پیر, اپریل 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3803

نواز شریف کا چین جانے کا امکان

0
نواز شریف کا چین جانے کا امکان

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا چین جانے کا امکان ہے تاہم وہ دورے کیلیے پارٹی سے مشاروت کر رہے ہیں۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ متعلقہ حکام سے بریفنگ کے بعد نواز شریف کے چین جانے کا فیصلہ ہوگا، چینی حکام نے سابق وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی تھی۔

دوسری جانب وزارت خارجہ کا مؤقف نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) اگر چین گئے تو یہ ان کا نجی دورہ ہوگا۔

گزشتہ ماہ میڈیا میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ سابق وزیر اعظم کے سعودی عرب اور پھر وہاں سے لندن جانے کا امکان ہے۔

پارٹی سے منسلک ذرائع نے نجی نیوز چینل کو بتایا تھا کہ نواز شریف رمضان کے آخری عشرہ میں عمرہ کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب جائیں گے۔ تاہم یہ خبریں غلط ثابت ہوئی تھیں۔

چند روز قبل (ن) لیگ کے سینئر رہنماؤں نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سنبھالنے کا مشورہ دیا تاہم اس حوالے سے ایک دو ماہ میں اس بارے میں فیصلہ ہو جائے گا۔

پارٹی کو ازسرنو متحرک کرنے سے متعلق مشاورتی اجلاس میں سینئر رہنماؤں کی تجویز تھی کہ حکومتی اور پارٹی عہدوں کو الگ کیا جائے۔

اس حوالے سے پارٹی کے سینئر رہنما عرفان صدیقی نے اے آر وائی نیوز کی خبر کی تصدیق کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امکان ہے نواز شریف پارٹی صدارت سنبھالیں گے تاہم ایک دو ماہ میں اس بارے میں فیصلہ ہو جائے گا۔

معتبر ذرائع نے بتایا تھا کہ (ن) لیگی قائد کو دوبارہ پارٹی کا صدر بننے کا مشورہ دیا گیا ہے اور وہ جلد پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔

شکیل بدایونی کا تذکرہ جن کے نغمات آج بھی بڑے ذوق و شوق سے سنے جاتے ہیں!

0

شکیل بدایونی کا انتقال 20 اپریل سنہ 1970 کو ہوا تھا۔ وہ ممبئی میں باندرہ قبرستان میں پیوندِ‌‌ خاک ہوئے، مگر اب ان کی قبر کا کوئی نشان نہیں ملتا۔

شکیل بدایونی کے فلمی نغمات اور ان کی غزلیں‌ بھارت اور پاکستان ہی نہیں‌ جہاں‌ بھی اردو زبان و شاعری سے شغف رکھنے والے رہتے ہیں، آج بھی بڑے ذوق و شوق سے سنی جاتی ہیں۔ شکیل بدایونی نے فلم’ ‘درد‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس سے قبل وہ مشاعروں‌ میں‌ شرکت کرکے شہرت پاچکے تھے۔

شکیل بدایونی 3 اگست سنہ 1916 کو اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں‌ پیدا ہوئے۔ ان کا گھرانا مذہبی تھا۔ والد ممبئی کی مسجد میں خطیب اور پیش امام تھے۔ شکیل کی ابتدائی تعلیم اسلامی مکتب میں ہوئی اور خاص ماحول میں پروان چڑھے۔ اردو، فارسی اور عربی کی تعلیم کے بعد بدایوں کے ایک ہائی اسکول سے تعلیم مکمل کر کے سنہ 1932 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ وہاں سے بی ۔ اے کی ڈگری حاصل کی اور پھر سنہ 1942 میں دہلی میں سرکاری ملازم ہو گئے۔

شکیل بدایونی نے علی گڑھ کے زمانے میں‌ شاعری کا آغاز کردیا تھا۔ جگر مراد آبادی نے ان کی سرپرستی کی اور اپنے ساتھ مشاعروں میں لے جانے لگے اور پھر ممبئی جو اس وقت فلمی دنیا کا مرکز تھا، وہاں شکیل کو فلموں میں گیت لکھنے کا موقع 1946 میں اس وقت ملا جب ان کے ایک دوست نے ان کی ملاقات مشہور فلم پروڈیوسر اے آر کاردار سے کروائی۔ شکیل کو کام مل گیا اور پھر انھوں نے ایک سو بھی زائد فلموں کے لیے گیت نگاری کی۔ آج بھی شکیل بدایونی کے یہ گیت سن کر لوگ جھومنے لگتے ہیں۔ فلم مغل اعظم کا گانا ‘پیار کیا تو ڈرنا کیا، ہمیں کاش تم سے محبت نہ ہوتی اپنے زمانے کے مقبول ترین گیت تھے۔

فلمی دنیا میں‌ شکیل بدایونی امنگوں اور پیار بھرے جذبات سے بھرپور شاعری کی وجہ سے بے حد مصروف رہے لیکن انھوں نے غزل گوئی ترک نہ کی۔ ان کا غزلیہ کلام بھی بہت خوب صورت ہے اور ان کے شعری مجموعے نغمۂ فردوس، صنم و حرم، رعنائیاں، رنگینیاں، شبستاں کے عنوان سے شائع ہوئے۔ ان کے کئی اشعار زبان زد عام ہوئے اور بہت سے فلمی گیت اپنے دور میں‌ ہر نوجوان کے لبوں‌ پر گویا مچلتے رہے ہیں۔ ایک شعر دیکھیے:

میں نظر سے پی رہا تھا تو یہ دل نے بد دعا دی
ترا ہاتھ زندگی بھر کبھی جام تک نہ پہنچے

شکیل بدایونی کی یہ غزل بہت مقبول ہوئی۔ اسے کئی بڑے گلوکاروں‌ نے گایا ہے۔

اے محبت ترے انجام پہ رونا آیا
جانے کیوں آج ترے نام پہ رونا آیا
یوں تو ہر شام امیدوں میں گزر جاتی تھی
آج کچھ بات ہے جو شام پہ رونا آیا
جب ہوا ذکر زمانے میں محبت کا شکیل
مجھ کو اپنے دل ناکام پہ رونا آیا

شکیل بدایونی نے اپنے وقت کے ممتاز موسیقاروں کے ساتھ کام کیا۔ نوشاد اور شکیل بدایونی کے اشتراک سے متعدد سپر ہٹ گیت سامنے آئے جن میں فلم ‘’میلہ‘ کا ’یہ زندگی کے میلے‘، ’سہانی رات ڈھل چکی نجانے تم کب آؤ گے‘ ، ’میرے محبوب تجھے میری محبت کی قسم‘، اڑن کھٹولہ شامل ہیں۔ نوشاد کے بعد شکیل نے موسیقار روی کے لیے گیت لکھے جو بے حد مقبول ہوئے،
فلم چودھویں کا چاند کے ٹائٹل گیت’چودھویں کا چاند ہو یا آفتاب ہو‘ پر 1961 میں شکیل بدایونی کو پہلا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

شکیل بدایونی کی آپ بیتی ’میری زندگی‘ کے عنوان سے شایع ہوئی تھی جس میں‌ وہ ایک جگہ رقم طراز ہیں: برخوردار، آج کے مشاعرے میں کون سی غزل پڑھو گے؟ میں(شکیل بدایونی) نے عرض کیا، ایک تازہ غزل لکھی ہے۔ انھوں نے کہا، ’سناؤ تو ذرا۔‘ میں نے غزل کا مطلع پڑھا:

اندازِ مداوائے جنوں کام نہ آیا
کوشش تو بہت کی مگر آرام نہ آیا

حفیظ صاحب نے فرمایا کہ ’عزیزِ من، اگر یہ غزل کسی استاد کو سنا دی جاتی تو کہیں سے کہیں پہنچ جاتی۔‘ میں نے کہا ’حفیظ صاحب، اگر میں اسی غزل پر مشاعرہ نہ الٹ دوں تو نام نہیں۔ چنانچہ شب کو گورنر ہیملٹ کی صدارت میں مشاعرہ ہوا اور میں نے وہی غزل پڑھ کر بے پناہ داد حاصل کی۔‘

بھارتی فلم انڈسٹری کے اس مقبول نغمہ نگار کے بارے میں‌ کہا جاتا ہے کہ وہ شاعری کے علاوہ بیڈمنٹن کھیلنا پسند کرتے تھے۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ اکثر پتنگ بازی بھی کرتے تھے۔

پٹھوں کی مضبوطی کیلئے ’’کھیرے کے پانی‘‘ کا جادوئی اثر

0
کھیرے کا پانی

ہمارے کھانوں میں کھیرے کا استعمال عام حیثیت رکھتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کھیرے کا پانی بھی صحت کیلئے اپنی مثال آپ ہے۔

اس سبزی کو اگر پھل کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ اسے سلاد میں شامل کرنے کے علاوہ ویسے بھی کھالیا جاتا ہے۔

کھیرے کھانے کی عادت ضروری ہائیڈریشن کے ساتھ جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتی ہے اور یہی اس کا واحد فائدہ نہیں بلکہ اگر اس کا پانی بنا کر پیا جائے تو بہت سی بیماریاں آپ کے قریب بھی نہیں آئیں گی۔

cucumber

ماہرین کے مطابق کھیرے میں متعدد وٹامنز، اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں اور ہڈیوں، جلد اور پٹھوں کیلیے بھی فائدہ مند ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق جسمانی افعال اور اچھی صحت کیلیے جسم کو مناسب مقدار میں پانی کی ضرورت ہوتی ہے، گرم موسم میں جسم کو زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ پسینے کی وجہ سے بہت زیادہ سیال ضائع ہو جاتا ہے۔

cucumber

کھیرا میں موجود پوٹاشیم پٹھوں کی توانائی کے لیے بہت اہم ہے، کھیرے میں پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور کھیرے کا پانی پینا جسمانی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد دیتا ہے جبکہ پٹھوں کی سوجن کو بھی کم کرتا ہے۔

اس کے علاوہ کھیرے میں وٹامن بی ہوتا ہے جو کیل مہاسوں اور جلد کے دیگر مسائل سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

کھیرے کا پانی پینے سے روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینا آسان ہوجاتا ہے جبکہ اس مشروب میں موجود کھیرے کے ٹکڑے زبان کا ذائقہ بھی بہتر بناتے ہیں۔

کھیرے کا پانی کیسے بنایا جائے ؟

کھیرے کا پانی بنانے کے لیے 8 کپ پانی، 2 کھیرے اور آدھا چائے کا چمچ نمک درکار ہوگا ایک جگ میں کھیرے کے ٹکڑے اور نمک ڈالیں۔ اس کے بعد پانی ڈالیں اور جگ کو اچھی طرح ہلائیں اور پھر ڈھک کر کم از کم 4 گھنٹے یا رات بھر فریج میں رکھ دیں، اس مشروب کو 3 دن کے اندر پی لیں۔

جوس میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں جبکہ کھیرے کے پانی میں کیلوریز کم ہوتی ہیں جس سے جسمانی وزن میں اضافہ نہیں ہوتا۔ کئی بار جب جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے تو پیاس کی بجائے بھوک محسوس ہوتی ہے اور لوگ ضرورت سے زیادہ کھانا کھاتے ہیں۔

اس لیے جب آپ کو بے وقت بھوک لگتی ہے تو ایک گلاس کھیرے کا پانی پینا اس پر قابو پانے میں مدد کر سکتا ہے۔

ایرانی صدر کی پاکستان آمد پر عام تعطیل کا اعلان

0
ایرانی صدر کی پاکستان آمد پر عام تعطیل کا اعلان

کراچی: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی پاکستان آمد کے موقع پر کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن میں تمام نجی و سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے 23 اپریل 2024 کو بند رہیں گے۔

غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر کمشنر کراچی ڈویژن نے تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کل دو روزہ سکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ نئی حکومت کے قیام کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

اعلیٰ سطح کا وفد بھی مہمان صدر کے ہمراہ ہوگا۔ ابراہیم رئیسی اپنے ہم منصب صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، رابطے، توانائی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی۔

ایرانی صدر منگل کو کراچی پہنچیں گے جہاں وہ صوبائی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

پرنس، جس نے موسیقی کی طاقت سے ہر ایک کو جھومنے پر مجبور کر دیا!

0

کچھ لوگ قسمت کے دھنی ہوتے ہیں ایسے دھنی کہ شہرت اور مقبولیت کی دیوی گویا ان کے آگے ہاتھ باندھ کر کھڑی ہوں‌ اور وہ مسلسل کام یابیاں سمیٹتے چلے جائیں۔ پرنس انہی میں سے ایک تھا لیکن فن کی دنیا میں‌ مقام و مرتبہ پانے کے لیے ضروری تھا کہ وہ اپنے اندر چھپے فن کار کو پہچانے اور اپنی خداداد صلاحیتوں کا استعمال کرسکے۔ پرنس اس میں کام یاب ہوا اور اپنی گلوکاری اور موسیقی کی طاقت سے ہر ایک کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

امریکا کا یہ مشہور اور مایہ ناز گلوکار 2016ء میں آج کے دن چل بسا تھا۔ امریکی شہر مینیسوٹا میں پرنس اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا اور بعد میں‌ ڈاکٹروں‌ نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ پرنس کی عمر 57 برس تھی۔

پرنس، امریکی پاپ سنگر، منجھا ہوا موسیقار، پروڈیوسر اور مشہور اداکار بھی تھا جس کے گانوں پر مشتمل البمز معرکہ آرا ثابت ہوئے اور ان کی کاپیاں کروڑوں‌ کی تعداد میں فروخت ہوئیں۔ پرنس 1980ء کی دہائی میں اس وقت سپر اسٹار بنا جب 1999، پرپل رین اور سائن آف دا ٹائمز جیسے البم ریلیز ہوئے اور لوگ اس کے گانوں‌ کے دیوانے ہوگئے۔ بعد کے برسوں‌ میں پرنس کو سات بار ’گریمی ایوارڈ‘ سے نوازا گیا اور ’پرپل رین‘ کے گانے نے آسکر کے ’بہترین تخلیقی کاوش‘ کے زمرے میں شامل ہو کر یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔

اس گلوکار، موسیقار اور اداکار کا پورا نام روجرز نیلسن تھا اور وہ امریکا میں 7 جون 1958 کو پیدا ہوا۔ روجرز نیلسن نے 2000 میں‌ اپنے مداحوں سے کہا تھا کہ وہ انھیں پرنس کے نام سے پکاریں اور تب سے وہ ‘پرنس’ مشہور ہوگیا تھا۔ پرنس نے اپنے تقریبا سبھی گانے خود لکھے جب کہ وہ متعدد ساز بجانے میں‌ بھی مہارت رکھتا تھا۔موسیقی کی دنیا میں تین دہائیوں تک پرنس چھایا رہا۔ وہ اکثر اپنا حلیہ اور نام بھی تبدیل کر لیتا تھا اور اس کا یہ انداز بھی اس کی شہرت کا ایک سبب تھا۔

امریکا میں موسیقی کے شائقین کے درمیان پرنس کی شہرت کا ایک سبب زندگی سے بھرپور وہ گانے تھے جن پر پرنس کے مداح والہانہ انداز میں جھومتے دکھائی دیتے ہیں۔

امریکا میں‌ پرنس کی شہرت اور مقبولیت عام لوگوں‌ تک محدود نہ تھی بلکہ مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ ممتاز اور نمایاں‌ شخصیات بھی اس کے فن و انداز کو سراہتے تھے اور اس کے گانے پسند کرتے تھے۔ اس کا ثبوت ناگہانی موت پر امریکی اور دنیا بھر کے میڈیا پر اس کی کوریج ہے۔ پرنس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تمام بڑے ٹی وی چینلوں نے پروگرام پیش کیے۔ پرنس کے مداح اپنے محبوب سنگر کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئے اور محبوب گلوکار کی یاد میں‌ دہلیز پر پھول رکھے اور شمعیں روشن کی گئیں۔ اس طرح مداحوں نے پرنس سے اپنی محبّت کا اظہار کیا۔ یہی نہیں‌ بلکہ وہ فن و تخلیق کی دنیا کا ایسا ستارہ تھا جس کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے اس کے مشہور گانے ’پرپل رین‘ کی مناسبت سے امریکا کے مشہور نیاگرا فالز اور پیرس کے ایفل ٹاور سمیت دنیا کی متعدد مشہور عمارتوں کو اُن برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جن سے ’پرپل روشنی‘ پھوٹ رہی تھی۔

روجرز نیلسن المعروف پرنس بطور پروڈیوسر بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پرنس کے میگا ہٹ گانے بھی اُسی کے تحریر کردہ تھے۔ اس گلوکار کے تیس سے زائد البم سامنے آئے۔

سنہ 2004 میں پرنس کا مومی مجسمہ بھی ’روک اینڈ رول ہال‘ میں نصب کیا گیا تھا۔

بی جے پی اور کانگریس کے حامیوں نے انتخابی مباحثے کو میدانِ جنگ بنا دیا

0
بی جے پی اور کانگریس کے حامیوں نے انتخابی مباحثے کو میدانِ جنگ بنا دیا

بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جے پی) اور اپوزیشن پارٹی کانگریس کے رہنماؤں و حامیوں نے انتخابی مباحثے کو میدانِ جنگ میں بدل دیا۔

ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ٹیکم گڑھ میں نجی ٹی وی چینل کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مباحثے کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں جماعتوں کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

انتخابی مباحثے کے دوران کانگریس کے حامی نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرہ بلند کیا تو حکمران جماعت کے رہنما و حامی طیش میں آگئے۔

دونوں جماعتوں میں شدید تلخ کلامی ہوئی اور بعد میں شرکا آپس میں گتھم گتھا ہوئے۔ انہوں نے ایک دوسرے لاتوں، مکّوں اور پروگرام کیلیے رکھی کرسیوں کی بارش کر دی۔

چند لمحے میں مباحثے کا پروگرام میدانِ جنگ بن گیا جہاں لوگ ایک دوسرے کی پٹائی کرتے رہے۔

پولیس کے مطابق جھگڑے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کہا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے اور وزیر اعظم کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا۔

دوسری جانب، بی جے پی رہنما دویدی کی درخواست پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ادھر، کانگریس کے ضلعی صدر نوین ساہو نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ ملزمان کا ان کی پارٹی سے کوئی لینا دینا نہیں، وہ تماشائی بن کر انتخابی مباحثے میں شامل ہوئے تھے۔

ریاست مدھیہ پردیش میں ٹی وی چینل کے انتخابی مباحثے کے دوران اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 13 اپریل کو منعقدہ بحث کے دوران کانگریس اور بی جے پی کے کارکنوں اور لیڈروں نے مبینہ طور پر ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور پلاسٹک کی کرسیوں سے حملہ کیا تھا۔

بے روزگاروں کی بارارت کس شہر میں نکلی؟

0

بے روزگاری سے تنگ آئے نوجوانوں نے احتجاج کا انوکھا طریقہ اختیار کیا اور شہر میں بے روزگاروں کی بارات نکالی۔

بھارتی ریاست ہریانہ میں یہ انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں کرنال کی سڑکوں پر ریاست بھر کے نوجوانوں نے رقص کیا اور بی جے پی کی حکومت کو اس کے وعدے یاد دلائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت 37 فیصد کے قریب لوگو ہریانہ میں بے روزگار ہیں۔

ہریانہ میں اب بے روزگاروں کی تعداد اتنی زیادہ ہوچکی ہے کہ انھوں نے حکومت کو شرمندہ کرنے کے لیے ’بارات‘ نکالی ہے جبکہ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

اس بھارتی ریاست میں گزشتہ 5 سالوں میں بے روزگاری کافی بلند سطح پر چلی گئی ہے، ہریانہ اسکل ایمپلائمنٹ کارپوریشن بنا کر کانٹریکٹ پر نوکریاں دینے والی ریاستی حکومت نے نوجوانوں کے ساتھ ایک طرح سے مذاق کیا ہے۔

بارات کرنال کے پرانے بس اسٹینڈ سے شروع ہوئی اور پورے شہر سے ہوتی ہوئی ڈی سی آفس پہنچی، جہاں بے روزگاروں نے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی اور سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا۔

نوجوانوں نے حکومت پر گمراہ کرنے کا الزام بھی لگایا، انھوں نے کہا کہ مشترکہ اہلیتی امتحان (سی ای ٹی) کے پرچے پاس کرنے کے بعد بھی نوجوانوں کی بھرتی نہیں ہوئی ہے اور بے روزگار نوجوان سڑکوں پر بھٹک رہے ہیں۔

احتجاج کی قیادت عام آدمی پارٹی کے سابق ریاستی صدر نوین جے ہند نے کی، ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں کوئی بھرتی مکمل نہیں ہو رہی ہے۔ ٹی جی ٹی سے لے کر سی ای ٹی تک کی تمام بھرتیوں کے خلاف عدالتی مقدمات چل رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آج یہ تمام بے روزگار لوگ بی جے پی حکومت کو ان کا وعدہ یاد دلانے آئے ہیں کہ اس حکومت نے روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا۔

کرنال میں بارات میں شریک دیگر بے روزگار نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے ایک عہد کیا تھا، اس لیے نوجوان اسے یاد دلانے کے لیے کرنال میں بارات لے کر آئے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں 29 فروری 2024 تک 29 ہزار نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ وفا نہیں ہوا اور وہ اپنی بات سے مکر گئے۔ نوجوانوں میں بی جے پی حکومت کے خلاف شدید غصہ پایا جاتا ہے۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف آخری بال پر میچ ہارنے کے بعد قومی ویمنز کپتان نے کیا کہا؟

0
ندا ڈار ذہنی مسائل کا شکار، کرکٹ سے بریک لے لیا

ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ آخری بال پر ہارنے کے بعد قومی ویمنز کپتان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا تھا کہ آخری گیند پرمیچ کا فیصلہ ہوا۔ بدقسمتی سے ہم ہارنے والی ٹیم تھے، اس میچ کا نتیجہ کچھ بھی ہوسکتا تھا۔

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ابتدا میں رنز کرنا آسان نہیں ہوتا، سدرہ نے بہت اچھی اننگز کھیلی۔

قومی کرکٹر بسمہ معروف نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ موجودہ فائٹنگ اسپرٹ آخری میچ تک برقرار رہے۔

انھوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی پارٹنرشپ سے اسکور اچھا جارہا تھا، بولنگ کے ساتھ آج فیلڈنگ میں بھی کارکردگی اچھی رہی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ویمنز کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستانی خواتین کیخلاف دوسرا ون ڈے میں بھی فتح حاصل کی تھی۔

پاکستانی خواتین میچ کو آخری بال تک لے آئی تھیں مگر سیریز میں وہ کامیابی کا کھاتہ نہ کھول سکیں۔ ویسٹ انڈین ویمنز کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلہ 2 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔

روی کشن کی خفیہ بیوی اور بیٹی منظر عام پر آگئے

0
روی کشن کی خفیہ بیوی اور بیٹی منظر عام پر آگئے

ممبئی: معروف بالی وڈ اداکار و رہنما بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) روی کشن کی مبینہ خفیہ بیوی اور بیٹی منظرِ عام پر آگئے۔

25 سالہ اداکارہ شنووا نے دعویٰ کیا ہے کہ روی کشن ان کے حقیقی والد ہیں اور اس بات کو ثابت کرنے کیلیے انہوں نے قانونی راستہ اختیار کیا جس سے اداکار مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔

شنووا نے اس سلسلے میں ممبئی کی ایک عدالت میں درخواست دائر کی جس میں مبینہ والد سے ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ روی کشن کو سرکاری طور پر ان کا والد اور والدہ اپرنا سونی کا شوہر تسلیم کیا جائے۔

اس سے قبل شنووا نے بمبئی ہائی کورٹ میں اپرنا سونی اور دیگر کے خلاف اتر پردیش میں ولدیت کے انکشاف کے بعد درج کی گئی ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

لکھنؤ میں درج ایف آئی آر اداکارہ کی قانونی کارروائی سے صرف تین دن قبل روی کشن کی بیوی پریتی شکلا نے درج کروائی تھی۔

عدالت میں دائر حالیہ درخواست کے مطابق اپرنا سونی ایک صحافی ہیں جن کا ماضی میں روی کشن سمیت فلم انڈسٹری کی مختلف شخصیات سے سامنا ہوا، کچھ عرصے بعد صحافی اور بالی وڈ اداکار میں محبت ہوئی اور دونوں نے 1991 میں شادی کر لی تھی۔

درخواست کے مطابق جوڑے کے 19 اکتوبر 1998 کو شنووا کی پیدائش ہوئی تھی۔ بالی وڈ اداکار اور اپرنا سونی نے آپس مں معاہدہ کیا تھا کہ ان کی بیٹی روی کشن کو ’انکل‘ (uncle) کہہ کر مخاطب کرے گی۔

حالیہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب اپرنا سونی اور ان کی بیٹی شنووا لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں روی کشن سے ملاقات کیلیے گئے لیکن اداکار نے ملنے سے انکار کیا۔

تیسرا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا

0

راولپنڈی: نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ آج اتوار کو راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے۔ کیویز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے کیلئے قومی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

محمدعامرکی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل کیاگیا ہے، بابراعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئےآسان لگ رہی ہے بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث نیوزی لینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔