پیر, اپریل 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3804

ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا، لیگی کارکن جاں بحق

0

ظفروال: نارووال کے حلقہ پی پی 54 میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نارووال کے حلقہ پی پی 54 میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں 60 سالہ لیگی کارکن سر میں ڈنڈا لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق لیگی کارکن کی شناخت 60 سالہ محمد یوسف سے ہوئی ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی۔

بلوچستان میں محکمہ موسمیات کے نظام کو جدید بنانے کا منصوبہ شروع نہ ہو سکا، فنڈنگ رکنے کا خطرہ

0

کوئٹہ: بلوچستان میں بارش کی مقدار اور طوفان کی شدت کی پیشگوئی کرنے والے پہلے جدید ترین ریڈار کی تنصیب کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا، 6 ماہ سے صوبائی حکومت کے مختلف محکمے زمین دینے یا نہ دینے کے لیے خط و کتابت تک محدود ہیں۔

بلوچستان بالخصوص صوبے کی ساحلی پٹی موسمیاتی تبدیلی، شدید اور طوفانی بارشوں کی زد میں ہے، اس کے باوجود محکمہ موسمیات پاکستان کے نظام کو جدید بنانے کے منصوبے کے تحت گوادر میں پہلے جدید ترین ریڈار ڈول پولارائزڈ ریڈار (ایس بینڈ) کی تنصیب کا منصوبہ زمین نہ ملنے کے باعث تاحال شروع نہیں ہو سکا ہے۔

اے آر وائی نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق محکمہ موسمیات پاکستان کی جانب سے ورلڈ بینک کی فنڈنگ سے گوادر میں 2 ارب روپے سے زائد لاگت کا جدید ترین ویدر ریڈار نصب کیا جانا ہے، جو بارش کے وقت کے علاوہ ملی میٹرز میں بارش کی مقدار اور طوفانوں کی شدت کی پیشگوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس ضمن میں محکمہ موسمیات پاکستان نے گوادر کے کوہ باطل پر ایک ایکڑ زمین کی فراہمی کے لیے اکتوبر 2023 میں بلوچستان حکومت کو خط لکھا ہے، تاہم 6 ماہ گزرنے کے باوجود زمین دینے یا نہ دینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان آفس، ڈپٹی کمشنر گوادر، محکمہ ریونیو اور پی ڈی ایم اے خط و کتاب تک محدود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ایک عہدے دار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ تاحال 6 کے قریب خطوط صوبائی حکومت کو لکھے گئے ہیں، صوبائی عہدے داران سے ملاقات کرنے کی کوشش کی گئی ہے، تاہم کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، جب کہ 6 ماہ بعد خط کا جواب یہ آیا ہے کہ صوبائی محکمہ تاحال زمین دینے سے متعلق جائزہ لے رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صوبائی محکموں کی سست روی اور عدم توجہی کے باعث ورلڈ بینک کے فنڈ سے لگنے والا یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے، آئندہ چھ ماہ میں ریڈار کی تنصیب پر کام شروع نہ ہوا تو آئندہ سال منصوبے پر عمل درآمد سے متعلق جائزہ اجلاس میں اس کی فنڈنگ روک دی جائے گی۔

عہدے دار کے مطابق ملک میں ایکنک کی منظوری کے بعد ورلڈ بینک کے فنڈ سے ملک بھر میں 50 ملین ڈالر کا موڈرنائزیشن آف ہائیڈرومیٹ سروس کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ بلوچستان میں شدید بارشوں اور طوفانوں کے خطرات کے پیش نظر صوبہ بالخصوص ساحلی پٹی کو اوّلیت دی گئی ہے اور پہلی مرتبہ ڈول پولارائزڈ ریڈار (ایس بینڈ) گوادر میں نصب ہونا ہے، اگر بروقت یہ منصوبہ شروع نہ ہوا تو بلوچستان جدید ریڈار سے محروم ہو کر شدید بارشوں اور طوفان سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی صلاحیت حاصل نہیں کر پائے گا۔

اس حوالے سے بلوچستان حکومت کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم جواب موصول نہیں ہوا، محکمہ موسمیات کے عہدے دار کے مطابق اس منصوبے کے تحت گوادر کے علاوہ کوئٹہ اور قلات میں بھی تین جدید ریڈار اور صوبہ بھر میں 105 آٹو میٹک ویدر اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں۔

ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے بلوچستان میں محکمہ موسمیات کلائمٹ اینڈ انوائرنمنٹل ڈیٹا بیس بنانے کی صلاحیت حاصل کرے گا، جو صوبے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کے علاوہ پائیدار ڈیمز کی تعمیر میں درکار معلومات کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ یاد رہے ورلڈ بینک کے فنڈ سے اسی نوعیت کا 60 ملین ڈالرز کا منصوبہ 2021 میں تاخیر کے باعث پہلے بھی منسوخ ہو چکا ہے۔ دوسری جانب 2022 کے سیلاب میں بلوچستان میں تعمیر کیے گئے متعدد ڈیم ٹوٹ چکے ہیں۔

اسلام آباد سے سعودی شہری اغوا، ایف آئی آر درج

0
اغوا

اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 سے سعودی شہری کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عبدالوحد شاہد نامی ملزم نے سعودی شہری حنان عبداللہ البشر کو ایف ایٹ سے اغواء کیا گیا، ‏ مارگلہ پولیس اسٹیشن نے سعودی سفارت خانے کے اہلکار کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

 سعودی سفارت خانے نے درخواست کی ہے کہ غیر ملکی شہری کو اغواء کار سے فوری بازیاب کرایا جائے، تھانہ مارگلہ پولیس نے سعودی سفارت خانے کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی۔

افغانستان سے پاکستان میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

0

خیبر: طورخم بارڈر پر سامان لے جانے والی دو گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جس کے دوران اسلحہ برآمد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ایف سی نارتھ اور کسٹم حکام نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے بڑے پیمانے پر پاکستان میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں 3 رائفلیں، دو پستول اور پستول کی 12000 گولیاں اور ریپیٹر شامل ہیں، ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے مزید کارروائی کے لیے کسٹم کے حوالے کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاکستانی حکام نے طورخم بارڈر پر پیاز سے لدے ایک ٹرک کو قبضے میں لے کر افغانستان سے ’امریکی ساختہ ہتھیاروں‘ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

برآمد ہونے والے امریکی ہتھیاروں میں ایم فور، کلاشنکوف، امریکن رائفل، لیزر بیم، نائٹ ویژن سائٹس اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔

ووٹرز بینڈ باجوں کے ساتھ ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے

0

انتخابات میں عوام ووٹ ڈال کر نئے حکمرانوں کا انتخاب کرتے ہیں یہ ووٹرز اتنے پرجوش ہیں کہ بینڈ باجے کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچ گئے۔

جمہوری ملکوں میں الیکشن کے ذریعے عوام نئے حکمرانوں کا چناؤ کرتے ہیں اور لوگ بھی ووٹ ڈالنے کے لیے پرجوش ہوتے ہیں۔ یہاں ہم آپ کو ایسے ووٹرز کے بارے میں بتا رہے ہیں جو الیکشن کے لیے اتنے پرجوش ہوئے کہ دولہا، دلہن کے بغیر بینڈ باجے کے ساتھ ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

آج پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن ہے لیکن یہ منفرد واقعہ پاکستان میں نہیں بلکہ پڑوسی ملک میں ہوا جہاں لوک سبھا (قومی اسمبلی) کے الیکشن کے پہلے مرحلے کے دوران ایک حلقے کے گاؤں کے رہائشی اپنا حق رائے دہی کے لیے اتنے پرجوش نکلے کہ بغیر دولہا اور دلہن بینڈ باجے کے ساتھ بارات کی صورت پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

بھارت کے عام انتخابات 7 مراحل پر مشتمل ہیں، پہلا مرحلہ جمعے کو مکمل ہوا جس کے تحت 21 ریاستوں اور علاقوں میں 102 حلقوں کے 16 کروڑ 60 لاکھ ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا موقع ملا۔

ان علاقوں میں جھیرا نامی ایک گاؤں بھی شامل تھا جہاں کے پولنگ اسٹیشن حساس اور بھاری سیکیورٹی تعینات تھی۔ وہاں کے رہائشیوں نے اپنا امیج تبدیل کرنے کے لیے ’پر امن ووٹ بارات‘ نکالی میں لوگ بینڈ باجے کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پہنچے۔

اس الیکشن بارات کی خاص بات یہ تھی کہ شریک خواتین نے سرخ ساڑھیاں پہن رکھی تھیں جب کہ کابینہ کے وزیر اور دوسہ کے سابق وزیر کروری لال مینا نے بھی بارات میں شامل خواتین کے ساتھ رقص کیا جنہوں نے اپنی مقامی بولی میں "سارا کرے گو کاج پھر سے آگیو مودی راج” جیسے گانے گائے۔

بارات میں شامل خواتین رقص کرتی ہوئی پولنگ بوتھ پہنچیں۔

اس موقع پر سابق وزیر نے کہا کہ ‘ان کا جوش دیکھیں، وہ رقص کر رہے ہیں اور انتخابات کو ایک تہوار کی طرح منا رہے ہیں کیونکہ ان کی تمام ضروریات وزیر اعظم نریندر مودی نے پوری کی ہیں۔

بڑی تعداد میں دیہاتیوں نے ’ووٹ بارات‘ میں حصہ لیا جس میں خواتین اور نئی ووٹرز بھی شامل تھیں۔ یہ بارات مودی کے حامی ووٹرز نے نکالی تاہم کچھ گاؤں ایسے بھی تھے جن کے رہائشیوں نے بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے علیحدہ پنچایتوں کا مطالبہ کرتے ہوئے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔

اسی طرح بسیٹی ہلی انڈسٹریل ایریا اور دودا بلا پور ٹاؤن کے قریب 16 دیہات کے مکینوں نے بھی 26 اپریل کے لوک سبھا انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے کیونکہ صنعتی فضلے اور سیوریج کی آمد سے جھیلیں آلودہ ہورہی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں سات مراحل میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات کے لیے مرحلہ وار پولنگ کا سلسلہ یکم جون تک جاری رہے گا جب کہ 4 جون کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

سابق سینئر بیوروکریٹ روئیداد خان انتقال کرگئے

0

اسلام آباد: سابق سینئربیورو کریٹ روئیداد خان اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق روئیداد خان گزشتہ ایک سال سے علیل تھے، روئیداد خان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ادا کی جائے گی اور تدفین ایچ الیون قبرستان میں ہوگی۔

روئیداد خان  مختلف اہم سرکاری  عہدوں پر تعینات رہے، انہوں نے بطور چیف سیکرٹری سندھ اور خیبر پختونخوا خدمات انجام دیں۔

روئیداد خان ایم ڈی پی ٹی وی، سیکرٹری سیاحت اور سیکرٹری وزارت لیبر بھی رہے اس کے علاوہ وہ سیکرٹری داخلہ، وفاقی وزیر احتساب اور وزیراعظم و صدر کے مشیر بھی رہے۔

ویمنز ون ڈے سیریز، پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو جیت کیلیے 224 رنز کا ہدف

0

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو جیت کیلیے 224 رنز کا ہدف دیا ہے

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں  کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم ٹیم پورے 50 اوورز نہ کھیل سکی اور 48.5 اوورز میں پوری ٹیم 223 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر اوپنر منیبہ علی صرف 2 رنز کی مہمان ثابت ہوئی۔ 11 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سدرہ اور بسمہ معروف نے ٹیم کو سہارا دیا اور 80 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ 91 کے مجموعی اسکور پر سدرہ امین اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہی چلتی بنیں جب کہ بسمہ معروف نے 64 رنز اسکور کیے۔

مذکورہ دونوں بیٹرز کے علاوہ کوئی دوسری بیٹرز زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکیں اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے چنلی ہنری اور کرشمہ نے تین، تین جب کہ ایفی فلیچر نے دو اور ہیہلی میتھیوز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو با آسانی 113 رنز سے شکست دے دی تھی۔

مہمان ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے پہلے ناقابل شکست 140 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور پھر تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مذکورہ تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ اس وقت آئی سی سی چیمپئن شپ میں پاکستان کی 16 پوائنٹ کیساتھ پانچویں پوزیشن ہے اور گرین شرٹس کو ورلڈ کپ 2025 میں براہ راست جگہ بنانے کے لیے زیادہ میچز جیتنے کی ضرورت ہے۔

دل دہلا دینے والی ویڈیو: گاؤں کے سردار کے جنازے کے لیے جانے والی بھری کشتی دیکھتے ہی دیکھتے الٹ گئی

0

بنگوئی: وسطی افریقی جمہوریہ میں کشتی اُلٹنے سے 58 افراد ہلاک ہو گئے۔

روئٹرز کے مطابق وسطی افریقی جمہوریہ کے دارالحکومت بنگوئی میں جمعہ کے روز ایک متوفی کی آخری رسومات کے لیے جانے والے اٹھاون افراد اس وقت ڈوب کر ہلاک ہو گئے جب وزن کی زیادتی کی وجہ سے کشتی دریا میں الٹ گئی۔

مقامی اہلکار کے مطابق کشتی حادثہ دارالحکومت بنگوئی میں دریائے مپوکو میں پیش آیا، کشتی میں گنجائش سے زیادہ 300 مسافر سوار تھے، کشتی مقامی افراد کو لے کر بنگوئی سے تقریباً 45 کلومیٹر دور مکولو میں گاؤں کے ایک سردار کے جنازے کے لیے جا رہی تھی۔

شہری تحفظ کے سربراہ تھامس جیماسے نے ہفتے کے روز مقامی ریڈیو کو بتایا کہ ڈوبنے والوں کی درست تعداد کے بارے میں انھیں مصدقہ معلومات نہیں ہیں، دوسری طرف عینی شاہدین اور سوشل میڈیا ویڈیوز کے مطابق کشتی میں 300 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں سے کچھ کشتی میں کھڑے تھے اور کچھ لکڑی کے ڈھانچے پر بیٹھے تھے، ریسکیو سروس کشتی ڈوبنے کے 40 بعد پہنچی۔

نائجیریا نیوز سروس نائیجا ٹائمز کے مطابق ایک شہری نے بتایا کہ کشتی میں جگہ نہ ہونے کے باعث وہ ایک ڈونگی میں بیٹھ کر کشتی کے پیچھے جا رہا تھا، کشتی الٹنے کے بعد اس نے ماہی گیروں اور دیہاتیوں کی مدد سے اپنی بہن سمیت چند ڈوبنے والوں کی لاشیں اکٹھی کیں۔

منشیات کے الزام میں گرفتار قیدی دم توڑ گیا

0

خیبر: جمرود جیل میں منشیات کے الزام میں گرفتار قیدی دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود جیل میں منشیات کے الزام میں گرفتار قیدی دم توڑ گیا جس کے بعد لواحقین نے پاک افغان شاہراہ پر میت رکھ کر احتجاج کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قیدی کو 2 کلو منشیات کے الزام میں عید سے 2 دن پہلے گرفتار کیا تھا، قیدی نورلاامین کو صبح طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ پہلے قیدی نورلاامین کو جمرود اسپتال پھر بعد میں پشاور منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا، قیدی پہلے سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھا۔

ماں باپ کا اکلوتا بیٹا اور 2 بچوں کا باپ فائرنگ سے جاں بحق

0
دیرینہ دشمنی کا المناک واقعہ، عدالت سے واپسی آنے والے 4 افراد قتل

کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس خیابانِ جانباز کے قریب گاڑی پر فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جانباز میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ماں باپ کا اکلوتا بیٹا اور 2 بچوں کا باپ مقتول ہمایوں جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مقتول سی ویو کے قریب اپارٹمنٹ میں دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا، ملزم فہد وہاں آیا اور مقتول سے جھگڑا کیا، دوستوں نے فہد اور مقتول ہمایوں میں بچاؤ کرایا۔

’’ لیکن پھر جب ہمایوں اپنے دوست کے ساتھ اپنی گاڑی میں گھر جانے کے لئے نکلا تو ملزم فہد مقتول کا پیچھا  کرتے ہوئے اس کے گھر تک آگیا، ہمایوں کو ملزم فہد نے گاڑی سے اتار کر متعدد گولیاں ماریں ‘‘۔

پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے 15 سے زائد خول ملے ہیں جبکہ مقتول کی گاڑی کے پچھلے حصے اور شیشے پر متعدد گولیوں کے نشانات ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا دوست حمام جاوید واقعے کا عینی شاہد ہے، مقتول اور ملزم میں جھگڑا کس معاملے پر تھا تحقیقات کررہے ہیں، مقتول ہمایوں ماں باپ کا اکلوتا بیٹا، 2 بچوں کا باپ تھا۔