلاق‘ فرح سعدیہ کا پرانا انٹرویو وائرل

0
فرح سعدیہ

اداکارہ و میزبان فرح سعدیہ کا ماضی کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ طلاق اور بچوں کی کفالت سے متعلق گفتگو کررہی ہیں۔

اداکارہ فرح سعدیہ نے 2003 میں کیریئر کے عروج پر کامیاب ٹیلی ویژن ڈائریکٹر اور اداکار اقبال حسین (بشریٰ انصاری کے حالیہ شوہر) سے شادی کی اور بعد ازاں 2013 میں طلاق ہوگئی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔

بعد ازاں فرح سعدیہ نے دوسری شادی 2012 میں پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری توقیر احمد سے کی مگر یہ شادی بھی کامیاب نہ ہو سکی۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے لگاتار 18 سال تک دن رات محنت، اداکاری اور مارننگ شوز کر کے اپنے بچوں کی کفالت کی ہے، اس دوران اُن کے بیٹوں کے والد اقبال حسین نے پیچھے مڑ کر اپنی سابقہ اہلیہ یا بچوں کی جانب دیکھا تک نہیں۔

فرح سعدیہ نے بتایا کہ پی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’بندھن‘ ڈرامے کی کامیابی کے فوری بعد شادی کرلی تھی۔

اُن کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد اُن کا گھر پہلی ترجیح بن گیا تھا، انہوں نے اپنے خاندان کی وجہ سے بہت سے بہترین مواقعوں سے فائدہ نہیں اٹھایا کیوں کہ وہ اپنی خاندانی زندگی میں خلل نہیں ڈالنا چاہتی تھیں۔

فرح سعدیہ کا بتانا ہے کہ وہ اس وقت پڑھائی بھی کر رہی تھیں، اگرچہ اُنہیں کچھ وقت کے لیے کام کرنا پڑا لیکن اپنے بچوں کی وجہ سے ایک طویل وقفے پر چلی گئیں کیوں کہ وہ اپنے بچوں کی اکیلے ہی دیکھ بھال کر رہی تھیں۔

فرح سعدیہ نے کہا کہ میں نے ایک مارننگ شو کو ترجیح دی تھی کیونکہ یہ میرے لیے سب سے مناسب کام تھا، خواتین زندگی اور کیریئر میں بہت سی قربانیاں دیتی ہیں لیکن ان کی قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا جاتا۔

سولر پینل لگانے والوں سے ٹیکس لینے کا فیصلہ

0

سولر پینل لگانے والوں کے لیے بُری خبر ہے کہ حکومت نے ٹیکس لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 12کلو واٹ گھریلو یا کمرشل سولر پینل لگانے والوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومت نے گھریلو یا کمرشل سولر صارفین پر 2ہزار روپے فی کلوواٹ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 12کلو واٹ کا سولرپینل لگانے والے صارفین سے 24ہزار روپے وصول کیےجائیں گے۔

اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے سمری وزارت بجلی کو ارسال کر دی ہے۔ پاور ڈویژن نے سی پی پی اے کی سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی ہے۔

ملک میں نصب کیےگئے سولرپینل کے نرخوں پر نظرثانی کی تجویز بھی زیرغور ہے۔ سمری منظور ہونے پر سولرپینل کے نرخ کم کرنےکی درخواست نیپرا میں دائر کی جائے گی۔

’مودی چند دنوں میں اسٹیج پر رونے لگیں گے‘

0
پہلگام حملہ: سابق بھارتی وزیر نے مودی کو خبردار کر دیا

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی چند دنوں میں اسٹیج پر تقریر کے دوران رونے لگیں گے۔

ریاست کرناٹک میں انتخابی ریلی سے خطاب میں راہول گاندھی نے نریندر مودی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے ان کی تقریریں سنیں وہ خوفزدہ ہیں اور ممکن ہے وہ اسٹیج پر آنسو بہائیں گے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ مودی آپ لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، کبھی وہ چین اور پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہیں اور کبھی وہ آپ کو اپنے موبائل فون کی ٹارچ لائٹ آن کرنے کو کہتے ہیں۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کے بنیادی مسائل بشمول غربت، بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے کیلیے کچھ بھی نہیں کر رہے، انہوں نے صرف غریبوں سے پیسہ چھین کر کچھ لوگوں کو ارب پتی بنایا ہے، 22 ایسے لوگ ہیں جن کے پاس ملک کے 70 کروڑ لوگوں کے برابر دولت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو ایک سادہ سی بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مودی نے جو دولت ان ارب پتیوں کو دی ہے وہی رقم ہم ملک کے غریب لوگوں میں تقسیم کریں گے۔

نریندر مودی نے ہندوستان کے نوجوانوں سے فوج کی نوکریاں چھین لیں۔ وہ اگنیور اسکیم لے کر آئے جو کہ ہندوستانی فوج اور فوجیوں کی توہین ہے۔ ہم اسے ختم کر دیں گے،‘‘ راہول نے کہا۔

راہول گاندھی نے مودی سرکار پر غلط جی ایس ٹی لگانے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کرناٹک کے عوام کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں، کانگریس جی ایس ٹی کو تبدیل کرے گی اور لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو دور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن پچھلے انتخابات سے مختلف ہیں، انڈیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک پارٹی اور ایک فرد ملکی آئین و جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مریخ پر مکڑیاں؟ نئی تصاویر نے سب کو حیرت زدہ کردیا

0

سائنسدانوں کو اس بات کا کسی حد تک یقین ہے کہ مریخ پر زندگی موجود ہے تاہم یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا ممکن ہے کہ مستقبل قریب میں اس بات کے سچ ہونے یا نہ ہونے کا یقینی جواب مل جائے۔

ایک رپورٹ کے مطابق 19ویں صدی کے آخری برسوں میں ایک امریکی خلاباز پرسیوال لورل کا خیال تھا کہ انہوں نے مریخ کی سطح پر نہریں دیکھی ہیں جو اس بات ثبوت ہے کہ اس سیارے میں کسی مخلوق کی زندگی کا وجود ہوسکتا ہے۔

اس حوالے سے گزشتہ دنوں یورپی خلائی ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ تصاویر نے نئی بحث کو جنم دیا ہے، مریخ کی سطح پر رینگنے والی چیونٹیوں یا سیاہ مکڑیوں کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر کافی دھوم مچائی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر خلائی ایجنسی کی حال ہی میں شیئر کی گئی تصاویر میں صارفین کو مریخ کے دلفریب مناظر دکھائے گئے، ان تصاویر میں ایک نئی چیز دیکھنے میں آئی کہ مریخ کے جنوبی قطبی علاقے میں چاروں جانب ” سیاہ مکڑیاں” بکھری ہوئی نظر آرہی ہیں جسے "انکاسٹی” کا نام دیا گیا ہے۔

خلائی ایجنسی نے اپنی پوسٹ میں مریخ کے ایک علاقے میں پھیلی ہوئی ان سیاہ مکڑیوں کے بارے میں حقائق تفصیل سے بتائے اور واضح کیا کہ دراصل میں وہ کیا چیز ہیں۔

اس حوالے سے یوروپی اسپیس ایجنسی نے بتایا کہ مکڑیوں کی یہ تصاویر مارس ایکسپریس نے حاصل کی ہیں اور وضاحت کی کہ درحقیقت یہ کسی بھی قسم کے خوفناک رینگنے والے جاندار نہیں ہیں بلکہ یہ مناظر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ذخائر کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مریخ پر سردیوں کے مہینوں کے دوران (کاربن ڈائی آکسائیڈ) برف جمع ہوجاتی ہے جس سے ایک پتلی برفیلی تہہ بن جاتی ہے پھر جب موسم بہار آتا ہے اور سورج کی روشنی برفیلی تہہ میں سے داخل ہوتی ہے جس سے تبدیلی پیدا ہونے کے بعد یہ جگہ ایسی نظر آتی ہے جیسے زمین پر مکڑیاں بکھری ہوئی ہوں۔

صنم سعید نے ڈرامہ انڈسٹری سے دوری کی وجہ بتادی

0
صنم سعید

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے ڈرامہ انڈسٹری سے دوری کی وجہ بیان کردی۔

اداکارہ صنم سعید نے گزشتہ ماہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی نوک نوک شو‘  میں شرکت کی جس کے میزبان ان کے شوہر و اداکار محب مرزا تھے۔

ٹاک شو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں ٹی وی پر نظر نہ آنے سے متعلق گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

صنم سعید کا کہنا تھا کہ کیوں کہ آج کل وہ بہت مصروف ہیں اور ان کے پاس بالکل بھی وقت نہیں ہے اسی لیے وہ ڈراموں میں نظر نہیں آ رہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ShowbizShowsha (@showbizshowsha)

اداکارہ نے بتایا کہ وہ آج کل سیریز میں بھی کام کر رہی ہیں اور ان کی جانب جو اسکرپٹس آتے ہیں زیادہ تر وہ آفر کیے گئے مگر وہ کردار ادا کرنے سے معذرت کر لیتی ہیں۔

صنم سعید نے مزید کہا کہ ان کو دو کردار ایسے آفر کیے گئے تھے کہ شدت کے ساتھ وہ ان پروجیکٹس میں کام کرنا چاہ رہی تھیں مگر وقت نہ ہونے کی وجہ سے وہ کردار نہیں کرسکیں۔

واضح رہے کہ صنم سعید نے گزشتہ سال اداکار محب مرزا نے دوسری شادی کی ہے۔

پہلا ٹی 20: ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان کو ایک رن سے ہرا دیا

0

ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں ایک رن سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 123 رنز کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بناسکی۔

ندا ڈار 27 اور سدرہ امین 23 رنز بنا کر نمایاں رہیں، منیبہ علی 18 رنز بناسکیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسپنر کرشمہ نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے تھے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

جوزف 34 رنز بنا کر نمایاں رہی تھیں جبکہ ٹیلرز نے 30 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ ون ڈے سیریز میں بھی ویسٹ انڈیز ویمنز نے گرین شرٹس کو 3-0 سے شکست دی تھی۔