جمعرات, جون 26, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 4826

ویڈیو: مسافر طیارے کا دوران پرواز انجن پھٹ گیا

0

امریکی ریاست فلوریڈا میں دوران پرواز ایک مسافر طیارے کا انجن پھٹ گیا جس کے بعد آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے لیے اڑان بھرنے والی یونائیٹڈ ائیرلائنز کی پرواز ہیوسٹن سے روانہ ہوئی تھی کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔

ویڈیو میں انجن سے آگ کی چنگاری کی چمک دکھائی دے رہی ہے، جس کے بعد یونائیٹڈ ایئرلائنز کی اٹیندنٹ نے کہا کہ خواتین و حضرات، ہمیں احساس ہوا کہ باہر کچھ ہوا ہے جس کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی جارہی ہے۔

یونائیٹڈ ایئرلائنز نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’اس واقعے کے بعد طیارے کو بحفاظت لینڈ کیا گیا جبکہ اس میں تمام مسافر بھی محفوظ رہے اور کسی زخمی کی اطلاع بھی نہیں ملی‘۔

یونائیٹڈ ایئرلائنز نے بیان میں مزید کہا کہ اس حادثے کے بعد تمام مسافر کو ان کی منزل تک لے جانے کے لیے ایک نئے طیارے کا انتظام بھی کردیا گیا ہے اس کے علوہ انجن میں خرابی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری جانب کچھ مسافروں نے اس حادثے کے نتیجے میں ہونے والے صدمے پر قانونی کارروائی کی دھمکی دی، جبکہ تحقیقات فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی(ایف اے اے) نے تحقیقات شروع کردی ہے۔

اقوام متحدہ نے اسرائیلی بستیوں کی توسیع کو جنگی جرم قرار دیدیا

0

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع جنگی جرم کے مترادف ہے۔

اقوام متحدہ کے حقوق کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں میں ریکارڈ مقدار میں اضافہ ہوا ہے اور فلسطینی ریاست کے کسی بھی عملی امکان کو ختم کرنے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے جمعہ کو کہا کہ اسرائیلی بستیوں میں اضافہ اسرائیل کی طرف سے اپنی ہی شہری آبادی کی مقبوضہ علاقوں میں منتقلی کے مترادف ہے جو ایک جنگی جرم ہے۔

بین الاقوامی برادری طویل عرصے سے اسرائیلی بستیوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور فلسطینی ریاست کی راہ میں رکاوٹ کے طور پر دیکھتی رہی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں رہائش کے نئے منصوبوں کے اعلان کے بعد امریکا نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ یہ بستیاں بین الاقوامی قانون سے "متضاد” تھیں۔

شان مسعود سے گرما گرمی پر شاداب خان بول پڑے

0
شاداب خان

پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے شان مسعود سے گرما گرمی پر خاموشی توڑ دی۔

راولپنڈی میں گزشتہ روز کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے دوران شاداب خان اور شان مسعود کے درمیان گرما گرمی ہوئی تھی۔

دونوں کپتانوں کے درمیان اختلاف محمد نواز کی بولنگ کا سامنا کرنے والے آغا سلمان کے خلاف کیچ پر ریونیو لینے کے معاملے پر ہوا تھا۔

شاداب خان نے کہا کہ یہ بحث کوئی سنجیدہ نہیں ہے اور یہ کرکٹ کے میدان میں اتفاق سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شان بھائی میدان میں غلط فہمی کی وجہ سے ناراض ہوگئے لیکن کرکٹ میں ایسی چیزیں ہوتی ہیں یہ کوئی سنجیدہ بات نہیں ہے۔

واضح رہے کہ دونوں کے درمیان غلط فہمی اس لیے ہوئی کیونکہ شاداب کا خیال تھا کہ شان نے ڈی آر ایس لینے کے لیے مقررہ وقت سے تجاوز کیا ہے۔

جواب میں شان نے شاداب کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پوزیشن پر واپس آجائیں اور ان کے اور امپائر کے درمیان ہونے والی گفتگو میں مداخلت سے گریز کریں۔

وزیراعظم کا آزاد کشمیر میں قدرتی آفت میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کیلئے امداد کا اعلان

0

مظفر آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے لیے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مظفر آباد کا دورہ کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج آزاد کشمیر کے لوگوں کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں، آزاد کشمیر کے 8 بھائی قدرتی آفت میں شہید ہوگئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بارشوں، برفباری میں درجنوں لوگ زخمی ہوئے، قدرتی آفات انسانی بس سے باہر ہیں یہ اللہ کا نظام ہے، ہمارے پاس سر جھکانے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج یہاں پر آپ کے خاندانوں کے افراد سے اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں، پیارے تو چلے گئے وہ واپس نہیں آئیں گے لیکن آزاد کشمیر، وفاقی حکومت آپ کیساتھ ہے، متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شدید بارشوں میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو 20 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے، زخمیوں کے لئے 5 لاکھ روپے مختص کئے ہیں جبکہ جو مکانات مکمل تباہ ہوئے ان متاثرین کو 7 لاکھ اور جزوی تباہ مکانات کےلئے وفاق کی طرف سے ساڑھے 3 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی زندگی کی کوئی قیمت نہیں لیکن آپ کیساتھ کھڑے ہونا حکومت کی ذمہ داری ہے، متاثرین کی جوبھی معاونت ہوسکتی ہے وہ حکومت کی ذمہ داری ہے اور مجھے یقین ہے وزیراعظم آزاد کشمیر منصفانہ طریقے سے ہر چیز کو مانیٹر کررہے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ آج 8 مارچ ہے رمضان شریف کی آمد آمد ہے، 13 مارچ تک تمام رقم متاثرین کو دے دی جائیگی، کشمیری عوام مشکل کی گھڑی میں خود کو اکیلا نہیں پائیں گے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلیے اجلاس طلب

0
پاکستان رویت ہلال بل

رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر کو ہو گا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد کریں گے۔

زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی پیر کو اپنے مقامات پر ہوں گے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم فلکیاتی علوم کے ادارے کے سربراہ شرف السفیانی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مملکت میں فلکی حساب سے یکم رمضان المبارک پیر 11 مارچ کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 10 مارچ 29 شعبان کو سعودی عرب کے وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے رمضان کے چاند کی پیدائش ہوگی۔

گاڑیوں پر ٹیکس سے متعلق اہم خبر

0
سیلز ٹیکس

حکومت نے مقامی طور تیار گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافہ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق 1400 سی سی سے اوپر کی گاڑی پر سیلز ٹیکس کی شرح بڑھا دی گئی ہے، 40 لاکھ سے اوپر کی گاڑی پر بھی ٹیکس کی شرح میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس کی شرح 18 سے بڑھا کر 25 فیصد کردی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مقامی طور پر تیار ڈبل کیبن، فور ویل پک اپ پر بھی اضافی سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔

گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافے کے نوٹیفکیشن کا اطلاق آج سے ہی ہوگا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 14 فروری کو سیلز ٹیکس میں اضافے کی منظوری دی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سیلز ٹیکس میں اضافے سے 4 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔

افریقی ملک میں اسکول پر حملہ، 275 طلبہ اغوا

0

نائیجیریا مسلح افراد نے اسکول پر حملہ کر کے کم از کم 275 طلبا کو اغوا کر لیا۔

شمال مغربی نائیجیریا کے ایک اسکول پر مسلح افراد کے حملے کے بعد 275 طالب علم لاپتہ ہیں۔ ملک میں ایک ہفتے کے اندر اجتماعی اغوا کا یہ دوسرا بڑا واقع ہے۔

کدونا ریاست کے مقامی سرکاری اہلکاروں نے کوریگا اسکول سے اغوا کی تصدیق کی ہے لیکن اعداد و شمار فراہم نہیں کیے گئے کیونکہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مغوی بچوں کی حتمی تعداد کتنی ہے۔

جمعے کو دارالحکومت ابوجا سے رپورٹ کرتے ہوئے الجزیرہ کے فیڈیلس مباہ نے کہا کہ اسکول کے حکام نے ریاستی گورنر کو بتایا کہ اغوا کیے گئے طلبہ میں سے تقریباً 25 کو ان کے والدین کو واپس کر دیا گیا ہے لیکن 275 لاپتہ ہیں۔

سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بچوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

لاپتہ افراد میں سے 175 کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی عمریں آٹھ سے 15 سال کے درمیان ہیں۔

افریقی کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں عام ہیں، جہاں ماضی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس جرائم پیشہ گروہوں نے اسکولوں اور کالجوں کو نشانہ بنایا ہے خاص طور پر شمال مغرب میں، حالانکہ حال ہی میں ایسے حملوں میں کمی آئی ہے۔

مشترکہ پارلیمانی اجلاس کی اندرونی کہانی

0

حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس کا احوال سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارکان کو کل دس بجے پنجاب اسمبلی پہنچنےکی ہدایت کر دی۔

وزیراعلی نے اراکین سے گفتگو میں کہا کہ حکومتی اتحاد کے صدر کے امیدوار آصف علی زردرای صاحب جمہوریت پر یقین رکھنےوالے ہیں ہم نے اتحادیوں سے جو وعدہ کیا وہ پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومتی اتحاد ہے جو برقرار رہے گا ایک دفعہ پھر سے جمہوریت کا تسلسل چل پڑا ہے جو بہتر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال بھٹو زرداری نے اراکین کو صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کو ووٹ کاسٹ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحاد صدارتی امیدوار آصف علی زرداری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف علی زردای کامیاب ہوکر اسی طرح آپ کا خیال رکھیں گے جیسا میرا خیال رکھتے ہیں۔

سونے کی قیمت میں آج بھی اضافہ

0
سونے کی قیمت

کراچی: ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی فی تولہ قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 450 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد قیمت 2 لاکھ 28 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔

جبکہ  10 گرام سونے کی قیمت میں 386 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 10 گرام سونا 1 لاکھ 95 ہزار 988 روپے پر پہنچ گیا۔

دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 6 ڈالر اضافے سے 2180 ڈالر فی اونس ہے جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 600 روپے پر مستحکم رہی۔

واضح رہے کہ سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 2750 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

آن لائن مالی فراڈ میں ملوث غیر ملکی ملزمان گرفتار

0

پشاور: ایف آئی اے کی کرائم سرکل نے لاہور سے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث 2 غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث نائیجرین گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اڈوگی ہینڈسم ٹچوکوو، اکوکوو چنازا گوڈون کے نام سے ہوئی، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں لاہور سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے شہریوں سے 4 کروڑ 60 لاکھ سے زائد رقم کا فراڈ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان شہریوں کو فیس بک پر خواتین آئی ڈیز بنا کر اپنے جال میں پھنساتے تھے بعد ازاں پارسل ڈیلیوری، کسٹم فیس اور دیگر کی مد میں رقم وصول کرتے تھے ساتھ ہی ملزمان رقم نا دینے کی صورت میں خطرناک نتائج کی دھمکیاں بھی دیتے تھے۔

ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان آن لائن ملازمت کے جھانسے میں شہریوں کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی ترغیب دیتے تھے، بعد میں ان اکاؤنٹس کا کنٹرول خود سنبھال لیتے اور آن لائن مالی فراڈ میں استعمال کرتے تھے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔