جمعہ, جون 27, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3957

ویڈیو: کرکٹر چھکا لگاتے ہی چل بسا

0
کرکٹر چل بسا

بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران بلے باز چھکا لگاتے ہی چل بسا جس کی ویڈیو مںظرعام پر آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بلے باز نے جیسے ہی چھکا لگایا تو اس کے بعد اچانک اس کی موت ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلابی جرسی میں موجود بیٹر اسٹریٹ پر زبردست چھکا لگاتا ہے۔

تاہم جیسے ہی وہ دوسری گیند کے لیے تیار ہورہا ہوتا ہے تو لڑ کھڑا کر گر جاتا ہے اس دوران ساتھی کھلاڑی خیریت دریافت کرنے کے لیے اس کے پاس پہنچتے ہیں۔

بعدازاں اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس نے کرکٹر کی موت کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت میں 11 سالہ لڑکا کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔

اختر حسین جعفری: پُرشکوہ نظموں کا خالق

0

اردو ادب میں یوں تو مختلف اصنافِ سخن کو ہر دور میں‌ موضوعات، اسلوب اور ہیئت کے اعتبار سے شکلیں بدلنے اور تجربات سے گزرنے کا موقع ملا، لیکن بالخصوص اردو نظم نے نئے تجربات کے ساتھ اپنا عروج و زوال دیکھا ہے۔ اختر حسین جعفری اُن شعراء میں سے ایک ہیں جنھوں نے جدید نظم نگاری میں بڑا نام پایا اور اپنے ہم عصر شعرا میں امتیاز حاصل کیا۔ اختر حسین جعفری کو اردو کے بیسویں صدی کا غالب بھی کہا گیا اور بعض نقادوں نے انھیں بیدل کے بعد ایک بلند پایہ تخلیق کار گردانا ہے۔

اردو نظم میں عہد بہ عہد مختلف تحریکات و رجحانات کے تحت میں موضوعاتی اور ہیئت کے اعتبار سے جو تبدیلیاں رونما ہوئیں، اس کے زیرِ‌ اثر اپنے مطالعہ اور تخلیقی قوّت کے زور پر اختر حسین نے اپنی نظموں کو پُرشکوہ استعاروں اور خاص اسلوب سے اس طرح سجایا کہ وہ اپنے معنی اور مفہوم کی وسعت کے ساتھ مقصدیت سے بھرپور دکھائی دیتی ہیں۔ احمد ندیم قاسمی جیسے بڑے ادیب اور شاعر لکھتے ہیں، ’اختر حسین جعفری اپنی روشن خیالی اور انسان دوستی کے حوالے سے آمریت، فسطائیت اور مطلق العنانیت کا غیر مشروط دشمن ہے۔ اسے انسان کی فکر و نظر کی مکمل آزادی بے حد عزیز ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے اس نے خود کو اپنے اہلِ وطن کی ذہنیتوں کی تہذیب پر مقرر کر رکھا ہے۔’

3 جون 1992ء کو اختر حسین جعفری یہ دنیا چھوڑ گئے تھے۔ لاہور میں‌ زندگی کا سفر تمام کرنے والے اختر حسین جعفری اُن معدودے چند شعرا میں سے تھے جن کو بحیثیت نظم گو جو شہرت اور مقام حاصل ہوا، وہ بلاشبہ اس کے حق دار تھے۔ ان کا شعری مجموعہ آئینہ خانہ اردو شاعری میں فکری اور فنی پختگی کے ساتھ اپنے حسین لسانی پیکروں کے لیے جدید اردو شاعری کا بیش قیمت سرمایہ ہے۔ اردو زبان و ادب کا مطالعہ اور غیرملکی ادب میں دل چسپی لینے کے ساتھ اختر حسین جعفری نظریات اور نئے خیالات سے متأثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے اور اپنی شاعری میں تازہ فکر، ندرتِ خیال کا اہتمام نہایت خوب صورتی سے کیا۔ ان کی شاعری میں استعارے نہایت خوبی سے اور جابجا بکھرے ہوئے ہیں جو ان کی شاعری کو سحر انگیز بناتے ہیں۔

اختر حسین جعفری کا تعلق ضلع ہوشیار پور سے تھا۔ انھوں نے 15 اگست 1932 کو دنیا میں آنکھ کھولی۔ ابتدائی تعلیم اپنے ضلع کی درس گاہ سے حاصل کی اور وظیفے کا امتحان پاس کرنے کے بعد وہ گجرات آگئے جہاں تعلیمی سلسلہ جاری رہا۔ تعلیم مکمل کرکے عملی زندگی میں قدم رکھنے والے اختر حسین جعفری نے سرکاری ملازمت کے دوران ترقی کرتے ہوئے ڈپٹی کلکٹر کا عہدہ حاصل کیا۔ اس عرصے میں ان کا تخلیقی سفر جاری رہا۔ اختر حسین جعفری نے اردو شاعری کو نئی جہت سے روشناس کیا اور خوب داد سمیٹی۔

اردو کے اس ممتاز نظم گو شاعر کے شعری مجموعوں میں آئینہ خانہ اور جہاں دریا اترتا ہے شامل ہیں۔ آئینہ خانہ وہ مجموعۂ کلام ہے جسے آدم جی ایوارڈ دیا گیا۔ حکومتِ پاکستان نے 2002 میں ان کے لیے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعلان کیا تھا۔

اختر حسین جعفری کا یہ شعر دیکھیے

اس کی خوش بُو کے تعاقب میں نکل آیا چمن
جھک گئی سوئے زمیں لمحے کی ڈال اس کے لیے

یہ نظم ملاحظہ کیجیے

"آخری پیڑ کب گرے گا”
زمیں کی یہ قوس جس پہ تو مضطرب کھڑی ہے
یہ راستہ جس پہ میں ترے انتظار میں ہوں
زمیں کی اس قوس پر افق پر قطار اندر قطار لمحات کے پرندے
ہمارے حصے کے سبز پتے سنہری منقار میں لیے جاگتی خلاؤں میں
اڑ رہے ہیں
زمیں کی اس قوس پر افق پر ہے نا بسر کردہ زندگی کی وہ فصل جس کا
ہمیں ہر ایک پیڑ کاٹنا ہے
یہ چاند جس پر قدم ہے تیرا
یہ شہد جس پر زباں ہے میری
یہ سبز لمحے یہ کرمک شب اسی گلستاں کے موسم ابر کے ثمر ہیں
جہاں ہواؤں کے تیز طوفان منتظر ہیں کہ آخری پیڑ
کب گرے گا

احمد ندیم قاسمی اختر حسین جعفری کے فنِ شاعری اور ان کی نظم گوئی کے بڑے معترف رہے ہیں اور فنون وہ شمارہ تھا جس میں اختر حسین جعفری کا کلام باقاعدگی سے شایع ہوا کرتا تھا۔ اختر نے غزلیں بھی کہیں اور خوب کہیں مگر نظم کے حوالے سے ان کا نام ہمیشہ لیا جاتا ہے۔ قاسمی صاحب لکھتے ہیں، ان دنوں میں نے نیا نیا فنون جاری کیا تھا۔ فنون کے پتے پر مجھے ان کی ایک نظم ملی تو اس نظم کے موضوع اور پھر اس کی ڈکشن اور اس میں آباد استعاروں کی ایک دنیا دیکھ کر مجھے حیرت ہوئی کہ یہ غزل گو اگر اب نظم نگاری کی طرف راغب ہوا ہے تو کس شان سے راغب ہوا ہے۔ اس کے بعد تو فنون کا شاید ہی کوئی شمارہ ایسا ہو جس میں اختر حسین جعفری اپنی کسی نہ کسی نظم کے جمال و جلال کے ساتھ موجود نہ ہوں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

0

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق صدر، اولڈسٹی، کلفٹن اور کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کا مرکز کراچی سے 15 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلےکی گہرائی 22 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس سے قبل رواں سال 24 جولائی کو بھی مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے تھے۔ ملیر، لانڈھی، قائد آباد، کاٹھور اور گڈاپ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ان کی شدت 3.2 اور گہرائی 12 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔ جھٹکے 8 بج کر 50 منٹ پر محسوس کیے گئے تھے۔

پنجاب میں ن لیگی حکومت پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار

0
پنجاب میں پاور شیئرنگ

پاکستان مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماعلی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو کسی کی رعایہ نہ سمجھا جائے، سابقہ حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کیا تھا۔

علی حیدر گیلانی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے تمام سیکریٹری ہٹا دیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب کو وائسرائے کی طرح نہ چلایا جائے ہمیں یہ قبول نہیں، تخت لاہور جنوبی پنجاب کے لوگوں کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں نے پنجاب کو دل سے قبول کیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی انعامی رقم کا اعلان، ٹیموں پر ڈالرز کی برسات ہوگی!

0

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیے خطیر انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینے والی ٹیموں میں 11 اعشاریہ 25 ملین ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کریگا۔ میگاایونٹ کی فاتح ٹیم ساڑھے 24 لاکھ ڈالرز گھر لے جانے کی حقدار ہوگی۔

ٹی 20 ورلڈکپ کی رنراپ ٹیم کو بھی اس کی اشک شوئی کے لیے 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرز کی بڑی رقم انعام کے طور پر دی جائے گی۔

سیمی فائنل ہارنے والی ٹیمیں 7 لاکھ 87 ہزار 500 ڈالرز اپنے اکاؤنٹ میں ڈالیں گی۔ 9 ویں سے 12 ویں پوزیشن کی ٹیموں کو 2 لاکھ 47 ہزار 500 ڈالرز ملیں گے۔

دیگر ٹیموں کو بھی ایونٹ میں شرکت پر 2 لاکھ 25 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی، تمام ٹیموں کو ناک آؤٹس کے علاوہ ہر فتح پر 31 ہزار 154 ڈالرز ملیں گے۔

’خیبرپختونخوا کی عوام کو مفت سولر پینلز دیں گے‘

0
شوکت یوسف زئی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شمسی توانائی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی عوام کو مفت سولر پینلز دیے جائیں گے۔

صوبائی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم شمسی توانائی کی طرف جائیں گے پہلے مرحلے میں سرکاری اداروں، دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے۔

علی امین نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام کو مفت سولرپینلز دیں گے عوام ٹیکس اس لئےدیتی ہے کہ انہیں سہولتیں ملیں، حکمران عوام کے پیسے پر  عیاشی بند کریں، بہت جلدایندھن کی مد میں 20 فیصد کٹوتی کریں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ فاٹا کے لوگ پاکستان بننے سے اب تک قربانی دے رہے ہیں وہ لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں وعدہ پورا نہیں کیا جا رہا، فاٹا کے لوگوں کو 500 ارب دینے تھے اب تک 400 ارب ملا ہے اگر انہیں 100ارب روپے فوری نہ ملے تو حکومت ردعمل کیلئے تیار رہے۔

علی امین گنڈاپور نے شکوہ کیا کہ وفاقی حکومت کو بہت خطوط لکھتے ہیں ہمیں جواب نہیں دیا جاتا وفاقی حکومت جب پیسہ دے نہیں رہی تو امن و امان کیسے قائم ہو گا اگر ہمیں ہمارا حق نہ دیا گیا تو پھر ہم کسی اور طرف مارچ شروع کریں گے فاٹا کے لوگ آتے ہیں میں ان سے کیا کہوں کہ پیسہ کون کھا رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا سائفر کیس منہ کے بل گرے گا، مہر بانو قریشی

0
مہربانو

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو کا کہنا ہے کہ بانی نے کہا تھا سائفر کیس منہ کے بل گرے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مہربانو قریشی نے کہا کہ سائفر کیس کالعدم ہونے پر خوشی ہے، ابھی ہمیں انصاف کے لیے طویل جدوجہد کرنی ہے، اللہ کا شکر ہے، لوگوں کی دعائیں ہمارے ساتھ تھیں، سمجھ نہیں آرہا فیصلے پر کس طرح اظہار کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے تکالیف بھی دیکھی ہیں، شاہ محمود قریشی 9 مئی کے کیسز میں پانچ جون تک ریمانڈ پر ہیں، ان کی روبکار آج جاری نہیں ہوسکتی۔

مہربانو قریشی نے کہا کہ یاد رکھیں کہ سائفر کو کہا جاتا تھا کہ یہ تمام کیسز میں سب سے سنگین ہے لیکن اس کیس میں آج وہی ہوا کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔

دوسری جانب زین قریشی نے کہا کہ 9 مئی کے کیسز کی حقیقت یہ ہے کہ شاہ محمود قریشی کراچی میں تھے، ان کیسز میں ان کی موجودگی کہیں بھی ثابت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا کالعدم قرار دے دی۔

ڈیولیرز نے بابر اعظم کا مذاق اڑانے والے بھارتی صارف کو خاموش کروادیا

0

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈیولیرز نے بابر اعظم کی انگریزی کا مذاق اڑانے والے بھارتی صارف کو خاموش کروادیا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کے پہلے میچ سے قبل اے بی ڈیولیرز اپنے یوٹیوب چینل پر کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کرکٹرز کے انٹرویوز کیے جس میں ان سے ورلڈ کپ کی تیاریوں اور کیریئر سے متعلق پوچھا گیا۔

تاہم ریتھک گوروو نامی صارف نے کمنٹ کیا ‘اے بی، بابر اعظم کی انگلش سننے کے بعد بمشکل ہی اپنی ہنسی قابو کر پارہے ہیں’۔

صارف نے ساتھ ہی قہقہوں والا ایموجی بنایا جس کے بعد اے بی ڈیولیرز نے ریتھک نامی شخص کو کرارا جواب دیا۔

اے بی ڈیویلئیرز نے لکھا ‘بابر کی انگریزی واضح طور پر میری اردو سے بہتر ہے جب کہ ان کی بیٹنگ کی صلاحیت شاندار ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ زیادہ اہم ہے’۔

علاوہ ازیں بابراعظم نے ورلڈکپ میں ٹیم کے بلند حوصلہ اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینئیرز اور جونیئرز کا اچھا کمبینیشن ہے کوشش کریں گے میگا ایونٹ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔

اے بی ڈیولیرز نے پوچھا کہ کیا وہ 40 سال کی عمر تک کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ سچ کہوں تو مجھے علم نہیں کہ کب تک کھیلوں گا لیکن ابھی اپنے کھیل کو انجوائے کررہا ہوں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا سے کھیلے گی، 9 جون کو روایتی حریف پاک بھارت ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان میچ 11 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ گرین شرٹس اپنا آخری گروپ میچ 16 جون کو آئرلینڈ سے کھیلیں گے۔

قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔

بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی بریت پر تحریک انصاف کا اہم بیان

0
عمران خان علیمہ خان

سائفر کیس کا فیصلہ آنے پر تحریک انصاف نے ردعمل میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی بریت کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے بیان میں کہا کہ پہلے توشہ خانہ پر ریاستی بیانیے کے پرخچے اڑے اب نکاح کیس بھی ختم ہوچکا ہوتا اگر اپیلیں نئے جج کومنتقل نہ کی جاتیں۔

سائفر کیس : بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو بری کردیا گیا

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف 203 مقدّمات کا انجام یہی ہےجو آج سائفر کیس کا ہوا ان شاء اللہ سب کیسز ایک روز ردّی کی ٹوکری میں جائیں گے، عدلیہ سےدرخواست ہے بانی  سمیت تمام سیاسی قیدیوں کیخلاف مقدّمات نمٹائے جائیں۔

سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا کالعدم قرار قرار دے دی۔

 

’مولانا جمہوری آدمی ہیں وہ پی ٹی آئی کے ٹرک پر نہیں بیٹھیں گے‘

0
فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جمہوری آدمی ہیں وہ پی ٹی آئی کے ٹرک پر نہیں بیٹھیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا اور پی ٹی آئی مل رہے ہیں تو یہ قیامت کی نشانی ہے، انتظار میں ہوں فضل الرحمان اور علی امین گنڈا پور ایک ٹرک میں عوام سے خطاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنی زیادتیوں پر معافی مانگی تھی، ٹوئٹر پر پی ٹی آئی اب پیچھے ہٹ رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صورتحال مختلف ہے، کے پی میں امن و امان کا مسئلہ ہے، کچھ لوگوں کو پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں بسایا انہوں نے ہتھیار اٹھا لیے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو ماننے والوں سے بات ہوسکتی ہے، فاٹا کو ٹیکس نیٹ میں لانا زیادتی ہوگی، کے پی حکومت کے ساتھ فلمی ڈائیلاگ میں نہیں الجھنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی سوشل میڈیا اور زمین پر مختلف ہے، انہوں نے بجٹ میں تین ارب تعلیم کے لیے رکھے تھے لیکن تعلیم پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ مجھے اپنے وزیراعلیٰ کی مجبوریوں کا احساس ہے اب میں ان کے سخت جملوں کا جواب نہیں دوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مل کر خیبرپختونخوا کا مقدمہ بنا کر وزیراعظم کے سامنے پیش کرنا ہے، وزیر اعلیٰ سے کہوں گا مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں۔